The Latest

وحدت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے ملت جعفریہ کے بزرگ عالم دین،مہتمم جامعتہ المنتظر لاہور اور نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ سید قاضی نیاز حسین نقوی کی وفات پر گہرے دلی افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ قاضی صاحب قبلہ کی ناگہانی وفات مکتب تشیع پاکستان کا بڑا علمی نقصان ہے ، مرحوم نے ملت جعفریہ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں ، ان کی ملی و دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔خداوند کریم مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی صدر نے دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات واحساسات کی توہین کی ہے۔امت مسلمہ کے ہر فورم سے ا س گستاخی کا مناسب جواب جانا چاہیے۔پاکستانی حکومت فرانس کی مصنوعات کی خریدوفروخت پر پابندی عائد کرے۔ایک طرف آزادی اظہار کے نام امت مسلمہ کے مقدسات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب ہولوکاسٹ پر بات کرنے کی اجازت نہیں۔ عالمی اسکتباری طاقتوں کا یہ دہرا معیار ناقابل قبول ہے۔بین المذاہب ہم آہنگی کو نقصان پہنچا کر عالم اسلام کے خلاف شدت پسندی کو فروغ دیا جا رہا  ہے جو عالمی امن کو تہس نہس کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ عشق رسول ۖ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔مسلمانوں کے درمیان وحدت،بصیرت اور بیداری کے لیے عملاََ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔میلاد النبی کے موقعہ پر تمام مسلمانوں کو گھروں سے نکل کر عشق رسول ۖ کا مظاہرہ اقوام عالم کو یہ باور کرائے گا کہ ختمی مرتبت حضرت محمد ۖ کی ذات مقدسہ ہمیں اپنی جان، اولاد اور مال سب سے زیادہ عزیز ہے۔اسلام دشمن طاقتیں اسلام کے خلاف اپنے گھنائونے عزائم  ترک کریں۔4 نومبر کو مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ''رحمت اللعالمین وحدت کانفرنس'' کا انعقاد کیا جائے گا۔جس میں نامور مذہبی ،سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔یہ کانفرنس ان طاقتو ں کے خلاف توانا آواز ثابت ہو گی جو اتحاد بین المسالک کو نقصان اور مذہبی منافرت کے پرچار کے لیے سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا آئینی حقوق کا حصول گلگت بلتستان کے عوام کا حق ہے۔انہیں اس سے محروم رکھنا زیادتی ہے۔جی بی کے عوام نے پاکستان کے ساتھ اپنا الحاق زور بازو پر کیا ۔موجودہ حکومت نے جی بی کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا جس کی مخالفت بھارت کی جانب سے یقینی امر تھا لیکن پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے جلسوں میں جی بی کے عوام کی امنگوں کے خلاف ہرزہ سرائی بھارتی موقف کی حمایت ہے ۔ گلگت بلتستان کے عوام اس توہین پر شدید برہم ہیں۔ گلگت بلتستان کا الیکشن ان سیاسی جماعتوں کو مکمل طور پر رد کرے گا جو آئینی صوبے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔معدنی وسائل سے مالا مال اس خطے کے عوام کی خوشحالی کے لیے بلا تاخیر ضروری اقدامات کیے جانے چاہیے۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی جبری گمشدگی کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب امارات کے یہود و نصاری کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔مجلس وحدت مسلمین ان ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ گمشدہ پاکستانیوں کی بازیابی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی مکمل روک تھام کے لیے سفارتی سطح پرموثر اور نتیجہ خیز کوششیں کرے۔

انہوں نے پشاورمدرسے میں دھماکے کو بدترین درندگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔قران سیکھنے والے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا ایک غیر انسانی فعل ہے۔وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے میں بھارت اور دیگر دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے۔وطن عزیز ہمارا گھر ہے جسے محفوظ  بنانے کے لیے ہمیں ایک دوسرے کو مضبوط کرنا ہو گا۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے فرانس کے صدر ایمانوئیل کی اسلام دشمنی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام کے خلاف یہود و نصاری کی بڑھتی ہوئی شر انگیزی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے شدید خطرہ ہے۔ کسی بھی مذہب یا اس کے مقدسات کی توہین کرنے والے فکری دہشت گرد ہیں ان کے خلاف عالمی قانون کے تحت کاروائی ہونی چاہیئے ۔

انہوں نے کہا کہ بنی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس ہمیں اپنی جان، مال اور اولاد سے بڑھ کر عزیز ہے۔ختمی مرتبت ص کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی ناقابل برداشت اور گھناؤنا فعل ہے۔فرانس کے صدر کی اس غلیظ حرکت پر پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔تمام مسلمان ممالک کو چاہیے کہ وہ فرانس سے سفارتی وتجارتی روابط کے خاتمے کا اعلان کر کے اپنے نبی ص کی ذات مقدسہ سے محبت کا عملی اظہار کریں۔

فرانس کے صدر کے خلاف عالمی سطح پر شدید ترین ردعمل امت مسلمہ کی غیرت کا تقاضہ ہیں۔عالمی اسلامی تنظیمیں اور اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الااقوامی ادارے فرانس کے صدر کو عالمی امن کا دشمن قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف قانونی اقدامات کریں تاکہ آئندہ کسی کو بھی ایسی گستاخانہ حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین نے بارہ ربیع الاول تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت و اخوت منانے کا اعلان کیا ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان علامہ مقصود ڈومکی کے مطابق بارہ ربیع الاول کو ملک کے مختلف شہروں میں نعت خواں گروپوں کے استقبال کے لیے میلاد النبی کے جلوسوں کے راستوں میں مجلس وحدت مسلمین استقبالیہ کیمپ لگائے گی۔ضلعی و صوبائی دفاتر پر چراغاں کیا جائے گا اور پانی و لنگر کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مودت و محبت کا تقاضہ ہے ختمی مرتبت ع کے یوم ولادت کے موقع پر خوشی کا اظہار کر کے امت مسلمہ کو عطا ہونے والی سب سے بڑی نعمت کا شکر ادا کیا جائے۔ شادمانی کے اس موقع پر شیعہ سنی اتحاد و اخوت کا عملی مظاہرہ کریں گے تاکہ مذہبی منافرت پھیلانے والے دشمنوں کو اپنے ناپاک منصوبوں کی ناکامی کھل کر نظر آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس میں جس گستاخانہ فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔مسلمانوں کی اہانت کرنے والی استکباری طاقتوں کو جواب دینے کے لیے بارہ ربیع الاول کو ہر شخص گھر سے باہر نکلے اور میلاد کے جلوس میں شریک ہو کر رحمت اللعالمین، شافع روز جزا حضرت محمد ص سے محبت کا عملی ثبوت پیش کرے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں میلاد النبی کے بھرپور اجتماع رسالت کے دشمنوں کی موت ثابت ہوں گے۔خوشی کے اس موقع پر امت مسلمہ کی جانب سے ساری دنیا کو یہ پیغام جانا چاہیے کہ حضور اکرم ص کی ذات مقدسہ ہمیں اپنی جان، مال اور اولاد سے بڑھ کر عزیز ہے۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں اور نبی کریم کی ذات اقدس پوری انسانیت کی محسن ہے۔شیعہ سنی اپنے نبی ص کا یوم ولادت بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منائیں گے۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین بیدیاں روڈ یونٹ لاھور کے زیر اہتمام عید شجاع کے موقع پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جشن سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے خطاب کیا ،اس موقع پر یونٹ اراکین نے محترمہ حنا تقوی کا پرجوش استقبال کیا اور گل پاشی کی۔

 جشن سے خطاب کرتے ہومحترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا ماہِ ربیع الاوّل وہ مبارک و بابرکت مہینہ ہے جس میں وجہ تخلیق کائنات محبوب خدا حضرت محمد مصطفی(ص) اس دنیا میں تشریف لاے اور اپنے نور مبارک سے ظلمتوں کے پردے چاک کیے انھوں نے کہا خاتم النبیینؐ کی ذات گرامی رہتی دنیا تک کی بشریت کے لیے سرچشمہ ھدایت ہے۔

 فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف رویے پر گفتگو کرتے ہوئے حنا تقوی نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمینوئل میکرون نے پیغمبر اسلام کےگستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی حوصلہ افزائی کر کے ’اسلام پر حملہ‘ کیا ہے۔ جو کسی بھی مسلمان و عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلَّم کے لیے قابلِ قبول نہیں۔

اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارتی تسلط و قبضے کے 73 سال مکمل ہونے پر محترمہ حنا تقوی نے کہناتھاکہ  یہ اقوام متحدہ  کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم، نسل کشی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے اقدامات کرے۔

وحدت نیوز(کراچی) ترجمان مجلس وحدت مسلمین علامہ مبشر حسن نے فرانس میں ایک بار پھر خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دین اسلام کے مقدسات کی توہین دنیا کے دو ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے مترادف ہے۔عالم اسلام کو بے بس سمجھنے والے احمق اور عالمی امن کے دشمن ہے۔اسلام کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں کا دفاع کرنے والی ریاستوں سے ہر قسم کے سفارتی و تجارتی تعلقات کا خاتمہ عالم اسلام کی غیرت کا تقاضہ ہے۔

انہوں کہاعالمی طاقتیں مختلف مذاہب کے درمیان نفرت کی آگ بھڑکانے میں مصروف ہیں، امت مسلمہ متحد ہوکر دشمنان اسلام کی سازشوں کا مقابلہ کرے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔ حرمت قرآن اور ناموس رسالت پر حرف نہیں آنے دیں گے امت مسلمہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے۔

وحدت نیوز(کراچی) جشن ولادت باسعادت خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکے موقع پر ملک بھر کی طرح سندھ بھرمیں بارہ تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا، اس پورے ہفتے میں مشترکہ اجتماعات منعقد کر کے عظیم وحدت کا پیغام دینگے، تمام مکاتب فکر کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان اجتماعات میں شرکت کرکے عملی وحدت کا مظاہرہ کریں اور دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیں،ملک کے چپے چپے میں شیعہ سنی ملکرمیلاد النبی ﷺکے جلوس نکالیں،ایم ڈبلیوایم کے کارکنان سبیلیں لگائیں اور شرکائے جلوس کا استقبال کریں، ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقرعباس زیدی نے جشن ولادت باسعادت نبی آخرالزمانﷺکی آمد کے موقع پروحدت ہاؤس میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر علی حسین نقوی،یعقوب الحسینی،علامہ مبشر حسن علامہ علی انور،علامہ صادق جعفری،میر تقی ظفر، ناصر الحسینی،حیدر زیدی،زین رضوی،احسن عباس،حسن رضا سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

 انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح سرزمین پاکستان میں بھی شیعہ،سنی متحد ہیں کوئی فرقہ واریت نہیں چند مٹھی بھرتکفیری سوچ کے حامل افراد ملک کے امن کو غارت کرنا چاہتے ہیں جنہیں ہم اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے، نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس دنیا بھی مسلمانوں کیلئے نقطہ وحدت ہے، عالم اسلام معاشرتی مشکلات اور عالم کفر کی سازشوں سے نبردآزما ہونے کیلئے سیرت پیغمبرختمی مرتب ﷺسے استفادہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت عالمی استعماری قوتوں کی سازشوں کی زد پر ہے،یمن، نائجیریا،عراق،شام امریکی گماشتوں کی تجربہ گاہ بنے ہوئے ہیں تو دوسری جانب سوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت امت مسلمہ کیخلاف منعظم سازش ہے۔ امت مسلمہ کو قرآن وسنت اوراہلبیت ؑ سے متمسک رہ کر عالم کفرکی تمام تر نجس سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا، پاکستان میں تکفیری سوچ کے حامل مٹھی بھر دہشت گرد عناصرکو محب رسول ﷺشیعہ سنی عوام پر مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے جسے عوام کو تدبراور فراست کے ساتھ ناکام بنانا ہوگاربیع الاول کے مبارک مہینے میں ایم ڈبلیو ایم سندھ مختلف تقریبات اور سیمینار کا انعقاد کر کے بھرپور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ اپنے مولا و آقا حضرت محمدﷺ کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے فلاحی شعبے المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی جانب سےشہر قائد کے درجنوں مقامات پر جلوس جشن عید میلادالنبی ؐ کے شرکاء کے استقبال کیلئے کیمپس اور سبیلیں لگائی جائیں گی، جہاں ان کی مشروبات سے تواضع کی جائے کی اور گل پاشی کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید زین رضارضوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کراچی ڈویژن قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پر 12 ربیع الاول کو برادران اہل سنت کی جانب سے نکالے جانے والے جلوس ہائے میلاد النبیؐ کا پرجوش استقبال کریں گے اور ان کیلئے سبیلیں بھی لگائی جائیں گی ۔

انہوں نے مزید کہاکہ ضلع وسطی، ضلع ملیر، ضلع لانڈہی کورنگی ، ضلع شرقی، ضلع جنوبی اور ضلع غربی کے درجنوں مقامات پر استقبالیہ کیمپس اور سبیلیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے، جہاں شیعہ سنی علمائے کرام خطاب بھی کریں گے۔

وحدت نیوز(لاہور)فرانس میں حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخئ اور فرانسیسی صدر کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ناقابل برداشت ہے مسلمانوں کے نزدیک سب سے زیادہ عظیم ہستی رسول کریم ؐ ہیں جن کی محبت کے  بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا ۔

انھوں نے کہا کسی بھی مہذب ملک اور قوم کو یہ زیب نہیں دیتا کہ دوسرے ادیان کے مقدسات کی توہین کرے فرانسیسی میگزین نے دوبارہ  آزادی اظہار رائےکی آڑ میں اس فعل قبیح کو انجام دے کر مسلمانوں کو رنجیدہ کیا ہےجس پر پوری دنیا کے مسلمان شدید احتجاج کر رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا آزادی اظہار رائے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کی جائےمسلمان اپنی جان پر کھیل کر اپنے پیارے نبیؐ کی حرمت کا دفاع کریں گے ،انھوں نے کہا کہ فرانسیسی حکام نفرت انگیز بیانات سے انتہا پسندی کو ترویج دے رہے ہیں جس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے ،اس سے پہلے کہ حالات قابو سے باہر ہوجائیں فرانس کو اپنے اس مجرمانہ فعل پر معافی مانگنی چاہئیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے فرانسیسی سفیر کو طلب کر کی شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے تاہم تمام مسلم ممالک کو اس قابل مذمت ، نفرت آمیز اور منظم اسلامو فوبیا مہم کے خلاف ٹھوس اور موثر اقدامات کرنا ہونگے۔

وحدت نیوز(سکردو) گلگت بلتستان اویرنس فورم کے زیر اہتمام گرینڈ پولیٹیکل ڈیبیٹ سکردومیں مجلس وحدت مسلمین کے سینئررہنما اورامیدوار حلقہ دوکا اہم ترین چیلنج۔ گلگت بلتستان کے دیرینہ مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے پولیٹیکل پارٹیز متحد ہوجائیں۔ مسائل کے حل تک الیکشن کا بائیکاٹ کرنے پر آمادہ ہو جائیں۔ میں ایم ڈبلیوایم کی جانب سے ضمانت دیتا ہوں۔

پروگرام سے خطاب میں سینئر رہنما نے کہا کہ آئینی حقوق کاحصول ہمارا ہدف اور اسی ہدف کیلئے ہم نے پہلے نون لیگی وفاقی حکومت کو آفر کی، اس بار تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے یقین دہانی پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا۔ اگر حسب وعدہ ان امور پر پیش رفت سامنے نہیں آتی تو ہم عوامی طاقت کیساتھ اسمبلی سمیت ہر فورم پر بھرپور توانائی کیساتھ کھڑے ہونگے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ عوام اور علاقے کے مفاد میں کیا۔

 مزاحمتی سیاست کے علاؤہ انتخابی سیاست پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست عوام اور علاقے کیلئے ہے۔ تہتر سالہ محرومیوں کے خاتمے کیلئے بڑی جماعتوں نے کوئی عملی کام پارلیمنٹ میں بھرپور اکثریت ہونے کے باوجود نہیں کیا۔ گلگت بلتستان کے حقوق کیلئے جو جماعت مخالفت کریگی وہ بے نقاب ہوگی، اور آئندہ گلگت بلتستان میں انکی سیاست کا خاتمہ ہوجائےگا۔

 محمد کاظم میثم نے مذہبی سیاسی جماعت پر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ لاالہ الااللہ کی بنیاد پر قائم ہوا۔ ملکی آئین اسلامی اصولوں کے مطابق طے ہے ایسے میں سب سے زیادہ سیاست کا حقدار دینی جماعتیں اور طاقتیں ہیں، اسلئے دینی جماعتوں کی ملکی سیاست میں کردار پر انگلی اٹھانا بالکل بے معنی بات ہے۔

 سکردو روڈ کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ابتدائی نقشے کیمطابق ٹنلز کا بننا ضروری ہے جس کیلئے ہم ہر لیول پر آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ واضح ہونا چاہئے کہ ہمارا موقف اس بابت دوٹوک اور عوام اور علاقے کی امنگوں کے مطابق ہے اور رہےگا۔ ٹنلز کا نہ بننا اس اہم شاہراہ کے بننے کے مقصد کوفوت کرنے کے مترادف ہوگا، ایسا بلتستان کی لاکھوں باسیوں کیساتھ ظلم ہوگا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو چاہئے کہ ابتدائی نقشے اور بریفنگ کے مطابق کام کو مکمل کروائے۔ پروفیشنل تعلیمی ادارہ جات کے قیام ، طبی مراکز کے قیام، ٹیکنیکل اور لا کے اداروں کے قیام، انفراسٹرکچر کی بہتری، انتظامی یونٹس اور حلقہ بندی سمیت دیگر اہم امور پر مشتمل منشور کے مندرجات بھی پیش کیا۔

پولیٹیکل ڈیبیٹ میں شرکاء کے سوالات کا بھی بھرپور جواب دیتے ہوئے دیگر جماعتوں کے اقدامات اور بعض اعتراضات کا مدلل اور مفصل جواب دیتے ہوئے داد و تحسین سمیٹنے میں مجلس وحدت مسلمین اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار سب سے موثر رہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree