The Latest

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام راولپنڈی میں کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں اور عزاداری میں حکومتی رکاوٹوں کے خلاف ملک بھر سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع شیخوپورہ،گجرانوالہ،چینوٹ، فیصل آباد،راولپنڈی ،ننکانہ صاحب،بہاولپور،بہاولنگر،سیالکوٹ،اٹک،گجرات، جہلم،ملتان،جھنگ، میانوالی،راجن پور،حافظ آباد،خانیوال کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے لاہور میں شباب چوک سمن آباد پر احتجاجی مظاہرے کو اقبال ٹاوُن کی انتظامیہ نے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جس پر کارکنان نے وحدت روڈ کو بلاک کر کے مظاہر ہ کیا ۔

 

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر حسین حسینی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ملت جعفریہ کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا جواب ہم انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے دینگے حکمران سن لیں جب اس قوم کو دیواروں میں چن لیا جاتا تھا تب بھی ذکر امام مظلوم کو کوئی روک نہیں سکا یہ ان کی بھول ہے کہ وہ عزاداری کو محدود کرینگے ہم عزاداری سید شہداء پر کسی بھی قدغن کو برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ نے ہمیشہ استحکام وطن اور وطن عزیز کی سرحدوں کادفاع کیاہے تاریخ گواہ ہے کہ اس مکتب کے ماننے والوں پر دہشت گردی ،انتہا پسندی حرام ہے آج اسلام دشمن پاکستان دشمن دہشت گردوں کی خوشنودی کے لئے محب وطن قوتوں کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے اور یہ استعماری قوتوں کا مرتب کردہ سکرپٹ ہے جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔

 

مظاہرے سے امامیہ سٹوڈنٹس آگنائزیشن پاکستان کے رہنما شرجیل حسین نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہے آج پاکستان میں مخصوص سوچ رکھنے والے حکمران اپنے بیرونی آقاوُں کی شہ پر ملت تشیع کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں راوالپنڈی میں ہمارے بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کر کے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ہمارا یہ علامتی احتجاج ان ظالم حکمرانوں کے لئے وارننگ ہے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم دس محرم عاشور کو ملک بھر کے جلوس ہائے عزا میں اس ظلم و بربریت کیخلاف منظم احتجاج کریں گے مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنما سید حسین زیدی،شیخ عمران علی،نقی مہدی،رانا ماجد علی، رائے ناصر علی سمت دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاوراورامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاورڈویژن کی جانب سے راولپنڈی میں شیعہ نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں، ملک کے مختلف شہروں میں جاری دہشتگردی اور عزاداری امام حسین ؑ کو محدود کرنے کی کوششوں کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈذ اٹھا رکھے تھے، جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے صدر توحید علوی اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء ارشاد حسین بنگش نے کہا کہ راولپنڈی میں معتصب پنجاب حکومت نے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر وفا عباس سمیت دیگر نوجوانوں کو گرفتار کرکے اپنی عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، ہم پنجاب حکومت کی غنڈہ و پولیس گری نہیں چلنے دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں عزاداری پر پورے والے بم حملے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، کوئٹہ میں بھی بے گناہ سبزی فروشوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا، ملک بھر میں دہشتگردوں کیخلاف شمالی وزیرستان طرز پر آپریشن کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور کے ڈپٹی کمشنر ظہیر السلام ہم آہنگی کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں سے باز رہیں، پولیس ، انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے تعاون کیساتھ عوام عشرہ محرم پرامن انداز میں گزارنا چاہتے ہیں، ڈی سی پشاور کی حرکتوں سے تعاون کی یہ فضاء متاثر ہوسکتی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں عزاداری امام حسین ؑ کو محدود کرنے کی کوشش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ہم اپنی جانیں تو دے سکتے ہیں مگر عزاداری پر آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔



قراردادیں:
1۔ پنجاب حکومت فوری طور پر راولپنڈی سے گرفتار کئے گئے شیعہ نوجوانوں کو رہا کرے۔
2۔ کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں جاری مجالس و جلوس ہائے عزاداری کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔
3 ۔ ملک کے کسی بھی حصہ میں عزاداری امام مظلوم ؑ کو محدود کرنے کی کوشش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
4۔ صوبائی حکومت ڈی سی پشاور کو لگام دے، ملت تشیع انتظامیہ کیساتھ بھرپور تعاون کر نے کیلئے آمادہ ہے۔

وحدت نیوز (چناری) مجلس عزاء بسلسلہ شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام پانچ محرم الحرام چناری میں منعقد ہوئی مجلس سے علامہ مفتی کفایت حسین نقوی ممبر اسلامی نظریاتی کونسل اورعلامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاحضرت امام حسین علیہ السلا م کسی ایک مسلک یا مکتب فکرکی میراث نہیں بلکہ آپ علیہ السلام پوری عالم انسانیت کے محسن ہیں۔ محرم الحرام میں کربلا والوں کی یاد میں محافل منعقدکرنا حضرت اما م حسین علیہ السلام اور ان کے اہلبیت اور جانثار اصحاب کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے آج امت مسلمہ مختلف اقسام کی پریشانیوں میں مبتلا ہو کر پستی کی جانب گامزن ہیں دشمنان اسلام اسلامی بھائی چارے کا خاتمہ اور اتحاد بین المسلمین کو پارہ پارہ کرنے کیلئے مسلسل گھناؤنی سازشوں میں مصرووف عمل ہیں امت مسلمہ کی بقاء اور کامرانی اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے آج دنیا بھر میں کربلا والوں کی یاد میں اپنے اپنے انداز سے محافل منعقد کی جارہی ہیں الغرض دنیا بھر کے مسلمان بارگاہ حضرت امام حسین علیہ السلام میں عقیدت کے پھول نچھاور کر رہے ہیں چونکہ حب ااہلبیت پر تمام عالم اسلام متحد و متفق ہے اور یہ بات اسلام دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی اس لیئے حضرت امام حسینؓ کی یاد میں منعقد ہونے والی محافل و مجالس پر حملے کیئے جا رہے ہیں تاہم دشمنان اسلام ہر دور میں محسن انسانیت حضرت امام حسینؓ کی یاد عوام کے دلوں سے مٹانے کی ہر ممکن کوشش کرتے رہے مگر اس ذکر حسینؓ کو نہ اس دور کا یزید مٹا سکا اور نہ عصر حاضر کی یزیدی قوتیں اسے مٹا سکتی ہیں جب تک دنیا قائم ہے اور اذانوں کی صداء آتی رہے گی ذکر حسینؓ ہوتا رہے گا لوگ سلام یا حسینؓ کی صدائیں بلند کرتے رہیں گے ۔



مفتی سید کفایت نقوی اور علامہ سید تصور جوادی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ محرم الحرام ماہِ امن و محبت ہے، رواداری ، بھائی چارے، قربانی و ایثار کا درس دیتا ہے، سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے عظیم رفقاء شہداء کی یاد دلوں کو منور کرنے اور ایمان کی تازگی کا باعث ہے، سیدالشہداء کی ذات اقدس مبارکہ کی یاد سے رسول گرامی قدرؐ کے فرمان کے عین مطابق ہے کہ جہاں رسول ؐ فرمایا کرتے تھے کہ حسین ؑ مجھ سے ہیں اور میں حسین ؑ سے ہوں اور اللہ اس محبت کرتا ہے کہ جو حسین سے محبت کرتا ہے، یوں امام کی یادمنانا اللہ سے محبت کی عین دلیل ہے۔ملت اسلامیہ بلا تفریق مکتب و مسلک کے امام حسینؑ و عظیم شہداء کرام کی یاد منا کر بارگاہ رسالتمآب ؐ سرخرو ہوں گے،امام حسین ؑ کسی بھی ایک مسلک کے نہیں بلکہ آدمیت و انسانیت کی میراث ہیں، ہر وہ کہ جو ظالم کے مقابلے میں میدان میں ہے وہ حسینیؑ ہے، اور ہر وہ جو استعمار کی مظبوطی کے راستے پر گامزن ہے اس کا تعلق یزید سے ہے، کلمہ لا الہ الا اللہ پڑھنے والے امتی غم حسین ؑ کو کبھی بھی اپنے دل سے جدا نہیں کر سکتے ، بقول اقبال کلمہ لا الہ کی بنیاد حسین ؑ ابن علیؑ ہیں ، انہوں نے کہا کہ انؑ کی عظیم قربانی اسلام کی آفاقیت کا باعث ہے، اسلام کو کربلا نے بچا کر دیا ، اسلام کے حسینؑ و اصحاب حسین ؑ نے جان ، مال و گھرانے تک کی قربانی سے بھی دریغ نہ کیا ، سیدالشہداء نے اپنی جان مال ، اعزاء ، اصحاب و رفقاء کی قربانی دین اسلام کی بقا اور اقدار اسلامی کے تحفظ کی خاطر دی، آج ضرورت اس امر کی کہ حسینی بن کر ظلم ، جبر و استبداد کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں ، ایک و نیک ہو کر ظالم کے مقابلے میں ڈٹ جائیں ، ہم اپنی قلت کو نہ دیکھیں بلکہ مقصد زندگی پانے کے لیئے طرز حسینی اپنا لیں یہی ہماری کامیابی کا راز ہے۔ اس موقع پر ضلعی انتطامیہ ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے گئے تھے نائب تحصیلدارہٹیاں بالا حماد بشیر اور ایس ایچ او تھانہ پولیس چناری فیض الرحمان عباسی دوران مجلس سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے ۔سکیورٹی ہائی الرٹ رہی مجلس گاہ کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی حصار قائم کئے گئے تھے۔ انٹری پوائنٹس پر پولیس اہلکاروں کے علاوہ، سکاؤٹس اور رضاکار جامع تلاشی کے بعد شرکاء کو مجلس گاہ میں جانے کی اجازت دی گئی۔

وحدت نیوز (کراچی) مسجد و امام بارگاہ وحدت مسلمین گلستان جوہر پر کریکر حملے اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے والے محبوب رحمانی کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہیں، شہر قائد شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردوں کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، کراچی دہشتگردی کا واقعہ ایم ڈبلیو ایم کے دفتر کے سامنے سبیل امام حسین علیہ السلام پر دہشتگردوں نے کریکر حملہ کیا جبکہ دوسری جانب شیعہ تاجر محبوب رحمانی کو طارق روڈ کے قریب ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، دونوں واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کراچی دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام نظر آتے ہیں، گلستان جوہر سبیل پر حملے میں 3 عزادار زخمی ہوئے جس میں معصوم بچہ، خاتون بھی شامل ہیں، اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس اور رینجرز اگر شہر میں دہشتگردی نہیں روک سکتے تو شہر حساس علاقوں کو فوج کے حوالے کیا جائے، قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس و رینجرز محرم الحرام میں سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں، عوام کے تحفظ کیلئے فوج کی مدد لی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی سیکریٹری سیاسیات علی حسین  نے کراچی میں امام بارگاہ وحدت مسلمین کی سبیل امام حسین علیہ السلام پر دہشتگردی اور شیعہ تاجر محبوب رحمانی کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے دفتر میں قائم عزاداری سیل میں منعقدہ سکیورٹی کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کے دوران خطاب میں کیا۔ اجلاس میں انجینئر رضا نقوی، میثم عابدی، ڈاکٹر مدثر حسین، اصغر عباس زیدی، طاہر آغا، سہیل بنگش سمیت ڈسٹرکٹ ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 

اُن کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حکام شہر میں سکیورٹی کے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں، دہشگرد آزادانہ اپنی کاروائیاں کر رہے ہیں، اس سے قبل آئی آر سی امام بارگاہ میں بھی اسی قسم کی دہشتگردی کا واقعہ ہوا، آخر حساس ادارے کن دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں، حکومت شہر کراچی کے حالات ٹھیک کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔ شہر کے وزیر اعلیٰ و گورنر سندھ سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کرنے کے دعوے کر رہے ہیں تو آئی آر سی کے بعد متواتر دہشتگری کے حملوں میں کون ملوث ہے عوام کے سامنے لایا جائے، شہر میں دہشتگرد مضبوط ہو رہے ہیں اور حکومتی رٹ کہی نظر نہیں آرہی، شہر میں جنگل کا قانون ہے دہشتگرد جب اور جہاں چاہیں معصوم عوام کو نشانہ سکتے ہیں۔ حسن ہاشمی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت پولیس و رینجرز سمیت دیگر حساس ادارے شہر میں دہشتگردی کے واقعات پر قابو نہیں پا سکتے لہذا اب شہر کو دہشگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے حوالے کیا جائے تاکہ معاشی حب کراچی میں معصوم عوام کی جانوں کو محفوظ بنایا جائے۔ دریں اثناء علی حسین  نے ٹاگٹ کلنگ کے واقعہ میں شہید ہونے والے شیعہ تاجر محبوب رحمانی کیلئے فاتحہ خوانی اور سبیل امام حسین علیہ السلام پر حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی صیحتیابی کیلئے دعا کرائی۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی و دیگر رہنماوں سید اسد عباس نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم پنجاب، علامہ سید حسن رضا ہمدانی، سید حسین زیدی اور شیخ عمران علی نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم 1436ء ایک بار پھر نواسہء رسول حضرت امام حسین علیہ السلام ان کے اصحاب و انصار کے الم و غم اور شجاعت و حریت سے بھرپور داستان لے کر گزر رہا ہے، دنیا بھر میں بالعموم اور پاکستان میں خصوصی طور پر امت مسلمہ اس ماہ، جو آغاز سال نو بھی ہے، کا آغاز الم و غم اور دکھ بھرے انداز میں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی ترین وجہ اپنے پیارے نبی آخرالزمان محمد مصطفیٰ ۖ  کے لاڈلے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب و انصار و یاوران کی عظیم قربانی جو 10 محرم اکسٹھ ہجری کو میدان کربلا میں دی گئی، کی یاد کو زندہ کرنا ہے۔ میدان کربلا میں نواسہ رسول اور ان کے باوفا اصحاب نے جو قربانیاں پیش کیں وہ ہمارے لئے اسوہ حسنہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ کربلا کے شہداء کی داستان ہائے شجاعت سے ہم کو درس حریت و آزادی ملتا ہے، یہ کربلا ہی ہے جو آزادی کا پیغام دیتی ہے، کربلا کا درس ہے کہ بصیرت و آگاہی اور شعور و فکر کو بلند و بیدار رکھا جائے، ورنہ جہالت و گمراہی کے پروردہ ہر جگہ ایسی ہی کربلائیں پیدا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی متعصبانہ کارروائیاں صوبے کے مختلف اضلاع خصوصاً راولپنڈی میں اس ماہ مقدس میں ملت جعفریہ کے خلاف جاری ہیں، دراصل یہ ہمارے خلاف سیاسی انتقام اور تکفیری دہشت گردوں کی خوشنودی حاصل کرنا ہے، راولپنڈی میں ہمارے پرامن اور محب وطن کارکنان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو بلا جواز گرفتار کیا جا رہا ہے اور ان پر تشدد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نااہل حکمرانوں کو یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ حکومت کفر سے تو قائم رہ سکتی ہے مگر ظلم سے نہیں۔

 

سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ ہم عزاداری امام عالی مقام کیخلاف کسی بھی قدغن کو برداشت نہیں کریں گے، عزاداری امام مظلوم ہماری شہ رگ حیات ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے علماء و ذاکرین کو لائسنس اور رجسڑڈ مجالس کی شرط کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، ہم اپنے حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی بھکر اور چنیوٹ میں داخلے پر پابندی حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، ہم کسی بھی ایسی پابندی کو قبول نہیں کریں گے، انشااللہ 23 نومبر کو بھکر میں عظیم الشان عوامی جلسہ ہوگا اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری اس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن اور محب وطن پاکستانی ہیں اور آئین پاکستان نے ہمیں اپنے حقوق کے تحفظ اور سیاسی جدوجہد کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آئینی حق کو کسی بھی قوت کو چھیننے کی اجازت نہیں دینگے۔

 

سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی متعصبانہ کارروائیوں کیخلاف کل بروز جمعہ ملک گیر احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے، اگر اس کے بعد بھی پنجاب حکومت نے اپنی پالیسی نہ بدلی تو عاشورہ پر ملک گیر احتجاج ہوگا اور پھر حسین علیہ السلام کے جانثار اس یزیدی حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت نے اپنے ہر دور میں ملت تشیع کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا ہے، 18 سال سے علامہ غلام رضا نقوی بے گناہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، عدالت عالیہ نے انہیں رہا کرنے کا حکم بھی دیا، لیکن سولہ ایم پی او کے تحت انہیں پھر نظر بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانبداری اس سے بھی واضح ہوتی ہے کہ امن کمیٹیوں سے اہل تشیع کا کوٹہ ختم کرکے غیر معروف لوگوں کو نمائندگی دی گئی ہے، جو عوام میں کوئی اثر و رسوخ نہیں رکھتے، اس اقدام کا مقصد ملک میں مذہبی فسادات کو ہوا دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیشگی بتا رہے ہیں کہ پنجاب حکومت عاشورہ پر فسادات کروانے کا منصوبہ بنا چکی ہے، جس کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملک بھر کے شیعہ سنی متحد ہیں، اگر تکفیریوں نے حکومتی ایما پر کوئی حرکت کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے کرسمہ تھنگ امام بارگاہ میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کربلا اور محرم کسی مردہ یزید کو برا کہنا نہیں بلکہ اپنے دور کے یزیدوں، فرعونوں اور ظالموں کے خلاف قیام کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا تلوار پر خون کی فتح اور قلت کا کثرت پر غلبے کا نام ہے۔ دور حاضر میں انہی افراد کو کربلائی اور عاشورائی کہلانے کا حق حاصل ہے جو ظلم کی بساط کو لپیٹنے اور الٰہی اقدار کی احیاء کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے آمادہ ہو۔ شیخ زاہد حسین زاہدی نے کہا کہ نظام ظلم کے ساتھ سجمھوتہ کرنے والے افراد اپنا نام کربلائی اور عاشورائی صفوں میں ہرگز نہ ڈھونڈیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا ہر دور میں ہر عہد میں، ہر علاقہ، ہر زمان میں ظالم قوتوں کے خلاف اعلان بغاوت اور اعلان جنگ کا نام ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے ممبر صوبائی اسمبلی سید محمد رضا سے مجلس وحدت مسلمین کے دفتر میں ملاقات کی۔ جس میں بلوچستان کے سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سید محمد رضا نے انہیں کوئٹہ آمد پر خوش آمدید کہا اور بلوچستان کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورت حال سمیت محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوس عزاء کی سکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ علامہ مختار امامی نے ہزار گنجی کے حالیہ واقعے پر تعزیت کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی اور اسے حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح معصوم اور بےگناہ سبزی فروشوں کو سفاکیت کا نشانہ بنایا گیا، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حکومت اور قانوں نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کُن کاروائی کرتے ہوئے اُن کے ٹھکانوں کا خاتمہ کرے۔ اس حوالے سے عوام میں موجود امن پسند اور جمہوریت پسند قوتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ امن و امان کی خراب صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پورے پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور شیعہ، سُنی بھائیوں کو ایک ساتھ ملا رہی ہے تاکہ انتہاء پسند عناصر کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے مملکت خداداد پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے آزاد کیا جاسکے۔ علامہ مختار امامی نے کوئٹہ ڈویژن کے عہدیداران اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی اور اُن کو تاکید کی کہ وہ پارٹی کا امن اور بھائی چارے پر مبنی پیغام گھر گھر پہنچائے۔ علاقے میں موجود اہلسنُت بھائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرتے ہوئے ایسے اتحاد کی فضا کا قیام عمل میں لایا جائے، تاکہ انتہا پسند عناصر کو موقع نہ ملے کہ وہ لوگوں کے درمیان نفرتوں کی دیوار کھڑی کرسکے۔

وحدت نیوز (فیصل آباد) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کرنسی اور ایجنسی کے بنائے ہوئے لیڈر ہیں، حکمرانوں نے بجلی مہنگی کر کے عوام دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے، بجلی کے نرخوں میں بلاجواز اضافہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، پاکستان دشمنی میں واشنگٹن، دہلی اور کابل متحد ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرحدوں پر افغانستان، ایران اور بھارت کی سرحدوں پر چھڑپیں عالمی کھیل کا حصہ ہیں اور پاکستان دشمن قوتیں پاکستان اور ایران کو لڑانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا سے ظالم حکمرانوں کے خلاف لڑنے کا سبق ملتا ہے، بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال تشویشناک ہے۔

 

پیر طارق ولی چشتی اور پیر غلام مصطفی کی قیادت میں ملنے والے مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آگ سے کھیل رہا ہے، امن کی آشا والے بتائیں کہ بھارت اسلحہ کے انبار کس کے خلاف لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 سو ارب کا بھارتی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو گا۔ دھرنوں نے حکومت کو عوام سے کئے گئے وعدے یاد دلائے ہیں، قوم کو بھارت نواز حکمران قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دلیر وزیراعظم کی ضرورت ہے، امریکہ بھارت کا تحفظ کرنے کے لئے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت  ختم کرنا چاہتا ہے۔

وحدت نیوز (قم المقدسہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کی جانب محرم الحرام کے پہلے عشرہ میں عزاداری امام حسین علیہ السلام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مدرسہ امام خمینی (رہ) میں مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہاہے۔ مجلس عزا سے حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر شیخ حسنین عباس نادر اور حجت الاسلام والمسلمین سید نوید حیدر تقوی خطاب فرما رہے ہیں۔ مجلس کے بعد ماتم داری اور نذر امام حسین علیہ السلام کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ مجالس یکم محرم الحرام سے عاشور تک جاری رہیں گی۔ ڈاکٹر شیخ حسنین عباس نادر قرآن و سنت کی رو سے نظام امامت اور اس موضوع پر ہونے والے اشکالات کے مدلل جوابات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اپنی دوسری مجلس میں فخر رازی کی جانب سے ہونے والے متعدد اشکالات کو بیان کیا اور قرآن و تفسیر کی رو سے ان کے جوابات دیئے۔ حجت الاسلام و المسلمین سید نوید حیدر تقوی نے دور حاضر میں جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے تبلیغ اور پیغام رسانی پر زور دیا اور کہا کہ جس طرح امام حسین علیہ السلام نے اپنی تحریک کے دوران اپنے پیغام کو پہنچانے کا بندوبست کیا تھا، اسی طرح آپ کی زندگی سے درس لیتے ہوئے آج بھی یہ تمام پیروان راہ حسین علیہ السلام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آپ کے پیغام کو جہاں تک ممکن ہو پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب کے دوران شخصیت اور نظریہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ شخصیت کے صحیح اور بروقت فیصلے حالات کے رخ کو بدل دہتے ہیں اور اگر نظریہ نہ ہو تو انقلاب کامیاب نہیں ہوسکتا۔

وحدت نیوز(کراچی) امام بارکاہ اسلامک ریسرچ سینٹرعائشہ منزل پر دہشتگرد ی کی مذمت کرتے ہیں ۔واقعہ میں مجلس عزاء میں شرکت کیلئے آئی ہوئی9 ماہ کی کم سن بچی بتول ولد احسن شہیدجبکہ 8خواتین زخمی ہوئی ۔واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس اور رینجرز اگر شہر میں دہشتگردی نہیں روک سکتے تو شہر حساس علاقوں کو فوج کے حوالے کیا جائے ،محرم الحرام میں دور ان مجالس پولیس اور شہری حکومت کی کارکردگی انتہائی افسوس ناک ہے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے آئی آر سی امام بارگاہ عائشہ منزل ایم ڈبلیوایم عزاداری سیل کے ذمہ داران کے ہمراہ اپنے دورے میں میڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے کیا اُن کا کہا تھا کہ حکومتی اراکین صرف زبانی جمع چرچ سے کام چلایا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ و گورنر سندھ سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کرنے کے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں ،کراچی کے علاقے انچولی ،واٹر پمپ،عائشہ منزل ،لیاقت آباد میں محرم الحرام کی آمد سے قبل ہی دہشتگردی کی کاروائیاں کی جارہی ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تا حال کسی دہشتگرد کو گرفتار نہیں کیا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی روکنے میں یکسر ناکام نظر آتے ہیں۔واقعہ میں 9ماہ کی کمسن بچی بتول ولد احسن کی شہادت اور اس معصوم کے خون کی ذمہ داری ان جھوٹے اور نا اہل حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو اب تک سکیورٹی انتظامات کے لئے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں۔ علامہ حسن ظفر نے حکومت سے مطالبہ کیا کے دہشتگری کے اس واقعہ میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سر پرستوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔اگر محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات درست نہیں ہوئے تو شہر کے حالات کی تر سنگینی کی تمام ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔دریں اثناء  علامہ حسن ظفر نقوی نے ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے رہنما علی حسین نقوی  اور ناصر حسینی کے  ہمراہ  واقعہ میں زخمی ہونے والی خواتین کی کراچی کے مختلف نجی اسپتالوں میں عیادت کی اور عوام سے اپیل کی کے وہ ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree