وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کیخلاف ایم ڈبلیو ایم کراچی اور آئی ایس او کراچی  کے تحت جامع مسجد نورایمان ناظم آباد اور جامع مسجد حسینی برف خانہ ملیر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ احتجاجی مظاہروں  میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رانا ثناء اللہ کی ایماء پر ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کی مذمت کی اور انکی رہائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مرزا یوسف حسین ،علامہ نشان حیدر ساجدی اور احسن عباس رضوی  نے کہا ہے کہ  ناصر شیرازی کا اغوا جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے،ظالموں کے مقابلے میں کبھی سرنگوں نہیں ہوں گے، ایک مذہبی وسیاسی جماعت کے ایسے مرکزی رہنما کو پنجاب حکومت کی ایما پر اغوا کیاگیا ہے جس پر کسی قسم کا کوئی مقدمہ یا الزام نہیں،انہیں رانا ثنا اللہ کے خلاف پیٹیشن دائر کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے، پنجاب کی انتظامیہ اور ادارے ریاست کی بجائے شخصی غلامی کا حق ادا کر کے قانون و آئین سے انحراف کر رہے ہیں،سیکورٹی ادارے عوام کوتحفظ فراہم کرنے کی بجائے دہشت کی علامت بنتے جا رہے ہیں،اس اغوا کے ذمہ دار شہباز شریف ،رانا ثنا اللہ اور آئی جی پنجاب ہیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ناصر شیرازی کے اغواء کا ذمہ دار رانا ثناءاللہ کو قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ناصر شیرازی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی متعصبانہ کارروائیاں تمام حدیں کراس کرچکی ہیں، رانا ثناء اللہ کی ملت جعفریہ سے دشمنی اور عناد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی میں پنجاب کے وزیر قانون ملوث ہیں، ان کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج نہ کرکے پولیس قانون اور آئین کو پامال کر رہی ہے، ہم پنجاب حکومت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی صفوں میں دہشتگردوں کے سرپرست چھپے بیٹھے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن نہیں کیا گیا۔

مقررین نے دھمکی دی کہ اگر ناصر شیرازی کو بازیاب نہ کرایا گیا تو احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا اور پورے ملک کو جام کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کو اس پر سوموٹو ایکشن لینا چاہیے۔ مقررین نے پنجاب پولیس کے رویے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ پنجاب پولیس ریاست کی بجائے شریف برادران کا باندی بن چکی ہے، آئی جی کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہیں، وہ تنخواہ ریاست سے لیتے ہیں اور نوکری شہباز شریف کی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے لاپتہ شیعہ افراد کیخلاف آواز اٹھائی تھی، وہ اتحاد امت کی بات کرتے ہیں، وہ شیعہ سنی کو متحد کرنے کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے تکفیریوں کو بے نقاب کیا جس کی پاداش میں تکفیریوں کے سرپرست نے ریاستی فورس کو استعمال کرتے ہوئے ناصر شیرازی کو اغواء کروا لیا ہے۔مقررین  نے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے،اس سنگین مسئلہ میں حکومت کی غیر سنجیدگی ملت تشیع کے اضطراب میں اضافے کا باعث ہوگی۔

وحدت نیوز(گلگت)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے اغوا سے پنجاب حکومت کی کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔ناصر عباس شیرازی کو پنجاب حکومت نے سیاسی ا نتقام کا نشانہ بنایا ہے،سیکورٹی کے نام پر پرامن سیاسی جماعت کے رہنما کا اغوا جمہوریت کا ڈھول پیٹنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا کہ بغیر کسی ایف آئی آر کے ناصر عباس شیرازی کا اغوا پنجاب حکومت کے ایماء پر کیا گیا ہے اور انہیں راناثناء اللہ کے خلاف پٹیشن دائر کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایاگیا ہے۔پنجاب میں انتظامی ادارے ریاست کی بقا اور عوام کو تحفط فراہم کرنے کی بجائے دہشت کی علامت بن چکے ہیں،اختیارات کا ناجائز استعمال غیر آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ظالمانہ اقدامات کے ذریعے خوف وہراس پھیلانے کا پنجاب حکومت کے منصوبے کو خاک میں ملادیا جائیگا،ظلم کے آگے ہم ہرگز تسلیم خم نہیں ہونگے ۔نفرت اور تعصب کے مقابلے میں ہمیشہ میدان میں رہینگے اور ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو تکمیل ہونے نہیں دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی کو کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب پولیس پرعائد ہوگی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیوایم کے رہنما ناصر شیرازی کے دن دھاڑے اغوا کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما سیکریٹری تبلیغات علامہ اعجاز حسین بہشتی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل برادر ناصر شیرازی کو اغوا کر کے پنجاب حکومت نے شیعہ دشمنی اور غنڈہ گردی کا ثبوت پیش کیا ہے، اگر برادر ناصر شیرازی کو فل فور رہا نہ کیا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر انشااللہ کل ملک بھر میں پنجاب حکومت کی جانب سے اس غیر قانونی کاروائی پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور ہم حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ مکتب تشیع کے خلاف متعصبانہ کاروائیوں کو فوری بند کریں آخر یہ کہاں کا انصاف ہے کہ وطن عزیز کے محب وطن و باوفا بیٹوں کو غائب کیا جائے۔پنجاب حکومت نے  برادر ناصر شیرازی کو مظلوموں کی حمایت کے جرم میں اغوا کیا گیا اگر برادر ناصر شیرازی کو کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی، جو حکومت ماڈل ٹاؤن میں خواتین سمیت چودہ افراد کو دن دھاڑے قتل کر سکتے ہیں تو ان سے کچھ بھی بعید نہیں ہے۔

ملتان (وحدت نیوز) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیرقانون رانا ثناء اللہ کے ایماء پر مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کا اغوا قابل مذمت ہے، ان خیالات کااظہار اُنہوں نے ملتان میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اقتدارنقوی کا مزید کہنا تھا کہ ناصر شیرازی نے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے خلاف آئینی پیٹیشن لاہور ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت دو رکنی بینچ کر رہا ہے، پنجاب حکومت اپنی موت سامنے دیکھ کر راستے سے ہٹانا چاہتی ہے،پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی،سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی،سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما مطلوب بخاری،سرائیکستان نوجوان تحریک کے سربراہ مہر مظہر عباس کات، سیدہ عابدہ بخاری،مولانا ہادی حسین ہادی،مولانا قاضی نادر حسین علوی، علی حیدر اور دیگر بھی موجود تھے۔  اُنہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کے اغوا کے ذمہ دار شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ ہیں، اگر انہیں کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو حالات کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی ۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف،چیف جسٹس اور سیکیورٹی ایجنسیاں اس واقعے کا جلد ایکشن لیں ، اگر ناصر عباس شیرازی کو رہا نہ کیا گیا تو جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہرے ہیں، لاہور میں وزیراعلی ہائوس کا گھیرائوکریں گے، فیصل آباد میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے گھر کا گھیرائو کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کو سیاست دانوں نے گھر کی لونڈی سمجھ رکھا ہے، ایک طرف ہمارے جوانوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے دوسری طرف ہمارے رہنمائوں کا اغواء اس حکومت کو لے ڈوبے گا، وزیراعلی پنجاب اس وقت قاتل اعلی بن چکا ہے، سانحہ ماڈل ٹائون سے لے کر کل کے واقعے تک ایک ایک ظلم کا حساب لیں گے، اُنہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کو فی الفور رہا کرایا جائے، علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ کل جمعہ کو ملتان،مظفرگڑھ،لیہ،بھکر،ڈیرہ غازیخان،میانوالی،بہاولپور،رحیم یار خان میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے پنجاب سیکرٹریٹ میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ناصر عباس شیرازی کی جبری گمشدگی میں پنجاب حکومت کے زیرِاثر سکیورٹی ادارے ملوث ہیں، ہم اس شرمناک عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پولیس کی طرف سے تاحال سید ناصر عباس شیرازی کی جبری گمشدگی پر ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا افسوسناک ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری ایف آئی آر درج کرکے مجرموں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے اعجاز چودھری، پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور، جماعت اسلامی کے امیر العظیم، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا، جمیعت علمائے پاکستان کے امجد چشتی، ایم ڈبلیو ایم کے علامہ مبارک موسوی، آئی ایس او کے مرکزی صدر انصر مہدی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے۔ اسد نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی متعصبانہ کارروائیاں تمام حدیں کراس کرچکی ہیں، رانا ثناء اللہ کی ملت جعفریہ سے دشمنی اور عناد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی میں پنجاب کے وزیر قانون ملوث ہیں، ان کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج نہ کرکے پولیس قانون اور آئین کو پامال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم پنجاب حکومت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے، کل لاہور پریس کلب سے ایوان اقتدار تک بھرپور احتجاجی ریلی نکالیں گے اور ملک بھر میں بھی اس ظلم و بربریت کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے ہونگے، ہم کسی بھی غیر قانونی اور غیر آئینی عمل کو برداشت نہیں کریں گے۔

