The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی شب ضربت کے موقع پر مختلف وفو د سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد میںتاریخ کی پہلی دہشت گردی مولائے کائنات ،وصی پیغمبر ،امام اول حضرت علی ؑ کو ضرب لگا کر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دور عصر کی طرح اس وقت بھی دین کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کی صفوں میں منافقین موجود تھے جنہوں نے اپنے دنیاوی فائدے کے لیے داماد رسول امام وقت کے خون سے اپنے ہاتھوں کو رنگنے سے دریغ نہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات نے دین کوہر شے پر ہمیشہ مقدم رکھا۔ان کا کردار وعمل اسلامی تعلیمات کا حقیقی عکاس ہے۔حضرت علی علیہ السلام نے اپنے ظاہری دور خلافت میں جس طرح عدل و انصاف کی حکمرانی قائم کی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ایک پرامن معاشرے کے لیے انہیں اصولوں کو رائج کرنا ہو گا۔اپنے امور کو منظم کرنے اور یتمیوں کے حقوق کے بارے میں ان کی وصیت پر عمل کر معاشرے کو طبقاتی تفریق سے پاک کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا حضرت علی علیہ السلام کی حکمت و بصیرت پوری انسانیت کے لیے رہنما اصول ہیں جن پر عمل باوقار زندگی گزارنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل سیدہ زہرا نقوی نے نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نرسنگ ایک مقدس پیشہ ہے۔اس شعبے سے منسلک خواتین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پورے حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔کورونا وبا کے پھیلاؤ کی موجودہ صورتحال میں طبی عملے کی یہ اراکین ہمیشہ صف اول میں نظر آتی ہیں جولائق تحسین ہے۔اس جرات مندی پر مذکورہ شعبے سے وابستے خواتین کو داد نہ دینا بددیانتی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پر یہ فرض عائد ہوتاہے کہ قوم کی ان باوقار بچیوں اور بہنوں کا انتہائی احترام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو شعار بنانے والی خواتین کا مقام ہر معاشرے میں بلاشبہ بلندہے۔پاکستان میں نرسنگ کے فرائض منصبی ادا کرنی والی خواتین کو کم تنخواہ،مراعات کے فقدان اور محدود سہولیات کے باعث مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی کی موجودہ شرح کے تناسب سے نرسوں کی تنخواہ میں اضافے کا اعلان کرے۔مالی تنگدستی ذہنی دباؤ کا باعث بنتی ہے اور ذہنی دباؤ میں رہتے ہوئے فرائض کی بجا ادائیگی ممکن نہیں۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی اور سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ حکومت یوم علی کے جلوسوں میں رکاوٹ بننے سے گریز کرے۔یوم علی کی مناسبت سے مجالس پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہیں۔اس سلسلے میں صدر پاکستان، وزیر اعظم اور وفاقی وزیر مذہبی امور کو خطوط بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔کورونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری ایس او پیز کے تحت ملت تشیع کواپنی عبادات اور مذہبی رسومات ادا کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔صدر پاکستان اور وزیر اعظم نے علماکے ساتھ اجلاس میں بھی واضح طور پر کہا تھا کہ ایس او پیز کے بیس نکات کی پاسداری کو یقینی بنانے والوں کی مذہبی معاملات میں کوئی خلل نہیں ڈالا جائے گا مگر سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں یوم علی کے جلوسوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسلکی تعصب کی آڑ میں ملت تشیع کو نشانہ بنانے کی کسی کو بھی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ ملت تشیع کے حوالے سے کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ کرنے کی بجائے شیعہ قائدین کو اعتماد میں لیا جائے اور مشاورت کے بعد وہ فیصلے کیے جائیں جن پر دونوں فریق راضی ہوں۔انہوں نے کہاکہ ملک کے آٹھ کروڑ تشیع پر کوئی اپنی مرضی کیسے ٹھونس سکتا ہے۔کورونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری ہدایات پر ہمارے لوگ پہلے بھی سختی سے کاربند رہے ہیں اور آئندہ بھی احتیاط کے تمام تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ عزاداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس پر کسی قسم کو کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملت تشیع قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے قانونی تقاضوں کو ہمیشہ اور ہر حال میں مقدم رکھا۔اگربازار،شاپنگ مال اور کاروبار کی اجازت دی جاسکتی ہے تو عزاداری کے خلاف سازش کیوں؟حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور یوم علی کے سلسلے میں نکلنے والے جلوس اور مجالس کی فی الفور اجازت دے وگرنہ انتظامیہ خود ذمہ دارہوگی۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ یوم القدس اللہ کا دن ہے اور رسول اللہ کا دن ہے پوری دنیا کے مسلمان اس دن کو فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر مناتے ہیں۔ غاصب اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کی جانب سے قبلہ اول بیت المقدس اور سرزمین فلسطین کے خلاف مسلسل سامراجی سازشیں جاری ہیں لہذا وقت کا تقاضہ ہے کہ اس سال مسلمان گزشتہ سالوں کی نسبت بھر پور انداز سے آزادی قدس کا دن منائیں۔ ڈیل آف سنچری کا مقصد فلسطین کے مظلوم عوام کو اپنے وطن سے بے دخل کرنا ہے دنیا بھر کے غیرت مند مسلمان امریکہ اسرائیل اور عرب حکمرانوں کی  اس سازش کو ناکام بنائیں گے گے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا کی احتیاطی تدابیر کے باوجود ہر سطح پر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کا دیرینہ مسئلہ ہے دنیا بھر کے مسلمان فلسطین کے ساتھ ساتھ مظلوم کشمیریوں کے حق میں بھی صدائے احتجاج بلند کریں۔ آج بھارت اور اسرائیل مل کر امت مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور ان شیطانی سازشوں کو امریکہ برطانیہ اور دیگر سامراجی طاقتوں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

 انہوں نے پوری دنیا کے مسلمانوں اور پاکستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے حوالے سے سے بھرپور آواز بلند کریں اور غاصب اسرائیل کے خلاف اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے حق میں موثر آواز بلند کریں انشاءاللہ وہ دن قریب ہے کہ جب بیت المقدس آزاد ہوگا اور ہم کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا جشن منائیں گے۔

وحدت نیوز(لاہور)محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے ولادت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے موقع پر گلشن کالونی، نادر آباد اور علی پارک کے علاقوں میں موجود ضرورت مند گھرانوں میں راشن تقسیم کیا۔

محترمہ حنا تقوی نے فرمان امام حسن علیہ السلام بیان کرتے ہوئے کہا کہ نیکی کا مطلب یہ ہے کہ اس سے پہلے ٹال مٹول نہ ہو اور اس کے آخر میں احسان نہ جتایا جائے۔

آپ کا مزید کہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک ہمیں درس دیتا ہے کہ مخلوقِ خداکی تکلیفوں کوکم کیاجائے ان کی پریشانیوں دکھوں اورمصیبتوں کے وقت ان کے کام آیا جائے اللہ تعالیٰ کی مخلوق کیلئے آسانیاں پیداکرنا ہی مقصد دین ہے۔

وحدت نیوزّ(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ جہانزیب جعفری نے صدائے مظلومین پاراچنار کے رہنماؤں پر ایف آئی ار کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے کی پاداش میں مقدمات قائم کرنا آمرانہ طرز عمل ہے۔ایک جمہوری معاشرہ ایسے کسی اقدام کی قطعاً اجازت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ ظلم وجبر کے حربوں سے حق سچ کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ پارا چنار انتظامیہ کی غفلت کے باعث شورکی مسجد و امام بارگاہ کی تباہی کا المناک سانحہ رونما ہوا۔اپنی ناہلی چھپانے کے لیے ملت تشیع کو نشانہ بنایا جانا اپنےاختیارات سے تجاوز کی بدترین مثال ہے۔

انہوں نے پاراچنار کے مذہبی رہنماؤں مولانا مزمل حسین، شبیر ساجدی، شفیق طوری، حشمت طوری اور مجاہد طوری کوایف آئی آر میں نامزد کرنے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ کو فوری طور پر کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہم خاموش نہیں رہیں گے۔اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو ذمہ دارن کے خلاف ہر طرح کی قانونی و آئینی چارہ جوئی کی جائے گی۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کی جانب سے امام حسن علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر افطار ڈنر اور جشن کا انعقاد صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار میں کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ مرزا یوسف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسن علیہ السلام کی سیرت ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے، امام (ع) کی زندگی کے بہت سے پہلو ایسے ہیں جو تاحال پنہاں ہیں، امام علی (ع) نے اپنے بیٹوں امام حسن (ع) اور امام حسین (ع) کو ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مددگار بنے رہنے کی وصیت کی تھی، شہادت امام علی (ع) کے بعد امام حسن علیہ السلام جب منصب امامت پر فائز ہوئے تو امت مسلمہ کے کئی پیچیدہ معاملات آپ کے سامنے تھے، جنہیں آپ نے انتہائی بصیرت اور سمجھداری کے ساتھ حل کیا، امام علی (ع) کی سیرت کے مطابق آپ ظالموں سے جہاد کرتے رہے اور مظلوم کے مددگار بنے رہے، صلح امام حسن (ع) امام کی زندگی کا ایک پہلو ہے جبکہ آپ کی پوری زندگی مسلمانوں کے لئے اسوہ ہے، تاہم بدقسمتی سے امام (ع) کے نقش زندگی تاحال پنہاں ہیں جبکہ صلح کا پہلو بھی ایک تشنہ طلب موضوع ہے۔

علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ کورونا وائرس میں صحت عامہ کے متعلق ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل کرنا ضروری ہے۔ علامہ مرزا یوسف نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں لاک ڈاؤن کے باعث محدود آمدنی والے افراد کے لئے دوگنی مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے زبانی جمع خرچ سے بڑھ کر عملی اقدامات بروئے کار لائے۔ اس موقع پر نماز باجماعت ادا کی گئی۔ جشن کی تقریب سے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صوبائی رہنما ناصر حسینی نے بھی خطاب کیا جبکہ شعراء کرام ناصر آغا، نوید حسین رضوی، زوہیب حسن، علی رضا جعفری نے منظوم نذرانہ عقدیت پیش کئے، جشن امام حسن علیہ السلام میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی سندھ قمر عباس رضوی، مودت TV کے صادق زیدی، افتخار حسین، دانش عابدی اور اراکین نے شرکت کی۔ آخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم غزوہ بدر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غزوہ بدر اپنے اندر مسلمانوں کے لیے لاتعداد درس سموئے ہوئے ہیں۔حق و باطل کا یہ معرکہ اس حقیقت کی دلیل ہے کہ فتح و کامیابی بہترین افرادی قوت، جدید ہتھیاروں کی دستیابی اور مادی وسائل کی فروانی پر نہیں بلکہ کامل ایمان اور استقامت سے عطا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا عصر حاضر میں باطل قوتوں کو شکست دینے کے لیے بدری جذبے کو بنیاد بنانا ہو گا۔عالم استکبار بے پناہ مادی وسائل ،جدید جنگی سازو سامان اور شیطانی قوتیں کے گٹھ جوڑ سے خود کو دنیاوی خدا ثابت کرنے پر تُلا ہوا۔ حقیقی خدا پر ایمان رکھنے والی امت مسلمہ وحدت و اخوت اور جذبہ ایمانی کے ہتھیار سے باطل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا سکتی ہے۔ اللہ کی راہ اختیار کرنے والوں کے ساتھ اللہ کی خصوصی مدد شامل حال ہوتی ہے۔انہوں نے کہ کہا کہ کسی  دنیاوی سپر پاور سے مرعوب ہونے کی بجائے حقیقی سپر پاور پر کامل ایمان رکھتے ہوئے باوقار زندگی بسر کی جانی چاہیئے ۔  آج اگر ساری امت مسلمہ باہم ہو جائے تو اسلام دشمنوں کی ساری رعونت کو پلک جھپکتے خاک میں ملایا جا سکتا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) ولادت با سعادت کریم اھل بیت امام حسن مجتبی علیہ سلام کے پرمسرت موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ زھرا نقوی کا کہنا تھا امام حسن مجتبی علیہ سلام کا جود و سخا ، علم و حلم ، بخشش و عطا اور آپ علیہ سلام کی کریمی ہر خاص و عام کے لیے یکساں تھی آپؑ کے بلند اخلاق اور شان کریمی سے متاثر ہو کر دشمن بھی آپ کے گرویدہ ہو جاتے اور دین اسلام کی طرف مائل ہو جاتے آپ نے اپنی عمر کے 7 سال اپنے نانا رسول خداؐ کے ساتھ گزارے، بیعت رضوان اور نجران کے عیسائیوں کے ساتھ مباہلہ میں اپنے نانا حضرت محمد مصطفی ص کے ساتھ شریک ہوئے۔ آپ علیہ سلام اپنے نانا جناب رسول خداؑ اور بابا علی مرتضیؑ کے علم کے وارث تھے یہ آپ کی حکمت و بصیرت ہی تھی کہ جسکے باعث امت مسلمہ میں فتنہ گری کا توڑ ممکن ھوا۔دور حاضر میں ہر اٹھنے والے نئے فتنے کا مقابلہ اور دین مبین کی حفاظت کے لئے امام حسن مجتبی علیہ سلام کے کردار کی پیروی کرنا ضروری ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کراچی کے تحت چھٹے سالانہ معارف قرآن کلاسز کے چودہویں روز علامہ کاظم عباس نقوی نے آن لائن خطاب کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے سورہ مومنون کی آیت نمبر 97سے آیت نمبر 104تک کی تفسیر بیان کی اور کہا کہ شیطان شناسی ضروری ہے ۔ دشمن شناسی آدھی کامیابی ہے ۔ شیطان بہت مخفی انداز سے اپنی چالیں چلتا ہے ۔ شیطان انسان کا کھلاہوا اور دقیق دشمن ہے ۔ شیطان ہماری طاقت کا مقابلہ نہیں کرتا بلکہ ہمارے کمزور پہلو پر حملہ کرتا ہے ۔ شیطان کو ہم پر اختیار نہیں ہے لیکن انسان خود کو پست کرکے اسے اپنا ولی بنانے کا موقع دیتا ہے ۔ انسان شہرت، پیسے اور قدت کی خاطر گھٹنے ٹیک دیتا ہے پھر شیطان اسے رسوا کرتا ہے ۔ شیطان وسوسہ پیدا کرتا ہے ۔ پھر اس کے لشکر اس وسوسے کو تقویت دیتے ہیں اورانسان اس کے جال میں پھنس جاتا ہے ۔

انہوں نےکہا کہ شیطان اپنے کاموں میں مایوس نہیں ہوتا اورمستقل کام کرتا ہے ۔ پہلے بھاری طریقے سے گمراہ کرتا ہے پھر ہلکے طریقہ سے اور جو قلیل ترین گناہ سرزرد کروا سکے ،اس سے بھی کنارہ کش نہیں ہوتا بعض دفعہ ہمارے ذہن میں ایک بات پیدا ہوتی ہے پھر وہ پوری کہانی بن جاتی ہے ،ایسی برائیوں کو بنیاد فراہم کرنے والی ذات شیطان ہے ۔ ایسے موقع پر شیطان سے دوری اختیار کرنی چاہیئے ۔ نماز کا وقت شیطان کے لئے بہت بھاری ہوتا ہے ۔ وہ بھولی بھٹکی باتیں اور ان خیالات کو یاد دلاتا ہے جو ہمارے لئے بہت حساس نوعیت کی ہوتی ہیں ۔ اگر ہم پورے دن اپنے افکار کو بہتر کرنے کی کوشش کرے تو ہم نماز میں ان شیطانی خیالات کو کنٹرل کرسکتے ہیں ۔ شیطان کے انداز مخفیانہ ہے ۔ خدا نے پیغمبر کو بھی کہا کہ وہ اس کی مخفی چالوں سے پناہ طلب کریں تو پھر ہماری کیا کیفیت ہوگی ۔

علامہ کاظم عباس نقوی نے کہا کہ انسان کوقیامت کے دن سے ڈرنا چاہیئے ۔ ایک صورسے سب ختم ہوجائے گا اور اس مرحلہ پر سب دوبارہ اٹھائے جائیں گے ۔ اس دن کوئی کسی کو نہیں پہچانے گا ۔ خوف اور وحشت کی کیفیت ہوگی ۔ جس کے اعمال کے وزن ہلکے ہوں گے ،انہوں نے خود اپنے نفسوں کو خسارہ میں رکھا ۔ ان کا ٹھکانا ہمیشہ کے لئے جہنم ہوگا ۔

 علامہ کاظم عباس نقوی نے بتایا کہ سورہ مومنون میں خدا کہتا ہے کہ جب ان کو موت آتی ہے تو وہ خدا سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں واپس بھیج دے شاید عمل صالح انجام دے سکیں ۔ مگر خدا کہتا ہے کہ یہ ان کی محض زبانی جمع خرچی ہے ۔ مشکلوں میں بھی یہ لوگ اللہ کی جانب متوجہ نہیں ہوئے ۔ موت کے موقع پر پردے ہٹ جاتے ہیں ۔ اس موقع پر توبہ کا دروازہ بند ہوجا تا ہے ۔ انسان یقین کی مرحلہ پر داخل ہوجاتا ہے ۔ اس کے بعد برزخ کا مرحلہ ہے ۔

علامہ کاظم عباس نقوی نے کہا کہ برزخ اس دنیا اور اس آخرت کے درمیان کامرحلہ ہے ۔ جہاں کے وقت اور جگہ کا دنیا سے براہ راست تعلق نہیں ہے ۔ برزخ مومنین کے لئے تصفیہ کی جگہ ہے ۔ ہمارا بدن کسی عذاب کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے ۔ بعض حقوق الناس ایسے ہیں جن کا عذاب شاید قیامت تک پورا ہوگا ۔ علامہ کاظم عباس نقوی نے کہا کہ روزانہ اپنا محاسبہ کریں ۔ اس طرح بتدریج نیک اعمال کا پلڑہ بھاری ہوگا ۔ لحظہ بھر کے لئے اپنی ذات پر تقیہ نہیں کرنا چاہیئے ۔ ایک لمحہ کے لئے بھی خدا ہمیں چھوڑ دے تو ہم تباہی کے دہانے پر ہوں گے ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree