The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)اسلام آباد میں خواتین اور بچوں پر ظلم و بربریت کرکے اقتدار کو بچانا حکمرانوں کے لئے ممکن نہیں اسلام آباد کے پر امن شرکاء پر تشدد اور بے گناہ لوگوں کے قتل عام پر پردہ ڈالنے کیلئے پی ٹی وی پر حملے کا ڈرامہ رچایا ہم حکومتی اس سازش کی شدید مذمت کرتے ہیں ریاست کے تمام اثاثوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سر براہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاوُن اور اسلام آباد میں پر امن مظاہرین پر تشدد کے بعد حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے یہ انتقامی کاروائی ہے جسے ہم کبھی بھی برداشت نہیں کرینگے ہم نے سینکڑوں لاشیں اُٹھانے کے باوجود پرامن رہے اور پرامن احتجاج ہر پاکستانی کا آئینی و قانونی حق ہے۔

 

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستانی عوام غربت،مہنگائی اور ناانصافی کے ہاتھوں خودکشی پر مجبور ہیں سیاسی مخالفین کو انتقامی کاروائیوں کا بھینٹ چڑھایا جارہا ہے ہم اپنے اس اصول سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے مظلومین کی حمایت ہمارے ایمان کا حصہ ہیں جس کے لئے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

وحدت نیوز(لاہور) پنجاب  پولیس نے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سینٹر رہنماؤں رائے ناصر علی اور رانا ماجد علی کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ لبرٹی میں پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرے میں اظہار یکجہتی کے بعد واپس جا رہے تھے۔ پولیس نے دونوں رہنماؤں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان نے دونوں رہنماؤں کے گرفتاری کی مذمت کی ہے اور پنجاب حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے دونوں رہنماؤں کو رہا نہ کیا تو وہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے اور پورے صوبے میں احتجاج کی کال بھی دی جا سکتی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں ہراساں کر رہی ہے لیکن یاد رکھنے کہ ہم کربلا کے راہی ہیں اور اس بدمعاش حکومت کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے لیکن جھگیں گے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل تک اگر ہمارے دونوں رہنماؤں کو رہا نہ کیا گیا تو پیر کے روز ہماری صوبائی قیادت نئی کال دے گی جس کی تمام ذمہ داری پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا پر عائد ہو گی۔

وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں ہونے والی بدترین ریاستی دہشت گردی کے خلاف گورنر ہاوس پشاور کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ اس موقع پر پر مظاہرین نے مسلم لیگ نواز کی بربریت کے خلاف بھر پور نعرہ بازی کی۔ مظاہرین کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کی صوبائی رہنماء ارشاد حسین بنگش، اور تحریک انصاف کے پیر عمران کر رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا مسلم لیگ ن نے نہتے اور بے گناہ مظاہرین پر ریاستی تشدد کرکے کربلا کی یاد تازہ کرلی۔ خواتین اور معصوم بچے جابر حکمرانوں اور پنجاب پولیس کی شلینگ اور فائرنگ سے بچنے کے پھرتے رہے تاہم چوہدری نثار کے حکم پر پنجاب پولیس نے غزاء کی یاد تازہ کی۔ انہوں کا کہنا تھا نواز شریف جتنی ظلم چاہے کرے مگر اس کو اب استعفیٰ دینا پڑے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور خارجہ امور کے سیکریٹری علامہ شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ شريف برادران اور انکے مغرور و سفاک وزراء نے شريف فورسز كے ذريعے ظلم و بربريت کی انتہاء كر دی۔ معصوم بچوں، خواتين اور پرامن مظاہرين پر گذشتہ پندرہ گھنٹوں سے زائد جاری مسلسل شیلنگ اور فائرنگ رياستی دہشت گردی کی بدترين مثال قائم کی ہے۔ اب تک درجن کے قریب پرامن نہتے افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پمزاسپتال میں شاہراہ دستور پر ریاستی دہشت گردی سے زخمی ہونے والےکارکنان کی عیادت کے موقع پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتےہوئے کیااس موقع پرمرکزی رہنما علامہ اسرار گیلانی اور علامہ ضیغم عباس بھی موجود تھے۔ علامہ شفقت شیرازی  کا کہنا تھا کہ ہم اس فرعونيت اور بربريت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ پاكستان كا دارالحكومت شريف برادران اور انکے سفاک وزراء کے اپنے ملک کی نہتی اور پرامن عوام پر جمہوريت کے نام پر ظلم و تشدد كو كبهی نہیں بھولے گا۔ علامہ شفقت شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ بين الاقوامی دہشتگردی میں ملوث بدنام ضيائی باقيات نے ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ آج ہر محب وطن پاکستانی كا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین سميت ديگر مارچ کرنے والی سیاسی پارٹیوں کی قیادت، جس میں علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری، صاحبزادہ حامد رضا اور دوسری طرف عمران خان میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان آج یوم احتجاج منائے گی، اندرون اور بیرون ملک پاکستانی عوام سے اپیل ہے کہ ان احتجاجات میں بھرپور شرکت کریں۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام بلتستان کے متعدد مقامات پر وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ریاستی دہشتگردی اور بہیمانہ ظلم و تشدد کے خلاف احتجاج اور دھرنوں کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں یاد شہداء اسکردو پر دھرنے میں کارکنان کی شرکت شروع ہوگئی ہے، جبکہ گمبہ اسکردو، امامیہ چوک اسکردو، روندو، شگر اور کھرمنگ کے علاوہ شاہراہ قراقرم، سیاچن جانے والی سڑک، کے ٹو جانے والی سڑک اور دیگر اہم مقامات پر شٹر ڈاون ہڑتال ،احتجاج اور دھرنا جاری۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید مہدی عابدی نے شاہراہ دستور پر انقلاب مارچ کی کوریج پر معمور صحافیوں پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر پولیس ا ہلکاروں کا وحشیانہ تشدد نواز حکومت کے آمرانہ رویہ کا عکاس ہے، ڈی ایس این جی میں گھس کر صحافیوں کو باہر گھسیٹا گیااور اس کے بعد اسے دسیوں پولیس اہلکاروں نے فٹبال بنا کر مارا ،کیمرے بھی توڑ ڈالے گئے، پولیس نے ایم ڈبلیوایم میڈیا سیل کے کیمرے مین پر بھی شدید تشدد کیااور اس کا کیمرہ توڑ ڈالا،  اس ساری کاروائی سے حکومت کی آزادی صحافت کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہو گئے۔ گذشتہ ۳ ہفتے سے مسلسل نجی ٹی وی چینلز غیر جانبدار کوریج میں مصروف ہیں ، جو قوم کو سچ اور صداقت پیغام پہنچانے کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ، نواز حکومت اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

 

انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیاشاہراہ دستور پر نجی ٹی وی چینلز کی گاڑیوں ،کیمروں اور رپورٹرز پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی فوری تحقیقات کر وائی جائیں ، واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر بر طرف کرکے، ان  کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے اپنے بیان میں ان تمام صحافیوں ، کیمرامین اور رپورٹرز کی فوری صحت یابی کی دعا بھی کی جو شاہراہ دستور پر پولیس تشدد سے زخمی ہوئے ہیں ۔ 

وحدت نیوز(مظفرآباد) نوازشریف نے دنیا کے تمام ڈکٹیٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا رات بھر عوام کے خون سے ہولی کھیلی جاتی رہی صبح سویرے کارکنان کے ساتھ میڈیا کے افراد پر بھی بیہیمانہ تشدد کیا گیا جو یقیناًایک آمرانہ سوچ کا نتیجہ ہے تاریخ کو دیکھا جائے تو دنیا کا کوئی ڈکٹیٹر بھی اقتدارکے نشے میں اس قدر اندھا نہیں ہوتا ہے نوازشریف نے ہٹلر، مسولینی،صدام،ضیاء،جنرل سیسی اور اسرائیلی وانڈین فورسز کے ریکارڈ بھی توڑوا دئیے چوہدری نثار نے پارلیمنٹ،صدر ووزیراعظم ہاوسز کی عمارات کو انسانی جانوں سے زیادہ اہم قراردیاجبکہ ریت اور بجری سے بنی عمارات کسی طور بھی انسانی جانوں سے قیمتی نہیں ہوتیں ،جموریت بہترین انتقام کے مصداق حکمرانوں نے جمہوری دور میں میڈیا کے افراد پر تشددکر کے آمریت کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان خیالات کا اظہارایم ڈبلیوایم آزاد کشمیر کے ریاستی سیکریٹری جنر ل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل،سید تصور عباس موسوی ،خالد محمود عباسی،مولانا سید حمید حسین نقوی اورمولانا سید طالب حسین ہمدانی نے وحدت ہاؤس مظفرآباد سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔

 

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا امیرالمومنین بننے کا خواب کسی صورت شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہے ،آئین آئین کی رٹ لگانے والے بتائیں شب بھر آئین کہاں تھا شاہراہ دستور کس دستور وقانون کا منظر پیش کر رہی تھی مہذب دنیا کے کسی کونے میں اس طرح کی صورتحال دیکھنے میں نہیں آئی ہے کس آئین ودستور میں لکھاہوا ہے کہ پرامن مظاہرین پر طاقت کا بے تحاشہ استعمال کیا جائے ،آج ہر پاکستانی سوال کرتا ہے کہ آزادعدلیہ کہاں ہے جنہیں نہتے شہری اپنے راستے کی رکاوٹ لگ رہے تھے وہ اب آئین وقانون کی دھجیاں بکھیرنے والی حکومت وپولیس کے خلاف کیا سٹینڈ لیتے ہیں ؟حکمرانوں کو یہ ہر گز نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ انہیں عوام کی خدمت کے لئے اس ایوان میں بیٹھے ہیں جن پر وہ طاقت کا وحشیانہ استعمال کروا رہے ہیں ،یہ ساری رونقیں اسی عوام کی وجہ سے جسے تشدد کا نشانہ بنا بھیڑ بکریوں کی طرح ان کی کھا ل اتاری جا رہی ہے،عورتوں اور بچوں پر تو یہ تشددزمانہ جہالیت میں بھی رو انہیں رکھا جاتا تھا حوا کی بیٹیوں کو جس تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کی مثال تو کبھی کفار کی تاریخ میں بھی پیش نہیں کی جا سکتی یزیدی لشکر نے خانوادۂ رسالت ﷺ کی مخدرات کو قیدی بنایا تھا لیکن نوازی لشکر نے عورتوں کو قتل کر کے بدترین مثال قائم کی ہے ،کل تک تو حکمران کہہ رہے تھے کہ پانچ دس ہزار افراد ہے تو پانچ دس ہزار کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید اسلحہ وسامان حرب سے لیس تیس ہزار کی نفری کی ضرورت کیوں پڑگئی ،نواز شریف کی ذاتی ہٹ دھرمی اور انانیت کی وجہ سے ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے نواز شریف نے اپنی حکومت کو قاتلوں اور دہشتگردوں کی حکومت ثابت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اب ملکی سلامتی اور عوام کی جان ومال کے ضامن ادارے مسلح افواج پاکستان کی طرف قوم کی نظریں لگی ہوئی ہیں کہ وہ پرامن لوگوں پر جبروتشدداور بدترین ریاستی دہشتگردی پر خاموش نہ بیٹھے۔ہم اس موقع پر حکومت آزادکشمیر سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آزادکشمیر پولیس کو فوری طور پر اسلام آباد سے واپس بلا کر اپنے خلاف عوامی نفرت کو کم سے کم کرنے کی کوشش کرے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) نواز حکومت نے ریاستی بربریت اور ظلم کی انتہا کردی ، جعلی حکومت کی بقاء کی خاطر ریاستی طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جا رہاہے،ہم نے کہا تھا کہ ہم پر امن انداز میں پارلیمنٹ سے پی ایم ہاوس تک جائیں گے ، پولیس نے تشدد میں پہل کی ،  ہمارے حوصلے بلند ہیں ، منزل تک پہنچے بغیر گھر نہیں لوٹیں گے،ایک مہینے کی طویل جدوجہد کا ثمر حاصل ہونے کو ہے، نہتی  خواتین اور بچوں پر فاسفورس گیس کا استعمال عالمی قوانین کی کھلی خلاف روزی ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے انقلاب مارچ کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے بعدپاک سیکریٹریٹ کے سامنےمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیااس موقع پر سید ناصر شیرازی ، علامہ احمد اقبال اور علامہ عبد الخالق اسدی بھی موجود تھے۔

 

