The Latest
وحدت نیوز(گلگت)گلبر حکومت گلگت بلتستان کے ہر فرد پہ بھی ایف آئی آر کاٹے تب بھی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے اپنے بیان میں کہا کہ بولنے کی آزادی کیا اگر جینے کی بھی آزادی چھین لیں تب بھی عوام کو چپ نہیں کیا جاسکتا۔عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے رہنماوں کی زبان بندی گلبر حکومت کی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور نون لیگ چپ کا روزہ توڑ کر عوام میں کھڑی ہوجائیں، ورنہ اس جرم میں برابر کی شریک ہوگی۔ گورنر گلگت بلتستان کے ضلع میں اسی ماہ میں سو سے زائد افراد پر ایف آئی آرز ہوچکی ہے، اتحادی حکومت کا شاید بجٹ کا متبادل ہوگا۔ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ شیخ اعجاز بہشتی ،عوامی تحریک کے رہنما، انجمن امامیہ کے ترجمان، اسلامی تحریک کے رہنما اور دیگر سماجی شخصیات پر ایف آئی آرز عوامی طوفان کو دعوت ہے۔ عوامی غیض غضب اور عوام میں احساس محرومی کو بڑھانے کا سبب یہ اقدام ہوگا۔
کاظم میثم نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب حقوق سے محروم اس خطے کے عوام ان مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ میں نے سال پہلے کہا تھا کہ گلبر حکومت میں بلتستان کے حصے میں احتجاج، نفرتیں اور ایف آرز ہوں گی، ۔گلبر حکومت بجٹ زیرو کرکے ایف آئی آر سینکڑوں میں دے رہے ہیں۔ بشو کے عوام، کچورا کے عوام اور ہرگسہ کے عوام پر ایف آرز ملا دی جائے تو سو سے زائد بنتی ہے۔ یہ ایف آئی آرز اتحادی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔لگتا ہے بلتستان ریجن کا پولیس آفیسر سکردو کو سکردو رہنے دینے کا ارادہ نہیں رکھتا، انہیں کہیں سے غلط پٹی پڑھائی گئی ہوگی اور انکا گمان ہوگا یہ امن انہوں نے قائم کیا ہوا ہے۔ یہاں کا امن یہاں کے عوام اور علما کی وجہ سے ہے، طاقت سے امن ہوتا تو آج بلوچستان اور وزیرستان پرامن ترین خطہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو سکیورٹی زون بنانے کا جن کو شوق ہے وہ عقل سے کام لیں یہ حساس بارڈر ایریا ہے۔ حقوق سے پیچھے ہٹانے کیلئے ایف آئی آر، شیڈول فور، گرفتاریاں اور دیگر اقدامات متنازعہ علاقے میں بڑے انقلاب کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔ پانی، بجلی، تعلیم، معیاری طبی سہولت، سی پیک میں حصہ، اداروں میں نمائندگی دینے کی بجائے ایف آئی آر اور نفرتیں دی جا رہی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کچھ عناصر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت عوام اور ریاست کے درمیان فاصلہ ڈالنے کے درپے ہیں۔ ریاستی اور حساس ادارے ذرا عوام میں جاکر سنیں عوام کے کیا جذبات ہیں۔ 14 اگست سے قبل ایسے اقدامات کسی نااہل ترین ذمہ دار کا عمل ہوسکتا ہے۔مطالبہ کرتے ہیں عوام کو احتجاج کا حق دیں اور تمام ناجائز ایف آرز واپس لیں۔جب عوامی حقوق کے لیےجمہوری اور قانونی انداز میں آواز بلند کرنے نہیں دیں گے تو عوام کوئی اور راستہ اپنا سکتا ہے۔ سروے سروے کرنے سے قبل لاکھوں افراد ب فارم اور برتھ سرٹیفکیٹ سے محروم ہے، پہلے سرکار اپنا کام تو کرے۔سیلاب کی تباہ کاریوں پر توجہ دینے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے انہیں دھتکارا جا رہا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقلیتوں کے دن پر ہمیں ایک سخت اور دردناک حقیقت کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے کہ پاکستان نے ابھی تک اپنے تمام شہریوں کے لیے مساوات اور انصاف کا مقدس وعدہ پورا نہیں کیا، ہماری غیر مسلم کمیونٹیز اور فرقہ وارانہ اقلیتیں مسلسل تشدد، ظلم و ستم اور نظامی پسماندگی کا شکار ہیں، جس سے ہمارے معاشرتی ڈھانچے کو خطرہ ہے، ہم جب قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن پر غور کرتے ہیں تو ہمیں اس ناقابل تردید سچائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ ریاست اپنی اقلیتوں کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے تحفظ میں ناکام رہی ہے، تسلی آمیز الفاظ پیش کرنا کافی نہیں ہیں، یہ صحیح معنوں میں ایک جامع پاکستان بنانے کے لیے فیصلہ کن اور ٹھوس اقدام کا وقت ہے، ایک ایسا پاکستان جہاں ہر شہری، بلا عقیدہ، خوف، امتیاز اور تشدد سے آزاد زندگی گزار سکے۔
