وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ہر سال پاکستان سے لاکھوں عاشقانِ اہل بیتؑ کربلا کا بائے روڈ سفر کرتے ہیں، جو امام حسین علیہ السلام سے ان کی والہانہ عقیدت اور عشق کی علامت ہے۔مگر افسوس کی بات ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے زائرین کے بائے روڈ سفر پر پابندی کا بیان دیا گیا زائرین کے بائے روڈ سفر پر پابندی قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔زائرین کے لیے محفوظ راستے اور مناسب سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، جبکہ یہاں حکومت خود ہی ان کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔
"انہوں نے کہا کہ: تعجب ہے کہ سکھ یاتریوں کے لیے حکومت خصوصی انتظامات کرتی ہے، وزراء ان کے استقبال کے لیے موجود ہوتے ہیں، مگر نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور اہل بیت پیغمبر علیہم السلام کے روضوں کی زیارت کے لیے جانے والے زائرین کو مسلسل روکا جا رہا ہے، انہیں تنگ کیا جاتا ہے اور ان پر سفری پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔"انہوں نے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا کہ وہ زائرین کے مسائل کے حل کی جانب فوری طور پر سنجیدگی سے توجہ دے۔ اگر اس مقدس سفر پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو ملت جعفریہ بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