The Latest
وحدت نیوز(کراچی) سانحہ پاراچنارایمان فروش امریکی و اسرائیلی ایجنٹوں کی کاروائی ہے ،حکومت اور عدلیہ اگر شہریوں کو تحفظ اور انصاف نہیں دی سکتی تو مسند اقتدار و قضاوت کو خیر باد کہ دے ،سانحہ پاراچنار میں 60سے زائد شہریوں کی شہادت او ر250سے زائد کا زخمی ہو نا وفاقی و صوبائی حکومت کے لئے کلنک کا ٹیکہ ہے ، دہشت گردی کی اس وہشت ناک سانحے سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں ماہ رمضان المبارک کے ان بابرکت ایام میں بیگناہ روزے دار مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کر کے ان بے غیرت خارجی دہشت گردوں نے خدا کے قہر و عذاب کے سوا کچھ حاصل نہیں کیا۔سانحہ پاراچنار پر دل خون رو ررہا ہے ، حکومت وقت ، اعلیٰ عدلیہ اور سیکورٹی ادارے بیگناہ پاکستانیوں کے قتل عام کا تماشہ دیکھ رہے ہیں اور اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں ۔ ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ امین شہیدی ،علامہ اعجاز حسین بہشتی ، علامہ صادق رضا تقوی ،ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنماء علامہ دیدار علی جلبانی ، علامہ علی انور اور علی حسین نقوی نے سانحہ پاراچنار کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی ریلی سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ نو منتخب حکومت نے بر سر اقتدار آتے ہی دہشتگردوں سے مذاکرات کا راگ الاپنا شروع کر دیا۔ جس کی وجہ سے دہشت گرد واقعات میں تیزی آئی۔ آج یہ واضح ہوگیا ہے کہ دہشتگردوں کی ملک بھر میں رٹ قائم ہوچکی ہے، وہ جب اور جہاں چاہتے ہیں معصوم انسانوں کو نشانہ بنا ڈالتے ہیں لیکن حکومت اور ریاستی ادارے انہیں روکنے میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں، ہم حکومت سے پوچھتے ہیں کہ جب ملک کی سلامتی کے اداروں پر حملوں ہو رہے ہیں تو یہ خاموش کیوں ہے۔؟ کہیں ان حملوں پر اعلیٰ اختیاراتی اداروں کی خاموشی انکے بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کے لئے تو نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت وقت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش نہ کی جائے، جو قوتیں ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہی ہیں وہ یاد رکھیں کہ انہیں اس کے انتہائی سنگین نتائج بھگتنا ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی کوئٹہ میں دھماکے کرکے انسانی جانوں کا خون بہا جا رہا ہے تو کبھی پشاور اور پاراچنار میں معصوم روزہ داروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاراچنار، کوئٹہ، کراچی، پشاور اور ملک کے دیگر علاقوں میں ان دہشگردوں کے خلاف سوات طرز کا آپریشن کیا جائے، اور ملک بھر سے ان دہشتگردوں کی کمین گاہوں کو فی الفور ختم کیا جائے، بصورت دیگر ہم حکومت کیخلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے اور حکومتی ایوانوں کا گھراؤ کریں گے۔
علامہ صادق رضا تقوی نے نے یوم علی (ع) اور یوم القدس کے جلوسوں پر حملوں کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت ان جلوسوں کی سکیورٹی فوج کی نگرانی میں کرائے اور شہریوں کے تحفظ کو یقنی بنائے،۔
وحدت نیوز (اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ 5 اگست کو ملک بھر میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) سے تجدید وفا نبھانے کے لئے برسی کے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے جبکہ ساتھ ساتھ شہید حسینی (رہ) کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے 22 تا 27 رمضان المبارک کو ’’ہفتہ قرآن ‘‘ کے عنوان سے بھی منایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی میڈیا سیل کو دیئے گئے ایک بیان میں کیا۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسیی (رہ) کی یاد کو زندہ کرنا ہم اپنا فرض اولین سمجھتے ہیں کیونکہ جو قومیں اپنے شہداء کی یاد کو زندہ نہ رکھیں وہ بھی تاریخ کے اوراق میں گم ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملت تشیع وہ عظیم قوم ہے کہ جس نے اپنے آئمہ معصومین (ع) کی یاد کے ساتھ ساتھ اپنے شہداء کی یادوں کو بھی زندہ رکھا ہے کیونکہ ان یادوں کو زندہ رکھنے سے قوموں میں حرارت باقی رہتی ہے اور شہداء کی ان ہی یادوں کو زندہ رکھنے ہی کی بدولت قوموں کو باطل قوتوں سے ٹکرانے کا عظیم حوصلہ ملتا ہے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے ملک بھر میں موجود ایم ڈبلیو ایم کے اضلاع کو تاکید کی کہ وہ شہید حسینی (رہ) برسی کی مناسبت سے مجالس عزا و دیگر محافل کے ساتھ ساتھ قرآن کانفرنس کے انعقاد کو بھی یقینی بنائیں۔
امام خمینی (رہ) نے فلسطین کے مسئلے کو عربوں سے نکال کر اسے عالمی ایشو بنا دیا، علامہ ناصر عباس جعفری
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے تمام مظلوموں کے ساتھ ہیں اور ہر ظالم کے مخالف ہیں، افغانستان، عراق، مصر، کشمیر، شام اور فلسطین مسلم امہ کے سلگتے مسائل ہیں۔ آج لاکھوں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا ہے لیکن مسلم امہ خاموش ہے، او آئی سی چپ ہے، مسلمانوں کے قبلہ اول پر غاصب اسرائیل کا قبضہ ہے، جس کی سرپرستی امریکہ اور یورپ کر رہا ہے۔ لٰہذا مسلم امہ کو بیدار ہونا چاہیے اور اپنے اتحاد کے ذریعے غاصب اسرائیل کو نابود کرنا دینا چاہیے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ مسلم حکمران اسرائیل کے حامی ہیں لیکن عوام اسرائیل اور امریکہ سے نفرت کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منانے کا اعلان کرکے فلسطینی مسئلے کو عربوں سے نکال عالمی ایشو بنا دیا، امام خمینی (رہ) نے فلسطین کے ایشو کو عالمی، انسانی اور تاریخ کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا، آج دنیا بھر میں القدس کی آزادی کی خاطر مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طاقتور پاکستان مسلم ممالک کی قیادت کرسکتا ہے اور ایک کمزور پاکستان سب کیلئے مسائل کا باعث بنے گا۔ لٰہذا حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے وقار کو بڑھانے اور اسے مضبوط بنانے کیلئے علمی اقدامات کریں۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ وہ آج اپنا دکھ بیان کرنا چاہتے ہیں کہ مصر کے صدر مرسی نے مصر میں کئی فاش غلطیاں کی ہیں، اسلامی بیداری کا مطلب اسرائیل سے مذاکرات کرنا اور کیمپ ڈیوڈ معاہدے کی توثیق کرنا نہیں ہوتا، ہم دیکھتے ہیں کہ ایران میں جب اسلامی بیداری آئی اور انقلاب آیا تو سب سے پہلے تہران سے امریکی سفارتخانہ بند ہوا اور فلسطین کا سفارتخانہ کھولا گیا لیکن صدر مرسی نے شام کا سفارتخانہ بند کرکے اسرائیلی سفارتخانے کو کھلا رہنے دیا۔ ہم فوجی انقلاب کی مذمت کرتے ہیں لیکن معزول صدر نے ان امور میں فاش غلطیاں کی ہیں، انہیں چاہیے تھا کہ وہ مسلم امہ سے اپنے تعلقات بہتر بناتے اور امریکہ کی سازشوں کو پہچانتے، لیکن وہ امریکی سازشوں میں گھر گئے اور نتیجہ حکومت کا خاتمہ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو مصر میں فوجی آمریت کی پرزور مذمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس بعنوان ’’فلسطین مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ شام اور پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کو قتل کرنے میں امریکی اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ عالمی صیہونی و استعماری قوتیں شام میں بحران پیدا کر رہی ہیں کیونکہ شام فلسطین کیلئے ایک عظیم پناہ گاہ ہے۔ 23 رمضان المبارک جمعة الوداع کو امام خمینی کے فرمان کے مطابق پاکستان بھر میں عالمی یوم القدس منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری مولانا امداد نسیمی، مولانا گل حسن مرتضوی، عالم کربلائی، یعقوب حسینی، سید عروج، دانش زیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا محمد مختار احمد امامی نے کہا کہ دنیا بھر کے دہشت گردوں کو شام میں جمع کیا گیا ہے تاکہ شام کی عوامی حکومت کو غیر مستحکم کیا جائے اور عالمی صیہونی طاقتوں امریکا، اسرائیل کی من پسند حکومت قائم کرکے فلسطین کیلئے شام کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو نابود کیا جائے البتہ دشمنان اسلام اور فلسطین اپنے ناپاک عزائم میں تاحال ناکام رہے ہیں۔
