وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام دختر رسول ص حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے لاہور واشنگ لائن امام بارگاہ حسینیہ میں جشن کوثر کا اہتمام کیا گیا. تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےخطاب کرتے ہوئے جناب سیدہ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کی عظمت کو جاننے کے لیے محمد و آل محمد ص کی معرفت ضروری ہے.جناب سیدہ اس کائنات کی وہ عابدہ ہیں کہ جو رب العزت کی اتنی عبادت کرتیں کہ ان کے پاؤں پر ورم آجاتا۔
ان کامزید کہنا تھا کہ جناب سیدہ کی عظمت اتنی بلند ہے کہ ساری مخلوق جناب سیدہ کے مقام معرفت تک رسائی حاصل نہیں کر سکتی. عالمی منظر نامے پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا کو ٹرمپ،نیتن یاہو اور آل سعود جیسے حیوانوں نے پریشان کر رکھا ہے۔آج کا میڈیا آزاد نہیں،آج ظالم کو مظلوم اور مظلوم کو ظالم بنایا جا رہا ہے،یمن میں جاری سعودی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یمن میں معصوم بچوں اور عورتوں کے قاتل آل سعود کے اشارے پر دنیا کو دہوکہ دے رہے ہیں، آل سعود کا ساتھ دینا قاتلوں کا ساتھ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 60ملکی قاتل اتحاد یمن میں شکست کھا چکا ہے.یہ دشمن قوتیں پاکستان کو فرقہ واریت میں تقسیم کر رہی ہیں، اگر آج 22کروڑ مسلمانوں کے پاکستان کو فرقہ واریت میں نہ بانٹا ہوتا تو پاکستان دہشتگردوں کا قبرستان ہوتا،تقریب کے اختتام پر قرعہ اندازی میں خوشنصیب شہری میثم رضا مہدی کو ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے زیارات کا ٹکٹ دیا گیا۔
وحدت نیوز(تہران) ہر سال کی طرح امسال بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان امور خارجہ شعبہ تہران اور تہران میں مقیم پاکستانی طلاب جامعات کی انجمن کے تعاون سے تہران میں "طلاب جامعات اور شہید محمد علی نقوی رح" کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا،سیمینار سے پہلے شہید بزرگوار کے ایصال ثواب کے لیے زیارت عاشورا اور مجلس کا اہتمام کیا گیا تھا۔
سیمینار سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امور خارجہ کے مسوول حجت الاسلام ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی اور نہاد مقام معظم رہبری در جامعات کے سیاسی انچارج حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر مصطفی رستمی نے خطاب کیا اور شہید و شہادت کی اہمیت اور ڈاکٹر نقوی شہید کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر نہاد مقام معظم رہبری در جامعات کے بین الاقوامی امور کے انچارج حجت الاسلام محسن رحمانی اور تہرانی جامعات کے پاکستانی طلاب کی انجمن و مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ تہران کے مسوول ڈاکٹر سید ابن حسن بھی موجود رہے،سیمینار کے آخر پر حاضرین نے مقررین سے سوال و جواب کیے،ایران کے دارالخلافہ تہران میں منعقد ہونے والے اس سیمینار میں تہرانی جامعات کے طلاب اور تہران میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔
وحدت نیوز( قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین قم المقدسہ کے زیر اہتمام سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقویؒ کی تئیسویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی،برسی کا پروگرام مدرسہ مبارکہ حجتیہ کی مسجد میں ہوا، پروگرام میں ڈاکٹر شہید کے عقیدتمندوں اور چاہنے والوں نے ہمیشہ کی طرح بھرپور شرکت کی،پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔تلاوت قرآن مجید کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین سید نعیم الحسن نقوی اور شہید کے ہمرزم ڈاکٹر منصور حقیقت پور نے شہید نقوی کے مختلف خصوصیات اور عملی زندگی پر جامع اور مدلل انداز میں روشنی ڈالی۔اس موقع پر شہید نقوی کی یاد میں ایک تصویری نمائش بھی لگائی گئی تھی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے پولٹیکل سیکرٹری علی حسین نقوی نے کہا کہ کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور اقرباء پروری کی سیاست نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، ایک دوسرے کو چور چور کہنے کی سیاست کرنیوالے چوروں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، ان خیالات کا اظہارعلی حسین نقوی نے کراچی ڈویژن کی پولٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے پولٹیکل سیکرٹری میر تقی ظفر ،علامہ مبشر حسن ،احسن عباس ،ودیگر موجود تھے ۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیں بلکہ عملی جدوجہد اور عوامی مسائل حل کرنے سے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافی، جانب داری اور کرپشن کی دیواروں پر کھڑی حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا، حکومتی بلند بانگ ترقیاتی کاموں کے باوجود کروڑوں مظلوم عوام غربت کی سطح سے نیچے کی زندگی بسر کر رہے ہیں، عدم انصاف، کرپشن مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غریبوں کو حقوق اور روزگار مہیا کرکے ہی دہشتگردی کو سیاسی طور پر کمزور کیا جا سکتا ہے
وحدت نیوز (جیکب آباد) شجرکاری مہم کے سلسلے میںآج المرتضی کالونی جیکب آباد میں خصوصی پروگرام منعقد ہوا۔ شجرکاری مہم میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی، ضلعی سیکریٹری جنرل آغا سیف علی ڈومکی، سیکریٹری تنظیم مولانا حسن رضا غدیری، مولانا منور حسین سولنگی و دیگر شریک ہوئے۔ اس موقعہ پر سٹی آف نالج پبلک اسکول کے طلباء نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ درخت ،کا سایہ جیکب آباد جیسے گرم علاقے کے لوگوں کا بہترین ،حافظ ہے، جو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باوجود گرمی کی شدت سے بچاتا ہے۔ زمین کا حسن ہیں جو ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھتے ہیں، انہوں نے سندہ کے عوام اور تنظیمی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری عبادت ہے روایات میں درخت کاشت کرنے والے کے لئے بے پناہ اجر و ثواب کا ذکر ملتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں کہ مسلمان کوئی درخت یا کھیتی لگائے، اس میں سے انسان ، جانور یا پرندہ کھائے تو یہ درخت لگانے والے کے لئے صدقہ شمار ہوگا۔
علامہ مقصودعلی ڈومکی نے مجلس وحدت مسلمین سندہ کے تمام اضلاع سے اپیل کی کہ وہ شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے درخت لگائیں اور اس سلسلے محکمہ جنگلات ، ضلعی حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں درخت بہترین سہارا ہیں، جو گرمی کی شدت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ماحول کی خوبصورتی اور پاکیزگی میں اضافے کا باعث ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری امور سیاسیات میر تقی ظفر کی ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری سے ملاقات، الیکشن کمیشن آف پاکستان سے موصولہ اطلاعات اور نئی حلقہ بندیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اس موقع پر ضلع شرقی کے آرگنائزرجعفرحسین اور عباس اشرف نے بھی ڈویژنل رہنماوں سے ملاقات کی اور ضلع میں تنظیم سازی اور شہدائے عباس ٹاون کی برسی کے اجتماع کے حوالے سے بھی مشاورت کی ،برسی کا اجتماع17مارچ بروز ہفتہ بعد نماز مغربین، جامع مسجد مصطفیٰ عباس ٹاون میں منعقد ہوگا جس میں مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری خطاب کریں گے، اس موقع پرڈویژنل ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن اور صوبائی سیکریٹری مالیات ظہیر حیدر زیدی بھی موجود تھے۔