The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربرا ہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےمعروف عالم دین اور مذہبی اسکالر علامہ محمد امین شہیدی سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور ان بھائی محمد یحییٰ جعفری کے انتقال پرملال پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرحوم کے ایصال ثواب کے فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت کی دعا بھی کی ، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنر ل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ علامہ راجہ ناصرعباس کا کہنا تھا کہ خدا دکھ کی اس گھڑی میں تمام پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے اسرائیل کا ناپاک وجود پورے دنیا کے لیے سنگین ترین خطرہ بن چکا ہے۔اسرائیل اور اس کے حواریوں پرصیہونیت کی بالادستی منوانے کا جنون طاری ہے۔ فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کو ننگی جارحیت کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔تمام باشعور اقوام فلسطینی عوام کو اسرائیلی تسلط سے چھڑانے کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
16مئی کی مناسبت سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت وقت کے نمرود، شداد اور فرعون ہیں۔ ان کی رعونت ان کے لیے ذلت آمیز انجام ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا جو حکمران اسرائیل سے دوستی کے خواہاں ہیں وہ فکری طور پر یہود ونصاری کی غلامی کا شکار ہیں ۔انہیں امت مسلمہ کے وقار کی بجائے ذاتی تعلقات زیادہ عزیز ہے۔ایسی کوئی مصلحت کسی مسلمان کے لیے قطعاََ قابل قبول نہیں جس سے مسلمانوں کے غیرت و حمیت کو ٹھیس پہنچتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اسرائیلی تسلط سے بہت جلد آزادی حاصل کر لیں گے۔عالمی طاقت کا توازن بڑی تیزی سے تبدیلی ہو رہا ہے۔ جو امریکہ اور اسرائیل کے لیے سخت تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔سپر پاور کے زعم میں مبتلا امریکہ و اسرائیل بدلتی ہوئی عالمی تبدیلیوں کی بدولت حواس باختہ ہو چکے ہیں۔تباہی و بربادی باطل قوتوں کا مقدر ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا امت مسلمہ ظالموں سے دوری اختیار کر کے دنیا بھر کے مظلومین کی آواز اور درد کا مداوا بن سکتی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یوم القدس صیہونی غاصبوں کے خلاف دنیا کے جرات مند اور انصاف پسند طبقے کی للکار کا دن ہے۔ مسلمانوں کے قبلہ اول کی تاریخی حیثیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ ناقابل قبول ہے۔ یہود و نصاریٰ عالم اسلام کے ازلی دشمن ہیں ان پر یقین کرنا خود کو دھوکہ میں رکھنے کے مترادف ہے۔امریکہ ،اسرائیل اور بھارت وہ ٹرائیکا ہے جس نے عالمی امن کو سنگین خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔ دنیا کے ہر باشعور فرد پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ان ظالم قوتوں سے بیزاری و نفرت کا اظہار کریں۔
انہوں نے کہا القدس کی آزادی ایک حقیقت ہے جسے ہر حال پورا ہونا ہے۔عالم اسلام کا اتحاد صیہونی تسلط سے قدس کی بلاتاخیر آزادی کا سبب بنے گا۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی سالمیت و بقا کے لیے اسلامی دنیا کا اتحاد ناگزیر ہے۔جو مسلم حکمران عالم استکبار کو اپنی امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں ان کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔تاریخ شاید ہے کہ یہود ونصاری کی دوستی کا دم بھرنے والے حکمرانوں کو ہمیشہ عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑا۔عالم اسلام کی وحدت ہی ان کی طاقت ہے۔اتحاد و اخوت کا ہتھیار استعمال کر کے فلسطین اور کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلومین کو ظالموں سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عزاداری امام علی علیہ السلام عظیم عبادت ہے اور اس عبادت کے دوران عزاداروں کے خلاف جو ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں وہ انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہیں۔ عشق اہل بیت کے جرم میں ہم گذشتہ چودہ سو سال سے سختیاں مصائب اور مشکلات سہتے آئے ہیں اور جیل اور مقدمات ہمارے لئے نئے نہیں ہیں اور نہ ہی یہ مقدمات ہمیں اپنے ہدف سے روک سکتے ہیں۔ عزاداران امام علی علیہ السلام کے خلاف مقدمات سے نہ تو عزاداری کو روکا جا سکتا ہے نہ ہی ان کے عزم اور حوصلے میں کمی آ سکتی ہے۔ عشق اہل بیت کے جرم میں جیل جانا ہم اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
