وحدت نیوز(اسلام آباد) ڈیرہ اسماعیل خان شیعان علی ابن ابی طالب ؑکی مقتل گاہ بن گئی ہے، خیبرپختونخوامیں مثالی پولیس سسٹم لانے کے دعویداروں سمیت پولیس کہیں نظرنہیں آرہی، ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کل ملک بھر میں بعد نماز جمعہ یوم احتجاج منائے گی، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی زمین اہل تشیع پر تنگ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، افسوس کے گذشتہ چند روز میں متعدد شیعہ جوان بے دردی سے دن دھاڑے قتل کردیئے گئے لیکن نئے پاکستان کی مثالی پولیس ایک بھی قاتل کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوئی، میں ملت تشیع پاکستان سے کل بروز جمعہ مظلومین ڈیرہ اسماعیل خان کی نسل کشی کے خلاف پر امن یوم احتجاج منانے کی اپیل کرتاہوں، کل بعد نماز جمعہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے منعقد کیئے جائیں اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں، میں ایم ڈبلیوایم کے تمام صوبائی اور ضلعی عہدیداران سے گذارش کرتاہوں کے اپنے اپنے ضلع ، تحصیل ، یونٹ میں بھرپور انداز میں احتجاجی اجتماعات کا انعقاد کریں ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ سیاست دان امیر سے امیر اور عوام غریب سے غریب ہوتے جارہے ہیں۔قانون و انصاف کی بجائے طاقت اور اختیار کی حکمرانی نظر آتی ہے۔قانون کی عملداری کا خاتمہ نا انصافی کو جنم دیتا ہے جس سے معاشرے سے نظم و ضبط کا خاتمہ اور انتشار کو فروغ ملتا ہے۔وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور قانون و انصاف کی حکمرانی کے لئے ضروری ہے کہ اقتدار کی باگ ڈورصالح و دیانت دار افراد کے ہاتھوں میں دی جائے۔ طاغوتی قوتوں عالم اسلام کے خلاف اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لیے سخت بے چین دکھائی دے رہے ہیں۔یہود و نصاری کا اولین ہدف امت مسلمہ کو ٹکروں میں تقسیم کر کے ان کی طاقت کو کمزور کرنا ہے۔یہ اسلام کے بدترین دشمن ہیں ۔جنہیں شکست سے دوچار کرنے کے لئے ہمارے پاس واحد ہتھیار اخوت و اتحاد ہے۔جو حکمران صیہونی و نصرانی گروہوں کو اپنا خیر خواہ سمجھتے ہیں وہ دین اسلام کی بنیادی تعلیمات سے انکاری ہیں اور مفاد پرستی کی سیاست کر رہے ہیں۔امریکہ و اسرائیل عرب و عجم کے مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان دیکھنا چاہتے ہیں۔ جو اسلامی ممالک ان اقدامات کو تقویت دے رہے ہیں وہ امت مسلمہ کے مفادات کے منافی اور یہود و نصاری کے ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہیں۔تاریخ شاہد ہے کہ یہود و نصاری کی دوستی نے مسلمانوں کو ہمیشہ نقصانات سے دوچار کیا ہے۔جن مسلم ممالک نے انہیں اپنا دشمن سمجھا وہ مضبوط ہوئے اور آج انہیں اقوام عالم میں نڈر اور باوقار قوم سمجھا جا تا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں حالات کی خرابی کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔امریکہ سپر پاور کے زعم میں مبتلا ہے اور اپنی بالادستی پرکوئی آنچ نہیں آنے دینا چاہتا یہی وجہ ہے امریکہ ہر اس ملک کے ساتھ بدمعاشی پر اتر آتا ہے جواس کے تسلط کو قبول نہیں کرتا۔پاکستان اور خطے کی دیگر ریاستوں کا غیرمستحکم ہونا امریکی مفادات میں ہے۔اس لیے امریکہ مسلمان ممالک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔پاکستان میں سی پیک منصوبے کی تکمیل یہود ونصاری اور بعض خلیجی ممالک کے مفادات کے لیے ایک بدترین دھچکا ہیں یہی وجہ ہے کہ گوادر اور سی پیک کی گزرگاہوں میں وقتا فوقتا دہشت گردی کی کاروائیاں کر کے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جا تی ہے۔انہوں نے کہا بھارت ہمارا کھلا دشمن ہے ۔اس پر کسی صورت اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ ارض پاک اس وقت تاریخ کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے۔
وحدت نیوز (ڈی آئی خان) ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں 30 دن کیلئے اسلحہ کی نمائش کرنے اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے پابندی کا اطلاق کیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ضلع بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہے۔ پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے بعد کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے تیس سالہ افتخار حسین کی نماز جنازہ کڑے پہرے میں شاہ سید منور میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پہ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ غضنفرعباس نقوی نے اپنی تقریر میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور خیبر پختونخوا حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ظلم کی انتہا ہے ملت جعفریہ پردہشت گردوں نے ڈیرہ کی زمین تنگ کی ہوئی ہے تو دوسری طرف سی ٹی ڈی نے انہی شہدا ءکے گھر چھاپے مار کر خوف و حراس پیدا کیا ہوا ہے اور پولیس ناکوں پے بیٹھ کر صرف ٹائم پاس کر رہی ہے۔تحریک انصاف کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے ایک دورہ بھی نہیں کیا کہ ڈی آئی خان جو صوبے کا دوسرا بڑا شہر ہے کیا یہاں کوئی انسان بستا بھی ہے یا نہیں، انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈیرہ انتظامیہ ناکام ہو چکی ہے اورڈیرہ کو آرمی کے حوالے کیا جائے۔ کل بروز جمعہ بنوں روڈ پر دھرنا دیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھاجائے گا۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختون خواہ کے سیکریٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعان علیؑ کی منظم نسل کشی پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شیعان علیؑ کی نسل کشی کی اصل ذمہ دار خیبر پختون خواہ کی حکومت اور قانون فافذ کرنیوالے ادارےہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعان علی ؑ کے بہیمانہ قتل عام پر حکومت اورقانون فافذ کرنیوالے اداروں نے آنکھ پر پٹیاں باندھی ہوئی ہیں ، گزشتہ بیس روز میں۳ شیعان علیؑ کو دن ڈھاڑے قتل کر دیاگیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ خیبر پختون خواہ میں مثالی امن کےدعویدار کہاں ہیں ۔ عمران خان کیو ں ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے اس قتل عام کا نوٹس نہیں لے رہے ہیں، ان کی یہ خاموشی اشارہ کر رہی ہے کہ وہ اس میں شریک جرم ہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کا ہنگامی اجلاس وحدت ہاوس انچولی میں مولانا صادق جعفری کی قیادت میں منعقد ہو اجس میں ملک بھر سمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ شیعہ نسل کشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو عمران خان پولیس کی تعریفوں کے پل باندھتے نظر آتے ہیں تو دوسری جانب یہ ہی پولیس ڈیرہ اسماعیل خان میں ملت جعفریہ کو تحفظ دینے میں ناکام نظر آتی ہے ،عمران خان ڈیرہ کے لوگ آپ سے سوال کرتے ہیں کیا یہ ہے آپ کا نیا پاکستان جہاں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا خون بہایا جائے، اجلاس میں علامہ مبشر حسن ،مولانا نشان حیدر ،میر تقی ظفر سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی کی خلاف کل بروز جمعہ شہر قائد کی تمام جامع مساجد میں احتجاجی مظاہرےکیے جائیں گے جس سےعلما ئے کرام و دانشور حضرات خطاب کریں گے۔
وحدت نیوز (فیصل آباد) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان فیصل آباد کی جانب سے خواہرانِ وحدت کیلئے مہدی برحق ع تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔جس میں ضلع فیصل آباد اور اطراف کے دیگر اضلاع کی خواتین کارکنان نے شرکت کی،ورکشاپ میں کارکنان کی روحانی و تنظیمی تربیت کے حوالے سے لیکچرز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ لیکچرز کے لئے خصوصی طور پہ "بین الاقوامی و ملکی تشیع کی صورتحال اور مقاوم خواتین کی ذمہ داریاں"، ناصر شیرازی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان ، "کنیزانِ سیدۃ النساء العالمین، ع کی خصوصیات"،محترمہ زہرہ نقوی مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان ، "تربیتِ معاشرہ اور تنظیم" مرکزی سیکرٹری برائے تعلیم و تربیت محترمہ نرگس سجاد،"معاشرتی فلاح وبہبود اور تنظیم" مرکزی سیکرٹری برائے فلاح و بہبودمحترمہ فرحانہ گلزیب،مرکزی سیکرٹری برائے توسیع و تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی، مرکزی سیکرٹری برائے رابطہ محترمہ لبانہ کاظمی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔اسکے علاوہ مرکزی رہنماؤں کی بھی مرکزی و صوبائی کابینہ کی اراکین کیساتھ خصوصی نشست ہوئی اور صوبائی کمیٹی کا بھی قیام عمل میں آیا۔ نمازِ باجماعت،دعا و مناجات، گروپ ڈیسکشنز اور تربیتی ٹیبلو کا بھی اہتمام کئے گئے اور بہترین کارکردگی پر خواہران میں تحائف تقسیم کئے گئے۔