انہوں نے کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری طور پر ایک مضبوط اور جوابدہ طریقہ کار قائم کرے، جس میں نفرت انگیز جرائم کو روکنے، مقدس مقامات کی حفاظت اور متاثرین کے لیے فوری انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ایک سرشار اور تیز ترین ٹاسک فورس کی تشکیل بھی شامل ہو، مزید برآں، ہمیں بین المذاہب مکالمے کو آگے بڑھانا چاہیے اور ایسی تعلیمی اصلاحات کو نافذ کرنا چاہیے جو انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور رواداری اور باہمی احترام کے بیج بو سکے، ہم محض ان نظریات کا صرف پرچار نہ کریں جن پر اس قوم کی بنیاد رکھی گئی تھی بلکہ ہمیں پاکستان کی حقیقی روح کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ عملی کام کے لیے آگے بڑھنا چاہیے، ایک ایسی قوم کی تشکیل کریں جہاں ہر شہری کو اپنی شناخت اور عقائد میں محفوظ طریقے سے ترقی کی منازل طے کرنے اور اپنا حصہ ڈالنے کا اختیار حاصل ہو۔
وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم مقدسہ کے زیراہتمام شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی رح کی 36 ویں برسی اور شہید منی شہید غلام محمد فخرالدین کی 8ویں برسی اور شہید قدس مکتب سیاسی حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیئہ و شہید مقاومت لبنان کے ایک عظیم قائد حاج محسن شکر و شھداء مظلوم پارہ چنار کی تکریم و تجلیل کی مجلس منعقد ہوئی۔ جس سے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی، مجمع جھانی اہل البیت ع کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ شیخ رضا رمضانی نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(پشاور)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں سابق وزیر داخلہ شہریار خان آفریدی، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین ایم این اے صاحِبزادہ حامد رضا، پارہ چنار کے ایم این اے حمید حسین، مرکزی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم ناصر عباس شیرازی،ایم این اے ہنگو یوسف خان، ایم این اے بنوں مولانا نسیم علی شاہ، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم، ایم پی اے داؤد شاہ، ایم پی اے شفیع جان اور چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارہ چنار کی موجودہ صورتحال پر اور پارہ چنار میں امن و امان کے حوالے سے تفصیلی میٹنگ ہوئی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے زیر اہتمام قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی 36 ویں برسی منائی گئی۔ برسی تقریب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی اور صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے خطاب کیا۔
برسی قائد شہید سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہید عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ مجاہد فی سبیل اللہ تھے جس نے مختلف محاذوں پر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا آپ نے عالمی استکباری قوتوں کو للکارا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و اھداف کی روشنی میں جدوجہد کر رہی ہے ہم شہید قائد کے چھوڑے ہوئے مشن کی تکمیل چاہتے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ قائد شہید عارف شب زندہ دار اور صاحب کرامت شخصیت تھے۔ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے شاگرد تھے اور زمانہ طالب علمی سے امام خمینی کی انقلابی تحریک کے لئے جدوجہد کی اور طاغوتی حکومت کے ظلم کا نشانہ بنے۔
صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے پاکستان میں ضیائی آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور آپ نے پاکستان کے کونے کونے میں اسلام ناب محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور افکار امام خمینی کی ترویج کی۔برسی تقریب میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ہزارہ ٹاؤن کے صدر مہدی ابراہیمی نائب صدر آغا ضیاء حسن ٹھیکیدار ڈویژنل صدر یوتھ ونگ علی حیدر ہزارہ و دیگر شریک ہوئے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی صوبائی رابطہ سیکرٹری سید گلزار علی شاہ نے موکب زینبیہ پہنچ کر زائرین کرام سے ملاقات کی۔اس موقع پر زائرین کرام سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا زیارت اربعین امام حسین علیہ السلام مومن کی صفات میں سے ہے۔ امام محمد باقر (علیہ السلام) نے محمد بن مسلم سے فرمایا: ہمارے شیعوں کو حسین بن علی (ع) کی قبر کی زیارت کرنے کی ہدایت کرو، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ نے ہر اس مومن پر فرض کیا ہے جو حسین (ع) کو اپنا امام مانتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے زائرین کرام کی مشکلات حل کریں۔ زائرین کرام سے بس کرایہ دگنا وصول کیا جاتا ہے۔ جبکہ پاکستان ہاؤس میں زائرین سے پیسے وصول کئے جاتے ہیں جب ان پیسوں کے بدلے زائرین کو خدمات فراہم نہیں کی جاتیں۔ حکومتی اہلکار اور ایف سی اہلکار زائرین کو کمائی کا ذریعہ بنانے سے اجتناب کریں۔ حکومت زائرین کے لئے سہولیات فراہم کرے۔انہوں نے موکب زینبیہ کے ذمہ داران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کی خدمت عظیم عبادت اور اعزاز ہے۔ موکب زینبیہ کی طرف سے خدام زائرین کی پر خلوص خدمت قابل صد تعریف ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) خطباء وبانیان صمیمی نشست 14 ستمبر بروز ہفتہ لاہور میں منعقد ہو گی سنیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان،خصوصی شرکت فرمائیں گے ۔ ان شاءاللہ عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام میں خدمات کے اعزاز اور عزاداری سید الشہداء ع میں خطباء وبانیان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے لاہور میں خطباء وبانیان کی صمیمی نشست کا انعقاد 14 ستمبر بروز ہفتہ لاہور میں ہو گا جس میں بانیان مجالس ، علماء کرام ، ذاکرین عظام وخطباء حضرات شریک ہونگے سنیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان اس صمیمی نشست میں خصوصی طور پر شریک ہونگے ۔ ان شاءاللہ
اس سلسلے میں گزشتہ بروز جمعہ المبارک بعد از نماز جمعہ صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں خطباء وذاکرین ونگ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی کوآرڈینیٹر جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید حسن رضا ہمدانی ، صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود و فوکل پرسن برائے عزاداری جناب شیخ عمران علی و مولانا ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکرٹری پنجاب کے علاؤہ دیگران نے شرکت کی میٹنگ میں 10 ستمبر کو خطباء وبانیان صمیمی نشست کی باقاعدہ منظوری دی گئی اور اس نشست کے لئے مولانا ظہیر کربلائی کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ۔ یہ نشست علامہ سید حسن رضا ہمدانی مرکزی کوارڈینیٹر خطباء وذاکرین ونگ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود وفوکل پرسن عزاداری جناب عمران علی شیخ کی باہمی مشاورت اور سرپرستی میں منعقد ہوگی ان شاءاللہ ۔
وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر قیادت ایک اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد نے ضلع کرم کا دورہ کیا، وفد میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ محمد حامد رضا، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی، مولانا نسیم شاہ، یوسف خان، ایم این اے کرم حمید حسین، مرکزی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم سید ناصر عباس شیرازی موجود تھے،۔
اس موقع پر وفد نے مرکزی مسجد وامام بارگاہ پاراچنار کے خطیب جمعہ و پیش امام علامہ فدا حسین مظاہری، سمیت علماء کرام، سیکرٹری انجمن حسینیہ و اراکین، صدر تحریک حسینی و اراکین اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے ساتھ ملاقات کی، شہداء کیلئے اجتماعی دعا و فاتحہ خوانی کی اور غم زدہ متاثرہ خاندانوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی، وفد کے ساتھ کمشنر کوہاٹ، ڈپٹی کمشنر کرم، ڈی پی او کرم، سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ کے آفیسرز بھی موجود تھے، مقررین نے مرکزی امام بارگاہ پارا چنار میں عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا اور علاقے میں پائیدار امن و امان اور علاقائی صورتحال کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاش کرم پارہ چنار میں ہونے والی جنگ نہ ہوتی، اس کا راستہ روکا جاتا تاکہ بے گناہ لوگوں کی زندگیوں کا ضیاع نہ ہوتا، ہم سب اپنے ازلی دشمن کو پہچانیں جو کہ امریکہ و اسرائیل ہے، قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی شہادت کے ایام ہیں، اس بابصیرت اور صاحب کردار رہبر و رہنما نے ہمیں وحدت و یگانگت کا قرآنی درس دیا، انہیں بھی ان قوتوں نے شہید کیا جو وحدت کے تصور سے خوفزدہ تھیں، فلسطین و لبنان میں بھی مسلمانوں کا قاتل اسرائیل ہے یہ غاصب و ظالم صہیونی اسرائیل و امریکہ ہمارے مشترکہ دشمن ہیں، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کر کے دشمن کے ناپاک و مکروہ عزائم کو خاک میں ملانا ہو گا، یہ وفد پارا چنار سے بوشہرہ بھی پہنچا اور وہاں کے علماء کرام، عمائدین عظام اور عوام سے بھی خطاب کیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہریار خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین و غزہ میں ایک فیصد بھی اہل تشیع نہیں ہیں سب سنی ہیں لیکن اپنے ان سنی بھائیوں کے لیے لبنان کے چار سو سے زیادہ شیعہ جوان جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، اسرائیل مسلم ممالک میں مسلکی فسادات کروا کر انہیں توڑنا اور کمزور کرنا چاہتا ہے جیسے عراق میں، شام، لبنان اور افغانستان میں پہلے ہو چکا ہے، آپ سب کو اپنے علاقے کی بہتری اور امن و امان کے مستقل قیام کے لیے عہد کرنا ہو گا۔ اہل علاقہ نے امن وامان کے قیام کے لیے وفد کی آمد کو نہ صرف سراہا ہے بلکہ علاقے بہتر مستقبل کے حوالے سے اسے اہم پیش رفت بھی قرار دیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایکس xاکاؤنٹ سے جاری تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں تاریخی طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ اہم کامیابی ان کے غیر متزلزل جذبے، لگن اور استقامت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارشد ندیم کا اولمپک اعزاز حاصل کرنے کا شاندار سفر اس بات کی روشن مثال ہے کہ ایک ایسے نظام میں جو اکثر ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے میں ناکام رہتا ہے اسکے باوجود پاکستانی جوان کیا شاندار کارنامے انجام دے سکتے ہیں، ان کی کامیابی ہمارے نوجوانوں کے لئے امید کی کرن ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ سردارزادہ حیدر عباس ہزارہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی رابطہ سیکرٹری سید گلزار علی شاہ اور حسنین علی بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچ تاریخی طور پر اہل بیت رسول علیہم السلام کے طرفدار اور پیروکار تھے۔ جس کا ذکر بلوچی دفتر شعر کے ساتھ ساتھ بلوچ تاریخ کے تمام مورخین اور مصنفین کی کتب میں موجود ہے۔ واقعہ کربلا کے بعد بلوچوں نے من حیث القوم یزیدی سلطنت کے خلاف قیام کیا۔ جسے وہ فخر کے ساتھ اپنے اشعار میں گنگناتے ہیں کہ ہم حلب سے آئے ہیں کیونکہ ہماری یزیدیوں سے جنگ ہے۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سردارزادہ حیدر عباس ہزارہ کو بلوچ تاریخ پر مشتمل کتاب اور کلینڈر کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر سردارزادہ حیدر عباس ہزارہ نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایوان بالا میں پاکستان کے عوام کی موثر آواز ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں علم جرات و شجاعت کے ساتھ فصاحت و بلاغت سے نوازا ہے۔ جس کے سبب وہ ہر سطح پر قوم کی بہتر نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اور مذہب کا مطالعہ میرا پسندیدہ موضوع ہے۔ بہترین کتابوں کا سیٹ دینے پر انہوں نے علامہ مقصود علی ڈومکی کا شکریہ ادا کیا۔