The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس و حدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری تبلیغات علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ سانحہ عاشورہ راولپنڈی ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد عا شورہ امام حسین ؑ کو نقصان پہنچانا اورپاکستان میں فرقہ واریت کو پھیلانا ہے، ا ور اس سازش کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ اور قانون نافذ کر نے والے اداروں نے اپنا حق ادا کیا اور اپنی نااہلی کا ثبوت دیا ہے اور حالات کو کنڑول کر نے کے بجائے خود تماشائی بنے رہے۔ان کاکہنا تھا کہ تمام محب وطن پاکستانی اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس طر ح کے فرقہ ورانہ فسادات کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے ۔مسجدو امام بارگاہ کو جلانے میں کسی بھی شیعہ سُنی کا ہاتھ نہیں ہو سکتا ،کو ئی بھی سچا مسلمان اسلام اور مسلمانوں کے تقدسات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا ایسے کام کرنے والے نہ سنی ہیں اور نہ شیعہ بلکہ وہ منافقین ہیں جو اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو بدنا م کر نا چاہتے ہیں۔



علامہ اعجاز حسین بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ اس سانحہ کے بعد مختلف شہروں میں دہشت گرد اور تکفیری گروہوں نے کئی امام بارگاہوں کو شہید کیا ، مگر حکومت نے اب تک کسی دہشت گرد کو گرفتار نہیں کیا بلکہ یوں لگتا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ نے ان دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے دی ہے کہ وہ جب اور جہاں چاہیں مسلمانوں کے مقدسات کو نقصان پہنچا ئیں۔علامہ اعجاز کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو خبر دار کر تے ہیں کہ ان دہشت گردوں کو لگام د ے اور ان سانحات میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور مظلوموں کا زیادہ امتحان نہ لیا جائے ورنہ حالات کی ذمہ داری خود انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کوہاٹ میں امام بارگاہ پر حملہ اور تیراہ بازار میں دکانوں کو نذر آتش کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیام امن کیلئے فوری طور پر شرپسند عناصر کیخلاف کارروائی کرے، جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما ء کا کہنا تھا کہ راولپنڈی سانحہ ملک دشمن عناصر کی کارروائی ہے، اگر حکومت بروقت اقدامات کرتی تو یہ آگ نہ پھیلتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں شیعہ، سنی کا کوئی جھگڑا نہیں، بیرونی طاقتوں کے پیسوں پر پلنے والے ملک دشمن عناصر اب فرقہ واریت کے ذریعے ملک کا امن تہہ و بالا کرنے کے درپے ہیں۔ تاہم پاکستان کے باشعور عوام ملک دشمن عناصر کی ان مذموم سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کوہاٹ میں امام بارگاہ سید حبیب پرحملہ اور تین افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ میں قیام امن کیلئے فوری طور پر شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرے، کوہاٹ میں شرپسند امام بارگاہ پر حملہ آور ہوئے اور تیراہ بازار میں شناخت کرکے اہل تشیع کی دکانوں کو نذر آتش کیا گیا۔ تاہم انتظامیہ، پولیس اور فورسز نے شرپسندوں کیخلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کی۔حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے شرپسندوں کو لگام نہ دی تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے۔ اور اگر امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ انہوں نے کوہاٹ اور ہنگو میں کرفیو کے نفاذ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوم عاشورہ سے لیکر اب تک حکومت کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ رہا ہے، فوری طور پر حقائق کو منظر عام پر لانے کی ضرورت تھی۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کا اپنی کابینہ کے ہمراہ شیخ زید ہسپتال کا دورہ، نیلم جلوس پر پتھراؤ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے احباب کی عیادت، تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر نیلم میں میرپورہ کے مقام پر شرپسند عناصر کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے 14سے زائد مؤمنین زخمی ہوئے ، انتظامیہ کی موجودگی میں جلوس پر پتھراؤ کیا گیا، زخمیوں میں ایم ڈبلیو ایم ضلع نیلم کی کابینہ کے معزز ممبران بھی شامل ہیں، انتظامیہ کی جانبداری کی بنا پر سڑک پر دھرنا دیا گیا اور سڑک پر ہی عزاداری کو جاری رکھا گیا، بعد ازاں انتظامیہ مطالبات منظور کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی، یقین دہانی کی بنا پر دھرنے کو ختم کیا گیا،تا ہم دوسرے دن سادات بستی کا گھیراؤ اور امام بارگاہ پر پتھراؤ کیا گیا، علامہ تصور جوادی نے اس کی بھرپور مذمت کی ، اور انتظامیہ سے رابطہ کیا ، جلد کاروائی کا مطالبہ کیا، ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ تصور جوادی نے اس کشیدہ صورتحال پر ریاستی کابینہ کا اجلاس طلب کیا، ریاستی کابینہ کے اس اجلا س میں نیلم ، کوٹلی ، روالپنڈی و دیگر علاقوں میں پیش آنے والے واقعات اور بعد کی صورتحال پر غور و حوض کیا گیا۔

علامہ سید تصور جوادی نے کہا کہ ہمیں فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے لیئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،ملک کو دہشت گردی فرقہ راریت سے بچانے کے لیئے بین المسالک یکجہتی کا فروغ ،برداشت تکریم انسانیت، جیو اور جینے دو کے سنہری اصولوں کو اپنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ہم نیلم کے مؤمنین کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہمارا ادارہ مسلسل رابطے میں ہے اور وہاں کے حالات سے آگاہ ہے، نیلم واقعے کی کڑیاں بھی راولپنڈی و چشتیاں سے ملائی جائیں تو مختلف نہ ہو گا، انتظامیہ کی موجودگی میں جلوس پر پتھراؤ ہونا آزاد حکومت کے لیئے لمحہ فکریہ ہے، بعدازاں ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے ریاستی کابینہ کے ہمراہ شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا، اور زخمی مؤمنین کی عیادت کی، علامہ تصور جوادی کے ہمراہ سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی، سیکرٹری مالیات سید سجاد حسین، سیکرٹری روابط مولانا حمید حسین نقوی و سیکرٹری جنرل ضلع مظفرآباد مولانا طالب حسین ہمدانی تھے، ریاستی سیکرٹری جنرل نے زخمیوں کی عیادت کی، اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

وحدت نیوز(لاہور) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل دہشت گردی میں جانیں قربان کرنے والے پچاس ہزار شہداء کے ورثاء کا کنونشن بلائے گی۔ شہداء کے لواحقین سے رابطوں کے لیے کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ نیٹو سپلائی روکنے کی کوششوں کا ساتھ دیں گے۔ قومی اسمبلی، سینٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ڈرون حملوں کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کی جائیں اور تمام ممبران پارلیمنٹ امریکی سفارت خانے کے سامنے کھڑے ہو کر ڈرون حملوں کے خلاف اجتماعی احتجاج کریں۔ منور حسن کے بیان پر فوج کے سپریم کمانڈر صدر مملکت ممنون حسین کیوں خاموش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان میں امریکہ اور بھارت فرقہ واریت کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کو سختی سے کچلا جائے۔ حکومت سانحۂ راولپنڈی کے اصل ملزمان کو عبرت کا نشان بنانے کے لیے کسی مصلحت اور دباؤ کا شکار نہ ہو، فرقہ وارانہ قتل و غارت میں ملوث گروہوں کی سرکوبی کے لیے دوٹوک فیصلے کیے جائیں، ہم قیام امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے حکومت کی ہر مخلصانہ کوشش کا ساتھ دیں گے۔ مسلکی اختلافات کی بنیاد پر ملک میں فساد پھیلانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ تمام مذہبی راہنما فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ تخت پر بیٹھنے والے نہیں مورچے میں بیٹھنے والے فوجی ملک کے اصل رکھوالے ہیں۔ شہداء کے خون کی حدت قوم کو نئی زندگی عطا کرتی رہے گی۔ سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں ڈرون حملوں کے خلاف دستخطی مہم شروع کر رکھی ہے اور اب تک ہزاروں افراد احتجاجی یادداشت پر دستخط کر چکے ہیں۔ یہ احتجاجی یادداشت اقوام متحدہ کو ارسال کی جائے گی۔

وحدت نیوز(لاہور) سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں یوم عاشور کے موقع پر رینجرز اور پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں، راولپنڈی سانحہ اور ملتان میں مذہبی کشیدگی کے پس پشت وہی عناصر ہیں جن کے تانے بانے طالبان سے ملتے ہیں جو اس ملک کی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، ملک کو انتہا پسندوں اور دہشت گردوں سے بچانے کیلئے اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کو پہچاننا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو صوبائی آفس داتا دربار لاہورمیں ذمہ داران سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی میں محرم الحرام کے دوران کئے گئے سیکورٹی انتظامات اور حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کامیاب کارروائیوں نے اس ملک و قوم کو بڑی تباہی سے بچایا ہے، جس کا سہرا رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ان افسروں کو جاتا ہے جو ملک کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں اور سنی تحریک ایسے افسروں کی کارکردگی کو نہ صرف سراہتی ہے بلکہ ان کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اور بالخصوص 8 تا 10 محرم الحرام کے دوران کراچی میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات نے کراچی میں دہشت گردوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ چند روز کے دوران امن و امان کی بحالی کے اداروں کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں کے بعد اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ دہشت گرد کالعدم تنظیموں کی چھتر چھایا میں اس شہر میں پل رہے ہیں اور انہیں مکمل سپورٹ بھی انہی کالعدم تنظیموں کا ہے، جن کے تانے بانے طالبان سے ملتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سانحہ میں بھی وہی عناصر شامل ہیں جو اس ملک میں جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت نے کالعدم انتہا پسند اور دہشت گرد جماعتوں اور ان کے کارندوں کو شیلٹر فراہم کیا ہوا ہے اور اس کے بھیانک نتائج آج سب کے سامنے آگئے ہیں۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کو غیر مستحکم اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے والوں کے خلاف اب سب کو ایک ہونا ہو گا اور اب تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اپنے اندر موجود ایسے ملک دشمن عناصر کو علیحدہ کرنا ہو گا۔

وحدت نیوز(لاہور) ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ مولانا محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کیے بغیر مستقبل میں بھی ملک کو دہشت گردی سے پاک نہیں کیا جا سکتا، عاشورہ کے موقع پر دہشت گردی کا واقعہ رونما ہونا انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سستی اور کاہلی اور نااہلی کا نتیجہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں میں افسوسناک واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہیے اور سانحہ میں ملوث ملزمان کو کسی صورت میں رعایت نہ دی جائے، جب تک قالین کے نیچے چھپے گند کو صاف نہیں کیا جائے گا اس وقت کا اسلامی جمہوریہ پاکستان سے دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مزید کہا اہل سنت پرامن ہیں لیکن باقی مسالک کے لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے کارکنوں کو ہوش کے ناخن دیں کہ ملکی حالات کس سمت جا رہے ہیں اور کالعدم تنظیموں کے رہنما ملک کو کس سمت لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ علامہ محمد راغب حسین نعیمی کا مزید کہنا تھا کہ جب تک کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا نہیں جائے گا اس وقت تک ملک میں جاری دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔

وحدت نیوز(کراچی) پنجاب حکومت سانحہ پنڈی اور امام حسین ؑ کی شان میں گستاخی کر نے والوں کی پشت پناہی کر رہی ہے ۔صوبائی وزیر قانون نے پریس کانفرنس میں اصل حقائق چُھپا کر جانب داری کا مظاہرہ کیا ۔ رانا ثناء اللہ عدالتی تحقیقات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مسجد سے پہلے عاشورہ کے جلوس پر حملہ پتھراؤاور فائرنگ کی گئی ۔مسجد کے لاؤڈ اسپیکرز سے نواسہ رسول امام حسین ؑ کی شان میں گستاخی کی گئی۔ملک بھر کے علمائے اہلسنت وشیعہ علماء نے نواسہ رسول امام حسین ؑ کی شان میں گستاخی کی مذمت کی ہے ،رانا ثناء اللہ خاموش کیوں ہیں۔ سنی و شیعہ علماء کرام و عوام جمعہ کو ملک گیر یوم عظمت نواسہ رسول امام حسین ؑ منائیں گے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے صوبائی سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔



ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس نے پنجاب حکومت کے متعصبانہ موقف کی عکاسی کر دی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کا قیام کی بعد کالعدم تنظیموں کے سر پرست رانا ثناء اللہ کے الزامات انکوائری پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔سانحہ راولپنڈی میں تین مساجد کو نظر آتش کیا گیا اُس کی تعمیرات کا اعلان کیوں نہیں کیا گیا۔چشتیاں اور ملتان میں بھی امام بارگاہ اور علم مبارک شہید کیئے گئے لیکن پنجاب حکومت فقط ایک مسجد ضرار کے ماتم میں مصروف ہے ۔پنجاب حکومت راولپنڈی سانحہ عاشورہ میں جلوس عزاء پر حملہ کرنے والے اور امام بارگاہوں پر دہشت گردی کرنے والے ملک دشمن ،اسلام دشمن عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرے ،فلفور گرفتار کیا جائے۔ رانا ثنا اللہ جانبداری کا مظاہرہ نہ کریں، حقائق چھپانے کی کوشش کر کے پنجاب حکومت کا ایجنڈا واضح ہو گیا ہے ۔



انہوں نے اعلیٰ عدلیہ کے جسٹس صاحبان سے اپیل کر تے ہوئے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے ساتھ ساتھ سانحہ ڈھوک سیداں ، سانحہ یوم علی لاہور، سانحہ ، ڈیرہ اسماعیل خان سانحہ اربعین کراچی، سانحہ عاشورہ اور سانحہ بھکر کے لئے بھی جوڈیشنل کمیشن تشکیل دیں ، ایک مخصو ص کالعد م گروہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی سازش کر رہا ہے ۔شیعہ و سنی مل کر ون سائڈ گیم کھیلنے کی سازش کو ناکام بنائیں گے ۔

وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ راولپنڈی میں کرفیو کے نفاذ کے باوجود ان امام بارگاہوں کا دورہ کیا، جنہیں تکفیری دہشتگردوں نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب جلا دیا تھا، وفد نے حالات کا قریب سے مشاہدہ کیا اور متولیان اور لوگوں سے معلوم حاصل کیں۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی، مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، سیکرٹری سیاسیات ناصرعباس شیرازی، مولانا اسرار اور ضلع اسلام آباد راولپنڈی کے رہنماء بھی ہمراہ تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے قدیمی امام بارگاہ، ہٹیاں والی امام بارگاہ اور کرنل مقبول امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ امام بارگاہوں کے متولیان نے رہنماوں کو بتایا کہ سانحہ والی رات 200 سے زائد مسلح دہشتگرد تکفیریوں کی جانب سے امام بارگاہوں کو پیٹرول اور خصوصی کیمیکل کے ذریعے آگ لگائی گئی، جس کے باعث مقدسات کی توہین کے علاوہ قرآن مجید کے درجنوں نسخے جل گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمیکل ایسا استعمال کیا گیا کہ لوہا بھی پگھل گیا، ہم تھانے اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کو ٹیلی فون کرتے رہے لیکن ہماری مدد کو کوئی نہ آیا۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء رات گئےتک اُن امام بارگاہوں میں بھی گئے جہاں پر تکفیریوں کی جانب سے مسلسل دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب آپ لوگوں کے ساتھ ہیں اور انشاءاللہ ہم سب ملکر تکفیریوں کو شکست دیں گے۔ ملک میں ایک سازش کے تحت تفرقہ پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے تاکہ پاکستان کے حالات بھی شام اور عراق جیسے کر دیئے جائیں لیکن شیعہ سنی وحدت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام لاہور میں بھی اسی سلسلہ میں شیعہ سنی وحدت کا مظاہرہ کیا گیا اور قوم کو پیغام دیا گیا کہ ہم ایک ہیں۔ جلاو گھیراؤ میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تمام ثبوتوں کا مدنظر رکھتے ہوئے شرپسند عناصر کو سامنے لائے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ملتان کے کشیدہ حالات کے پیش نظر ''آل پارٹیز امن کانفرنس''20نومبر کو ملتان کے مقامی ہوٹل میں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما یافث نوید ہاشمی نے عمائدین اور کابینہ کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں کیا۔ اجلاس میں قائمقام سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، سخاوت عباس، سید مسیب رضا، وسیم عباس زیدی، غلام قاسم علی، ملک حسنین رضا، سید دلاور عباس زیدی، سید شبر رضا زیدی، ثقلین نقوی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ملتان کا امن ہمیں ہرقیمت پر عزیز ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ 20نومبر کو ہونے والی ''آل پارٹیز امن کانفرنس''اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ یافث نوید ہاشمی نے مزید بتایا کہ آل پارٹیز امن کانفرنس میں تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو دعوت دی جائے گی۔ کانفرنس کا مقصد ملتان میں پیدا ہونے کشیدہ حالات کو کنٹرول کرنا اور تمام مسالک اور جماعتوں کے رہنمائوں کو ایک جگہ اکٹھا کرکے امن کا پیغام عام کرنا ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے جمعہ کے روز کو یوم عظمت نواسہ رسول (ص) کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں امن کے دشمنوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے سانحہ راولپنڈی کی تحقیقات کیلئے بنائے جانے والے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی تائید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کمیشن کی تحقیقات کا دائرہ کار فقط سانحہ راولپنڈی تک نہیں بلکہ سانحہ ڈھوک سیداں، لاہور میں ہونے والے سانحہ یوم علی (ع)، سانحہ ڈیرہ غازی خان اور سانحہ چکوال کی بھی تحقیقات کرے جس کی بھینٹ سینکڑوں بے گناہ لوگ چڑھے۔ کمیشن اس بات کو سامنے لائے کہ کالعدم دہشت گرد تکفیری گروہوں اور ان کے پس پردہ عناصر کون ہیں۔ جو اپنے مزموم مقاصد کی تکمیل کیلئے معصوم انسانوں کا خون بہاتے رہے ہیں؟۔ دہشت گردی سے متاثر ہ افراد پنجاب حکومت سے یہ سوال کرنے میں حق باجانب ہیں کہ شیعہ سنی مساجد، امام بارگاہوں، مزارات مقدسہ کی توہین، عید میلادالبنی کی محافل پر حملے اور ہزاروں افراد کی شہادت پر کیوں عدالتی کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا؟، اور آج اس مسئلہ پر بولنے والے علماء اس وقت کیوں خاموش رہے۔؟ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا راولپنڈی کے جلوس کے روٹ میں فقط یہی ایک ہی مسجد تھی؟، یا درجنوں اور بھی مساجد تھیں، اگر تھیں تو مسئلہ فقط ایک خاص جگہ پر ہی کیوں پیش آیا؟۔ جب مقامی انتظامیہ طے کر چکی تھی کہ تمام جمعہ کے اجتماعات دن دو بجے ختم کر دئیے جائیں گے تو کیوں تین بجے تک ایک خاص جگہ سے نواسہ رسول (ص) کے بارے میں ہرزہ سراہی اور توہین کا انتظار کیا جاتا رہا؟، لوڈاسپیکر کے استعمال پر پابندی کے باوجود اسپیکر کا استعمال کیسے ہوا؟، انتظامیہ نے کیوں بروقت کارروائی نہ کی؟۔ ہم سوال کرتے ہیں کہ کیوں فقط اس واقعہ کو بنیاد بناکر متعدد شیعہ مساجد، امام بارگاہوں اور قرآن پاک کے درجنوں نسخوں کو شہید کر دیا گیا؟۔ فقط راولپنڈی میں پانچ سے زائد امام بارگاہوں کو نذرآتش کیا گیا اور مقدسات کی توہین کی گئی لیکن انہیں روکنے والا کوئی نہیں تھا۔ دہشتگرد عناصر ملتان، بہاول نگر اور چشتیاں سمیت کئی علاقوں میں مسلح دنداتے رہے۔ کئی جگہوں پر مساجد اور امام بارگاہوں کی توہین کی گئی، علم پاک شہید کیے گئے، لیکن انتظامیہ، اور پولیس تماشا دیکھتے رہی، اس کا ذمہ دار کون ہے؟۔ ہم سانحہ راولپنڈی کے نام پر سرگرم ایک گروہ کے مولویوں سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ گذشتہ 30 سالوں کے دوران ان کے پرورش کردہ تکفیری گروہوں نے شیعہ سنی مسلمانوں کا قتل عام کیا اور مساجد، امام بارگاہوں، اور مزارات پر خودکش حملے کیے اور میلادالنبی اور عزاداری امام حسین علیہ السلام کے اجتماعات کو نشانہ بنایا تو اس وقت یہ علماء کیوں خاموش رہے اور اپنے پرورش کردہ عناصر کو ان کے شیطانی عزائم کی تکمیل سے کیوں نہ روکا کہ جس کی بھینٹ چڑھ کر 40ہزار سے زائد شیعہ سنی مسلمان لقمہ اجل بنے؟۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی شیعہ سنی جھگڑا نہیں ہے، راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں ہونے والا جلاو گھراؤ کالعدم تنظیم کی کارستانی ہے۔

 مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے کہا کہ گذشتہ روز وزیراطلاعات پرویز رشید نے ایک نجی ٹی وی چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں تسلیم کیا ہے کہ ''بدقسمتی سے ہماری ریاست گذشتہ ایک طویل عرصے سے فرقہ واریت میں خود فریق بنی رہی ہے اور یوں فرقہ واریت کے یہ جراثیم ریاستی اداروں اور اہلکاروں کے اندر چلے گئے اور اب قوم اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے''۔ ہم سمجھتے ہیں کہ وفاقی وزیر کے بیان کی روشنی میں جوڈیشل کمیشن اس بات کا بھی پتہ چلائے کہ کونسے عناصر تھے جنہوں نے ریاستی اداروں میں فرقہ واریت کا بیج بویا اور کیا کہیں اب بھی وہ جراثیم یہ کام جاری تو نہیں رکھے ہوئے؟۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن کا دائرہ اختیار وسیع کر کے ہمیشہ کیلئے دہشتگردی کے عفریت سے قوم کو نجات دلائی جائے اور سابقہ واقعات کی تحقیقات کرا کر اصل مجرموں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مشتعل نہ ہوں اور پرامن رہیں۔ پوری شیعہ قوم کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ شیعہ سنی مساجد کی حفاظت کیلئے اقدامات کریں اور دہشت گرد گروہ سے مقدسات کی توہین ہونے سے بچائیں۔

 علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے پاکستان کی سرزمین پر اسلام کے نام پر دو مکتبہ فکر کو اسلام دشمن قوتوں کے اشارے پر لڑانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن الحمد اللہ پاکستان کی عوام اور دونوں مکاتب فکر اہل سنت و اہل تشیع کے علمائے کرام، اکابرین اس سازش سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ دشمنان اسلام اور پاکستان کی اس سازش کو اپنے اتحاد اور دانشمندی سے ناکام بناتے آ رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمیشہ پاکستان میں مذہب کے نام پر ہونے والی دہشت گردی کو دونوں مکاتب فکر کے اکابرین نے مسترد کرتے ہوئے اس کو کبھی بھی فرقہ وارانہ فسادات قرار نہیں دیا اور ہمیشہ ایسے حادثات کے پیچھے کارفرما ہاتھ اور چہروں کو بےنقاب کیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ راولپنڈی کے واقعہ دراصل اسلام دشمن قوتوں کی سازش ہے جس کا مقصد وطن عزیز کو فرقہ وارنہ دہشتگردی کی آگ میں دھکیلنا ہے، انہوں نے کہا کہ برداران اہل سنت کے جید علماء کرام، اکابرین اور اہل سنت کی ممتاز تنظیموں نے بھی گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کی عوام کو اہل سنت کے نام پر گمراہ کرنے والے چہروں سے نقاب اتار کر ان کو اپنی صفوں میں پناہ نہیں لینے دی ہے اور عوام کے سامنے واضح کردیا ہے کہ یہ تکفیری ٹولہ ہے جس کی ڈور اسلام دشمن غیر ملکی ایجنٹوں کے ہاتھوں میں ہے جو ملک میں اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور اسلامی نظریات میں تحریف کرکے سادہ لوح ذہنوں کو گمراہ کر رہا ہے۔

 مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یہ گروہ دراصل اسلام کے نام پر بم دھماکے، دہشتگردی، خودکش حملے، افواج پاکستان اور ان کے مراکز کو نشانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنا چاہتا ہے۔ یہ ٹولہ کبھی میلادالنبی تو کبھی عزا امام حسین (ع ) کو نقصان پہنچا کر اپنے شیطانی عزائم کو بھی آشکار کرتا رہا ہے۔ سانحہ نشتر پارک بھی اسی گروہ کی کارستانی تھا، یہ گروہ شیعہ اور سنی حتیٰ کہ ہر پاکستانی کا دشمن ہے۔ اس موقع پر مرکزی کابینہ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree