The Latest
ایم ڈبلیوایم کے وفدکی علامہ تصور جوادی کی سربراہی میں شیعہ علماءکونسل کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت
وحدت نیوز (مظفرآباد) آل پارٹیز شیعہ کانفرنس زیر صدارت صدر شیعہ علماء کونسل آزادجموں کشمیر علامہ سید صادق نقوی منعقد ہوئی ۔اجلاس میں خصوصی طور پر مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے وفد نے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی کی قیادت میں شرکت کی, اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل علامہ سید فرید عباس نقوی, ادارہ فروغ وتبلیغات اسلامی حسینی فاؤنڈیشن علامہ احمد علی سعیدی, ناظم امامیہ آرگنائزیشن سید زوار حسین نقوی ایڈوکیٹ, امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سید اقرار علی اور سیکرٹری جنرل مرکزی انجمن جعفریہ سید اقتدار حسین نقوی کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آغا سید طالب حسین ہمدانی,نائب صدر شیعہ علماء کونسل حافظ کفایت حسین نقوی,سیکرٹری تنظیم سازی مجلس وحدت مسلمین سید فدا حسین نقوی,سیکرٹری سیاسیات شیعہ علماء کونسل سید عارف حسین نقوی,سیکرٹری ایمپلائزونگ مجلس وحدت مسلمین سید ممتاز حسین نقوی, ڈویژنل صدر شیعہ علماء کونسل مولانا سید معصوم علی سبزواری,سیکرٹری روابط مجلس وحدت مسلمین سید عامر علی نقوی, مسئول آفس سید تصور حسین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں یہ طے پایا کہ آئندہ حکومتی ملاقاتوں میں تمام مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ اور شرکت کی جائے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کرونا وباء کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر اجتماعی عبادات, شب ہائے قدر,یوم القدس, یوم شہادت امیرالمومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام اور نماز باجماعت میں مراجع عظام کے فتاویٰ کے مطابق عمل کیا جائے۔
آئندہ اجلاس مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی میزبانی میں ہوگا اور جلد ہی تاریخ کا اعلان ہوگا۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ایسےداخلی اور خارجی عناصر جو شر و فتنہ پیدا کرتے ہیں ایسے عناصر کی روک تھام کے لیے اجلاس میں کام کیا جائے۔آئندہ روابط بڑھا کر یوم القدس کو مشترکہ طور پر بھرپور انداز سے ISO کی سربراہی میں حالات کے مطابق منایا جائے گا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) ترجمان وزیر اعظم پاکستان ندیم افضل چن کی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ آمد، سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر قائدین سے ملاقات ۔
تفصیلات کے مطابق ندیم افضل چن اور ایم ڈبلیوایم کے قائدین کے درمیان موجودہ ملکی صورت حال، کروناکی وبا ،عوامی مشکلات اور رمضان المبارک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پرمرکزی رہنما سید ناصر شیرازی ،سید اسد عباس نقوی،علامہ اقبال بہشتی،مظاہر شگری سمیت علامہ ضیغم حسینی اور ارشاد حسین بنگش بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہو چکا ہے۔ حکومت غذائی اجناس کے حوالے سے مربوط اور منظم لائحہ عمل وضح کرے۔اس حوالے سے متعلقہ حکام کی عدم توجہی پوری قوم کو کسی نئے بحران سے دوچار کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پورے ملک کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ ناجائز منافع خور اورذخیرہ اندوز عناصر ایسے مواقعوں کی تاک میں بیٹھے ہوتے ہیں۔کورونا وائرس کی وبا کے شروع ہوتے ہی ماسک،سینی ٹائزرز اور دیگر طبی سامان کی عدم دستیابی مافیاز کے متحرک ہونے کی دلیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ گندم کی کٹائی سے لے کر تقسیم تک کے تمام مراحل حکومتی نگرانی میں طے پائے جانے چاہیے تاکہ کسی کو بھی آٹے سمیت دیگر اجناس کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کا موقعہ نہ مل سکے۔ لاک ڈاؤن کے باعث اس وقت سب سے زیادہ متوسط طبقہ متاثر ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے انہیں براہ راست ریلیف فراہم کیا جائے ۔ جس وقت تک ملک کے حالات معمول پر نہیں آ جاتے اس وقت تک گندم اور دیگر اجناس کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کی طرف سے پابندی لگائی جانی چاہیے تاکہ عام طبقہ مہنگائی سے بچ سکے۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) حکیم الامت مصور پاکستان حضرت علامہ اقبال رح کے 82 ویں یوم وفات کے موقع پر مدرسہ خاتم النبیین ص میں منعقدہ درسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال رح نے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور انہیں انگریزوں اور ہندووں کی غلامی سے نکال کر ایک ایسی آزاد اور خودمختار مملکت کا خواب دکھایا جو اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہو۔
علامہ اقبال رح نے امت مسلمہ کو قرآن کریم کی روشن تعلیمات سے روشناس کراتے ہوئے عالم مغرب اور سامراجی طاقتوں کے منحوس عزائم کو بے نقاب کیا۔ پاکستان کی سربلندی کے لئے ضروری ہے کہ اسے افکار اقبال کی روشنی میں چلایا جائے۔ علامہ اقبال رح کے افکار کو وطن پاکستان کے آئین اور دستور کا درجہ ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اس قوم کے محسن ہیں ان کے افکار تعلیمات ہمارے لئے رہنما اصول کا درجہ رکھتے ہیں۔ حکیم الامت کے یوم وفات پر ان سے عہد کرتے ہیں کہ جس پاکستان کا خواب انہوں نے دیکھا تھا اسے شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے ایک آزاد خودمختار خوشحال پاکستان تعمیر کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے۔امت مسلمہ اپنے نفس کی پاکیزگی کے لیے اس ماہ میں عبادات کاخصوصی اہتمام کرتی ہے اس لیے سارا سال اس مقدس ماہ کا انتظار رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بار رمضان المبارک ایسی آزمائش کی گھڑی میں آ رہاہے جس میں ہماری ذمہ داریاں اور واجبات پہلے سے سے کئی گنا زیادہ بڑھ گئے ہیں۔لاک ڈاؤن کے باعث نادار اور مفلس افراد کو گھریلو مشکلات کا سامنا ہے۔ایسے گھرانے جو تنگدستی میں گزر بسر کر رہے ہیں انہیں ضروریات زندگی کی اشیا مہیا کر کے رمضان میں دہرا ثواب کمایا جا سکتا ہے۔ہر صاحب استطاعت کو چاہیے کہ وہ اپنے گرد و نواح میں ایسے گھرانوں کو نظر میں رکھے ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اس سے بچاؤ کا واحد حل احتیاط ہے۔ ہمیں باہمی رابطوں میں ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے جن کی طبی ماہرین باربار تاکید کر رہے ہیں۔عبادات اور مذہبی رسومات پر عمل ہمارے ایمان کا حصہ ہے تاہم جب انسانی زندگی کو خطرہ ہو تو مذہبی معاملات میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے لچک اور گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں عبادات اور عزاداری کے پروگراموں کے دوران کورونا سے بچاؤ کی تدابیر پر عمل کر کے اپنے آپ اور دوسروں کو اس جان لیوا مرض سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کورونا سے بچاؤ کے لئے حکومتی اقدامات کی پیروی کو تمام مراجع عظام نے واجب قرار دے رکھا ہے۔ اس سلسلہ میں ملت تشیع کی کوئی دوسری رائے نہیں ہونی چاہیے۔رمضان المبارک کے دوران سیکورٹی کے معاملات بھی غیرمعمولی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ہمارے ملک کو ایک ہی وقت میں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے۔ وطن عزیز میں موجود منفی عناصر شرپسندی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ایسی صورتحال میں سیکورٹی اداروں کو چوکس رہنا ہو گا۔
گلگت بلتستان میں لاک ڈاؤن کی آڑ میں کرپشن اور من پسند لوگوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے،الیاس صدیقی
وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان و سابق چیئرمین بلدیہ گلگت محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ ایک طرف کرونا وائرس کی وجہ سے پورے جی بی میں لاک ڈاؤن ہے، مگر لاک ڈاؤن کی آڑ میں کرپشن اور من پسند لوگوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روز محکمہ برقیات میں من پسند ٹھیکیداروں کو پری کرکے 43 کروڑ کا ٹھیکہ 64 کروڑ میں دیا گیا ہے جبکہ محکمہ ورکس میں بھی اسی طرح من پسند لوگوں کو نوازنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ چیف سیکرٹری صورتحال کا نوٹس لیں اور مذکورہ ٹھیکوں کے ٹینڈر کو منسوخ کریں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکمران فنڈز کمی کا رونا روتے ہیں تو دوسری طرف من پسند لوگوں کو نوازنے کیلئے کروڑوں کے ٹھیکے دیئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی دو ماہ کی باقی مدت میں کرپشن کے ذریعے زیادہ سے زیادہ پیسے بٹورنے کے چکر میں ہیں، جبکہ عوام صحت کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے دوسرے اضلاع سے علاج کی غرض سے گلگت کا رخ کر رہے ہیں، گلگت کے ہسپتالوں کی حالت بھی انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت شہر اور دیگر اضلاع کے ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کی بجائے پلوں کا ٹینڈر کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا شامل ہی نہیں بلکہ حکمران ترجیحات میں زیادہ زیادہ مال بنانا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے (اخلاق اسلامی قرآن کریم و احادیث مبارکہ کی روشنی میں) کے عنوان سے منعقدہ درسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ایمان کامل ہے جس کا اخلاق اچھا ہو۔ صاحب خلق عظیم سید الانبیاء ص نے فرمایا حسن اخلاق دنیا و آخرت سنوارتا ہے۔ اخلاق حسنہ گناہوں کو اس طرح پگھلا دیتا ہے جیسے سورج برف کو پگھلا دیتا ہے جبکہ بد اخلاقی اس طرح نیکیوں کو فاسد کر دیتی ہے جیسے سرکہ شہد کو خراب کرتا ہے۔انہوں نےکہا کہ سید الانبیاء ص کی ذات گرامی ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے جو خلق عظیم کے مالک اور مکارم اخلاق کو مکمل کرنے کے لئے مبعوث ہوئے۔
انہوں نےکہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف جتنی تقاریر کیں اب ان پر عمل کرنے کا وقت آچکا ہے چینی چوروں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ یہاں غریب اور امیر کے لئے علیحدہ قانون رہا ہے با اثر چور ہمیشہ قانون کی گرفت سے آزاد رہے ہیں جس کے باعث ملک ابتری کا شکار ہوا۔ بلا تفریق احتساب کے ذریعے وزیر اعظم یہ مثال قائم کریں کہ احتساب فقط حزب اختلاف کا نہیں بلکہ بلا تفریق سب چوروں کے خلاف ہو رہا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے مقبوضہ کشمیر میں خاتون صحافی مسرت زہرا کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی جبر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی خبر رساں اداروں سے منسلک ایک معروف صحافی کو فیس بک صارف ظاہر کر کے ان پر مقدمہ قائم کیا جانا بدنیتی پر مبنی ہے، اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارتی حکومت چنکیائی سیاست پر گامزن ہے ۔اپنے اقتدار کو قائم رکھنے کے لیے ہر ناجائز حربوں کو استعمال کیا جا رہا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں حکومتی بربریت کے خلاف آواز بلند کرنے والوں صحافیوں کے ساتھ انتقامی کاروائیاں آزادی اظہار رائے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے پورے مقبوضہ کشمیر کو یرغمال بنا رکھا ہے۔اس وقت پوری دنیا کورونا جیسی خطرناک وبا کی لپٹ میں ہے۔مختلف ممالک اپنے شہریوں کو صحت و خوراک سمیت ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں لیکن بھارتی حکومت نے اس عالمی مسئلہ سے دانستہ آنکھیں موند رکھی ہیں۔اسے کشمیر کے مسلمانوں کی صحت ، خوراک اوردیگر ضروریات زندگی سمیت کسی بھی چیز کی قطعاََ پرواہ نہیں۔ اقوام عالم کو بھارتی حکومت کی اس بے حسی کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں موجود علیحدگی پسند تنظیمیں اپنی حکومت کی اسی غنڈہ گردی سے تنگ آکر زور پکڑ رہی ہیں۔ اگر بھارتی حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو دنیا کے نقشے پر بہت جلد بھارت ٹکروں میں تقسیم نظر آئے گا۔انہوں نے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافی مسرت زہرا کی رہائی کے لیے بھارتی حکومت پر زور ڈالیں۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی کابینہ کا ہنگامی اجلاس وحدت سیکرٹریٹ مظفر آباد میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میں ملت تشیع کے خلاف منظم و بے بنیاد پروپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، نیز ماہ مبارک رمضان کے پروگرامات پر غور و خوض کیا گیا اور طے پایا کہ بہت جلد ملک گیر ملت تشیع کی نمائندہ جماعتوں کا مشاورتی اجلاس بلایا جائے گا، جس میں اہم ملی اور قومی امور پر فیصلہ جات کئے جائیں گے۔ اجلاس سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل آغا سید طالب حسین ہمدانی، سیکرٹری تنظیم سازی سید فدا حسین نقوی، سیکرٹری ایمپلائزونگ ممتاز حسین نقوی، سیکرٹری میڈیا سیل سید وقارت کاظمی و دیگر نے بھی گفتگو کی۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سے ان کی رہائشگاہ پر سید عارف حسین نقوی سیکرٹری سیاسی امور شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر نے ملاقات کی، ملاقات میں کرونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، لاک ڈاون، ماہ رمضان المبارک کے پروگرامات، جن میں وفات حضرت خدیجۃ الکبریٰ (س)، ولادت امام حسن مجتبیٰ (ع)، شبہائے شہادت امیرالمومنین امام علی (ع)، شبہائے قدر، ہفتہ نزول قرآن، یوم القدس اور اجتماعات عید اور سوشل میڈیا پر ملت تشیع کے خلاف تکفیری ٹولے کی توہین آمیز مہم کے بارے میں بات چیت ہوئی، نیز ملک گیر ملت کی آزاد کشمیر میں نمائندہ تنظیمات کے درمیان ہم آہنگی کے لیے APC کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