ان کاکہنا تھا کہ ہمارااحتجاج روز اول سے پر امن تھااور ہے، ماڈل ٹاون سے آب پارہ اور آب پارہ سے پارلیمنٹ ہاوس تک ایک پتہ نہیں ٹوٹا، قائدین نے واضح طور پر کہا تھا  کہ ہم پر امن انداز میں پارلیمنٹ سے پی ایم ہاوس تک جائیں گے ، پولیس نے تشدد میں پہل کی ،آنسوگیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا، عالمی قوانین کی پامالی کرتے ہوئے ، شیر خوار بچوں پر فاسفورس گیس کے گولے برسائے گئے، ڈاکٹر طاہر القادری کے مطابق تیرا افراد ریاستی دہشت گردی کی بدولت شہید ہو چکے ہیں ، جن کی لاشیں غائب کر دی گئیں ہیں ، جب کہ ایک ہزار سے زائد کارکنان زخمی ہوئے ہیں ، نواز شریف انتظامیہ نے جمہوری دور میں آمرانہ رویہ اختیار کیا، جس ریاستی بربریت کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کرپٹ نظام کے خاتمے کی اس مہم میں ڈاکٹر طاہر القادری کے شانہ بشانہ ہیں اور اپنے خون کے آخری قطرے تک میدان میں حاضر رہیں گے۔

وحدت نیوز(بلوچستان) مجلس وحدت مسلمین کی کال پر ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یوم سوگ و یوم احتجاج منایا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع صحبت پور، پی ٹی آئی، سنی اتحاد کونسل ،اورپاکستان عوامی تحریک کی جانب سے احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ احتجاجی جلوس سے مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنماء سید نیاز حسین شاہ و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کے زیر اہتمام گندا واہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی اور احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنماء سید عارف حسین شاہ، سید ولایت شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔ مجلس وحدت مسلمین نصیر آباد تحصیل تمبو کے زیر اہتمام باری شاخ میں احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ جس نواز حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

 

در ایں اثناء مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے اسلام آباد میں مظاہرین اور صحافیوں پر پولیس کے وحشیانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز سرکار نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ وفاقی دارالحکومت میں ریاستی مظالم کی نئی تاریخ رقم کی گئی، انقلاب اور آزادی مارچ کے لاکھوں پر امن شرکاء نے وفاقی دار الحکومت میں 15 روز تک نظم و ضبط اور امن پسندی کا جو عملی مظاہرہ کیا، اس کے باوجود طاقت کا بے دریغ استعمال کرکے نواز سرکار نے اپنے زوال کا اہتمام کر دیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ اپنے اہداف حاصل کرکے رہے گا، ریاستی جبر و تشدد عوام کے اس سیلاب کو نہیں روک سکتا۔ جبر و تشدد کا سہارا لے کرحکومت نے مصالحت کے تمام راستے مسدود کر دیئے ہیں، اسلام آباد سانحے کامقدمہ نواز شریف اور چوہدری نثار پر درج کیا جائے۔ نہتی خواتین، معصوم بچوں اور صحافیوں کو کس جرم کی سزا دی گئی۔ دنیا کے تمام جمہوری ممالک میں وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے عوامی مظاہرہ معمول کی بات ہے، اسے انا کا مسئلہ بنا کر نواز سرکار نے غیر جمہوری حکمران ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ جعلی مینڈٹ کی حامل نواز حکومت کب تک تشدد کے سہارے عوام پر حکومت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب مثبت تبدیلی کا آغاز ہوچکاہے، ظالم استحصالی نظام اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔ کرپٹ، ٹیکس چور، نااہل اور بدکردار اراکین اسمبلی اب عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، اپنے اقتداری مفادات کے لئے سٹیٹس کو کے حامل سیاسی رہنماؤں کے متحد ہوجانے پر عوام حیرت زدہ ہیں۔ خاندانی بادشاہتوں کے رکھوالے، محلات نشینوں کا یوم حساب قریب آچکا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کیطرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ سید ناصرعباس شیرازی مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات ایم ڈبلیو ایم پاکستان شیل لگنے سے زخمی ہوئے ہیں، ابھی بالکل ٹھیک ہیں اور مسلسل ہمارے رابطے میں ہیں، انکی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا بھی شیل لگنے سے زخمی ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کی سوشل میڈیا ٹیم کی طرف سے دھرنے سے متعلق اپ ڈیٹس دی جا رہی ہیں، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری بھی انقلاب مارچ کے قائدین کے ساتھ ریڈ زون میں موجود ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree