The Latest

وحدت نیوز(روندو)پولیٹیکل کونسل حلقہ 4 روندو کا ایک اہم اجلاس سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان مجاھد ملت آغا علی رضوی کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں روندو کے تمام یونین کونسلزکے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ ڈاکٹر مشتاق حکیمی جیسے پڑھے لکھے علماء کا انتخابات میں آنا کسی نعمت سے کم نہیں لہذا روندو کےعوام سے اپیل ہے کہ اگر موروثی سیاست،ٹھیکداری سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ڈاکٹر مشتاق حکیمی کا ساتھ دے اور علم دوست ہونے کا ثبوت دیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا نمائندہ سب سے مضبوط اور معیاری ہے انشاء اللہ کامیابی ہماری ہو گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مجلس وحدت مسلمین بلتستان امیدوار حلقہ چار روندو حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر مشتاق حسین حکیمی نے کہا کہ انشاء اللہ مجاھد ملت آغا علی رضوی سربراہی میں الیکشن میں کامیاب ہو کر کرپشن مافیا کو شکست دیں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ کی طرح اقتدار میں آکر عوامی حقوق اور عدل و انصاف کی جنگ لڑے گی۔اجلاس کے آخر میں صدر پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان جسٹس ریٹائرڈ سید جعفر شاہ اور تنگوس حادثے کے مرحومین کی ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا اور فاتحہ خوانی کی۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی زیرصدارت عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سید الانبیاء کی ولادت با سعادت کا جشن منانا عظیم عبادت ہے ہم ہر سطح پر برادران اہلسنت کے ساتھ مل کر سرکار کی آمد کا جشن منائیں گے اور اہل سنت کے اپنے بھائیوں پر اور عید میلاد کے جلوسوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں گے اور سرکار کے میلاد منانے والوں کو پھولوں کے ہار پہنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اہل سنت ہمارے بھائی ہیں ہماری جان ہیں امت مسلمہ ایک جسد واحد کی طرح ہیں کہ اگر جسم کے ایک حصے میں تکلیف پہنچے تو پورا جسم درد محسوس کرتا ہے یہی سبب ہے کہ کشمیر اور فلسطین کے کلمہ گو مسلمانوں پر جب ظلم اور بربریت ہوتی ہے تو ہمیں اس کا درد محسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ آج بھی نواسہ رسول حضرت امام حسین عالی مقام علیہ السلام کا غم منانا جرم سمجھا جاتا ہے یہی سبب ہے کہ ضلع جیکب آباد میں بے گناہ عزاداروں کے خلاف دو جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی میں ہزاروں عزاداروں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز کی مذمت کرتا ہوں۔ میں اس ظلم اور نا انصافی کے خلاف آج کے اس اجلاس کا بائیکاٹ کرتا ہوں اور میں احتجاجاً اس اجلاس سے واک آؤٹ کرتا ہوں۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نےسابق گورنر سندھ اورموجودہ وفاقی وزیر محمد میاں سومرو سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

 انہوں نے کہا کہ بیگم سعیدہ سومرو نے جیکب آباد کی ضلعی ناظمہ کی حیثیت سے شہر اور ضلع بھر کی عوام کے لئے قابل قدر خدمات انجام دیں۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر جان محمد جمالی اور دیگر شخصیات بھی وفاقی وزیر سے تعزیت کے لئے موجود تھیں۔

وحدت نیوز(شکارپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے شکارپور میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت رسول اکرم کی ذات گرامی اللہ رب العزت کی طرف سے عالم انسانیت کے لیے احسان عظیم ہے۔ ہم سیرت مصطفی اپنا کر دنیا و آخرت میں سربلند اور سرفراز ہو سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ اتحاد بین المسلمین اور اسلامی اخوت کا مہینہ ہے۔ دنیائے کفر اور عالمی استکباری قوتیں مسلمانوں کے اتحاد سے خائف ہیں۔ سامراجی قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلاف اور انتشار کو ہوا دے رہی ہیں ہمیں اپنے اتحاد اور وحدت سے دشمن کی ان تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اہل سنت ہمارے بھائی ہیں ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ١٢ تا ١٧ ربیع الاول اتحاد بین المسلمین کے موضوع پر خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔

 شیعہ سنی مسلمان متحد ہوکر رحمت للعالمین سے اپنے عشق اور محبت کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہفتہ وحدت کے موقع پر اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے کی تاکید کی۔ وطن عزیز پاکستان میں ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے اتحاد بین المسلمین کے لئے دینی جماعتیں مل کر جدوجہد کر رہی ہیں۔اس موقع پر علامہ نشان حیدر ساجدی علامہ حاجی سیف علی ڈومکی اور مولانا انصاف علی ملاح نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز (مظفرآباد) علامہ سیدتصور حسین نقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر سے پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء و امیدوار اسمبلی حلقہ6 سید ذیشان حیدر کاظمی کی ملاقات۔اس ملاقات میں اہم سیاسی و ملی امور زیر بحث آئے۔ سید ذیشان حیدر کاظمی نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ مجلس وحدت مسلمین ضلع جہلم ویلی اور ریاستی قیادت میرے ساتھ تعاون کرے گی انشاءاللہ میرا پارٹی ٹکٹ کنفرم ہو گا۔ میں میرٹ پر پاکستان تحریک انصاف کا امیداوار ہوں۔

 اس موقع پرعلامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ اگر چہ یہ بات کہنا قبل از وقت ہے کہ ہم آپ کے ساتھ کس طرح چلیں گے لیکن ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کے  ساتھ ہیں جو بھی پارٹی کی پالیسی ہو گی اس کے مطابق ہم فیصلہ کر یں گے۔ انشاءللہ مجلس وحدت کی پالیسی ہمیشہ کی طرح بہترین اور شاندار ہوگی ملاقات میں سید کلیم کاظمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وحدت نیوز(گلگت) جنرل الیکشن گلگت بلتستان 2020 کی سیاسی مہم کو جاری رکھتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد اور سیکرٹری جنرل گلگت محترمہ سائرہ ابراہیم نے برمس کے علاقے کا دورہ کیا اور خواتین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محترمہ نرگس سجاد نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ سرزمین گلگت بلتستان ایک اہم اور قدرت کے بیش بہا خزانوں کا حامل خطہ ہی اسی لیے دشمن بھی اپنی پوری طاقت سے میدان میں اتر رہا ہے اور یہاں کے بچوں کو اپنی سازشوں میں الجھا رہا ہےایسے میں باشعور خواتین کا میدان میں حاضر رہتے ہوے مثبت سیاسی کردار ادا کرنا بہت ضروری ہے۔

 انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہاں کی خواتین اپنے علاقے کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی اور دشمن کی ہر چال کو ناکام بنائیں گی انھوں نے گزشتہ الیکشن میں انجام دی گئی خواتین کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کی امید ظاہر کی آج بھی یہ خواتین اس سرزمین کی حفاظت میں اہم کردار ادا کریں گی۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل گلگت سائرہ ابراہیم کا کہنا تھا جس طرح ہماری باشعور خواتین نے تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ھے اسی طرح سیاسی میدان میں بھی اپنی شمولیت سے خطے کی بہتری اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی ۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے مسکن چورنگی کراچی پرمبینہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھرسے کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مصروف ترین اور گنجان آباد علاقےمیں بم دھماکہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنےوالےاداروں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔

علامہ صادق جعفری نے کہاکہ حکومت اور ادارے واقعہ کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ قوم کے سامنے لائیں، کراچی پاکستان کا معاشی قلعہ ہے، جہاں سے پورا پاکستان فائدہ اٹھاتا اور کاروبار کرتا ہے، لیکن ایک عرصہ سے ایک مرتبہ پھر شہر کے امن کو تباہ کیا جا رہا ہے جبکہ کوئی پوچھنے والا نہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اہل ایم ڈبلیوایم مسکن چورنگی دھماکے میں زخمی اور شہید ہونے والوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، کراچی کے امن کو تباہ نہیں ہونے دے گی۔ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کراچی والوں کے ساتھ ہے، کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، کراچی کی تعمیر و ترقی میں مجلس وحدت مسلمین اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) کراچی کے مختلف علاقوں میں دن دہاڑے شہریوں خصوصاً راہ گیرخواتین سے لوٹ مار کی بڑھتی وارداتیں تشویش ناک ہیں، ملیر ، جعفرطیار، سعودآباد، معین آباداورکراچی کے دیگرعلاقوں میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی کے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے وحدت ہاؤس جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں ضلعی کابینہ کے اجلاس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ صبح سویرے اسکول ، کالج، فیکٹری اور دیگر امور کی انجام دہی کیلئے گھروں سے نکلنے والے افرادخصوصاً خواتین راہ گیروں کے ساتھ لوٹ مار کے واقعات میں گزشتہ چند روز سے مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اسٹریٹ کرمنلز خواتین کو خاص طور نشانہ بنارہے ہیں کیونکہ خواتین کی جانب سے زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں ہوتا، ملیر خصوصاً جعفرطیار سوسائٹی میں لوٹ مار کے تازہ واقعا ت میں خواتین نقدی، موبائل فون اورقیمتی زیورات سے ہاتھ دہو بیٹھی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ چند ماہ میں متعدد کانوں کے تالے توڑ کر اور دن دھاڑے ڈاکے ڈال کر بھی تاجروں کو لوٹا گیا جن سے لاکھوں روپے کی نقدی لوٹ کر ڈکیت باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، بعض واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہیں، احسن عباس نے کہاکہ ہم نے متعدد بار پولیس رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے ۔ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ملیر میں بڑھتی اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کی روک تھام میں ناکام نظر آئے تو ایم ڈبلیوایم اہلیان ملیر کے ساتھ احتجاج کیلئے سڑکوں پر ہوگی جوکہ ہمارا آئینی وجمہوری حق ہے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنماؤں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کے ہمراہ اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کا اولین تقاضہ اور ہماری عالمی ضرورت ہے۔

انہوں نے ماہ ربیع الاول کو اخوت و وحدت کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مسلکی اختلافات کو نظر انداز کر کے ہم باہم ہو جائیں تو دنیا کی طاقت ہمیں آنکھیں دکھانے کی جرات نہیں کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین محض وقتی ضرورت نہیں بلکہ ایک ایسا واجب عمل ہے جسے پائیدار بنیادوں پر قائم رکھنا ہو گا۔ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات مقدسہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے مرکز اتحاد ہے۔ربیع الاول کے مبارک مہینے میں مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں نعتیہ تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کر کے بھرپور مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ اپنے مولا و آقا حضرت محمد( ص) کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔

جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا مسلمانوں میں اختلافات پیدا کرنے کی بیرونی سازشوں کو مل کر ناکام بنائیں گے۔تکفیریت نے اس ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔جو طاقتیں ملک مذہب کے نام پر ملک میں فرقہ واریت پھیلانا چاہتی ہیں ان کا مقابلہ دانش و بصیرت سے کیا جائے گا۔ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم کو استعمال کر کے باہمی اختلافات کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا جائے گا۔

ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ابو الخیر زبیر نے عید میلاد النبی کی پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ربیع الاول "ماہ اتحاد امت "کے طور پر تمام مکاتب فکرمل کر منائیں گے۔دشمنانان اسلام کی یہ کوشش ہے کہ وہ مذہبی منافرت پھیلا کر مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرے۔مسلمان متحد ہو کر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہمیں دین اسلام کے اصولوں اور تعلیمات کو مقدم رکھتے ہوئے اخوت و رواداری کو اپنانا ہوگا۔ہم نے مختلف مسالک کی عبادتگاہوں میں جا کر باہمی احترام کا ہمیشہ عملی مظاہرہ کیا ہے اور تمام مسلک سے توقع رکھتے ہیں کہ فکری ونظریاتی اختلافات کو ہوا دے کر کسی کی دل آزاری نہ کی جائے۔انہوں نے علما، دانشوروں واعظین، ذاکرین اور دیگر مذہبی شخصیات سے کہا کہ وہ اپنے خطابات کے ذریعے اتحاد امت اور وحدت و اخوت کا پرچار کریں تاکہ وطن عزیز امن و آشتی کا گہوارہ بنے۔

شیعہ علما کونسل کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے کہا کہ عالمی دشمن توہین اور تکفیر کے ہتھیار سے ملک و قوم کے استحکام کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں ہم نے وحدت و اخوت سے سامراجی دشمنوں کو ناکام بنانا ہے۔پریس کانفرنس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل ثاقب اکبر ، جماعت اہل حرم کے سربراہ جناب مفتی گلزار نعیمی اور جناب پیر سید صفدر شاہ گیلانی جنرل سیکرٹری جمیعت علمائے پاکستان (نورانی ) سمیت مقصود احمد سلفی بھی شریک تھے۔

وحدت نیوز (مشہد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام سالانہ ''عشرہ اربعین'' اختتام پذیر ہوگیا، موسسہ شہید عارف الحسینی میں منعقدہ عشرہ مجالس سے علمائے کرام اور طلاب نے خطاب کیا، 19، 20 صفر کو حجت الاسلام والمسلمین سید سبط محمد رضوی، 21، 22 صفر کو حجت الاسلام والمسلمین ظہیر عباس مدنی، 23 صفر کو حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر نیئر عباس رضوی، 24 صفر کو حجت الاسلام والمسلمین عارف حسین تھہیم، 25، 26 صفر کو حجت الاسلام والمسلمین دیدار علی اکبری، 27، 28 صفر کو حجت الاسلام والمسلمین اسحٰق جواد، 29 صفر کو حجت الاسلام والمسلمین الفت حسین جوئیہ نے خطاب کیا۔

 مجالس عزاء کے اختتام پر مشہد مقدس کی معروف نوحہ خواں پارٹی موسوی برادری نے نوحہ خوانی کی، مجالس عزاء کے انتظامات سراج منبر کمیٹی نے کیے، 28 صفرالمظفر کو مجلس عزا میں قم سے جامعہ روحانیت کے وفد نے خصوصی شرکت کی۔ مجالس عزاء میں مشہد مقدس میں مقیم علماء اور طلاب نے خصوصی شرکت کی۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام گذشتہ کئی سالوں سے موسسہ شہید عارف الحسینی میں عشرہ مجالس کا انعقاد ہو رہا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree