وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان ضلع کوئٹہ کا ایک اہم اجلاس مجلس علماء کےصوبائی صدر علامہ محمد موسی حسینی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں تنظیمی معاملات اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں کثرت رائے سے آغا احمد یاور رجائی کو ضلع کوئٹہ (علمدار روڈ) کا صدر منتخب کیا گیا۔ نو منتخب صدر نے اپنی کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے آغا ابراہیم حسینی کو نائب صدر, آغا رحمت علی رضوانی کو جنرل سیکریٹری ,آغاسید نصراللہ حسینی کو تبلیغات سیکریٹری اور آغا منظورحسین رحمانی کو فلاح و بہبود سیکریٹری نامزد کیا۔
اس موقع پر علامہ موسیٰ حسینی نے تنظیم کی اہمیت اور اس کے خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مجلس علماء مکتب اہلبیت ملت کی فکری، روحانی اور سماجی رہنمائی کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین علامہ مقصود علی ڈومکی نے "مدیریتِ مسجد" کے عنوان پر بصیرت افروز خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کو دینی و اجتماعی قیادت کا مرکز بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملت کے نوجوانوں کی فکری اور عملی تربیت کی جا سکے۔ انہوں نےمزید کہاکہ علماء کو چاہئے کہ باہمی مشاورت سے کوئٹہ میں مدیریت مسجد کےعنوان سے ورکشاپ منعقد کریں۔
علامہ محمد ہاشم موسوی نے "اتحاد علماء" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے اتحاد و وحدت کے لیے علماء کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
مجلس علماء بلوچستان کےجنرل سیکریٹری مولانا ذوالفقار علی سعیدی نے تنظیم کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور کہا کہ مجلس علماء کا مشن علم، وحدت اور خدمت ہے۔
آخر میں ملکی سالمیت، ملت کے اتحاد اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