The Latest

وحدت نیوز(دادو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک گیر یو م عظمت نواسئہ رسول (ص) کے عنوان پر بارگاہِ غازی عباسؑ علمدار روڈ دادو سٹی سے مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی آرگنائزر محترم فدا حسین سخیرانی ، نذرعباس گوپانگ، شاہنواز گوپانگ اور حاجی حزب اللہ جعفری کی زیر قیادت احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کہ  شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب دادو تک پہنچی جس میں مجلس وحدت مسلمین  کے کارکنان اور سنی شیعہ برادران نے بھرپور شرکت کی ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے MWM کے ضلعی آرگنائزر محترم فدا حسین سخیرانی  اور شاہنواز گوپانگ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ راولپنڈی سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں  اور اسے شرپسند عناصر کی گھناؤنی سازش قرار دیتےہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسمانوں کو لڑانے کی ان مذموم سازشوں کو سنی شیعہ مل کر ناکام بنائیں گے ۔

انہوں نے حکومت وقت سے اپیل کی کہ ایسے گھناؤنے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں  اور تمام مذہبی مقامات مساجد، امام بارگاہوں اور دوسرے مقدس مقامات کی حفاظت کے لئے موثر لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختون خواہ کے سابق سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری کے والد محترم جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ مرحوم طویل عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے ، مقامی مذہبی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد مرحوم کے انتقال پر تعزیت کے لئے علامہ سبیل حسن مظاہری کی رہائش گاہ پر تشریف لائے ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، علامہ امین شہیدی ، علامہ اعجاز بہشتی ، علامہ اقبال بہشتی ،صوبائی آرگنائزر علامہ سبطین حسین الحسینی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی، میڈیا سیکرٹری برادر عدیل زیدی سمیت دیگر عہداداران نے علامہ سبیل حسن سے تعزیت کی   کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ۔

وحدت نیوز(کراچی) کراچی کے علاقے انچولی سوسائٹی میں ہونے والے دھماکوں میں شہید ہونے والے سید ضرغام نقوی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ شہید سید ضرغام نقوی کی نماز جنازہ مسجد و امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی میں مولانا شیخ غلام علی وزیری کی اقتداء میں ادا گئی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید صادق رضا تقوی، جعفریہ لیگل ایڈ کمیٹی کے سربراہ ایڈووکیٹ سید تصور حسین رضوی و دیگر علماء کرام سمیت مومنین و مومنات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور شہید کے اہل خانہ سمیت دیگر مومنین و مومنات بھی زار و قطار روتے رہے۔ بعد ازاں شہید کے جسد خاکی کو وادی حسین قبرستان سپر ہائی وے لے جایا گیا جہاں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ شہید سید ضرغام نقوی کی تدفین کی گئی۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے ایک وفد کے ہمراہ گیارہ محرم کو گھنٹہ گھر اور دولت گیٹ میں تصادم کے دوران زخمی ہونے والے افراد کے گھر جا کر عیادت کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، مولانا عمران ظفر، مہر سخاوت علی، سید دلاور عباس زیدی، ثقلین نقوی، سید نیر عباس شمسی، سید نسیم عباس شمسی، فخرنسیم، غلام قاسم خان، سید وسیم عباس زیدی اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا آج اسلام کے نام نہاد ٹھیکیدار کلمہ توحید کے پرچم تلے مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔ اُنہوں نے گذشتہ روز کراچی کے علاقے انچولی میں ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم امیرجماعت اسلامی سید منور حسن اور مولانا فضل الرحمن سے پوچھتے ہیں کہ ان دھماکوں کی ذمہ داری بھی کالعدم تحریک طالبان نے قبول کی ہے، ان بےگناہوں کا کیا قصور تھا۔


 
اُنہوں نے کہا کہ ہمارے بعض لیڈر طالبان کی چاپلوسی میں حد سے آگے بڑھ گئے ہیں لیکن اُنہیں اس بات کا علم نہیں کہ یہ طالبان کسی کے دوست نہیں ہیں۔ وقت آنے پر یہی طالبان اپنی حمایت میں بولنے والے لیڈروں کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔ علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاں بحق ہونے والے افراد نے طالبان کا کیا بگاڑا تھا اُنہوں نے کہا کہ اس واقعے میں اہل تشیع کے ساتھ ساتھ اہل سنت برادارن بھی شہید ہوئے ہیں جس سے واضح ہے کہ طالبان کا تعلق کسی دین یا مذہب سے نہیں ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں مجلس وحدت مسلمین بھر پور کردار ادا کرے گی اور پورے ملک میں اپنے نمائندےسامنے  لائے گی، منظم انتخابی مہم چلائیں گے، جس کے لئے پالیسی مرتب کر لی گئی ہے، ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ مرکزی پولیٹیکل کونسل کے اجلاس کے اختتام پر پریس بریفنگ کر تے ہو ئے کیا ، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں لوکل ایڈجسٹمنٹ کا اختیار اضلاع کو دے دیا گیا ہے، اہداف حقیقی لوگوں کو نچلی سطح پر متعارف کرانا تاکہ وہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور کردار ادا کر سکے، ہمارے امیدواران عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے، گلگت بلتستان میں بھی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیا جائے گا اور گلگت بلتستان میں سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ثابت کریں گے کہ حقیقی قیادت عوامی تائید سے آئندہ کی مضبوط سیاسی قوت لیکر سامنے آ رہی ہے۔

وحدت نیوز(نصیر آباد) ایم ڈبلیوایم بلوچستان ضلع نصیرآباد کے زیراہتمام گوٹھ میرغلام مصطفٰی خان گولہ میں سالانہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین کا کہنا تھا کہ فرقہ پرست عناصر سامراجی ایجنٹ بن کر امت مسلمہ کے درمیان اختلاف و انتشار کو ہوا دے رہے ہیں۔یزیدیت کے پیروکار عزاداری کیخلاف نت نئی سازشوں میں مصروف ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کربلا ہر دور کی باطل طاغوتی قوتوں کے خلاف قیام اور جدوجہد کا درس دیتی ہے۔ حسینی تحریک اب حسینی انقلابی تحریک میں بدل چکی ہے۔ دنیا بھر کے کروڈوں حریت پسند انسانوں کا شہدائے کربلا سے تجدید عہد عالمی تحریک کا نقطہ آغاز بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی ملکر نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) عالمی مقام کا غم مناتے ہیں جو اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہرہ ہے۔ یزیدیت کے پیروکار اتحاد امت سے خائف ہیں۔ لہذا عزاداری اور حسینی تحریک کیخلاف نت نئی سازشوں میں مصروف ہیں۔ فرقہ پرست عناصر سامراجی ایجنٹ بن کر امت مسلمہ کے درمیان اختلاف و انتشار کو ہوا دے رہے ہیں۔ شیعہ سنی مسلمان اپنے اتحاد سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنما راجہ خان گولہ، میر غلام مصطفیٰ خان، مولانا سید ظفر عباس شمسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز(کراچی) کراچی کے علاقے انچولی سوسائٹی میں بم دھماکے کی جگہ پر سنی اتحاد کونسل کی جانب سے علاقے کے شیعہ و سنی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور وحدت کی فضاء کے فروغ کیلئے امن واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما طارق محبوب نے کی جبکہ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے رہنما مولانا فیصل عزیزی سمیت دیگر اہل سنت علماء بھی موجود تھے۔ ریلی میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ شوکت مغل، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے علامہ مرزا یوسف حسین، مرکزی تنظیم عزا کے صدر سلمان مجتبیٰ نقوی، جعفریہ الائنس کے شبر رضا، ایڈوکیٹ تصور نقوی، علامہ دیدار جلبانی، علی حسین نقوی، علامہ علی انور جعفری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی جبکہ عوام کی بڑی تعداد بھی امن واک کے موقع پر موجود تھی۔

 

امن واک سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے رہنما طارق محبوب کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کوئی فرقہ واریت نہیں ہے، مٹھی بھر دہشت گرد ملک کا امن غارت کررہے ہیں اور حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر فوری پابندی عائد کی جائے، کالعدم جماعتیں اہل سنت کا نام استعمال کرکے امت مسلمہ کے درمیان تفرقہ ڈالنا چاہتی ہیں لیکن آج کی اس واک میں موجود شیعہ و سنی علماء کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کررہی ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف شیعہ و سنی عوام ایک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انچولی دھماکہ میں شیعہ و سنی افراد نے مشترکہ طور جام شہادت نوش کیا جو اس بات کا اعلان ہے کہ دہشت گردوں کا شیعہ و سنی سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ بیرونی ریال پر پلنے والے لوگ ہیں کہ جو پاکستان میں عالمی استعمار کی سازشوں کو مرکز بنانا چاہتے ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے اور دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کرے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں ایم ڈبلیو ایم لاہور کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت جعفریہ کی غیورعوام نے پر امن یوم نواسہ رسول(ع) منا کر شر پسندوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، شرپسندوں کو جب دن کے اجالے میں موقع نہیں ملا تو رات کے اندھیرے میں کراچی کے محب وطن شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنی سفاکیت کا ثبوت دیا۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے شہداء کی یاد میں بروز اتوار ملک بھر میں یومِ عزا منائیں گے اور عزاداری دشمن شرپسندوں کو یہ پیغام دیں گے کہ ہم کٹ تو سکتے ہیں لیکن غم حسین(ع) پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

 

انہوں نے کہا کہ آج وہ علماء کہاں ہیں ؟ اُن کی زبانیں کراچی کے معصوم شہریوں شہادت پر خاموش کیوں ہیں کیا یہ مسلمان اور انسان نہیں تھے؟۔ ہمیں سازشوں کا ادراک ہے اور انشاء اللہ ان سازشوں کو بے نقاب کرکے وطن دشمنوں کے چہروں کو سامنے لائیں گے۔ لاہور پریس کلب کے سامنے شرپسندوں کے تکفیری نعرے اور نفرت انگیز تقاریر پر پنجاب انتظامیہ کی خاموشی نے ثابت کر دیا کہ دہشت گردوں اور لاہور انتظامیہ میں یہ معاملات پہلے سے طے شدہ تھے۔

وحدت نیوز(کراچی ) مجلس و حدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ یہ بات ملک کے 18 کروڑ عوام پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ اس ملک میں فرقہ وارانہ فساد کا سرے سے وجود نہیں ہے بلکہ ایک دہشتگرد ٹولہ عالمی سامراج کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو بھی عراق اور شام بنانا چاہتا ہے۔ انچولی کا دھماکہ سازش شیعہ سنی فسادات کرانے کی سازش تھی مگر کراچی کے باشعور عوام نے اپنے اتحاد سے اس خوفناک سازش کو ناکام بنادیا۔ پاکستان میں شیعہ اور سنیوں کے خلاف جتنی بھی دہشتگردی ہو رہی ہے وہ حکومت کی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں حکومت میں شامل رانا ثناء اللہ جیسی بھیڑوں کو فی الفور باہر نکالا جائے اداروں کی تطہیر کی جائے اور میڈیا سے بھی اپیل کرتے ہیں کے وہ کالعدم جماعتوں کے دہشتگردوں اور رہنماوں کو میڈیا کا سہارا فراہم نہ کریں۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو انچولی میں گذشتہ روز ہونے والے دھماکوں کے جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر یریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے قائم مقام صدر علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ شوکت مغل، عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان، جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا، مرکزی تنظیم عزا کے صدر سلمان مجتبیٰ، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک مرزا یوسف حسین، علامہ دیدار جلبانی، علی حسین نقوی، علامہ علی انور جعفری ،تصوررضوی ایڈوکیٹ سمیت دیگر نے شر کت کی۔

 

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ایک بار پھر شیطان کے کارندوں نے ہمارے شہر کو خون میں نہلادیا اور بے گناہ افراد کو بزدلانہ حملے میں شہید کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اُسی جگہ بیٹھ کر یہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں جہاں دہشت گردوں کے ہاتھوں سنی اور شیعہ بھائیوں کا خون بہایا گیا۔ سب سے پہلے میں تمام شہداء کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتا ہوں ان شہداء میں ہمارے ایک صحافی بھائی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات پورے پاکستان پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ اس ملک میں فرقہ وارانہ فساد کا سرے سے وجود نہیں ہے بلکہ ایک دہشتگرد ٹولہ عالمی سامراج کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو بھی عراق اور شام بنانا چاہتا ہے اور سانحہ راولپنڈی کے حقائق جوں جوں سامنے آئیں گے اس بات کی تصدیق ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انچولی کا دھماکہ بھی یہی سازش تھی مگر کراچی کے باشعور عوام نے اپنے اتحاد سے اس خوفناک سازش کو ناکام بنادیا۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ سانحہ راوالپنڈی کے بعد فوراً ایک گروہ نے سارا زور اس بات پر لگا دیا کہ کسی بھی طرح عزاداری اور میلاد کے جلوسوں کو بند کر دیا جائے، یہ کتنی حیرت کی بات ہے کہ جو لوگ سال کے 365 دن دھرنے، جلوس، ریلیاں اور یوم احتجاج مناتے ہیں انہیں صرف محرم اور ربیع الاول کی جلوسوں سے ہی کیوں دشمنی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایک کالعدم ٹولہ جو مختلف ایام کا سہارا لے کر خود عام تعطیل کا مطالبہ کرتا ہے وہ 9 اور 10 محرم کی چھٹی منسوخ کرنے کی بات کیوں کرتا ہے۔ ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے اہلسنت کے علما، اکابرین اور عوام کو جنہوں نے اس ملت اور ملک کو بچانے میں آج اپنا تاریخ کردار ادا کیا اور کھل کر دہشتگردوں سے برات کا اعلان کیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے کہا کہ ہم حکومت اور اس میں بیٹھے ہوئے دہشتگردوں کے سرپرستوں کا بتا دینا چاہتے ہیں پاکستان میں شیعہ اور سنیوں کے خلاف جتنی بھی دہشتگردی ہو رہی ہے وہ حکومت کی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔ دہشتگردوں کو جیلیں توڑ کر فرار کیا جارہا ہے عدم ثبوت کا بہانا بنا کر سینکڑوں بے گناہوں کے قاتلوں کو عدالت سے آزاد کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دہشت گرد اس لیے آزادی سے قتل و غارت گیری کر رہے ہیں کہ کچھ سیاسی اور مذہبی جماعتیں چھتری فراہم کررہی ہیں، دہشتگردوں کو شہید اور پاک فوج کے جوانوں کو اور بے گناہ مرد عورتوں اور بچوں کو ہلاکت کا عنوان دے رہے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ جب تک پوری قوم الیکٹرنک اور پرنٹ میڈیا سمیت ان دہشتگردوں کے مقابلے میں متحد نہیں ہوگی بے گناہوں کا خون بہتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کے کھل کر دہشت گردوں کی مخالفت و مذمت کریں اور ڈھکے چھپے الفاط میں ان کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہ کریں اور ہمیں امید ہے تمام سیاسی جماعتیں سانحہ راولپنڈی کی طرح کراچی کے مظلوم شہداء کے لیے بھی اسی طرح آواز اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے جاری آپریشن کے باوجود دہشتگردی کی کاروائیاں ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم اہلسنت اور شیعہ عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہیں حالات جیسے بھی ہوں، ہمیں مل کر ان کا سامنا کرنا ہوگا۔

 

رہنماؤں نے کہا کہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں حکومت میں شامل رانا ثناء اللہ جیسی بھیڑوں کو فی الفور باہر نکالا جائے، اداروں کی تطہیر کی جائے اور میڈیا سے بھی اپیل کرتے ہیں کے وہ کالعدم جماعتوں کے دہشتگردوں اور رہنماؤں کو میڈیا کا سہارا فراہم نہ کریں۔ ہم ایک بار پھر اپنے اہلسنت بھائیوں کو جن کا خون ہمارے خون کے ساتھ ملا ہے، یقین دلاتے ہیں ہر آزمائش میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ہم نے مل کر یہ ملک بنایا تھا اور مل کر ہی یہ ملک بچائیں گے۔ اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی نے بتایا کہ سانحہ انچولی میں 6 افراد شہید ہوئے اور 40 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ شہید ہونے والے 3 افراد کی نماز جنازہ ادا ہوچکی ہے جبکہ شہید ہونے والے 2 افرد کی شناخت تاحال نہیں ہو پائی ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے انچولی دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے، اپنے اہل سنت بھائیوں کے ساتھ مل کر وطن سے دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں انچولی دھماکوں کے بعد مقامی ہسپتال میں رضاکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مبشر حسن، علامہ دیدار جلبانی، علی حسین نقوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ انچولی دھماکوں میں شہید ہونے والے اہل سنت علماء شہداء ہمارے شہداء ہیں، شیعہ و سنی اتحاد برقرار رکھیں، انشاء اللہ یہ اتحاد دہشت گردوں کی شکست کا اہم سبب بنے گا۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ انچولی دھماکہ اس بات کا ثبوت ہے دشمن ہمارے اتحاد سے خوفزدہ ہے، وطن کے شیعہ و سنی عوام نے استعماری ایجنٹوں کی جانب سے ملک میں تفرقہ پھیلانے کی سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنایا ہے اور انشاء اللہ وطن کے دوستوں کا یہ اتحاد دہشت گردوں کے خاتمے میں لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree