The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس x پر جاری اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ چلاس میں بس پر فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے،اس المناک سانحے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔پاکستان کی سلامتی کے دشمن اور ان کے کٹھ پتلی تکفیری دیشت گرد وطن عزیز میں شر پسندی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خاتمے کی بھاری قیمت چکائی ہے اب ہم کسی مزید آزمائش کے متحمل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ تکفیری عناصر کی بیخ کنی سے مشروط ہے۔ دہشت گرد اور ان کے فکری، جانی و مالی سہولت کار ان کے پشت پناہ ملک کی سلامتی کے دشمن اور قوم کے غدار ہیں ان کے ساتھ کسی بھی قسم کی لچک مادر وطن کے ساتھ بدترین خیانت ہو گی۔سیاسی قوتوں اور طاقتور اداروں کو دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے ایک پیج پر رہتے ہوئے نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہوں گے۔چلاس کے المناک سانحہ کے شہداء کی بلندی درجات ، لواحقین کے صبر اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔
وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صدر آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہڈور چلاس میں ہونے والے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ واقعہ گلگت بلتستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہے۔ بار بار کی توجہ کے باوجود سکیورٹی سے غفلت قابل مذمت عمل ہے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ حالیہ واقعہ پے درپے ہونے والے ماضی کے واقعات کے ذمہ داروں کو سزا نہ دینے کا نتیجہ ہے۔ گلگت بلتستان میں شرپسندوں اور دہشتگردوں کو تو چھوٹ ہے لیکن حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کے گرد دائرہ تنگ کیا جاتا ہے۔ اس وقت پورا گلگت بلتستان حقوق کے لیے سڑکوں پہ ہے اور ایسے میں دہشتگردی عوام کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی دشمنوں کی کوشش ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں شہید والے والے بے گناہ مسافرین کے لواحقین کو تسلیت عرض کرتے ہیں اور سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دھشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کرکے عوام کو دکھائیں۔ گلگت بلتستان مزید کسی سانحے کا متحمل نہیں ہوسکتا لہذا گلگت بلتستان میں موجود دہشتگردوں کا قلع قمع کیا جائے۔ ایک طرف یہاں کے عوام کو حقوق نہیں مل رہے اور دوسری طرف سکیورٹی نہیں مل رہی ہے۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ گھٹنوں کے بل چلنے والی حکومت کی انگلی چھوڑ اور سیاست چھوڑ کر سکیورٹی ادارے عوام کی جان کی حفاظت اور خطے کی حفاظت کی فکر کریں۔ گلگت بلتستان کے تمام عوام دہشتگردوں کے خلاف متحد ہیں اور ان بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلے کبھی کمزور نہیں ہوں گے۔
وحدت نیوز(سکردو)رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے چلاس ہڈور میں پیش آنے والے دلخراش واقعے کی موقع پر انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہڈور چلاس میں دہشتگردوں کی طرف سے مسافر بس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،افسوسناک واقعے میں شہدا کے خانوادہ کو تسلیت پیش کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ گلگت بلتستان کے پر امن فضا کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ایسے دلخراش واقعات رونما ہونا صوبائی حکومت کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور ریاستی ادارے دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے فلسطین کے حوالے سے دو ریاستی نظریے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا موقف رہا ہے کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔ قائداعظم نے اسرائیل کو نہ ماننے کا اعلان اور فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی زمین کا ایک چپا بھی اسرائیل کے حوالے نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء سید اسد عباس نقوی، علامہ مقصود علی ڈومکی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی اور ایم ڈبلیو ایم کے دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر کہا کہ فلسطین میں اسرائیل نے بربریت کی انتہاء کر دی ہے۔ حماس نے خواتین کو انسانیت اور شریعت کے مطابق رہا کرکے بہترین کردار ادا کیا۔ یورپ حماس کے مجاہدین پر تنقید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے فلسطین کو دو قومی نظریہ کی بنیاد پر الگ ریاست کی بات کی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کا موقف ہے کہ فلسطین پر اسرائیل قابض ہے۔ فلسطین کی زمین کا ایک چپا بھی اسرائیل کے حوالے نہیں کریں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ اسرائیل قابض ریاست ہے، جس نے نہتے عوام اور معصوم بچوں پر طاقت کا استعمال کیا ہے۔ اسرائیل کی جارحیت کا جواب حماس اور دیگر تنظیموں نے دیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کا موقف رہا ہے کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔ آج بھی اسرائیل کا سفر پاکستانی پاسپورٹ پر نہیں ہوسکتا ہے۔ قائداعظم نے اسرائیل کو نہ ماننے کا اعلان اور فیصلہ کیا تھا۔ حیران ہیں کہ پاکستان میں آج کیسے دو ریاستی فامولا آگیا ہے۔ پاکستان کے حکمرانوں اور مقتدر قوتوں سے مطالبہ ہے قائداعظم کا فارمولا اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کی جو تاریخ سپریم کورٹ نے دی ہے اس میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ وقت پر انتخابات اور تمام جماعتوں کو یکساں مواقع دینے سے ہی ملک میں امن واستحکام آئے گا۔ سید اسد نقوی نے کہا کہ ریاست کا کردار ماں جیسا ہو، جو لوگ بھٹک گئے ہیں ریاست انکے لئے عام معافی کے دروازے کھولے۔ بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی کابینہ کا اہم اجلاس صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی کی زیر صدارت وحدت ہاوس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں علامہ مختار امامی، علامہ صادق جعفری، سید علی حسین نقوی، مشتاق میمن سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ سندھ کی تنظیمی فعالیت اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری امور سیاسیات سید علی حسین نقوی نے اجلاس کے شرکاء کو آئندہ صوبہ میں ہونے والے انتخابی حکمت عملی اور الیکشن کمیشن کے ہدایات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ علامہ باقر عباس زیدی نے تنظیمی فعالیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجلس وحدت نے ملکی سیاست میں ایک باوقار سیاسی کردار ادا کیا ہے ان سیاسی قوتوں کا راستہ روکیں گے جو وطن عزیز کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہیں۔
علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ ہم اقتدار کی سیاست کے بجائے اقدار کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے لہذا عام انتخابات میں صوبے کے اہم اضلاع سے اپنے عوامی نمائندگان میدان میں اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم اپنی منظور شدہ پالیسی کے مطابق بیک وقت دو انتخابی حکمت عملیوں پر کام کر رہی ہے، جس میں معتدل اور ملک دوست جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد کرنا شامل ہے تاکہ وطن عزیز کو ترقی یافتہ پر امن قائد اعظم اور اقبال کا پاکستان بنائیں، اس سلسلے میں ملک کی تمام بڑی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ جنرل الیکشن 2024ء میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔
وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اوراپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے کہا ہے کہ ہڈور چلاس میں دہشتگردوں کی طرف سے مسافر بس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ افسوسناک واقعہ دہشتگردوں کے ساتھ نرم گوشہ رکھنے کا نتیجہ ہے۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام سکیورٹی اداروں کو سیکیورٹی خدشات پر شواہد کیساتھ بروقت آگاہ کیا تھا لیکن اسے سیاسی رنگ دیا گیا۔ گلگت بلتستان میں گزشتہ دو ماہ میں دہشتگردی کے واقعات پیش آئے لیکن اسے چھپایا گیا، پتریت میں دوران آپریشن ایس ایچ او کو شہید کرنے والے دہشتگرد کو جائے پناہ نہ ملتی تو آج یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح جتھوں کو آزادی اور عوامی حقوق پر بات کرنے والوں شیڈول فور میں ڈالا جائے تو امن ناپید ہوجاتا ہے۔ شرپسندوں اور دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نہ نمٹا جائے تو جی بی کے امن و امان مزید خراب ہوسکتا ہے۔
کاظم میثم کا کہنا تھا کہ جس وزیراعلٰی کو اپنے آفس سے کی جانے والی جعل سازی کا علم نہ ہو اس حکومت سے سکیورٹی کی توقع رکھنا عبث ہے۔ ہم نے شاہراہ قراقرم کو محفوظ بنانے اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی کی گزارش بذریعہ خط کی تھی، لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ حالیہ افسوسناک واقعہ ان دنوں پیش آتا ہے جب پورا گلگت بلتستان گندم ایشو اور دیگر حقوق کے لیے سڑکوں پر ہے، عوام ہشیار رہیں اور متحد رہیں، خطے میں فرقہ واریت کی بھی آگ بڑھکانے کی کوشش ہو رہی ہے، متحدہ اپوزیشن اس مشکل وقت میں سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کی جانب سے عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس کے مہمان خاص عزاداری ونگ کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین علوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی تھے۔
ورکرز کنونشن میں معززین علاقہ، علمائے کرام اور تنظیمی کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر ملک اقرار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے ،مجلس وحدت مسلمین باکردار محب وطن اور صالح نمائندوں کے ذریعے قوم کی خدمت کا عزم رکھتی ہے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہم قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و تعلیمات کی روشنی میں عملی جدوجہد کر رہے ہیں قائد شہید نے ہمیں تین حیثیتوں سے جدوجہد کا درس دیا، مسلمان، شیعہ اور پاکستانی
ہم وطن عزیز پاکستان کے باوفا بیٹے ہیں جنہوں نے اپنے لہو سے اس ملک کے عزت و وقار کی حفاظت کی۔صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
کنونشن سے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری صوبائی سیکرٹری کردار سازی علامہ سید عباس موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے مومنین نے ہمیشہ اپنی قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین پر اعتماد کیا ہے ان شاءاللہ تعالیٰ ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین ہر محاذ پر قومی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ دھشت گردی کے خلاف تحریک سے لے کر متنازعہ تکفیری بل اور متنازعہ نصاب تعلیم تک ہم نے قوم کی ہر محاذ پر بھرپور نمائندگی کی ہے۔
نیز اس موقع پر نور ویلفیر سوسائٹی کے چیئرمین برادر عباس ISO کوئٹہ کے صدر عرفان علی ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیااس موقع پر صوبائی آفس سیکرٹری سید عباس زیدی صوبائی میڈیا کونسل کے مسؤل سید ارتضیٰ جعفری صوبائی سیکرٹری تنظیم سید حسن شمسی اراکین ضلع کابینہ وخواتین خواہران نے کثرت شرکت کی اور کامیاب ورکرز کنونشن منعقد ہوا۔
ایم ڈبلیو ایم باکردار، محب وطن اور صالح نمائندوں کے ذریعے قوم کی خدمت کا عزم رکھتی ہے،ملک اقرار حسین
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار آئندہ انتخابات میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے بھرپور حصہ لیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم باکردار، محب وطن اور صالح نمائندوں کے ذریعے قوم کی خدمت کا عزم رکھتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ہر محاذ پر قومی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ عزاداری کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کوئٹہ کے دورے کے موقع پر ملک اقرار حسین نے آغا محمد رضا کی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں سے ملاقات، جبکہ ضلعی دفتر ہزارہ ٹاؤن میں ضلعی کابینہ سے مختلف تنظیمی امور کے حوالے سے تفصیلی میٹنگ کی۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری اور صوبائی سیکرٹری تربیت علامہ سید عباس موسوی اور اراکین ضلعی کابینہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک اقرار حسین نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین باکردار، محب وطن اور صالح نمائندوں کے ذریعے قوم کی خدمت کا عزم رکھتی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ کے مومنین نے ہمیشہ اپنی قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین پر اعتماد کیا ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ ایم ڈبلیو ایم ہر محاذ پر قومی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف تحریک سے لے کر متنازعہ تکفیری بل اور متنازعہ نصاب تعلیم تک ہم نے قوم کی ہر محاذ پر بھرپور نمائندگی کی ہے۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام فلسطینی مسلمانوں کی حمایت اور صیہونی جارح ریاست اسرائیل کے خلاف10دسمبر کو ملتان میں دربار حضرت شاہ شمس تبریز سے گھنٹہ گھر چوک تک ''آزادی فلسطین مارچ ''کیا جائے گا۔ مارچ کی قیادت چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے۔
مارچ میں شرکت اور تیاریوں کے حوالے سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، ''آزادی فلسطین مارچ'' کا آغاز برصغیر کے بزرگ روحانی شخصیت حضرت شاہ شمس تبریز کے مزار سے ہوگا جوکہ گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پذیر ہوگا۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ ضلع ملتان کا اجلاس ضلعی صدر سید ظفر عباس زیدی کی زیرصدارت جامعہ شہید مطہری ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی صدر عزاداری ونگ انجینئر سخاوت علی سیال، جنرل سیکرٹری عون رضا انجم ایڈووکیٹ، مرزا وجاہت علی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر کے عہدیداروں نے شرکت کی جن میں ایڈووکیٹ سید شہنشاہ حسین نقوی، ایڈووکیٹ خادم حسین بخاری، سید عمران بخاری، سید غدیر شیرازی، علی محمد سبطین، ملک عمران حیدر اور دیگر موجود تھے۔
اجلاس میں ایام فاطمیہ کے حوالے سے اُمور طے کیے گئے، ایام فاطمیہ میں عزاداری کی مجالس کو حتمی شکل دی گئی، تحصیل ملتان، تحصیل شجاع آباد،تحصیل جلالپور پیروالا، ضلع ملتان کے زیراہتمام الگ الگ مجالس کا اعلان کیا گیا۔