 

پی ٹی آئی کے اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بدمعاشوں کی حکومت ہے، پنجاب پولیس شریف خاندان کی آلہ کار بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ناصر شیرازی کے اغواء کی مذمت کرتے ہیں اور ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ کور کمانڈر لاہور اور ڈی جی رینجرز کو آپریشن ردالفساد کے تحت ایکشن لینا چاہیئے اور ناصر شیرازی کو اغوا کرنیوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ انہوں نے کہا ناصر شیرازی کا اغوا موجودہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ جے یو پی کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی کا کہنا تھا کہ ناصر شیراز ی کو رانا ثناء اللہ نے اغوا کروایا ہے اور ان کی بازیابی تک جے یو پی ایم ڈبلیو ایم کے ہر احتجاج میں شامل رہے گی۔ جماعت اسلامی کے رہنما امیر العظیم کا کہنا تھا کہ ناصر شیرازی نے ہمیشہ فرقہ واریت اور دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور اتحاد امت کیلئے کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کا اغوا حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کا دعویٰ کرنیوالی حکومت بتائے کہ ناصر شیرازی کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا۔سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اغوا کاروں نے واردات کے موقع پر خود آپس میں باتیں کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی اور رانا ثناء اللہ کو بتا دیں کام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مکمل طور پر بوکھلا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلف میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے ترمیم کے بعد ہمیں بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ رانا ثناء اللہ کیخلاف آواز نہ اٹھائیں، لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کو ان کی اہلیہ کے سامنے اغوا کرنا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ایم ڈبلیو ایم کیساتھ ہے۔ سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے سوموٹو ایکشن لے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل اڑھائی بجے لاہور پریس کلب سے وزیراعلٰی ہاوس تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جس کے بعد وزیراعلٰی ہاؤس کے باہر ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، علامہ مبارک موسوی اور اسد عباس نقوی کریں گے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء سید ناصر عباس شیرازی ایڈوکیٹ کا اغوا نواز لیگ کی پنجاب حکومت کا سیاہ کارنامہ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین نے وطن عزیز میں امن، اخوت، اتحادبین المسلمین اور حب الوطنی کے فروغ کے لئے جو جدوجہد کی ہے، دوست و دشمن اس کے معترف ہیں۔ ایک عرصہ سے ملت جعفریہ انتقامی کاروائیوں کے نشانے پر ہے، یہ واضح امتیازی سلوک ہی ہے کہ ہزاروں زائرین اس وقت بھی تفتان ، کوئٹہ اور سندہ ، بلوچستان بارڈر پر پریشان بیٹھے ہیں ۔ حکومت زائرین کو تحفظ دینے کی بجائے ان کے لئے مشکلات کھڑی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید ناصر عباس شیرازی، جرئت و بہادری اور جہد مسلسل کا نام ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے بہادر کارکن حسینیت کے جذبے سے سرشار ہیں، انہیں گھٹیا حرکتوں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس ، ایڈوکیٹ سید ناصر عباس شیرازی کی اغوا نما گرفتاری کا فوری نوٹس لیں۔ سید ناصر عباس شیرازی کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ کارکن قائد وحدت کے حکم کے منتظر ہیں، مرکز سے موصولہ رہنمائی کے مطابق بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حق و صداقت کی راہ میں قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنا اہل حق کا شیوہ ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جیل کی سلاخیں حق والوں کو جھکانے میں ناکام رہی ہیں اب بھی شکست و رسوائی ان کا مقدر ہوگی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree