وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے! زائرین کو زیارت سے روکنا ان کے مذہبی اور آئینی حق کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ زیارت ہمارے لیے صرف سفر نہیں، بلکہ عبادت ہے۔ اگر زمینی راستہ بند ہے تو حکومت متبادل راستہ اور سہولیات فراہم کرے، نہ کہ لوگوں کو عبادت سے محروم کرے۔ یہ فیصلہ نہ صرف دینی جذبات کو مجروح کر رہا ہے بلکہ ہزاروں زائرین کے اربوں روپے کے مالی نقصانات کا بھی باعث بن رہا ہے۔ سفری تیاریوں، ٹکٹوں، ہوٹل بکنگ اور ویزہ فیسوں میں لگنے والے یہ وسائل ضائع ہو رہے ہیں، جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے غیر دانشمندانہ اقدامات پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ناامن ریاست کے طور پر پیش کرتے ہیں، جس سے بھارت اور اسرائیل جیسے دشمن ممالک کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کے لیے فوری طور پر راستے کھولے جائیں، سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے مذہبی جذبات اور مالی تحفظ کا احترام کیا جائے۔