ہم اس موقع پر سندھ حکومت سے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلفور عزاداروں کے خلاف درج مقدمات واپس لے۔ ملک بھر میں جہاں جہاں عزاداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں ملت سے وابستہ وکلاء رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں اور پوری ملت اسیر عزاداروں کی حمایت کر رہی ہے۔ ہمیں اپنے خلاف مقدمات کے اندراج کا کوئی غم نہیں ہے ہمیں خوشی اس بات کی ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عزاداروں نے آل محمد سے کیا ہوا اپنا عہد وفا نبھایا ہے اور پاکستان کی گلی گلی اور شہر شہر میں علی علی کے نعرے بلند ہوئے ہیں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ مولائے کائنات کی شہادت کے جلوس میں شرکت کرنا سندھ میں جرم بن گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بروز محشر رسول اللہ کو کیا جواب دو گے؟۔ ملتان سے جاری مذمتی بیان میں ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دفعہ 144کی پاداش میں دو سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا حالانکہ حکومت نے خود ایس او پیز جاری کی تھیں، کراچی میں عزاداروں کی گرفتاری اور اس کے بعد سیکیورٹی اداروں کی پھرتیاں ملک کو نئے بحران کی جانب دھکیل رہی ہیں، کراچی میں گرفتار کیے گئے افراد کو مسلسل ادھر اُدھر کیا جارہا ہے، ملنے نہیں دیا جارہا اور کھانا بھی نہیں دینے دیا جا رہا، ان گرفتاریوں کے بعد کراچی میں لاک ڈائون کا اضافہ اور سوموار تک اسے بڑھانے کے پیچھے منظم سازش ہے، حکومت سندھ اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے، سندھ حکومت یزیدی فعل پر اُتر آئی ہے، ملک بھر میں عزاداروں نے ماتمی جلوسوں کے دوران ایس او پیز کی پاسداری کی ہے لیکن سندھ حکومت شاید کچھ اور پلان کرچکی ہے، ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور ان عزاداروں کو رہا کیا جائے۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی مبہم پالیسی ملت تشیع میں اضطراب کا باعث بنی۔یوم علی ع پر جلوسوں کی برآمدگی کے حوالے سے ملک بھر میں شیعہ قائدین اور حکومتی شخصیات کے مابین مذاکرات جاری تھے اور محدود عزاداروں کے ساتھ عزاداری کے پروگراموں کے انعقاد کا اصولی فیصلے ہو سکتے تھے لیکن کے پی کے سمیت مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے عجلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوم علی ع کے جلوسوں پر پابندی لگانے کا اچانک اعلان کر کے پوری قوم کو حیرت اور تشویش میں مبتلا کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملک میں بسنے والے ہر مکاتب فکر کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔تاہم یوم علی ع کے موقع ہر ملت تشیع کے ساتھ حکومت کی طرف سے متعصبانہ طرز عمل اختیار کرنے کی کوشش کی گئی جس پر پوری شیعہ قوم کو اپنے مذہبی جذبات منوانے کے لیے بھرپور انداز کے ساتھ گھروں سے باہر نکلنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بازاروں میں خریداروں کی غیر معمولی تعداد اور ایس او پیز کی دانستہ پامالی متعلقہ اداروں کی بےبسی کو ظاہر کرتی ہے۔حکومت کو چاہیئے کہ وہ مخصوص مکتبہ فکر کو نشانہ بنانے کی بجائے انتظامی حوالے سے مطلوبہ اہداف پر اپنی گرفت مضبوط کرے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یوم علی ع کے جلوس کی آڑ میں حکومت انتقامی کارروائیوں سے باز رہے اور عزاداران کے خلاف درج مقدمات فوری طور پر کالعدم قرار دیے جائیں ۔
وحدت نیوز(لاہور)یوم شہادت امیر کائنات حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے میں بیدیاں روڈ یونٹ میں مجلس عزا منعقد کی گئی جس سے محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے خطاب کیا اور فضائل و مصائب اہلبیت علیہم السلام بیان کئے۔محترمہ حنا تقوی نے معرفت قرآن و اہلبیت علیہ السّلام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگی سراپا قرآن و اہلبیت ہونی چاہیے ہماری سیاسی مسائل ہوں یا معاشی، اجتماعی ہوں یا خاندانی، زندگی کی ہر نہج کو ہمیں قرآن و اہل بیت ع کے مطابق بسر کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن و اہلبیت علیہم السلام کے فلسفہ ہدایت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
مجلس عزا کے اختتام پر شبیہہ تابوت امیر المومنین علی علیہ السلام بھی برآمد کیا گیامجلس عزا کا انعقاد تمام حکومتی ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کیا گیا۔مجلس میں شرکت کے لیے آنے والے تمام عزاداران امام کو ہینڈ سینی ٹائیزر،ماسک اور گلوز مہیا کیے گئے۔سماجی رابطے میں فاصلے کا بھی خاطر خواہ خیال رکھا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور) وحدت یوتھ پنجاب کے سیکریٹری سید سجاد نقوی نے کہا کہ وحدت یوتھ لاہور کے تمام جوانوں کوسلام پیش کرتاہوں جنہوں نے یوم علی علیہ السلام کے سارے روٹ کو سینیٹائز کیا اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ تمام ایس و پیز پر مکمل عملدرآمد کروایا، اور روٹ کے تمام راستوں پر سینیٹائیزر گیٹ اور ماسک کی فراہمی کو یقینی بنایا ۔
سجاد نقوی نے کہا کہ الحمد اللہ جلوس میں کسی بھی ایسے شخص کو داخل نہیں ہونے دیا گیا جس کا ٹمپریچر 97 سے اوپر ہو جلوس میں داخل ہونے سے پہلے جلوس کے راستوں کے ساتھ ساتھ ہر ایک عزادار کو مکمل سینیٹائز کیا گیا اور اس کے بعد اسے جلوس میں شرکت کی اجازت دی گئی ، ہر ایک عزادار کا ٹمپریچر چیک کرنے کے لئے ٹمپریچر گنز تمام انٹری پوائنٹ پر موجود تھیں۔
وحدت نیوز (شکارپور) سندھ بھر کی طرح ضلع شکارپور میںبھی ایس او پی کے مطابق جلوس یوم شہادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ نکالنا جرم بن گیا ، متعصب ایس ایس پی ضلع شکارپور کی ایماءپر ایم ڈبلیوایم ضلع شکارپور کے سکریٹری جنرل اصغر علی سیٹھار سمیت 36عزادار گرفتار مقدمہ درج ۔ عزاداروں پر ایس اوپی کی خلاف ورزی اور پولیس سٹیشن پر حملے کی جھوٹی ایف آئی آرز درج ۔رات گئے ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقرعباس زیدی کی ہدایات پر صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسن نے شخصی ضمانت پر تمام گرفتار عزاداروں کو رہا کروالیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس یزیدی کردار اداکرنے پر تل آئی ہے ۔ مختلف اضلاع کی طرح شکارپور میں بھی جلوس یوم شہادت مولائے کائنات نکالنے پر مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے سیکریٹری جنرل اصغر علی سیٹھارسمیت 36عزادار ماتمیوں کو گرفتار کرکے ایف 2آئی آر درج کرلی گئی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق 20رمضان المبارک کی رات شب شہادت مولاعلی ؑ کے موقع پر حکومتی ایس اوپی کے مطابق جلوس عزا نکالا گیا جس پر پولیس نے چڑھائی کردی اور عزاداروں پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ بعدازاں پولیس نے 36عزاداروں کوگرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا اور ایس اوپی کی خلاف ورزی اور تھانے پر حملے کی دو ایف آئی آرز درج کرلیں ، بعد ازاں ایک رات حوالات میں گذارنے کے بعد ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسن نے شخصی ضمانت پر تمام عزاداروں کو رہا کروالیا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے یوم علی علیہ السلام کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں میں عزاداروں کے خلاف بلاجواز ایف آئی آرز کے اندراج اور گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس او پی کے تحت عبادت کرنا ہمارا بنیادی حق ہے۔ عزاداری امام علیہ السلام عبادت ہے اور پاکستان کا قانون اور آئین ہمیں عبادت کرنے کی مکمل اجازت دیتا ہے۔ صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کی میٹنگز میں طے کیے گئے 20 نکات پر عملدرآمد کے باوجود عزاداری مجالس اور جلوسوں میں رکاوٹ ڈالنا افسوسناک ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں عزاداروں کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آرز جلد واپس لی جائیں اور عوام کو ایس او پی کے تحت عبادات کرنے کی مکمل اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت وقت ملک کے مختلف شہروں میں میں عید کے موقع پر بازاروں میں رش کے خاتمے کے لیے مناسب اقدام کرے۔ افسوس کی بات ہے کہ عوام کے خلاف سخت ترین اقدام کرنے والے حکمران اپنے فرائض سے غافل ہیں آج تک حکومت کی طرف سے نہ تو لانگ ڈاؤن کے متاثرہ مزدوروں کے لیے کوئی مناسب اقدامات کیے گئے اور نہ ہی صحت کے شعبے میں مناسب اقدامات کیے گئے۔