The Latest

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنماوُں نے خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کی ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان داخلے پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب سید اسد عباس نقوی و دیگر رہنماوُں نے پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں بصورت دیگر ہم کے پی کے حکومت کیخلاف احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف خاموش تماشائی بننے والے آج پر امن شہریوں کو علاقہ بندی کے احکامات دے رہے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ ہم متاثر ہوئے، ہمارے قاتلوں کے لئے کے پی کے جنت بن چکا ہے، دہشت گردی کیخلاف ملک بھر میں ہم نے اسٹینڈ لیا اور آج ہمارا ہمارا موقف سچا ثابت ہوا، اور اگر آپریشن ضرب عضب کو لیت و لعل کیے بغیر شروع دن سے ہی ان ملک دشمنوں کیخلاف شروع کرتے تو بہت سی قیمتی جانیں بچ جاتیں۔

 

علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے پر امن شہری ہیں اور دشمنوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی نے سانحہ کوئٹہ اور کے پی کے گورنمنٹ کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کے ساتھ ناروا سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف گھٹنے ٹیکنے والے حکمران آج محب وطن شہریوں کو پریشان کرنے میں مصروف ہیں ہم کوئی بھی غیر آئینی اقدام ماننے کو تیار نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے قیادت اس بات پر نوٹس لے۔ انہوں نے سانحہ کوئٹہ کو حکومت اور دہشت گردوں کی ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہمارے ہزاروں شہداء کے قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے، حکمران شہریوں کو تحفظ دینے مکمل ناکام ہو چکے ہیں، دہشت گردوں کیخلاف ملک گیر آپریشن کے بغیر اس ناسور سے جان چھڑانا ممکن نہیں۔

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عزاداری ہماری شہہ رگ حیات ہے اسے محدود کرنے کی سازش کرنے والوں کا انجام بھی یزید کی طرح ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح کی بلتستان میں بھی عزاداری سید شہداء کی مجالس و محافل کا انعقاد مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ ہوگا اور یہ مجلسیں جہاں وقت کے یزیدوں کے خلاف اعلان بغاوت ہونگیں وہاں یہ تزکیہ نفس اور اتحاد بین المسلمین کا عظیم ذریعہ ہونگی۔ عزاداری کے سلسلے میں کسی قسم کی پابندی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محرم تلوار پر خون کی فتح اور ظالم قوتوں کی سرنگونی کا مہینہ ہے اس مہینے میں امام عالی مقام کے قیام کے اہداف کے مقاصد کو دنیا تک پہنچانے کے لیے تمام تر ذرائع کو استعمال میں لایا جائے گا۔ اگر اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ کی کوشش کی گئی تو تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ علماء اور خطباء فلسفہ قیام امام حسین علیہ السلام، تزکیہ نفس، اتحاد بین المسلمین اور وقت کے ظالموں کے خلاف اپنے مجالس میں ذکر کریں اور تمام مذہبی تنظیمیں اہداف قیام امام حسین ؑ کو مختلف انتشارات کے ذریعے عوام تک پہنچانے کے لیے کوشش کریں۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ انتظامیہ محرم الحرام میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے آمادہ رہے بالخصوص سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے، بلتستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو انکے وظائف سمجھانے کی انتظامیہ کو ضرورت نہیں یہاں کے علماء اور عوام باشعور ہے۔ انتظامیہ سکیورٹی انتظامات، بجلی کے انتظامات اور دیگر معاملات پر نگاہ رکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں اگر امن قائم ہے تو یہاں موجود باشعور عوام اور تمام مکاتب فکر کے باشعور علماء کی محنتوں کا نتیجہ ہے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن شعبہ خواتین کا اہم اجلاس وحدت ہاوس کراچی میں منعقد ہواجس کی صدارت صوبائی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین خانم زہرا نجفی نے کی، اجلاس میں رائے شماری کے زریعے ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن شعبہ خواتین کی نئی سیکریٹری جنرل کا انتخاب عمل میں لایا گیا، خواہران نے کثرت رائے سے خانم ہما جعفری کو نیا ء سیکریٹری جنرل منتخب کر لیا، اس موقع پر موجود تمام اراکین کابینہ اورضلعی اراکین نے نومنتخب سیکریٹری جنرل کو تبریک پیش کی ، نومنتخب سیکریٹری جنرل خانم ہما جعفری سے صوبائی سیکریٹری جنرل خانم زہرا نجفی نے حلف لیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل خانم زہرا نجفی اس مسئولیت پر فائز تھیں ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کے سربراہی میں امام بارگاہ ولی عصر ہزارہ ٹاؤن میں فاتحہ کیلئے آئے ہوئے حکومتی وفد کی موجودگی میں ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر دہشت گرد گروہ قتل و غارت میں ملوث ہے حکومت کچھ نہیں کر رہی، ہمیں مزید کتنی لاشیں اٹھانی ہونگی۔وزیراعظم نواز شریف واضح کریں کہ وہ دہشتگردوں کیساتھ ہیں یا پاکستان کیساتھ، سید محمد رضا نے کہا ہے کہ گذشتہ دو دہائیوں سے بےگناہ افراد کو قتل کیا جا رہا ہے اور اسے بعد میں فرقہ واریت کا نام دیا جاتا ہے، جو کہ سراسر غلط ہے۔ اس ملک میں شیعہ سنی بھائی کی طرح زندگی گزار رہے ہیں لیکن مٹھی بھر دہشت گرد گروہ قتل غارت میں ملوث ہے۔ حکومت کچھ نہیں کر رہی، ہمیں مزید کتنی لاشیں اٹھانی ہونگی۔ ہم صدیوں سے آباد اس شہر میں پُرامن طریقے سے رہ رہے ہیں۔ آج تک ہماری طرف سے ایک پتھر نہیں پھینکا گیا لیکن مٹھی بھر دہشتگردوں نے پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے کہ وہ دہشتگردوں کے ساتھ ہیں یا وطن عزیز کے ساتھ۔؟ جبکہ حکومت کو اپنی پالیسی واضح کرنی چاہیئے کہ آیا ہم پاکستانی ہیں یا نہیں۔؟ قتل ہمیں کیا جا رہا ہے، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ہمارے لوگوں کو نہیں دیا جا رہا بلکہ اذیت کی جاتی ہے اور بار بار دفتروں کا چکر لگوایا جاتا ہے۔ آخر میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بڑا دکھ ہوا کہ بےگناہ اور معصوم سبزی فروشوں کو شہید کیا گیا۔ حکومت 48 گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائے گی اور جلد اپنی رپورٹ آپ تمام ہزارہ اکابرین کو پیش کریگی۔ علاوہ ازیں محرم الحرام کے سلسلے میں آپ سے مکمل طور پر تعاون کیا جائیگا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) وزیر اعلی بلوچستان عبدا لمالک بلوچ ، وزراء اور اراکین بلوچستان اسمبلی ، اعلی پولیس حکام کا وفد امام بارگاہ ولی عصر ہزارہ ٹاون میں گزشتہ روز سانحہ  ہزار گنجی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرنے پہنچا۔حکومتی وفد میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی آئی جی بلوچستان عملیش خان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر خانوادہ شہداء سمیت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کی کابینہ کے اراکین، بلوچستان شیعہ کانفرنس ، و دیگر مذہبی و قومی سربراہان بھی تشریف فرما تھے ۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داود آغا اورایم ڈبلیوایم کے  ممبر بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا ( آغا رضا ) نےحکومتی اراکین کے سامنے شیعہ ہزارہ کمیونٹی پر ہونے والے مظالم کے خلاف  اپنے اپنے تحفظات پیش کیے ۔

وحدت نیوز (پشاور) صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبر پختونخوا علامہ سبطین حسینی نے کہا ہے کہ شہادتیں ہماری میراث ہیں، دشمن ہمیں قتل کرکے راہ حسینیت سے نہیں ہٹا سکتا۔ کوئٹہ میں ایک عرصہ سے دہشت گردی کا شکار ہزارہ قبیلہ کو راہ حسینیت پر چلنے کی پاداش میں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہزارہ براداری کے قتل میں ملوث گروہ سے تعلق رکھنے والے افراد کوئٹہ کی سڑکوں پر دندناتے پھرتے ہیں لیکن ان پر ہمارے ادارے ہاتھ نہیں ڈالتے جو ظاہر کرتا ہے کہ ہزارہ برادری کے افراد کے قتل میں یہ لوگ ملوث ہیں۔ حطار ہریپور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں رونما ہونے والے دہشتگردانہ واقعات کو عالمی سازش کا حصہ قرار دے کر ہمارے ادارہ بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ عوام کا تحفظ ریاستی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آئی ایس آئی چیف کو ان تازہ واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بند کروانا ہو گا۔

وحدت نیوز (کھرمنگ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل آقائے علی رضوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ زاہد حسین زاہدی ، برادر فدا حسین اور ڈاکٹر یونس نے آج کھرمنگ خاص کا دورہ کیا اور ایم ڈبلیو ایم ڈسٹرکٹ کھرمنگ کے آفس کا افتتاح کیا واضح رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے تنظیمی سیٹ اپ میں کھرمنگ کو ڈسٹرکٹ کی حثییت حاصل ہے ، ان کا استقبال آقائے اکبر راجائی MWMسیکرٹری جنرل کھرمنگ، آقائے سید اکبر شاہ اور دیگر برادران نے ان کا استقبال کیا۔ افتتاحی تقریب سے آقائے علی رضوی اور دیگر علمائے نے خطاب کیا آقائے علی رضوی نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں با ایمان ، مخلص ، دانش مند اور شجاع امیدواروں کو میدان میں لائینگے اور کسی کرپٹ شخص کی حمایت نہیں کی جائے گی ۔۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کی سیاست عوام کی فلاح اور دین کی سربلندی کی خاطر ہے ، اور ہم اپنے تمام تر توانائی اور وسائل دین اور عوام کی ترقی کے لئے صرف کرینگے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ زاہد حسین زاہدی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم اپنی کارکردگی کیا بنیاد پر لوگوں میں مقبول ہے گندم اور دیگر مسائل کے حل کے لئے بارہ روزہ دھرنا ہو یا حالیہ کمنگو حادثہ میں مجلس کے کارکنوں کی طرف سے ریسکیوآپریشن میں بھرپور شرکت ہم ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے میدان میں رہے ہیں اور انشاء اللہ مستقبل میں بھی رہینگے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ایم ڈبلیو ایم ڈسٹرکٹ کھرمنگ کا آفس لوگوں کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔ افتتاحی تقریب سے ایم ڈبلیوایم کھرمنگ کے سیکرٹری جنرل شیخ اکبر رجائی ، علامہ آغا سید اکبر شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) آغاز ماہ محرم الحرام 1436ہجری کے موقع پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری امت مسلمہ کے نام اپنے خصوصی پیغام میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام دنیا بھر کے محرومین و مستضعفین کیلئےماہ امید ہے، ہلال محرم مظلوموں و محروموں  کو جبر و استبداد کے مقابل عزت، حریت اور آزادی کا پیغام دیتا ہے،خدا کی محبوب ترین ہستی رسول اکرم (ص)کے محبوب ترین فرزند سید الشہداءامام حسین (ع)کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، ان کا مذید کہنا تھا کہ چودہ سو برس بعد بھی محرم ہمیں ظلم کے خلاف قیام کا حوصلہ او ر جرائت عطا کرتا ہے،کمزوروں مظلوموں کو  طاقت ور ظالموں سے ٹکرانے کی ہمت دیتا ہے، کربلا کے بیابان میں گرنے والا مظلوم کربلا امام حسین (ع)اور ان کے با وفا اصحاب و انصار کا پاکیزہ لہو ہمارے قلوب میں موجود حرارت کو کبھی سرد نہیں ہونے دیتا ، نواسئہ رسول (ص)امام حسین (ع)نے ہلال خدا کو حرام اور حرام خدا کو ہلال کرنے کے خلاف قیام کیا، ماہ محرم کا یہ چاند تا روز قیامت شہدائے کربلا کی بقائے اسلام کیلئے عظیم قربانیوں کو یاد دلایا رہے گا۔تمام بانیان مجالس وجلوس دیگر مکاتب وادیان سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اپنی مجالس میں شرکت کی دعوت دیں ، علماء و ذاکرین فضائل و مصائب اہل بیت اطہار ؑ کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی یذیدی قوتوں کے مکروہ عزائم اور شیعہ سنی وحدت کے خلاف ہونے والی سازشوں سے بھی آغاہ کریں ۔

وحدت نیوز (اسلام ا ٓباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری ،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی سمیت دیگر رہنما وں پر ماہ محرم الحرام میں خیبر پختونخواہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہےاور ا ن رہنماوں کی زبان بندی کے احکامات بھی جاری کیئے گئے ہیں ، اس بات کا انکشاف اس وقت ہواجب علامہ ناصرعباس جعفری ایم ڈبلیوایم کے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب جلسے میں شرکت کے لئے ایبٹ آباد پہنچے تو مقامی انتظامیہ نے ان کی گاڑی کا راستہ روکنےکی کوشش کی، جس پر علامہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ موجود ہزاروں کارکنان نے شدید نعرے بازی کی اور انتظامیہ کو مجبوراً راستہ دینا پڑا، ذرائع کے مطابق ایک با قائد ہ  نوٹیفیکشن کے مطابق دیگر مسالک کے علمائے کرام سمیت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قائدین  علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ امین شہیدی پر خیبر پختونخواہ کے ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہنگو ، کوہاٹ سمیت مختلف اضلاع میں نقص امن کا جواز بنا کر  محرم الحرام میں داخلے  اور مجالس عزاء سے خطاب پر پابندی عائد کردی ہے، واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین ایک معتدل ، مذہبی و سیاسی جماعت ہے اور اس کے قائدین اتحاد بین المسلمین کے قیام کے خاطر رات دن کوشاں ہیں ، جن کے نذدیک فرقہ واریت اور انتشار کفر کی مانند ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کیجانب سےجاری بیان میں علامہ ہاشم موسوی نے کہاہے کہ سانحہ ہزار گنجی میں آٹھ افراد کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ملت تشیع سے تعلق رکھنے والے ہزارہ قوم کے افراد پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے اور انہیں ایک علاقے میں محصور کرکے ایک منظم سازش کے تحت اُن کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ جسکی وجہ سے لوگوں کیلئے معاملات زندگی کو چلانا مشکل ہو گیا ہے اور اُنکا بدترین معاشی قتل جاری ہے۔ ایسے میں ریاستی اداروں کے اہل کار، حکومتی خفیہ ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے سامنے بےبس نظر آ رہے ہیں اور حکومت وقت صرف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہی ہے جبکہ دہشتگرد کھلے عام معصوم انسانوں کو قتل کرکے بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں کی دیواریں تکفیری نعروں پر مبنی وال چاکنگ سے بھر دی گئی ہے اور حکومتی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ یہ بات بخوبی معلوم کی جا سکتی ہے کہ دیواروں پر ایک مخصوص فرقے کو نشانہ بنا کر وال چاکنگ کرنے والے لوگوں کے پیچھے انہی دہشت گردوں کا ہاتھ ہے جو عوام میں رہتے ہوئے ان کے درمیان نفرتوں کی آگ بڑھکانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے بے ضمیر حکمران اور اُن کے ادارے نہ تو ان سازشی عناصر کو کنٹرول کر سکتے ہیں اور نہ اُن کے پیچھے موجود دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اُنکو سزائے دلوا سکتے ہیں۔

 

انہوں نے مذید کہا کہ  کہ شہر کے اطراف میں دہشتگردوں کے ٹھکانے موجود ہے اور کئی سالوں سے ہم یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ان دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے تاکہ شہر کو دہشتگردی کی لعنت سے صاف کیا جا سکے اور اگر ان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن نہیں کیا جاتا اور صرف زبانی جمع خرچ سے کام لیا جاتا ہے، تو یہ عوام کے ساتھ مذاق کے علاوہ کچھ نہیں۔ اس لئے ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان سفاک دہشت گردوں کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے معصوم انسانوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree