The Latest

وحدت نیوز(لاہور) پنجاب حکومت نے عیدالفطر کے حساس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹریٹ سے سکیورٹی ہٹا لی ہے، جس کے بعد ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی جانب سے سکیورٹی واپس لئے جانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے پنجاب حکومت کی دہشت گردوں سے ملی بھگت قرار دیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ علامہ عبدالخالق اسدی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مجلس وحدت کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور ایم ڈبلیو ایم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف ہمیں ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب کی حمایت پر نشانہ بنا رہے ہیں، لیکن وہ یاد رکھیں کہ اللہ تعالٰی نے اگر انہیں اقتدار دیا ہے تو اس کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کلمہ حق کہتے رہیں گے، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔ علامہ اسدی نے کہا کہ سکیورٹی واپس لئے جانے پر کوئی واقعہ رونما ہوگیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) عیدالفطر کی خوشیوں میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں ، آپریشن ضرب عضب کے متاثرہ آئی ڈی پیز ، دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ شیعہ سنی مسلمانوں اور پاک فوج کے جوانوں  کو بھی یاد رکھیں ،خدا وند متعال سے دعا ہے کہ وہ اس عید کے چاند کو پوری امت مسلمہ بالعموم  اور ملت پاکستان بالخصوص کے لئے خوشیوں کا پیغام قرار دے،قوم عید کے پر مسرت موقع پر خانوادہ شہداء کو ہرگز فراموش نہ کریں ،آئیں  اس عید پر عہد کریں کہ ہم اپنے وطن عزیز میں سے ہر قسم کی ناانصافی، ظلم اور استحصالی نظام کا خاتمہ کریں گے، وطن عزیز کو معاشی قارونوں، سیاسی فرعونوں اور مذہبی بلعم بعوروں سے نجات دلانے کیلئے ہر محب وطن پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری عید کے پیغام میں کیا۔

 

اُن کا کہنا تھا پنجاب کے حکمران سن لیں، ہمارے بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرکے جس بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں، اس کا حساب اس دنیا اور آخرت دونوں میں ان ظالموں کو دینا ہوگا، پنجاب حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، مجلس وحدت مسلمین کے پنجاب سیکرٹریٹ کی سکیورٹی عید کے حساس دنوں میں واپس لے لی ہے، کسی بھی قسم کے نقصان کا ذمہ دار پنجاب کے وزیر قانون اور آئی جی پنجاب ہونگے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ غیر آئینی اور دھاندلی الیکشن سے اقتدار میں آنے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی اختیار نہیں، اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل کے تحت ان ظالموں کیخلاف قدم اُٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری سے ستائے عوام کسی نجات دہندہ کے منتظر ہیں، ایسے میں محب وطن قوتوں کو چاہیے کہ وہ بھرپور کردار ادا کرکے ان غاصبوں اور ظالموں سے ملک کو نجات دلائیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے گذشتہ شب صدائے رمضان مقابلہ منقبت اور نعت خوانی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ آج کی اس پُرنور محفل میں اپنی موجودگی سے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں اور اس پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اُنہوں نے مجھے موقع دیا کہ میں اس پُرنور محفل سے فیض یاب ہو سکوں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج جو ٹیلینٹ میں اپنے نوجوانوں میں دیکھ رہا ہوں، اس سے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ ہمارے پاس کوئی اکیڈمی نہ ہونے کے باوجود جہاں جوانوں کو نعت خوانی اور منقبت خوانی کی باقاعدہ تربیت دی جا سکے۔ ہمارے نوجوانوں نے جس طرح منقبت اور نعت پیش کی ہے انکی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ ہمارے جوانوں کی صلاحیتیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرامز کے انعقاد سے نوجوانوں میں چُھپی صلاحیتوں کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔ اگر اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد ہمیشہ ہوتا رہے تو ہمارے نوجوان نعت خوانی اور منقبت خوانی کے میدان میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرینگے۔ موجودہ دور میں بجائے اس کے کہ ہمارے نوجوان گلی محلوں میں غیر اخلاقی کاموں کی طرف متوجہ ہو، اس طرح کی مثبت سرگرمیوں سے نوجوان نسل کو بُرائیوں سے دور رکھتے ہوئے معاشرے کے کار آمد افراد کے طور پر زندگی گزارنے کی طرف رہنمائی کی جا سکتی ہے۔ پروگرام کے آخر میں ایم پی اے سید محمد رضا نے پروگرام کے منتظمین کیلئے ایک پروفیشنل کیمرہ اور اسی ہزار روپے، جبکہ مقابلے میں پہلی چار پوزیشن حاصل کرنے والوں کیلئے پی ایچ ڈی تک تمام تعلیمی اخراجات اور مقابلے کے ججز کیلئے کربلا کی زیارت کیلئے ریڑرن ٹکٹ کا اعلان کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کی کورکمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں علامہ ناصرعباس جعفری کی زیر صدارت ہوا جس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، سیکرٹری سیاسیات ناصرعباس شیرازی، علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ عبدالخالق اسدی سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں فوج بلانے کیلئے آرٹیکل 245کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے احتجاج اور عمران خان کی جانب سے آزادی مار چ پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے حکومت کے اسلام آباد میں فوج بلانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فوج کبھی بھی اپنے شہریوں پر اسلحہ نہیں اٹھا سکتی، حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے، جو حکومت اسلام آباد کو نہیں سبھال سکتی اسے حکومت میں رہنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ غیرآئینی اور دھاندلی الیکشن سے اقتدار میں آنے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحد ت مسلمین ڈاکٹر طاہرالقادری کا مکمل ساتھ دیگی اور حکومت مخالف تحریک کا حصہ بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے بعد حکومت مخالف تحریک کا آغاز کیا جائیگا جو حکومت کو اپنے انجام تک پہنچا کر دم لے گی۔ اجلاس میں تمام اضلا ع سے بھررابطہ مہم چلانے اور لاکھوں افراد کو حکومت مخالف تحریک میں شامل کرنے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وحدت نیوز(اورکزئی ایجنسی) مجلس وحدت مسلمین اورکزئی ایجنسی کے سیکرٹری جنرل علامہ مصطفیٰ بہشتی نے اعلان کیا ہے کہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) کی 26ویں برسی 3 اگست کو بھرپور انداز میں منائی جائی گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورکزئی ایجنسی کے علاقہ کلایہ میں منعقدہ ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 اگست کو انہتائی شان و شوکت سے برسی قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) کا پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں 10 اگست کو کوہاٹ میں ’’یوم عزم وفائے حسین (ع)‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے عظیم الشان اجتماع کے حوالے سے عوامی شرکت کو اجاگر کیا جائے گا۔ علامہ مصطفیٰ بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ 10 اگست کے اجتماع کی تیاریاں جاری ہیں، اور 3 اگست کا پروگرام اس حوالے سے زمینہ سازی کا کام سرانجام دے گا۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان  بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں  نائیجیریا میں  سکیورٹی اداروں  کی جانب سے نہتے یوم القدس کے مظاہرین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائجیریا کی سکیورٹی فورس کی جانب سے نہتی عوام پر وحشیانہ حملہ دراصل اسرائیل اور امریکہ کو خوش کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں  پھیلے ہوئے سی آئی اے اور موساد کے نمکخواروں  کے لیے یوم القدس بہت بھاری گزرا ہے اور کروڑوں  مسلمانوں اور دیگر مکاتب فکر کا سڑکوں  پر نکل کر امریکہ و اسرائیل کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کرنا دراصل اس بات کی دلیل ہے کہ عالم انسانیت امریکہ و اسرائیل سے بیزار ہے۔ انہوں  نے کہا کہ نائیجریا کے عالم مبارز شیخ ابراہیم زکزاکی کی شجاعت کو سلام پیش کرتا ہوں،  جنہوں نے اپنے تین فرزند قدس کی راہ میں  قربان کر دیئے۔ نائیجریا کی حکومت کی جانب سے یوم القدس کے جلوس پر حملہ اور تیس کے قریب شہادتیں  نائجیریا کی فوج کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ انہوں  نے کہا کہ نائجیرین آرمی کا یہ قبیح فعل نہایت افسوسناک اور امریکہ و اسرائیل کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نائیجریا میں پرامن، نہتے مظاہرین پر گولیاں چلانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل اب اقوام عالم کی نظر میں منفور ہو چکا ہے۔ دنیا بھر میں اسرائیل مخالف مظاہروں میں کروڑوں انسانوں کی شرکت اس کی بین دلیل ہے۔ نائیجریا کے مجاہد عالم دین شیخ ابراہیم زکزکی نے اپنے تین بیٹے راہ خدا اور قبلہ اول کی آزادی کی راہ میں قربان کر دیئے۔ ہم نائیجریا کے ان عظیم شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے غاصب اسرائیل اور امریکہ کے خلاف اپنے لہو کا نذرانہ دیکر تحریک آزادی بیت المقدس کو ناقابل شکست بنا دیا۔ اقوام عالم کی بیداری اسرائیل کے زوال کا نقطہء آغاز ہے۔ اسرائیل و امریکہ کی خوشنودی کے لئے نائیجیرین فوج نے جس بربریت کا مظاہرہ کرکے تیس معصوم انسانوں کو شہید کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

 

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے مظالم کو چھپانے کے لئے تکفیری دہشتگردوں کو آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ تکفیری دہشت گرد عالم اسلام کے لئے حقیقی خطرہ بن چکے ہیں۔ جن کے ہاتھوں مظلوم اور معصوم انسانوں کا بے دریغ خون بہایا جا رہا ہے۔ عراق میں انبیاء الٰہی حضرت یونس، حضرت شیث اور حضرت دانیال نبی (ع) کے مقدس مزارات شہید کرکے امت مسلمہ کو سوگوار کیا گیا ہے۔ مختلف اسلامی ممالک میں معصوم بےگناہ مسلمانوں کا خون بہانے والے دہشت گرد سامراجی ایجنٹ ہیں۔ معصوم بےگناہ مسلمانوں کا خون ناحق بہانے والے آخر اسرائیلی ظلم و بربریت پر کیوں خاموش ہیں۔ انبیاء الہیٰ (ع) کے مقدس مزارات اور مساجد کو بم دھماکوں سے اڑانے والوں کی اسرائیلی ظلم و بربریت پر خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) صوبائی ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیف سیکرٹری کا دورہ ہسپتال عوام دوست اقدام ہے اس طرح کے اقدامات سے ادارے فعال ہونگے خاص کر محکمہ ہیلتھ پر خصوصی توجہ ہونی چاہیے، جہاں انسانی زندگیوں کا دارومدار ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری سے اپیل کی کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے جائز مطالبات کے حل کیلئے بھی اقدامات کریں تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کر سکیں، خاص کر سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی قلت کو دور کرنے کیلئے عرصہ دراز سے زیر التوا کیس کیڈر کی تبدیلی کو فوراً حل کریں اور بند شعبوں کو بھی فعال کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکرٹری کارڈیک سنٹر کی لوکیشن کی تبدیلی کا نوٹس لیں اور اس کی تعمیر DHQ ہسپتال میں یقینی بنائیں۔

وحدت نیوز(خیبر پختونخواہ) رہبر کبیرانقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے فرمان پر ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس پاکستان میں بھی بھرپور انداز میں منایا گیا، ملک بھر کے گوش و کنار میں اسرائیل مخالف ریلیاں برآمد ہوئیں، جن میں اہل تشیع کیساتھ ساتھ دیگر مکاتب فکر کے مسلمانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر شرکت کی، اور غزہ پر جاری حالیہ صہیونی جارحیت پر اپنے شدید درعمل سمیت قبلہ اول کی آزادی کیلئے آواز حق بلند کی۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی عالمی یوم القدس پہلے سے کہیں زیادہ جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا۔ مختلف شیعہ تنظیموں کے زیر اہتمام نکالی گئیں، جن میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، کوہاٹ، نوشہرہ، بنوں اور ٹانک میں قدس ریلیاں نکالی گئیں۔ پشاور میں مختلف جماعتوں کی جانب سے تحریک آزادی قدس کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں کی تعداد مختلف شعبہ ہا ئے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

 

احتجاجی ریلی جامع مسجد کوچہ رسالدار سے نماز جمعہ کے بعد برآمد ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نعرہ بازی کرتے ہوئے قصہ خوانی بازار پہنچے، جہاں مقررین نے خطابات کئے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور قصہ خوانی بازار سیل تھا۔ ریلی میں امامیہ جرگہ، مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شیعہ علماء کونسل، تحریک فقہ نفاذ جعفریہ اور عالمی علماء و مشائخ کونسل کے رہنماوں اور کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔ ریلی سے جامعہ شہید علامہ عارف الحسینی کے خطیب علامہ عابد حسین شاکری، عالمی متحدہ علماء و مشائخ کونسل کے رہنماء مولانا محمد شعیب، حزب اللہ کے رہنماء ضیاء الحسن اور امامیہ جرگہ کے رہنماء مظفر علی اخونزادہ نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں ہری پور میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز امامیہ مسجد سائیں سہیلی روڈ سے ہوا اور ریلی مین بازار سے ہوتی ہوئی پنیاں چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔

 

ریلی میں مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی، شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل وسیم اظہر ترابی، ایم ڈبلیو ایم ہری پور کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اسرار حسین، فیاض حسین، احسن علی، نئیر عباس جعفری، ابرار حسین اور دیگر بھی شریک ہوئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وحید عباس کا کہنا تھا کہ عالمی یوم القدس انقلاب اسلامی و مسلمانوں کی فتح کا دن ہے اسرائیلی جارحیت و ناحق قتل عام پر عالمی استعماری طاقتوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، فلسطین و غزہ کے بے گناہ کشتدگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیائے اسلام کے تمام حکمرانوں کا یہ فرض ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ مظلوم فلسطین و غزہ کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف آواز حق بلند کریں۔ بیت المقدس پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ اور غزہ میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے یزیدی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا مسلمانوں کا اہم فریضہ ہے۔ غزہ کے مظلوموں سے اظہار حمایت کا علم بلند کیا جائے اور شیطان بزرگ امریکہ کے حواریوں کے تسلط کے خاتمہ کیلئے عالم اسلام اپنے اتحاد کو یقینی بنائے۔

 

کوہاٹ میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مجلس وحدت مسلمین اور انصار الحسین کے زیر اہتمام القدس ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز قومی امام بارگاہ سے ہوا، شرکائے ریلی امریکہ اور سرائیل کیخلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کنگ گیٹ مین بازار پہنچے۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر علامہ سید ثاقب حسین اور آئی ایس او پشاور ڈویژن کے صدر ضمیر علی جعفری نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں کربلائے عصر ڈیرہ اسماعیل خان کے غیور شہریوں نے بھی کربلائے غزہ اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں ریلیاں نکالیں۔ پہلی ریلی مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام صبح 9 بجے جامع مسجد لاٹو فقیر سے نکالی گئی، جو مین بازار پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا یوتھ ونگ کے سیکرٹری صفدر عباس اور آئی ایس او ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے جنرل سیکرٹری نے خطاب کیا۔

 

قبائلی علاقہ جنوبی وزیرستان سے متصل ضلع ٹانک میں پہلی مرتبہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام یوم القدس ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ گرہ بلوچ سے برآمد ہوئے اور مین وانا روڈ کو بلاک کرکے امریکہ و اسرائیل کیخلاف بھرپور احتجاج کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید عبدالحسنین نے شرکائے ریلی سے خطاب کیا۔ بنوں میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید نوروز علی شاہ کی قیادت میں یوم القدس ریلی نکالی گئی۔

 

ریلی کے شرکاء امام بارگاہ حسین آباد سے برآمد ہوئے اور منڈان چوک ریلوے روڈ پہنچے، جہاں شرکائے ریلی سے سید نورز علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر ڈھائے جانے والی قیامت پر مسلم امہ کے حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے، تمام مسلم ممالک کے حکمران اسرائیل کیساتھ وابستہ اپنے تعلقات منقطع کریں اور یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ ضلع نوشہرہ میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں اہل سنت نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی، اور وحدت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ و اسرائیل کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ علاوہ ازیں صوبہ کے دیگر اضلاع میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں یوم القدس کی مناسبت سے آئما جمعہ جماعت نے تقاریر کیں، اور غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کیلئے عملی جدوجہد کرنے کا مطالبہ کیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کے رکن اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ افغانستان کے صوبہ غور میں طالبان دہشتگردوں کی جانب سے شیعہ ہزارہ قوم کے پندرہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ جس طرح پاکستان میں زائرین کو بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد نشانہ بنایا، وہی مائنڈ سیٹ اب افغانستان میں نہ صرف شیعہ بلکہ سنی سمیت دیگر اقوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ افغان حکومت کو چاہیئے کہ واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزاء دے۔ اسی طرح کراچی میں بھی آئے دن شیعہ مسلمانوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں‌ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ خطے میں آباد تمام مسلمان متحد ہوکر ان تکفیری دہشتگردوں کا مقابلہ کریں، کیونکہ یہ مخصوص مائنڈ سیٹ عراق و شام سمیت پورے خطے میں مغربی قوتوں کے مفادات کو پورا کرنے میں سرگرم عمل ہیں۔


 
علامہ سید ہاشم موسوی کا مزید کہنا تھا کہ غاصب صیہونی دہشتگرد ریاست اسرائیل اپنی پوری قوت سے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ اسرائیل مشرق وسطٰی میں داعش سمیت دیگر دہشتگرد گروہوں کے ذریعے شورش کو ایجاد کرکے مسلم امہ کو عارضی طور پر الجھا کر غزہ پر قبضے کا خواب دیکھ رہی تھی، لیکن حماس و فلسطینی عوام کی بیداری و مقاومت کے ذریعے اسرائیل اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پائی اور نہ کبھی ہوگی۔ پاکستان سمیت تمام مسلمان و انسان دوست ممالک کو چاہیئے کہ وہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کیخلاف متحد ہوکر عملی اقدامات اُٹھائیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree