وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر پاک فوج کی سرجیکل اسٹرائیک کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو انہیں کی زبان سے جواب دیے بغیر ان پر قابو پانا ممکن نہیں، پاک فوج کی دہشتگردوں کیخلاف کارروائی پر واویلا مچانے والے اس وقت کیوں خاموش تھے جب ان درندوں کے ہاتھوں افواج پاکستان اور سویلین پاکستانی بے دری سے شہید ہو رہے تھے، اسلام اور شریعت کا ان وحشی درندوں سے کوئی تعلق نہیں، طالبان کے حامی پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، دہشت گردوں کی سرکوبی کئے بغیر ملک میں امن قائم ہونا ناممکن ہے۔ سید ناصر شیرازی کا مزید کہنا تھا پنجاب حکومت کالعدم تکفیریوں کے نفرت انگیز بیانات کا نوٹس لیں، اوکاڑہ میں ہمارے ضلعی سیکرٹری جنرل سید انوار زیدی کے گھر پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کیخلاف کوئی کارروائی کا نہ ہونا افسوس ناک اور اوکاڑہ انتظامیہ کے ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سید ناصر عباس شرازی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آئے دن دہشت گردی کے واقعات اور تکفیری گروہ کے متنازعہ بیانات اس بات کی دلیل ہیں کہ ملک دشمنوں کو تحفظ اور پرامن شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز حکومت عرب بادشاہوں کی ڈگمگاتی اور ڈوبتی ناوُ کو کنارے لگانے کے بجائے پاکستان میں دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن اقدامات اُٹھا کر قوم کو اس ناسور سے نجات دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کے واحد ایٹمی طاقت پاکستان کو جن مشکلات کا اس وقت سامنا ہے یہ انہیں عرب بادشاہوں کے ہی بدولت ہے، جو ان دہشت گردوں کی نرسریوں کی آبیاری کرتے ہیں، دہشت گردی کے اصل محرکوں سے کنارہ کشی کئے بغیر اس پر قابو پانا ناممکن ہے۔