مولانا مختار احمد امامی نے کہا کہ ہم اولیائے کرام کے مزارات اور مقدس جگہوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے سانحہ پارا چنار پر یوم احتجاج کی کال کی حمایت کرتے ہیں اس سے ثابت ہوگیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف سنی شیعہ متفق ہیں۔ پاکستان میں فرقہ واریت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 رمضان المبارک جمعة الوداع کو امام خمینی کے فرمان کے مطابق پاکستان بھر میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے فلسطینیوں کی حمایت اور بیت المقدس کی بازیابی کیلئے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان کی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان ریلیوں اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور عالمی یوم القدس منا کر مظلوم فلسطینیوں سے اپنے والہانہ محبت کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کے پیچھے امریکا، اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹوں کا ہاتھ ہے۔ مولانا مختار امامی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پارا چنار سمیت ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی میں جو بھی عناصر ملوث ہیں ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور پارا چنار میں شیعہ مسلمانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
وحدت نیوز (سکھر)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکریٹری امور سیاسیات عبداللہ مطہری کے چھوٹے بھائی اور مجلس وحدت مسلمین ضلع لاڑکانہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عابد حسین منگی حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے ۔مرحوم کے اچانک انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ ) نے مرحوم کے پسماندگان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ، اور مرحوم کی قومی، ملی،سماجی خدمات کو سراہتے ہو ئے انکی جوار معصومین ع میں جگہ کے حصول کی دعا کی۔
مرحوم کی نماز جنازہ پرانا سکھر میں مولانا عالم شاہ موسوی کی زیر اقتداء ادا کر دی گئی ، اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ، ہر آنکھ اشکبار تھی ،صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی اور دیگر صوبائی اور ضلعی رہنماء بھی نماز جنازہ میں شریک تھے ۔پورے پاکستان سے تنظیمی عہدیداران کی جانب سے عبداللہ مطہری اور انکے خانوادے سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ۔
وحدت نیوز ( سکھر) پاراچنار میں ہونے والے یکے بعد دیگرے دو خودکش بم دھماکوں اور ان کے نتیجے میں ۶۰ سے زائد بیگناہ روزہ داروں کی مظلومانہ شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، جس کی قیادت ضلعی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسین نے کی ۔مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ ، اسرائیل اور طالبان کے خلاف نعرے درج تھے ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے ضلعی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسین کا کہنا تھا کہ حکومت وقت کے منہ پر زلت سے بھر پور تماچہ ہے کہ وہ جن طالبان سے مزاکرات کے لئے مرے جا رہے ہیں وہی طالبان روزانہ سرزمین وطن کو بیگناہ پاکستانیوں کے خون سے رنگیں کیئے جا رہے ہیں ، سانحہ پاراچنار پاکستان کی تاریخ کا افسوس ناک اور قابل مذمت واقعہ ہے جس میں دہشت گردوں نے شیعہ سنی کی تفریق کے بغیر بیگناہ روزہ داروں کو نشانہ بنایا ۔
وحدت نیوز (پشاور) معروف عالم دین علامہ خورشید انور جوادی اور مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے قامقام سیکرٹری جنرل علامہ سید عامر حیدر شمسی نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیر علاج پارا چنار دھماکوں کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات ایس اے زیدی، صوبائی آفس مسول ارشاد حسین بنگش اور ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل منصور الحسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وفد نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ڈاکٹروں کو ان کے علاج میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کی اپیل بھی کی۔ زخمیوں میں امدادی رقوم بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر علامہ خورشید جوادی اور علامہ عامر شمسی کا کہنا تھا کہ سانحہ پارا چنار پر پوری قوم کے دل غمگین ہیں، دہشتگردی کا سلسلہ نہ رکا تو پاکستان کا استحکام خطرے میں پڑ جائے گا۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے زیر اہتمام سانحہ پارا چنار کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے حکومت اور دہشتگردوں کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ضلع پشاور کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل منصور الحسن کا کہنا تھا کہ پارا چنار سمیت ملک کے طول و عرض میں بے گناہ پاکستانیوں کا خون ناحق بہایا جارہا ہے۔ جبکہ ملت تشیع کو جس طریقہ سے قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہ پوری قوم کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت آنے کے بعد دہشتگردی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، یہ عرب ممالک کے فنڈ سے اقتدار میں آنے والی حکومت کے تحفے ہیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت بھی قتل و غارت گری کی ایک بڑی وجہ ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پشاور کی سیکرٹری جنرل سیدہ نسیم نقوی نے کہا کہ دہشتگرد کان کھول کر سن لیں، ہم ان دھماکوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں۔ ہم 14 سو سال سے یزیدیت کا تعاقب کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ احتجاجی مظاہرہ کے اختتام پر درج ذیل قرار دادیں منظور کی گئیں۔
1۔ پارا چنار کی سیکورٹی فوج اور ایف سی سے واپس لیکر کرم ملیشیاء کے حوالے کی جائے۔
2۔ دہشتگردوں کیخلاف سوات طرز پر آپریشن کلین اپ کیا جائے۔
3۔ شہداء کے لواحقین کو 10,10 اور زخمیوں کو 7,7 لاکھ روپے معاوضہ فوری طور پر ادا کیا جائے۔
وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین (شعبہ مشہد) کے سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے پاراچنار میں 80 افراد کی شہادت اور سینکڑوں مومنین کے زخمی ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عملی طور پر پاکستان بھر میں حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے۔ ملک کے کسی بھی حصے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، پورا ملک دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے اور دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ مشہد سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عقیل حسین خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت ہی نہیں فوج بھی جس کا کام ملک کی داخلی و خارجی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے، بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ جبکہ انٹیلیجنس ادارے خود دہشت گردوں کے سرپرستوں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اسی طرح مسند انصاف پر بیٹھا منصف صرف شراب کی بوتل، تھپڑ مارنے اور توہین عدالت پر نوٹس لینے کے لیے رہ گیا ہے، جب ملک کی صورتحال ایسی ہو تو عام آدمی مجبور ہو جاتا ہے کہ یا تو ان دہشت گردوں کا ساتھی بن جائے یا پھر اپنی حفاظت کے لیے انتہائی سخت قدم اُٹھائے۔ آج پاکستان بھر میں ملت تشیع اس دوراہے پر کھڑی ہے اور اگر اب بھی حکومتی ایوانوں میں بیٹھنے والوں نے کوئی چارہ نہ کیا تو پھر شیعیان حیدر کرار (ع) دوسرے راستے کا انتخاب کریں گے اور دہشت گردوں اور اُن کے سرپرستوں کا محاسبہ کریں گے۔
وحدت نیوز ( قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین قم المقدسہ کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے پارا چنار میں مسجد کے قریب ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کل جب پورا ملک روزہ افطار کرنے کی تیاری کر رہا تھا، عین اُسی وقت پاراچنار میں قیامت صغریٰ کا منظر تھا۔ پاراچنار میں سکیورٹی ادارے اور ایجنسیاں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔
قم المقدسہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق علامہ فخرالدین کا کہنا تھا کہ پاراچنار میں ایجنسی انتظامیہ ہمارے خلاف کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہے جس کے کئی بار شواہد پیش کرنے کے باوجود بھی آرمی چیف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاراچنار میں پچاس سے زائد مومنین کی شہادت پر امام زمانہ (عج) اور رہبر معظم کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ روزہ کی حالت میں مومنین کی شہادت نے مسجد کوفہ کا یاد تازہ کر دی ہے، اس سانحہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ علامہ فخرالدین کا کہنا تھا کہ اس سے قبل پشاور میں مدرسے میں ہونے والے سانحے کے مجرمان کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جاتی تو دشمن کو اس حملے کی جرات نہ ہوتی۔