The Latest

وحدت نیوز(کراچی)وحدت یوتھ پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے سالانہ دعوتِ افطار و ایفائے عہد کانفرنس کا انعقاد 12 رمضان المبارک کو آئی آر سی لان بی میں کیا گیا۔ شرکائے کانفرنس نے مولانا سفیر علی نقوی کے زیرِ اقتداء نمازِ مغربین ادا کی۔ کانفرنس میں معروف منقبت خواں و نوحہ خواں شاہد علی بلتستانی، آصف علی، حیدر علی، ساجن علی بروہی، شجاعت حسین نے بارگاۂ رسالت و امامت میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

 کانفرنس کے شرکاء سے وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی، صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ علامہ باقر عباس زیدی، مسئول مرکزی تربیتی کونسل وحدت یوتھ پاکستان مولانا حسن رضا نقوی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صابر ابومریم، ڈویژنل صدر ایم ڈبلیو ایم کراچی علامہ شیخ صادق جعفری نے خطاب کیا۔ کانفرنس کا اختتام ایم ڈبلیو ایم کراچی ضلع وسطی کے صدر مولانا ملک غلام عباس نے تلاوتِ دعائے سلامتی امامِ زمانہ (عج) سے کیا۔ کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے ڈویژنل و ضلعی رہنماؤں، نامور علمائے کرام، ملی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت ٹاؤنز ذمہ داران، ممبران و تنظیمی سابقین نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) 15 رمضان المبارک روزولادت باسعادت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے پرمسرت موقع پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ تمام عالم اسلام کو ولادت باسعادت سبطِ رسول، جگر گوشہ بتول، کریمِ اہل بیت، امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام مبارک ہو!‏یہ وہ پرنور دن ہے جب مدینے کی فضائیں خوشبوؤں سے معطر ہوئیں، جب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آغوشِ رحمت میں وہ ہستی جلوہ گر ہوئی جسے"سیدِ شبابِ اہل الجنہ" کارتبہ عطا ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام  حلم، بردباری، سخاوت اور صلح و امن کے پیکر تھے۔ آپ کی سیرتِ طیبہ ایثار، محبت، اور اعلیٰ اخلاق کا درس دیتی ہے۔‏اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسن علیہ السلام کی تعلیمات پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے توسل سے ہماری دنیا و آخرت کو سنوار دے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مفتی منیر شاکر کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جس پر میرا دل افسردہ اور روح مغموم ہے۔ میں اس بزدلانہ دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شدت پسند عناصر ان جری اور نڈر مبلغین سے خوفزدہ ہیں جو اتحاد، اخوت اور حق کی شمع روشن کیے ہوئے تھے۔‏مفتی منیر شاکر اتحاد بین المسلمین کے ایک عظیم علمبردار تھے، جنہوں نے اپنی زندگی امت کے اتحاد، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے لیے وقف کر دی تھی۔

مفتی منیر شاکر کی شہادت نہ صرف علمی و روحانی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے بلکہ معاشرے کے ان عناصر کے لیے بھی ایک سوالیہ نشان ہے جو نفرت کے بیوپاری ہیں اور امن کے پیامبروں سے خائف رہتے ہیں۔‏میں حکومتِ وقت سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ اس سفاکانہ جرم میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور ایسے جید علماء و مبلغین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جو اخوت، محبت اور ہم آہنگی کے علمبردار ہیں۔‏اللہ تعالیٰ مفتی منیر شاکر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین و عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔ الٰہی آمین۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے مقامی لان میں دعوت افطارکا اہتمام کیا گیا۔ افطار ڈنر میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی ۔

بعد افطار ایم ڈبلیو ایم کی شہدائے راہ مقاومت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیوایم پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں خرابی حالات کی تمام تر ذمہ داری یورپی ممالک پر عائد ہوتی ہے۔سامراجی قوتوں نے فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کیا یہودیوںکی کالونیاں بنائی گئیں۔انہوں نے کہا اسرائیلی نا جائز وجود پوری دنیا کیلئے خطرہ بنتا جارہا تھا خطہ میں موجود مقاومتی قوتوں حماس، حزب اللہ، انصار اللہ نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔ناقابل تسخیر اسرائیل بے ساکھیوں پر کھڑا ہے۔

 انہوں نے کہا یورپی ممالک جمہوریت کا جھوٹا جھنڈا اٹھائے ہوئے ہیں طوفان اقصیٰ سے پہلے دنیا بھرمیں غزہ بربریت کے خلاف اس طرح احتجاج نہیں ہوا آج یورپی یونیورسٹیز میں احتجاج کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا غزہ فلسطین پر ہونے والے احتجاجات نے خود یورپی ممالک کی دوغلے جمہوری اصولوں چہرہ بے نقاب کر دیا۔

انہوں نے کہا غزہ فلسطین کی عوام اگر اسرائیل کو تسلیم کر لیتے تو خطہ میں پھر پاکستان بھی نہیں رہتا غزہ کی جنگ مسلم امہ کی جنگ ہے۔مقاومت کے شہداء غزہ فلسطین کہ نہیں بلکہ شہید امت ہیں۔انہوں نے کہا مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی شکست امریکہ و یورپی ممالک کی شکست ہے۔اردن نے اسرائیل کے ساتھ مل کر شام کی حکومت کو ختم کیا۔مسلم حکمران اسرائیل کو اپنا خدا سمجھ رہے ہیں۔مسلم امہ کی جیت ان کا اتحاد ہے غزہ میں انسانیت کا قتل کرنے والے اسرائیل کے ساتھ چند مسلم حکمران ہیں۔بہت جلد اسرائیل کی حمایت کرنے والے شکست سے دو چار ہوں گے۔انہوں نے کہا شہدائے راہ مقاومت کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ملک میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔جمعتہ الوداع آنے والے یوم القدس کو پاکستان کے عوام دنیا بھر کیلئے مثالی بنائیں۔

کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز کا کہنا تھا کہ دو عرب مسلمان آپس میں تقسیم ہیں۔دو فیصد یہودیوں نے پوری دنیا پر سامراجیت قائم رکھی ہے۔مشرق وسطیٰ جل رہا ہے۔فلسطین میں یورپی ممالک انسانیت کا قتل کر رہے ہیں۔انہوں  نے کہاکہ آیت اللہ خامنہ ای عالم اسلام کے ہیرو ہیں۔مقاومت کی راہ میں شہدائے راہ مقاومت یحییٰ سنوار، سید حسن نصراللہ،ہاشم صفی الدین،اسماعیل ہانیہ نے اپنی عظیم قربانیاں دیں ان کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔کانفرنس سے ایم کیوایم رہنما ،ممبر صوبائی اسمبلی عادل عسکری سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نےبھی خطاب کیا۔

 اس تقریب میں وائس چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ سید احمد اقبال رضوی، صوبائی صدر علامہ سید باقرعباس زیدی، علامہ مختارامامی، ڈویژنل صدر علامہ صادق جعفری ودیگر، رہنماپاکستان تحریک انصاف ارسلان خالد و دیگر،رہنما متحدہ قومی موومنٹ وممبرسندھ اسمبلی عادل عسکری وزہیر عابدی، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز و دیگر،پاکستان مرکزی مسلم لیگ حافظ ثقلین و دیگر ، رہنما پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی سرباز عبدالرب درانی ،اتحاد ختم نبوت فورم علامہ مرتضی رحمانی، رہنما پاکستان عوامی تحریک ظفر اقبال ، علامہ مفتی داؤد و اراکین جمعیت اہل حدیث پاکستان ، چیئرمین متحدہ علماءمحاذ مولانا امین انصاری ودیگر، مرکزی رہنما شیعہ علماءکونسل پاکستان علامہ ناظرعباس تقوی ویگر، رہنما امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائیزیشن غیور عباس ودیگر،جنرل سیکریٹری جعفریہ الائنس پاکستان سید شبر رضا، علامہ باقرحسین زیدی ودیگر، رہنماہیت آئمہ مساجد وعلمائے امامیہ پاکستان علامہ صادق رضا تقوی ودیگر، رہنما امامیہ آرگنائزیشن پاکستان ضیاء الحسن ودیگر،رہنما جعفریہ آرگنائزیشن پاکستان عسکری دیوجانی، حسن صغیر عابدی ودیگر،صدر مجلس ذاکرین امامیہ علامہ نثار احمد قلندری ودیگر صدر،مرکزی تنظیم عزاداری ایس ایم نقی ودیگر، جنرل سیکریٹری مرکزی تنظیم عزامہدی عباس جعفری ودیگر، اراکین انٹرنشنل لاء فورم ،بزرگ عالم دین علامہ مزرا یوسف حسین ، علامہ شیخ محمد سلیم، عالم اہل سنت علامہ طیب شاہ ،علامہ زاہد حسین ، رہنما مجلس علماء مکتب اہل بیت علامہ اسحاق قرائتی ، صدر عزاداری وِنگ سید رضی حیدر ودیگر ،علامہ شبیر الحسن طاہری ، مزمل حسین کاظمی مساجد وامام بارگاہ فیڈریشن ، پیام ولایت فاؤنڈیشن ،علمائے کرام، بانیان مجالس وجلوس، اراکین اسکاؤٹس رابطہ کونسل ، سرور علی ، سردار حسین و اراکین پاک محرم ایسوسی ایشن، ٹرسٹیز، ماتمی انجمنوں کے عہدیداران، وکلاء، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین، اصغریہ اور ملت جعفریہ جیک آباد کے زیر اہتمام دریاؤں کے عالمی دن کے موقع پر سندھو دریا سے ناجائز کینالز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ کے عوام کی اکثریت کا ذریعہ معاش زراعت پر ہے۔ صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کا ایک باضابطہ معاہدہ موجود ہے۔ سندھ کو ہمیشہ یہ شکایت رہی ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ کا پانی چوری کیا جا رہا ہے۔ اب اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجاب میں چھ نئے کینالز بنا کر سندھ کی آباد زمینوں کو ریگستان اور صحراء بنانے کی سازش کی جا رہی ہے، جس پر سندھ کی عوام سراپہ احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے درمیان نفرت پیدا کرکے وفاق پاکستان کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ ریاست اور حکومت کے معاملات ناانصافی کی بجائے عدل و انصاف کے معیار پر چلائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے صحرا کو آباد کرنے کے لئے سندھ کی آباد زمینوں کو بنجر اور غیر آباد کرنے کا منصوبہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔ تعجب ہے کہ سندھ کے مسلسل اعتراض اور احتجاج کے باوجود غیر قانونی کینال کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے سندھ کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ ایوان میں غیرقانونی کینالز کے خلاف قرارداد پیش کرے۔ انہوں نے پنجاب کے عوام اور ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ سندھ کے سات کروڑ عوام کے احتجاج کو نظرانداز کرنے کی بجائے سندھ کے عوام کے قانونی حق کا تحفظ کریں اور وفاقی اکائیوں کے درمیان نفرتوں کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ کے صوبائی نائب صدر سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ ناجائز طور پر کینالز تعمیر کرکے سندھ کو صحرا میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ تقریب سے اصغریہ علم و عمل تحریک کے صدر زوار دلدار علی گولاٹو نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے ماہ مبارک رمضان بہار قرآن، عبادت، بندگی، روزے اور اعتکاف کا مہینہ ہے۔ ہمیں اس مبارک مہینے میں زیادہ وقت قرآن کریم کی تلاوت اور قرآن فہمی پر خرچ کرنا چاہئے۔ ہر مسجد میں روزانہ کی بنیاد پر اجتماعی تلاوت قرآن کریم اور درس قرآن کا اہتمام لازمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد علمائے کرام اور عوام سے ماہ مبارک رمضان میں ہماری ذمہ داریاں کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مدرسہ خاتم النبیین (ص) میں روزانہ تلاوت قرآن کریم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ علماء کرام کو چاہئے کہ وہ خطبات جمعہ میں عوام کو تقویٰ اور پرہیزگاری کی نصیحت کے ساتھ ساتھ تعمیر کردار کی تلقین کریں، جبکہ نماز جمعہ کا دوسرا خطبہ حالات حاضرہ پر مشتمل ہونا چاہئے۔ جس میں عوام کو امت مسلمہ کے مسائل و مشکلات اور اسلام دشمن سامراجی قوتوں کے شیطانی منصوبوں سے آگاہ کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کی ابتر صورتحال ہے۔ بلوچستان میں ٹرین کے سینکڑوں مسافروں کو اغواء کیا جا رہا ہے۔ جبکہ سندھ میں ڈاکو راج ہے، جو حکومت کے کنٹرول میں نہیں آ رہا۔ جعلی مینڈٹ کی حامل حکومت مکمل طور پر ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اس وقت سراپا احتجاج ہیں۔ کیونکہ دریائے سندھ سے غیر قانونی کینالز نکالے جا رہے ہیں۔ سندھ کو اعتماد میں لئے بغیر یکطرفہ طور پر سندھ کے پانی پر ڈاکہ قبول نہیں ہے۔

وحدت نیوز(لاہور)امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن اور مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے عالمی یوم القدس کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دیں۔ اس حوالے سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ضلع لاہور کی جانب سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سابقین امامیہ اور مجلس وحدت مسلمین لاہور کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی یوم القدس ریلی کے انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس او کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کی نمائندہ مولانا ظہیر کربلائی نے کی جبکہ آئی ایس او کی جانب سے مرکزی کابینہ کے ارکان، لاہور ڈویژن کے عہدیدار اور سابقین نے شرکت کی۔

عالمی یوم القدس 27 رمضان المبارک بمطابق 28 مارچ کو منایا جائے گا۔ اس حولے سے اسلام پورہ کی مسجد صاحب الزمان سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی جائے گی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی قیادت اور آئی ایس او لاہور ڈویژن کے عہدیدار کریں گے۔ ریلی  کے شرکاء اسرائیلی مظالم کی مذمت اور فلسطین کے مظلوم عوام کیساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنما علامہ قاضی نادر عباس علوی کے بڑے بھائی سربراہ جامعہ شہید مطہری (ملتان) الحاج علامہ قاضی شبیر حسین علوی کے انتقال پر سوگوار خانوادہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں، غم کی اس گھڑی میں ہم لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں،۔

علامہ شبیر حسین علوی ملت کے لیے درد دل رکھنے والے مخلص عالم دین تھے، آپ کی تبلیغی و تدریسی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، آپ کے کئی شاگردان ملک میں دین کی ترویج وتدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں، دعا گو ہوں کہ خداوند متعال مرحوم کی مغفرت و درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین

واضح رہے کہ علامہ قاضی شبیر حسین علوی مرحوم کے انتقال پر ملال پر ایم ڈبلیوایم کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، جنرل سیکریٹری سید ناصرشیرازی، صدر جنوبی پنجاب علامہ اقتدار نقوی، سلیم عباس صدیقی و دیگر رہنماؤں نے بھی اہل خانہ و پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا ہے اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، مرکزی صدر مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ علامہ سید حسنین عباس گردیزی ودیگر قائدین نے بزرگ عالم دین و رکن نظارت مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ  حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد عالم شاہ موسوی کی وفات پر دلی رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

تعزیتی پیغام میں قائدین نے کہا کہ بزرگ عالم دین و رکن نظارت مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ  حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد عالم شاہ موسوی کے انتقال پر آپ کے ہم عصر علماء کرام، خانوادہ گرامی، شاگردان اور آپ سے وابستہ تمام افراد کو دلی تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں، آپ کی ملی ودینی حوالے سے تدریسی و تربیتی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، خدا وند متعال سے دعا گو ہوں صدقہ چہاردہ معصومین علیہ السلام آپ کی مغفرت و درجات بلند فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین

وحدت نیوز(کراچی) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کی دورہ کراچی کے موقع پر مجاہد ملت شہید علامہ حسن ترابی ؒ کے جوان سال فرزند زین ترابی شہید کی ایک روڈ حادثے میں المناک وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے عباس ٹاؤن میں مرحوم کے گھر آمد اور اہل خانہ سے اظہار تسلیت ، اس موقع پر وائس چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ سید احمد اقبال رضوی، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری ، علامہ حیات عباس ، علامہ مبشر حسن، علامہ اسحاق قرائتی،علامہ سید حسن رضا نقوی، علامہ ذیشان حیدر الحسنی، علی نیئر زیدی و دیگر بھی موجود تھے۔

Page 1 of 1539

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree