The Latest

وحدت نیوز(مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام برسی امام خمینی کی مناسبت حرم مطہر امام رضا علیہ السلام میں 11جون کو '' انقلاب اسلامی نوید انقلاب امام مہدی ''سیمینار منعقد ہوگا۔ ایم ڈبلیوایم مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے ''اسلام ٹائمز''کو بتایا کہ سیمینار سے مجلس خبرگان کے نمائندہ، جامعہ مدرسین کے رُکن آیت اللہ عباس کعبہ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستانی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی خطاب کریں گے۔ سیمینار میں پاکستانی، انڈین اور ایرانی علمائے کرام اور طلاب، زائرین شرکت کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین کا سامنا کر رہا ہے،بیرونی دشمن سے زیادہ اندرونی دشمن کاری ضربیں لگا رہا ہے، سانحہ تفتان اور کراچی ایئر پورٹ پر حملے  میں بھارتی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں ، زائرین کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی صوبائی حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری تھی جو نہیں دی گئی، پاک فوج ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات کے ڈھونگ کا خاتمہ کرکے فیصلہ کن جنگ کا آغاز کرے، تفتان اور کراچی کے سنگین سانحات کے بعد نواز شریف حق حکمرانی کھو چکے ہیں، مسلم لیگ نواز کی حکومت نے پاکستان کو سکیورٹی اسٹیٹ بنا دیا ہے، حکمرانوں ک ناقص پالیسیوں کے باعث ملک دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے، تفتان میں زائرین اور کراچی میں ایئر پورٹ پر حملہ نواز حکومت کی واضح نااہلی اور دہشت گردوں سے اس کی ہمدردانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہےان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت نے خدشات کے باوجود ایران سے آنے اور جانے والے زائرین کی سکیورٹی کے لئے کوئی جامع حکمت عملی مرتب نہیں کی، سکیورٹی اداروں اور صوبائی حکومت کی غفلت کے باعث قوم ایک مرتبہ پھر اندوہناک سانحہ سے دوچار ہوئی، 25 سے زائد بےگناہ خواتین، مرد اور بچے شہید جبکہ دسیوں شدید زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے ادارے بے حسی کا مجسمہ بنے ہوئے ہیں، جس طرح وزیرستان میں فضائی حملے کے نتیجے میں ملک دشمن دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا ہے، اسی طرح کوئٹہ تفتان روٹ پر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بھی فضائی بمباری کی جائے، علامہ ناصر عباس نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ اور تفتان بارڈر سانحہ ایک ہی گروپ آف کمپنیز کی کارستانی ہے، جو حکومت ائیرپورٹ جیسے حساس اثاثے کی حفاظت نہیں کرسکتی اسے اقتدار پر قابض رہنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا، انہوں نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے 20 اے ایس ایف اور پی آئی اے کے اہلکار ہمارے شہید ہیں، تفتان اور کراچی کے شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دونوں سانحات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے خدا کی بارگاہ میں دعا گو ہیں۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آج بھی اپنے واضح اور دوٹوک موقف پر قائم ہیں کہ آئین، قانون اور ریاست کے باغیوں اور شہریوں کے قاتل طالبان کے ساتھ مذاکرات ریاست کو کمزور اور دہشت گردوں کو تقویت بخشنے کے مترادف ہے، ملک بھر میں جاری دہشت گردی کی کارروایوں کے بعد ظالمان کے ساتھ مذاکراتی ڈھونگ کا خاتمہ ہوجانا چاہئے، طالبان کے ساتھ ساتھ ان کی موافق سیاسی و مذہبی جماعتوں کے گرد بھی گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت ہے، جو ان کے اسٹریجیٹک پارٹنرز ہیں، لہٰذا عوام موجودہ کمزور اور بزدل حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں، اٹھارہ کروڑ عوام کا فقط ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک و قوم کے دشمن طالبان کے ساتھ زبان سے نہیں گولی سے بات کی جائے، مزید وقت ضائع کئے بغیر پاک فوج ان سفاک دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کرے۔

وحدت نیوز(لاہور) مسلم لیگ نواز کی حکومت نے پاکستان کو سکیورٹی رسک اسٹیٹ بنا دیا ہے۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے، تفتان میں زائرین اور کراچی میں ایئر پورٹ پر حملہ نواز حکومت کی واضح نا اہلی اور دہشت گردوں سے اس کی ہمدردانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے،زائرین کو فل پروف سکیورٹی کی فراہمی صوبائی حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری تھی، پاک فوج ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات کی ڈھونگ کا خاتمہ کر کے فیصلہ کن جنگ کا آغاز کرے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے لاہور پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت نے خدشات کے باوجود ایران سے آنے اور ایران جانے والے زائرین کی سکیورٹی کے لئے کوئی جامع حکمت عملی مرتب نہیں کی ۔ سکیورٹی اداروں اور صوبائی حکومت کی غفلت کی بدولت قوم ایک مرتبہ پھر اندہوناک سانحہ سے دوچار ہو ئی ہے۔ 25سے زائدبے گناہ خواتین ، مرد اور بچے شہید جب کے دسیوں شدید زخمی ہوئے۔زائرین کو بے دردی کے ساتھ اندھادھند گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بے حسی کا مجسمہ بنے ہوئے ہیں ، جس طرح وزیر ستان میں ایئر اسٹرائک کے نتیجے میں ملک دشمن دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا جارہا ہے اسی طرح کوئٹہ تفتان روٹ پر موجود دہشت گردو ں کے ٹھکانوں پر پھر بھی فضائی بمباری کی جائے۔ کراچی ایئرپورٹ اورتفتان بارڈر سانحہ ایک ہی گروپ آف کمپنیز کی کارستانی ہے۔ جو حکومت ائیرپورٹ جیسے حساس اثاثے کی حفاظت نہیں کر سکتی اسے اقتدار پر قابض رہنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ کراچی میں ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اے ایس ایف اور پی آئی اے کے اہلکار ہمارے گھر کے شہید ہیں ، تفتان اور کراچی کے شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دونوں سانحات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے خدا کی بارگاہ میں دعا گو ہیں۔ البتہ ان دونوں سنگین سانحات کے رو نما ہو نے کے بعد میاں نواز شریف کے اقتدار میں رہنے کااخلاقی جواز ختم ہو چکا ہے۔ میاں صاحب اپنی ناکامی اور نااہلی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آج بھی اپنے واضح اور دو ٹوک موقف پر قائم ہیں کہ آئین ، قانون اور ریاست کے باغیوں اور شہریوں کے قاتلوں کے ساتھ مذاکرات ریاست کو کمزور اور دہشت گردوں کو تقویت بخشنے کے مترادف ہیں ، لہٰذا عوام موجودہ کمزور، ڈرے ہوئے، بزدل حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں ، اٹھارہ کروڑعوام کا فقط ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک و قوم کے دشمن طالبان کے ساتھ زبان سے نہیں گولی سے بات کی جائے، مزید وقت ضائع کیئے بغیر پاک فوج ان سفاک دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کا آغاز کرے انشاء اللہ اٹھا رہ کروڑ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوگی۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان اس دلخراش سانحے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے اور جنازوں کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردوں کا گوریلا حملہ نواز لیگ کی دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے، دوستانہ سلوک کا نتیجہ اور دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کا تخفہ ہے۔ کراچی میں سکیورٹی پر مامور جوانوں نے دہشت گردوں کے ساتھ مردانہ وار مقابلہ کرکے درجنوں جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ کب دہشت گردوں، اسلام اور پاکستان دشمنوں کے ساتھ دوستانہ سلوک ترک کرکے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی اور انہیں تختہ دار پر لٹکائے گی۔ نواز حکومت کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے مزید کتنے شہریوں اور سکیورٹی اداروں کے جوانوں کی لاشوں کی ضرورت ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ آج کراچی کے ساحل سے گوادر کے کنارے تک بے گناہوں کے خون کا دریا بہایا جا رہا ہے۔ ملک میں قاتل اور دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ کراچی ائیر پورٹ حادثے میں شہید ہونے والے سکیورٹی کے جوانان، تفتان میں شہید ہونے والے تین درجن کے قریب شہداء اور کراچی میں بے جرم و خطا شہید ہونے والے اسکردو سے تعلق رکھنے والے عالم دین کے فرزندان کی موت ظالم حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، جنہوں نے دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ آغا علی رضوی کا کہنا تھا کہ حکمران شہداء کو خراج تحسین پیش کرکے، میڈیا پر بیانات داغ کر اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولت دے کر اپنے چہرے پر پڑے بے گناہوں کے خون کے دھبے نہیں دھو سکتے۔ اگر حکومت مخلص ہے تو ان عظیم شہداء کے قاتلوں اور ان سے مربوط افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون نے اپنے ایک ہی سال میں اپنی حقیقت واضح کر دی اور اپنی گڈگورننس کی قلعی کھول کے رکھ دی، اگر اس حکومت میں شہری محفوظ نہ رہے اور دہشت گردی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو شہریوں کے لیے کچھ اور ہی سوچنا ہوگا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے وفد نے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی کی زیر قیادت سی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ تفتان کے زخمی زائرین کی عیادت کی ، اس موقع پر ڈویژنل سیکریٹری جنرل عباس علی موسوی، کونسلر رجب علی اور ماسٹر خادم حسین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، زخمیوں سے ملاقات میں رہنما وں کا کہنا تھا کہ آپ ہر گز خود کو مسافر محسوس نہ کریں کوئٹہ کے مومنین بالخصوص ایم ڈبلیوایم کے کارکنان آپ کی ہر قسم کی خدمت کے لئے حاضر ہیں ،زخمی زائرین کا کہنا تھا کہ یہاں ڈاکٹرز مکمل تعاون کر رہے ہیں اور ہمیں کسی قسم کی تکلیف کا کوئی سامنا نہیں ، رہنمائوں نے زخمی زائرین امام رضاع کی جلد از جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے تفتان میں زائرین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زائرین کی رہائشگاہوں اور بسوں  پر تکرار کے ساتھ حملے سکیورٹی اداروں  کی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں  نے کہا کہ شریف برادران کی حکومت میں  ملک میں  دہشت گردوں  اور قاتلوں  کے علاوہ کوئی محفوظ نہیں۔ ان کی حکومت میں  اگر کوئی محفوظ ہے تو قاتل، دہشت گرد اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے محفوظ ہیں۔ تین درجن کے قریب شہداء کا پاکیزہ لہو سکیورٹی ادروں  بالخصوص مسلم لیگ (ن) کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ اگر شہادتوں  کا یہ سلسلہ نہیں  رکا تو شہداء کے خون کی طاقت سے ظالم حکومت کو رئیسانی کی راہ دکھائیں  گے۔ انہوں  نے کہا کہ حکومت شہادت کو ہماری کمزروی نہ سمجھے بلکہ شہادت ہمارے لیے باعث صد افتخار اور ہماری توانائیوں  کا سرچشمہ ہے۔ سانحہ تفتان کوئٹہ کی اصل ذمہ دار نااہل نواز حکومت ہے۔ حکمران اب بھی ہوش کے ناخن لیں  اور دہشت گردوں  کا گھیرا تنگ  کریں۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختون خوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین الحسینی نے سانحہ تفتان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ زائرین کی شہادتیں حکومتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختون خوا سانحہ تفتان کے خلاف احتجاج اور تین روزسوگ کا اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا  زائرین کی بسوں اور کراچی کے ائیر پورٹ پر حملے نواز حکومت کی مذاکراتی پالیسی ودہشت گردوںکی سرپرستی کا نتیجہ ہیں۔  آج پاکستان میں گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک کوئٹہ سے پاراچنار تک امریکی نواز دہشت گردوں کے حملے جاری ہیں اور یہ نااہل حکومت ان سے مذاکرات کر رہی ہے۔ علامہ سید محمدسبطین نے کہاکہ تفتان میں30 سے زائد زائرین کی شہادتوں پر افسوس اور اسکی ذمہ دار وفاقی اور بلوچستاں حکومت ہے کیونکہ کچھ ہی فاصلے پر باڈر پر انتہائی سخت سیکورٹی موجود تھی اور ساتھ ہی زائرین کے لئے حکومت کے طرف سے سیکورٹی تفتان سے دینے کے وعدے بھی کئے گئے تھے اس سے معلوم ہوتا ہے بلوچستان حکومت زائرین کو سیکورٹی دینے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے۔  ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ملت تشیع پر تنگ کی جا رہی ہے، آج پاکستان کی ہر گلی میں شیعہ قوم کا خون بہایا جا رہا ہے۔ انہوں نے سانحہ تفتان کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے گھروں سے باہر نکلیں۔

وحدت نیوز(مظفرآباد)امام خمینی عہد ساز شخصیت ہیں، کردار ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا، امام نے وقت کے طاغوت کو شرمناک شکست دی، امام نے ایران کو اسلامی دنیا کے لیئے ماڈل اسلامی ملک بنایا، اور دنیا کو بتا دیا کہ اگر اسلام کے بارے میں کوئی کہے کہ اسلام کیسے عملی زندگی میں لاگو ہو سکتا ہے تو اس کے لیئے اسلامی جمہوریہ ایران کو بنا کر دکھا دیا، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرآباد کے زیر اہتمام برسی امام خمینی سے خطاب کرتے ہوئے کیا

،

 انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے باوجود کئی سازشوں کے اپنے مقصد میں کامیابی و کامرانی حاصل کی، اس لیئے کہ امام خمینی مرد میدان و بحران تھے ، امام خمینی نے ہمیشہ میدان میں مقاومت دکھائی اس لیئے کہ امام خود کہتے ہیں کہ ہم نے ہر چیز کربلا سے درس میں لی ہے، امام خمینی نے وقت کے طاغوت ، استبداد اور شیطان بزرگ کو چاروں شانے چت کیا، اس وقت کہ جب گستاخ رسول سلمان رشدی ملعون نے گستاخی کی تھی، باوجود اس کے کہ بڑی بڑی ہستیاں موجود تھیں ، ایسی ہستیاں جن کے ہاں ڈالروں کی ریل پیل بھی ہوتی تھی مگر کسی نے ہمت نہ کی، ہمارے مرشد و رہبر امام خمینی نے اس کے واجب القتل ہونے کا فتویٰ دیا، علامہ تصور جوادی نے کہا کہ اس لیے کہ گستاخی رسول کسی بھی صورت میں قابل قبول امر نہ ہے، ملت تشیع کو اس پر فخر ہے کہ امام خمینی نے مرد میدان بن کر اس ملعون کے قتل کو واجب کہا ۔

 

بعد ازاں مجلس وحدت مسلمین بڈھیارہ یونٹ کے زیر اہتمام برسی امام خمینی کے موقع پر ایک نشست میں علامہ تصور جوادی نے شرکت کی ، اور اپنے خطاب میں افکار امام خمینی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین خط امام خمینی و شہید حسینی پر عمل پیرا ہے، اس لیئے کہ دونوں کا مشن کو مقصد امت محمدی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو ایک کرنا، ان کے وحدت ایجاد کرنا ، انہیں دشمن شناس بنانا، جیسا کہ امام خمینی نے فرمایا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو مضبوط بازو ہیں ، اور ایک بار اور کہا کہ اے مسلمانان جہاں تم آپس میں ہاتھ کھولنے اور باندھنے پر الجھ رہے ہو جبکہ تمہارا دشمن تمہارے ہاتھ کاٹنے کے درپے ہے، علامہ سید تصور نقوی الجوادی نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم امام خمینی کے افکار کو عام کریں، ہم امت کے اندر وحدت ایجاد کرنے کے لیئے ہرممکن کوشش کریں ، ہم ملک میں تکفیریت کو تنہا کر دیں ، ہم واقعاً مضبوط بازو بن کر اپنے اصلی دشمن طاغوت سے باہم کندھے سے کندھا ملا کر لڑیں، تا کہ تکفیریت جو کہ طاغوت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے وہ بھی تنہا ہو اور طاغوت بھی لڑکھڑا جائے، یہ اسی وقت ممکن ہے کہ جب ہم ایک ہوں گے۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) کراچی ایئرپورٹ حملہ نواز حکومت کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔طالبان سے مزاکرات کا ڈرامہ ،سعودیہ اور قطر کی طرف سے اربوں ڈالرز کے بدلے دنیا بھر میں دہشتگرد ایکسپورٹ کرنے اور دہشتگردوں کو مزید منظم کرنا کیلئے کیا گیا۔نواز شریف کے حکومت کرنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہ گیا۔عربی تحفوں سے پاکستان میں طالبان بے حد منظم ہو چکے ہیں۔ حکومت نے فوج کو بدنام اور ناکام کرنے کیلئے کئی حربے استعمال کئے۔ آزادکشمیر اور پاکستان کے غیور عوام افواج پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف بھرپور فوجی آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔قومی تحفظ کے ادروں کو دہشتگردوں کیساتھ ساتھ پاکستان کے طول و ارض اور پاکستان کی پارلیمنٹ میں موجود دہشتگردوں کے حامیوں کے خلاف بھی آپریشن کرنے کی ضرورت ہے۔پا ک فوج، اے ایف سی اور رینجرز کے بہادر نوجوانوں پر قوم کو فخر ہے اور ہمیں یقین ہے پاکستان کی حفاظت کی ذمہ داری محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری سیاسیات سید تصورعباس موسوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی داخلی سیکورٹی اور فیصلہ سازی کا مکمل اختیار پاک فوج کے حولے کیا جائے اور بتدریج اگر حکمران سودے بازی سے باز نہیں آتے تو رضاکارانہ طور پر حکومت پاک فوج کے حوالے کرنا انتہائی دانش مندانہ قدم ہو گا۔ملکی سا لمیت کے خلاف کام کرنے والے دہشتگردپاکستان کے جس بھی کونے میں ہوں مار گرائے جائیں۔مجلس وحدت مسلمین نے روز اول سے طالبان مزکرات کو حکومتی ڈرامہ قرار دیا تھا اور ہم نے یہ کہا تھا کہ وقت ثابت کرے گا کہ غیرملکی مشکوک امداد سے پاکستان میں دہشتگرد مذید منظم ہوں گے، دہشتگردی کی کاروایاں بڑ ھیں گی۔ نواز شریف حکومت کا چال چلن دن بدن مشکوک ہوتا جا رہا ہے۔

وحدت نیوز(میرپور) مجلس وحدت مسلمین ملکی سلامتی کو لاحق خطرات اور تشیع کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے امت مسلمہ کے درمیان جب تک وحدت ایجاد نہیں ہوتی ہمارے مسائل بڑھتے رہیں گے پاکستان ہم سب کا گھر اس کی تعمیر وترقی کے لے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا بعض قوتیں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانا چاہتی ہیں آزادکشمیر میں شیعہ سنی وحدت مثالی ہے اس کو برقرار رکھنے کے لئے ہم سب کو اپنی اپنی توانائیاں مجتمع کر کے کام کرنا ہوگا،مجلس وحدت مسلمین نے مختصر عرصہ میں ملت کی وحدت اور وقار کی بحالی کے لئے کارہائے نمایاں سر انجام دئے ہیں اور یہ سفر بلا توقف جاری وساری رہے گا نیک صالح اور مدبر قیادت کی وجہ سے بڑے بڑے بحرانوں میں مجلس وحدت مسلمین نے ثبات قدم کا مظاہرہ کر کہ دشمنوں کے دانت کھٹے کر دئیے ہیں ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزادجموں وکشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے دورہ میر پور کے دوران تنظیمی عہدیدارن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ مستونگ ،کوئٹہ،اخترآباد،کراچی ،چلاس ،بابوسر ٹاپ اور ملک کے دوسرے حصوں میں دہشتگردی کے واقعات کے خلاف ہماری صالح ،مرد میداں قیادت نے خود کارکنوں میں  موجود رہ کر شہداء کی مظلومیت اور ان کے خانوادگان سے اظہار ہمدردی کے علاوہ حکومت وقت کو متوجہ ومتنبہ کیا کہ قوم لا وارث نہیں ہے اور نہ ہی ہماری خاموشی ہماری کمزوری ہے اس سال ملکی تاریخ کے بڑے اجتماعات منعقد کئے گے ہیں جن میں شیعہ سنی وحدت کا عملی مظاہرہ کر کہ ملک دشمن فرقہ پرست قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملادیا گیا ہے انشاء اللہ عزت وسرفرازی ملت کا یہ سفر روز افوں جاری رہے گا اور امام زماں (ع) کا یہ کرواں اپنی منزل کی طرف گامزن رہے گا،دورہ کے دوران سیکرٹری مالیات سید سجاد حسین سبزوار ی ،سیکرٹری روابط مولانا سید حمید حسین نقوی بھی سیکرٹری جنرل کے ہمراہ تھے،اس دوارن علامہ تصور نقوی الجوادی نے مرکزی انجمن امامیہ میرپور کے صدر سید ذوالفقار حسین کاظمی،مرکزی امام جمعہ وجماعت ضلع میرپور حجۃ الاسلام علامہ سید تنویر حسین شیرازی،ریجنل ناظم امامیہ آرگنائزیشن جموں ریجن سید قیصر شیراز ،ڈویژنل صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنایزیشن جموں ڈویژن جنرل سیکرٹری امامیہ سٹوڈنٹس آرگنایزیشن جموں ڈویژن اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں ،خطہ کی مذہبی وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree