وحدت نیوز(شکارپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے کورٹ کچہری اور آئینی و قانونی معاملات میں ملت جعفریہ کے وکلاء کا کردار نہایت اہم اور قابل تحسین ہے۔ عزاداری امام حسین علیہ السلام اور ذکر اہل بیت علیہم السلام کے خلاف ناصبی دشمن مقدمات قائم کرکے ہمارے جوانوں کو جعلی مقدمات میں الجھا رہا ہے۔ ایسے میں شیعہ وکلاء آگے بڑھ کر دین مذہب اور ملت کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم ضلع شکارپور کے ضلعی رہنماء کامران علی دل کے چچا کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ورثاء سے تعزیت کی اور مرحوم کے بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے قانونی مشیر ایڈوکیٹ مظہر حسین منگریو، سنگار علی صفوی، برادر کامران علی دل اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جس طرح ایڈوکیٹ مظہر علی منگریو نے شکارپور میں ملت کے مقدمات کی پیروی بہادری، جرأت اور استقامت سے کی ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ملک بھر میں ہمارے وکلاء کو منظم ہو کر ملت کے عزت و وقار اور قومی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ قبل ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی نے آل ڈومکی اتحاد کی جانب سے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی آئی پی کے ضلعی صدر منصب علی ڈومکی، رحم دل ٹالانی استاد محمد رفیق اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ انہوں نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدمتِ انسانیت بہترین عبادت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر مذہبی رواداری اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیں تاکہ ایک پرامن، منصفانہ اور باوقار معاشرہ قائم ہو۔