وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے معروف قانون دان،شاعر مشرق اور دو قومی نظریئے کے خالق علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون و انصاف کی پاسداری کے لیے مرحوم کی گراں قدر خدمات لائق تحسین ہیں۔مرحوم نے نہ صرف قانون دان کی حیثیت سے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا بلکہ تحریر و تحقیق کے حوالے سے بھی آپ ایک معتبر نام تھے۔آپ کی تصانیف علم کے متلاشی افراد کے لیے قیمتی سرمایہ ہے۔آپ کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا صدیوں پُر نہیں ہو سکے گا۔انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے، واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال گذشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور شوکت خانم میں زیرعلاج تھے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی نماز جنازہ آج شام 4 بجے لاہور کے علاقے گلبرگ میں ان کی رہائش گاہ پر ادا کی گئی۔ 5 اکتوبر 1924ء کو پیدا ہونے والے جاوید اقبال نے پنجاب یونیورسٹی سے انگریزی اور فلاسفی میں ایم اے کا امتحان اعزازی نمبروں سے پاس کیا۔ 1954ء میں برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی اور 1956ء میں بار ایٹ لاء ہوئے۔ 1961ء میں امریکی حکومت کی دعوت پر وہاں کی اعلٰی ترین درس گاہوں میں ’’اقوام متحدہ کا مستقبل‘‘ پر لیکچر دیئے۔
وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے وفد نے ایم ڈبلیو ایم قم ایران کے آفس کا دورہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم سندھ کے وفد میں سیکرٹری جنرل سجاد حسین مری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قلب مہدی اور سیکرٹری تنظیم سازی ممتاز علی زرداری موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم قم کے آفس سیکرٹری نے اپنی دفتری ٹیم کے ہمراہ معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں دفتر اور اور کابینہ کی فعالیت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر مختلف سیاسی اور بین الاقوامی موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ گفتگو کا اصلی محور سانحہ منٰی تھا، اس سانحے کے شہداء کے لئے فاتحہ پڑھنے کے ساتھ ساتھ لاپتہ افراد کی کے حوالے سے حکومت پاکستان کی مجرمانہ غفلت کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
اراکینِ اجلاس نے ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام ڈاکٹر غلام محمد فخر الدّین کی سانحہ مِنٰی کے دوران گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے خصوصی طور پر اپیل کی کہ وہ اس اہم شخصیت کی تلاش کے بارے میں اعلٰی سطح پر کوشش کرے۔ ایم ڈبلیو ایم قم کے آفس سیکرٹری نے اس موقع پر مہمان وفد کو بتایا کہ ایم ڈبلیو ایم قم کے شعبہ سیاسیات اور شعبہ میڈیا نے حجۃ الاسلام ڈاکٹر غلام محمد فخر الدّین کی گمشدگی کے معاملے کو مضبوط بنیادوں پر اٹھانے کے لئے ایک مشترکہ ایکشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا اہم اجلاس ایک دو روز میں متوقع ہے۔ ان شاءاللہ یہ کمیٹی اس سلسلے میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے رکن قانون ساز اسمبلی کاچوامتیاز حیدرخان نے حکومت پر زوردیا ہے کہ گلگت سکردوروڈپرجلدازجلدکام شروع کیا جائے،دنیا اکیسویں صدی میں داخل ہوچکی ہےاور ہم ابھی تک پتھرکے دور میں جی رہے ہیں،پنڈی سے سکردوسفرکرنے والے مسافرایک بڑےعذاب سے گذررہے ہیں،یہاں انسانیت سسک رہی ہے،سکردوسٹک کھنڈربن گئی،حادثات کی ذمہ داری حکومت پرہوگی،غریب مسافر30سے 40گھنٹے تک سڑکوں پر ذلیل ورسوا ہونے پرمجبور ہیں،سکیورٹی کے نام پردومختلف جگہوں پرچارسے پانچ گھنٹے غریب مسافروں کوخوار کیاجاتا ہے،جو کسی بھی صورت انسانی فعل نہیں ہے، انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غریب مسافروں پر رحم کرتے ہوئے سڑک کی فوری تعمیر کیلئے اقدامات کرےساتھ ہی پنڈی تا گلگت سفر کو آسان بنا کر مسافروں کی مشکلات کے حل کیلئے عمی اقدامات کرے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے پنجاب اور سندھ میں ماہ محرم کے دوران بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیوروکریسی کی عقل پر انسان دھنگ رہ جاتا ہے جسے نہ اسلامی اقدار کا لحاظ ہے اور نہ ہی تاریخ اسلام سے آگاہی۔حالانکہ کہ کسی گلی محلہ میں بھی اجتماعی پروگرام رکھنے سے پہلے اہل محلہ کی رائے اور غمی خوشی کے اوقات کو مدنظر رکھا جاتا ہے ۔جب کہ الیکشن کے شیڈول کے اجرا میں جلدبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی مکتبہ فکر سے رائے لینے کو غیر ضروری سمجھا گیا جو انتہائی افسوس ناک ہے۔محرم کے مہینے میں پاکستان کے کروڑوں شیعہ سنی بھائی نواسہ رسول کریم ﷺ کا غم مناتے ہیں ۔اس مہینے میں انتخابات کے انعقاد سے ٹرن آوٹ کی شرح اس حد تک کم ہو گی کہ اس کے نتائج کو تسلیم شدہ قرار نہیں دیا جا سکے گا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کے اس شیڈول کو فوری طورپر تبدیل کیا جائے۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) کوئٹہ پبلک ہائی سکول کی جانب سے سال 2014-15 کے سالانہ تقریب تقسیم انعامات گورنمنٹ یزدان خان ماڈل ہائی سکول کے سبزہ زار میں منعقد کیا گیا۔ اس تقریب کے صدر مجلس ایم ڈبلیوایم کےرکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا تھےجبکہ مہمان خصوصی ایم پی اے ڈاکڑ رقیہ ہاشمی صاحبہ تھیں ۔علاوہ ازیں دیگر مہمانان میں جناب ایکسین صادق علی صاحب ،ایم ڈبلیوایم کے کونسلر کربلائی رجب علی ، کونسلر کربلائی عباس علی ، کونسلر سید مہدی , معززین علاقہ اورمختلف اسکولز کے ہیڈ ماسٹرز و اساتذہ صاحبان شریک تھے ۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور حمد و نعت سکول کے طلباء نے پیش کیا۔تقریب کے آغاز میں تمام مہمانان ،طلباء و طالبات اور شرکاء نے قومی ترانہ کے احترام میں کھڑے ہوکر یک زبان ہوکرقومی ترانہ گایا۔ پروگرام میں مختلف ٹیبلواور ملی نغمے یوم دفاع کی مناسبت سے طلباء و طالبات نے خوبصورت انداز میں پیش کیے۔ سکول ہذا کے پرنسپل محترمہ زہرہ جبیں صاحبہ نے سپاس نامے میں سکول ہذا کی کارکردگی اور مسائل کے بارے میں اظہار خیال کیا اور ساتھ ہی ساتھ یزدان خان سکول کے پرنسپل شبیر حسین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سکول کے گراونڈ فراہم کیے۔مہمان خصوصی اور صدر مجلس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اورطلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔
پروگرام کے آخر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایم پی اے ڈاکڑ رقیہ ہاشمی صاحبہ نے کہا کہ آئندہ سال 2016-17 کے بجٹ میں ایم پی اے آغا رضا کے ساتھ مل کر ترجیحی بنیادوں پر سکول ہذا کے تمام تر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر صدر مجلس ایم پی اے آغا رضا نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایسے بھی سکول ہیں جہاں پر چار پانچ کمروں پر مشتمل گھروں میں سکول قائم کیے جاتے ہیں۔ جبکہ سکول کے لیے کھیل کا میدان ، کشادہ کمرے،لیبارٹری اور دیگر سہولیات کا ہونا ضروری ہے ۔آغا رضا نے پروگرام میں ملی نغمے اور ٹیبلوپیش کرنے پر طلباء و طالبات کو مبارک باد پیش کی ساتھ ہی ساتھ پروگرام میں کیے گئے باربی گرلزکے گانے پر طالبات کے ڈانس پر اظہار نا پسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کی اخلاقی تربیت بھی ضروری ہے ۔
آخر میں آغا رضا نے سکول کے مسائل کے حل کے لیے اپنے آئندہ سال کے بجٹ میں اپنی بہن محترمہ ایم پی اے ڈاکڑ رقیہ ہاشمی کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر سکول ہذا کے تمام تر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ آغا رضا نے گزشتہ سال میں کوئٹہ پبلک ہائی سکول کے لیے مبلغ 10 لاکھ روپے سکول ہذا کو دے چکے ہیں۔
آخر میں آغا رضا نے کوئٹہ پبلک سکول کے ڈائریکٹر حاجی رضا صاحب ، پرنسپل زہرہ جبیں اور تمام اسٹاف کو بہترین پروگرام پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وحدت نیوز (پشاور) حکومت نے 1914 خیبر پختونخوا ایکٹ کے تحت عزاداری اور عزاخانوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری لوگوں پر ڈال دی، تمام مساجد اور امام بارگاہوں کو نوٹس بھیجے جارہے ہیں، جن میں تقاضا کیا گیا ہے کہ اپنی امام بارگاہوں میں واک تھرو گیٹس، سکینرز اور کیمرے لگائیں اور سکیورٹی کو فول پروف بنائیں، یہ سارا سسٹم لاکھوں روپے کا ہے، ہم کہاں سے لائیں، ہمارے اتنے وسائل نہیں ہیں، ان خیالا ت کا اظہار مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے پاس اس قدر وسائل موجود نہیں تاہم قانون بنا دیا گیا ہے جس کے تحت سیکیورٹی کی ساری ذمہ داری عوام پر ڈال دی گئی ہے۔
کے پی کے حکومت نے خیبر پختونخوا سکیورٹی آرڈیننس بھی جاری کر دیا ہے۔ جس طرح سکیورٹی اقدامات نہ کرنے پر سکول بند کئے جا رہے ہیں، اسی طرح امام بارگاہیں بھی بند کی جائیں گی۔ ہر امام بارگاہ کا متولی اپنے وسائل پر سکیورٹی گارڈ اور دیگر سکیورٹی آلات پورے نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخیر حضرات اور رفاعی ادارے عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے اقدامات کریں، شیعہ سیفٹی نامی ادارے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذکورہ ادارہ نے ہری پور میں سیکیورٹی کیمرے نصب کرنے کا وعدہ کیا، اور اس کام کے لئے مخیر حضرات سے فنڈز بھی لئے گئے تاہم تاحال کیمرے نصب نہ کرنا بڑا سوالیہ نشان ہے۔