The Latest

وحدت نیوز (قم) کوئٹہ کے شہداء کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان (شعبہ قم المقدسہ) کے زیراہتمام منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ 2003ء سے اب تک کی شہادتوں میں قومی پلیٹ فارم منظم نہ ہونے کی وجہ سے ملت کے جذبات کو صحیح رخ نہیں دے سکے، لیکن تین سالوں میں پورے پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم کی فعالیت کی وجہ سے کوئٹہ سمیت پورے ملک میں ملت کی طاقت کا اظہار کیا اور قومی پلیٹ فارم نے شہداء کے خون کو طاقت میں تبدیل کیا۔ رکن شوری عالی ایم ڈبلیو ایم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ سانحہ کوئٹہ  موجودہ حکومت کے منہ پر طمانچہ اور بہت بڑا چیلنج ہے، سابقہ حکومت سے درس عبرت لیتے ہوئے موجودہ حکومت کو دہشت گردی کے خلاف منظم کارروائی کرنی چاہیے، ورنہ ملت تشیع اپنی بیداری کے ذریعے آئندہ کے لیے ٹھوس لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوگی اور فرزندان یزید کو کربلائے عصر میں ایسی تاریخی شکست دیں گے جسے انکی نسلیں یاد رکھیں گی۔

وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان (شعبہ قم المقدسہ) کے زیراہتمام سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کے رکن اور کوئٹہ کے امام جمعہ علامہ سید ہاشم علی موسوی اور سیکرٹری جنرل قم المقدسہ علامہ غلام محمد فخرالدین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں شہدائے کوئٹہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا ایک زندہ قوم کا شیوہ ہے اور جو قومیں اپنے شہداء کو بھلا دیتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے قم المقدسہ کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمیں وہ امام نصیب ہوئے جو خود بھی شہید ہیں اور اُن کے ایسے جانشین ملے جنہوں نے کہا کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے جو ہماری ماؤں نے ہمیں اپنے دودھ میں پلایا ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بےگناہ شیعہ و سنی مسلمانوں کی ارواح سے تجدید عہد کیلئے جمعہ کو ’’یوم ایفائے شہدا‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا۔ ایک بین الاقوامی ویب سائٹ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پورے ملک میں شہدا کی یاد میں مجالس اور شمعیں روشن کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام ہو گا جس میں ضلع بھر کے تمام کارکنان شریک ہونگے۔ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کابینہ ، سیکرٹری جنرل لاہور علامہ امتیاز کاظمی سمیت ماتمی انجمنیں اور وحدت یوتھ کے کارکنان خصوصی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہماری ملت کا سرمایہ ہیں اور ہماری منزل کربلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں موت سے ڈرا کر منزل سے بھٹکانا چاہتا ہے لیکن اسے اس بات کی خبر ہی نہیں کہ موت ہمارے لئے شہد سے زیادہ شریں ہے۔

وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی و اسلام آباد کے اضلاع کا اہم اجلاس مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی نے کی جبکہ مرکزی سیکرٹری فنانس سید مبارک موسوی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں و عہدہداروں کے علاوہ انجمن اثناء عشری، دعائے زہراء سمیت راولپنڈی و اسلام آباد کی تمام مذہبی تنظیموں کے نمائندگان، اہم شخصیات اور اکابرین شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور اور کوئٹہ میں معصوم انسانوں کے قتل عام کے خلاف جمعہ یوم ایفائے عہد منایا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمیں اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی نے کہا کہ اس وقت پورا ملک بے گناہ انسانوں کے خون میں ڈوبا ہوا ہے، ان حالات میں حکمرانوں کی جانب سے دہشت گردوں اور قاتلوں سے مذاکرات شہداء کے خون کے ساتھ غداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سفاک دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی نہیں ان کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے خون کے وارث ہیں، انشاءاللہ یہ خون ناحق رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے جمعہ کے روز شہداء سے عہد وفا کرنے اور پنجاب کے تمام اضلاع میں یوم احتجاج منایا جائے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کے اعلان کے مطابق کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ شیعہ و سنی مسلمانوں کی ارواح سے تجدید عہد کیلئے آج بروز جمعہ کو یوم ایفائے شہدا کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ کراچی میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ آج پاکستان کی ملت میں جو بیداری کی لہر ہے، یہ سب شہداء کے پاک خون کی برکات کی بدولت ہے۔ لہذا ہمیں اپنے شہیدوں کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنا ہے، تاکہ ہماری آئندہ نسلیں ان شہیدوں کے پیغام سے درس حاصل کریں اور معاشرہ کو کربلا کے حقیقی پیغام کی جانب راغب کرنے کیلئے اپنی کوششیں کرسکیں۔

 

ترجمان کا کہنا تھا کہ شہداء کی یاد میں مجالس منعقد کریں گے اور شمعیں روشن کریں گے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کا مرکزی پروگرام مزار قائد پر بعد نماز مغربین ہوگا، جس میں شہر بھر کے تمام کارکنان شریک ہونگے۔ تقریب میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی، سیکرٹری جنرل کراچی برادر حسن ہاشمی سمیت ماتمی انجمنیں، وحدت یوتھ کے کارکنان، سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کے رہنما خصوصی شرکت کریں گے۔

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے خلاف سانحہ کوئٹہ کے شہداء سے تجدید عہد سے اور لواحقین شہداء سے اظہار یکجہتی کے ایک شمع بردار ریلی ڈویژنل سیکرٹریٹ سے یادگار شہداء اسکردو تک نکالی گئی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں شمع اور شہداء کی تصاویر اٹھائے لبیک یا حسین (ع) کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ ریلی جب یادگار شہداء پر پہنچی تو جلسہ کی صورت اختیار کر گئی۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آغا علی رضوی نے کہا کہ سانحہ ہزارہ ٹاؤن سیکیورٹی اداروں کی ناکامی اور ملک بھر میں پے در پے ہونے والے حملے ملکی سالمیت پر حملہ ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) سانحہ ہزارہ ٹاؤن کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت اگر ہمارے 23 نکات پر عمل کرتی تو یہ سانحہ رونما نہ ہوتا، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کا فوراً آغاز کیا جائے، ریاستی ادارے اور حکومت 23 نکاتی معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے اس میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان اور ملک بھر کے غیور عوام نے ہمیشہ کوئٹہ کے مظلومین کے حق میں آواز بلند کی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی وطن عزیز کی عوام ملک بھر کے مظلومین کے حق کی آواز کو بلند کریں گے۔

وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر خانہ جنگی کے دھانے پرصدر کا مستعفی ہونے سے انکار، رات گئے صدر مرسی نے قبہ نامی صدارتی محل سے ٹی وی کی سکرین کے توسط سے مصر عوام کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے سے انکار کرتے ہوئے ملک میں جاری کشیدگی کو بدھ تک ختم کرنے کے لیے فوج کی طرف سےملنے والی الٹی میٹم کو مسترد کر دیا ہے۔واضح رہے کہ قبہ محل کے باہر اپوزیشن کے ہزاروں مظاہرین دھرنا دئے ہوئے ہیں۔ منگل کو رات گئے قوم سے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں صدر مرسی نے کہا کہ وہ مرتے دم تک اپنے آئینی عہدے کی حفاظت کریں گے کیونکہ وہ صاف و شفاف انتخابات کے ذریعے ملک کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ مرسی نے ملک کے آئینی صدر ہونے پر اصرار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سے ڈیکٹیشن نہیں لیں گے۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ ان سے غلطیاں ہوئیں تاہم انھوں نے قوم سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔

 

دوسری جانب مصر کے مختلف علاقوں میں صدر کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ صدر مرسی نے ملک میں جاری کشیدگی کا الزام بدعنوانی اور سابق صدر حسنی مبارک کے دورِ حکومت کی باقیات پر لگاتے ہوئے مظاہرین کو قانون کی پاسداری کرنے کو کہا۔جبکہ اپویشن کا کہنا ہے کہ صدر مرسی گذشتہ ایک سال میں ملکی اھم مسائل کو حل کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں تحریر اسکوئر میں صدر مرسی پر اسرائیل اور عرب شیخ نوازی کا بھی الزام لگایا گیا ہے جس میں اھم ترین نکتہ کیمپ ڈیویڈ جیسے بدنام زمانہ معاہدے کی پاسداری ہے۔

 

مرسی نے اپنی تقریرمیں مفاہمت اور میڈیا کے لیے ضابطۂ اخلاق بنانے کے لیے ایک کمیٹی بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قومی سطح پر مذاکرات کے لیے تمام گروپوں اور شخصیات سے ملنے کے لیے تیار ہیں۔ جبکہ اپوزیشن شام کچھ جماعتوں اور مظاہرین کا کہنا ہے کہ صدر مرسی نے آئین میں ایسی تبدیلیاں کی ہیں جس کے بعد وہ ملک میں مطلعق العنان اختیارات حاصل کرچکے ہیں اور یوں وہ منتخب صدر سے دینی خلیفہ بننا چاہتے ہیں تحریر اسکوائرمیں لگنے والے نعروں میں صدر اور اخوان المسمین پر مذہبی ڈکٹیٹرشب اور شدت پسندی کا بھی الزام لگ رہا ہے۔

 

خیال رہے کہ مصری فوج نے اڑتالیس گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت اور اس کے مخالفین ’عوام کے مطالبات‘ ماننے میں ناکام رہے تو فوج مداخلت کرے گی۔ اس سے پہلے مصر کی فوج نے ملک کے مستقبل کے لیے تیار کر دہ منصوبے کو لیک کیا تھا جس میں ملک کے موجودہ پارلیمان کو تحلیل کرنے اور ملک میں نئے صدارتی انتخابات کرانے کی بات کی گئی ہے۔ بی بی سی کو موصول ہونے والے معلومات کے مطابق فوجی منصوبے کے تحت ملک کے نئے آئین کو بھی معطل کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب مختلف زرائع بتا رہے ہیں کہ صدر مرسی کی پوزیشن ہر گزرتے منٹ کے ساتھ کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ عرب زرئع ابلاغ کے مطابق ایک ایک ٹیکنوکریٹس اور سویلین افراد پر مشتمل ایک ایسی کونسل بنانے کی تجویز زیر غور ہے جو ملکی نظم و نسق کو چلائے گی۔

 

خیال رہے کہ حزب اختلاف کی تحریک تمرد یعنی’باغی‘ نے پیر کو الٹی میٹم جاری کیا تھا کہ اگر صدر مرسی مقامی وقت کے مطابق منگل کی شام پانچ بجے تک اقتدار سے الگ نہیں ہوئے تو ان کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے گی۔ اس کے بعد مصری فوج نے خبردار کیا تھا کہ اگر حکومت اور اس کے مخالفین عوامی مطالبات ماننے میں ناکام رہے تو فوج مداخلت کرے گی۔ صدر محمد مرسی نے ملک کے فوج کے سربراہ جنرل عبدالفاتح السیسی سے منگل کے روز مسلسل دوسری ملاقات کی ہے۔ منگل کو ہونے والی دوسری ملاقات میں وزیراعظم ہاشم قندیل بھی شامل تھے تاہم اس ملاقات میں ہونے والی بات چیت کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ ان تک حکومت کے دس وزرا کے مستعفی ہونے سے جن میں وزیرِ خارجہ محمد کامل امر بھی شامل ہیں صدر مرسی پر دباؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔جبکہ صدر کے دو اہم ترجمان بھی استعفی دے چکے ہیں۔

 

مصر کی عدالتِ عالیہ نے بھی صدر مرسی کی جانب سے مقرر کیے جانے والے پراسیکیوٹر جنرل کو برخاست کرنے کے فیصلے کو بھی برقرار رکھا ہے۔ اپوزیشن نے یہ بھی  دعویٰ کیا  ہے کہ فوری انتخابات کے مطالبے کی ایک پٹیشن پر دو کروڑ بیس لاکھ افراد نے دستخط کیے ہیں۔جبکہ مصر کی سلفی تحریک کی ترجمان جماعت النور نے بھی فوری انتخابات کو بحران کا حل قراردیا ہے۔ مرسی 30 جون 2012 کو انتخاب میں کامیابی کے بعد مصر کے پہلے اسلامی صدر بنے تھے۔ان کی صدارت کا ایک سال سیاسی بے اطمینانی اور معیشت میں گراؤٹ کی زد میں رہا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل حجتہ السلام و المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اعلان کیا ہے کہ کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ شیعہ و سنی  مسلمانوں کی ارواح سے تجدید عہد کیلئے آئندہ جمعہ کو ’’ یوم ایفائے شہداء ‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا۔ مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی ملت میں جو بیداری کی لہر ہے یہ سب شہداء کے پاک خون کی برکات کی بدولت ہے لہٰذا ہمیں اپنے شہیدوں کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنا ہے تاکہ ہماری آئندہ نسلیں اب شہیدوں کے پیغام سے درس حاصل کریں اور معاشرہ کو کربلا کے حقیقی پیغام کی جانب راغب کرنے کیلئے اپنی کوششیں کرسکیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری فرہنگ علامہ شیخ اعجاز بہشتی نے  بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں ایک مرتبہ پھر مظلوم شیعہ ہزارہ برادری پر ٹوٹنے والی قیامت صغریٰ پر اپنے شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے وفاقی حکومت، نام نہاد آزاد عدلیہ اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اور لمحہ فکریہ قرار دیا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ریاستی ادارے شہریوں کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں اور عوام کو اپنے تحفظ کیلئے ازخود اقدامات اٹھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اب شیعہ نسل کشی روکنے کیلئے فیصلہ کن احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree