وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سکرٹریٹ اسلام آباد میں، مرکزی سیکرٹری تربیت ڈاکٹر محمد یونس حیدری کی زیر صدارت راولپنڈی ،اسلام آباد کے سیکرٹری تربیت اور سیکرٹری جنرلز کے ساتھ ،پروگرامات اور فعالیت کے حوالے سےاہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری تربیت مولانا حافظ مختار حسین اورضلع راولپنڈی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا غلام محمد عابدی اور اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد حسین شیرازی اور شعبہ تربیت کے مسئول اجرائی برادر ظہیر کربلائی نے شرکت کی اس میٹنگ میں ضلع راولپنڈی اور اسلام آباد کے ممبران اور عمومی تربیتی ورکشاپس کے حوالے سے خصوصی اقدامات اور فیصلے کئے گئے۔ اس میٹنگ میں تاکید کی گئی کہ ضلع راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہفتہ وار تربیتی نشستوں کا آغاز کیا جائے ۔ شعبہ تربیت کے پاس تین سطح (یونٹس ، ضلع اور صوبہ ) کا درسی نصاب موجود ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ یونٹس اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور ہفتہ وار نشستوں کا آغاز کریں ۔مرکز اس سلسلے میں ان کی اخلاقی معاونت کریگا ۔ معلمین اور مبلغین کے علاوہ درسی مواد کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گا ۔

ڈاکٹر محمد یونس مرکزی سیکرٹری تربیت نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اب صرف باتوں اور رپورٹوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ اس کے لئے کچھ کر کے دیکھانا ہو گا ، الحمد اللہ ہمارے لیئے فخرکی بات ہے کہ ہماری جماعت مکمل تنظیمی درجہ بند درسی نصاب رکھتی ہے، انشاءاللہ  ایم ڈبلیوایم میں جلدہرسطح پر  ذمہ داریوں کی تقسیم  تنظیمی درجہ بنددرسی نصاب کی تکمیل کے نتیجے میں ہوگی،ناامیدی کے بھنور سے باہر نکلنا ہو گا اور عوامی رابطہ مہم اور تنظیمی دوستوں کے پاس جاکر انہیں قومی دھارے میں لانے کے لئے ہم سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ میں مجلس وحدت مسلمین کے تمام یونٹس ممبران سے امید کرتا ہوں کہ اپنے اپنے علاقوں میں ہفتہ وار تربیتی نشستوں کا آغاز کریں اور مرکزی شعبہ تربیت سے رابطے میں رہیں ۔ ہفتہ وار تربیتی نشستیں مناسبتوں کے لحاظ سے عزاداری ،ماتم داری ، دعائے کمیل ،دعائے توسل ،حدیث کساءکی صورت میں شب جمعہ ،شب ہفتہ یا شب اتوارمیں سے کسی ایک شب منعقد کی جاسکتی ہیں ۔ میں امید کرتا ہوں تمام دوست اس کار خیر میں ہمارے ساتھ تعاون فرمائیں گے ۔ میری کوشش ہو گی کہ جہاں تک ممکن ہو میں خود یا علاقے میں موجود علماء کرام اور تنظیمی دوستوں کو اس اس کار نیک میں شامل کر کے یونٹس کا دورہ کروں تاکہ یونٹس کی کارکردگی اور برادران کی زحمات کی حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔اس کام کے آغازاور تسلسل میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے دوستوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون فرمائیں گے ۔ ان شاءاللہ ہم بھی اپنے وعدے میں پیچھے نہیں رہیں گے ۔ زمینی حقائق سے آگاہی اور یونٹس کی مشکلات کے کے لئے دوستوں کے پاس جانا نہایت ضروری ہے ۔مجھے امید ہے تمام احباب اس سلسلے میں اپنی قیمتی آراء کے ساتھ ساتھ میدان عمل میں ہمارا ساتھ دیں گے ۔

ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری تربیت نے کہا کہ میں پہلی مرتبہ مرکزی آفس میں شعبہ تربیت کی میٹنگ میں مدعو ہواہوں اور یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ ہمارے سیکرٹری تربیت اپنے کام میں اتنے سنجیدہ ہیں اور یہ جان کر اور بھی خوشی ہوئی کہ ہمارے پاس تین سطح کا درسی نصاب پہلے سے موجود ہے ۔صرف اجرائی مرحلے کی ضرورت ہے ۔جس کے لئے ہم یقین دلاتے ہیں اس سلیبس کواجراء کرنے میں ہم بھرپور تعاون کریں گے ۔ اسی طرح اسلام آباد کے سیکرٹری تربیت نے بھی اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔

وحدت نیوز (آرٹیکل) سب کو جدید نظام چاہیے، سب تبدیلی کے خواہش مند ہیں، تبدیلی اور نئے نظام سے پہلے ہم پرانے نظام کو تو سمجھیں، جب ہم پرانے نظام کو سمجھ سکیں گے تو پھر اس کی جگہ جدید نظام لا سکیں گے۔

پرانا نظام کیا ہے،!؟کسی  طاقتور فرد، قوم ، قبیلےیا گروہ کی کمزور پر حکومت کو پرانا نظام کہتے ہیں، اسے چاہے آپ آمریت کہیں یا جمہوریت ۔اگر انسان ، انسان کو غلام بنا لیتا ہے، ایک قوم دوسری قوم کو دبا کر رکھتی ہے ، ایک قبیلہ دوسرے حقارت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ایک لیڈر دوسرے لیڈر کی اہانت کرنے اور گالیاں دینے میں کوئی قباحت محسوس نہیں کرتا تو یقین جانئے یہی فرسودہ اور پرانا نظام ہے۔

جدید نظام وہ ہے جو خدا نے انسانوں کے لئے بھیجا ہے، جس میں کوئی طبقاتی فرق، لسانی تفریق، علاقائی تقسیم اور گروہی جھگڑا نہیں ہے ، اس جدید نظام میں کالے اور گورے، عربی اور عجمی، قریشی اور حبشی، مشرقی اور مغربی کی کوئی تقسیم نہیں ہے، سب کے حقوق مساوی ہیں اور سب کے فرائض مشخص ہیں۔

اس جدید نظام میں اگر بھوک کے مارے لوگوں نے اپنے پیٹ پر ایک ایک پتھر باندھ رکھا ہے تو ان کے امیر و سردارنے اپنے پیٹ پر دو پتھر باندھے ہوئے ہیں، اس جدید نظام میں ریاست کا امیر نمک کے ساتھ کھانا کھاتا ہے اور ریاست کے سب سے غریب شخص کے معیارِ زندگی کے مطابق اپنی زندگی گزارتا ہے ، اس جدید نظام میں ملک کا سربراہ اپنی  سرکاری ڈیوٹی انجام دینے کے بعد  کسی یہودی کے باغ میں مزدوری کر کے اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔

اس جدید نظام میں پارٹی کا سربراہ کسی کو گالیاں نہیں دیتا بلکہ اس کا حسنِ اخلاق اور کرادر دیکھ کر لوگ اس کے نام کا کلمہ پڑھنے لگتے ہیں۔

جی ہاں یہ ہے فرعونوں، شدادوں، نمرودوں، سامریوں ، بادشاہوں اور لٹیروں کے مقابلے میں جدید نظام ۔

اسی نظام کی خاطر خدا نے انبیا بھیجے اور کتابیں نازل کیں ، اسی نظام کی خاطر انبیا نے جیلیں برداشت کیں، صعوبتیں کاٹیں اور شہادتوں کو گلے لگایا، اسی نظام کی خاطر سرورِ کونینﷺ نے ہجرت کی، پتھر کھائے اور اپنے دانت شہید کروائے۔

یہ ہے انسانی اقداراور الٰہی عدل  پراستوا دنیا کا جدید ترین نظام ،جسے ہم اسلام کہتے ہیں۔

آج ہمارے ہاں اسلام کے بجائے فراعین، ملوکیت اور نام نہاد جمہوریت کا قدیمی  چربہ حکومت کر رہاہے۔  چنانچہ جب زینب کے والدین بیت اللہ کی زیارت کے لئے جاتے ہیں   تو پیچھے ایک پانچ وقت کا نمازی  اور نعت خوان ننھی زینب کو غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنا تا ہے، صرف یہی نہیں بلکہ ملزم نے مزید پانچ بچیوں سے زیادتی کا اعتراف بھی کیا ہے ۔

قارئین کرام! جس سوسائٹی میں امیرِ شریعت اور پیر طریقت کہلانے والے لوگ دوسروں کو ماں بہن کی گالیاں دیتے ہوں وہاں پر کسی نعت خوان سے بدکرداری کا کیا گلہ کیا جائے!!!

ہمارے   معاشرے میں سب لوگ محبت، امن ، اخوت اور رواداری سے رہتے تھے، پاکستان بنایا ہی اس لئے گیا تھا کہ اس میں سب مسلمان آزادانہ زندگی بسر کریں گے لیکن چند اللہ والے اٹھے انہوں نے بھائی کو بھائی کا دشمن بنایا، دوسروں کی تکفیر شروع کی اور ملک  میں جی بھر کر قتلِ عام کیا اور آج نوسو چوہے کھا کر بلی پیغامِ پاکستان کے نام سے حج کرنے چلی گئی ہے۔

قارئین کرام ! جس ملک میں ایک ایس ایس پی اڑھائی سو لوگوں کو آن دی ریکارڈ موت کے گھاٹ اتار دے اس ملک کے حافظوں اور قاریوں سے قانون کی پابندی کا کیا تقاضا کیا جائے!!!

پرانی بات نہیں، ابھی چند دن پہلے کی ہی بات ہے ،علی ٹاﺅن کا رہائشی 15 سالہ زین کام کی غرض سے علاقہ کے مدرسہ میں قاری نوید کے پاس گیا تو قاری اسے بہلا پھسلا کر اپنے حجرے میں لے گیا اور اس کے ساتھ بدفعلی کر ڈالی.[1] تھانہ رضا آباد کے اے ایس آئی علی جواد کا کہنا تھا کہ واقعہ کا مقدمہ درج ہو چکا ہے۔ مگر دونوں کے درمیان صلح ہو گئی ہے۔

قارئین کرام جہاں پر والدین درندوں کے ساتھ صلح کر لیتے ہوں وہاں پر بچوں کے حقوق کے درس کسے دئے جائیں!!!

اب یہ صلح بھی اللہ کے نام پر کی جاتی ہے ، جیساکہ آپ جانتے ہیں کہ کراچی کے بن قاسم ٹاؤن کے علاقے میں 8 سالہ طالب علم کو تشدد کرکے ہلاک کرنے والے مدرسے کے استاد کو بچے کے والدین نے معاف کردیا۔ تفصیلات کے مطابق طالب علم محمد حسین کو مدرسے کے قاری نجم الدین نے ماضی میں مبینہ طور پر جسمانی سزا دی تھی، جس کے بعد طالب علم مدرسے سے بھاگ گیا تھا۔

تاہم جمعہ کے روز محمد حسین کے والدین اسے دوبارہ مدرسے لے آئے تھے۔

محمد حسین سے جب مدرسے سے دوبارہ فرار ہونے کی کوشش کی تو قاری نجم الدین نے اسے پکڑ کر شدید تشدد کیا، جس سے طالب علم کی موت واقع ہوگئی۔[2]

یہ اس بچے کے ساتھ ہوا ہے جو بچہ حافظ قرآن بننے آیا تھا، کیا کہنے اُن ولدین کے جو اپنے بچے کے درندہ صفت قاتل کو بھی فی سبیل اللہ معاف کر چکے ہیں، اب جو والدین بچوں کو مدرسوں میں بھیجتے ہی خود کُش بننے کے لئے ہیں اُن سے کیا گلہ اور کیا شکوہ کیا جائے!!!

صرف یہی نہیں ہو رہا بلکہ چاولوں اور آٹے میں بھی پلاسٹک ملا کر لوگوں کو کھلایا جا رہا ہے ، جعلی دوائیاں بک رہی ہیں لوگوں کو جعلی سٹنٹ ڈالے جارہے ہیں اور مریضوں کے گردے نکال کر بیچے جا رہے ہیں ۔۔۔

یہ سب کچھ اس لئے ہورہا ہے چونکہ ہم نے جدید نظام کے طور پر قدیم جاہلیت ،پرانے مذہبی  پنڈتوں،  گالی گلوچ اور غنڈہ گردی کی سیاست کو  اپنے اوپر مسلط کر لیا ہے۔اگر ہم چاہتے ہیں کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام حاکم ہو اور اللہ کے بندے سکھ کا سانس لیں تو ہمیں قدیم فرعونی رسومات، خاندانی سیاست ، پارٹیوں کی غلامی ، قبیلوں کی سیاست اور وڈیروں کی چودھراہٹ سے ہٹ کر اللہ کی رضا کے لئے اللہ کے نیک بندوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔

جدید نظام یعنی اللہ کے بندوں پر اللہ کی حکومت

تحریر۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

وحدت نیوز (کراچی) ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی کا دورہ اسٹیل ٹاون ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبے خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ کی جانب سے  گلشن حدید  میں زیر تعمیر سرد وغسل خانہ برائے میت کے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ  لیا، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختاراحمد امامی نے ضلع ملیر کے تنظیمی دورے کے موقع پر گلشن حدید میں مرکزی جامع مسجد  جعفریہ اسٹیل ٹاون کمپلیکس میں  خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ شعبہ فلاح وبہبود مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے زیر تعمیر  سرد وغسل خانہ برائے میت کے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام معائنہ کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر کے رہنما ثمر عباس زیدی، یونٹ کے ذمہ داران سمیت ٹرسٹ کے عہدیداران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ، علامہ مختارامامی نے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔

وحدت نیوز (کراچی)  فخر پاکستان سینکڑوں معصوم بچوں کی جان بچانے والے شہید اعتزازحسن (ہنگو) کے بڑے بھائی مجتبیٰ حسن کی وحدت ہاوس کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژ ن کے رہنماوں سے ملاقات، ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے شہید اعتزازحسن کے برادربزرگوار کو پھولوں کا گلدستہ اور علامہ اسحاق قرائتی نے قرآن مجیدتحفے میں پیش کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشرحسن ، میر تقی ظفر، سبط اصغر، مولانا ریاض ، مولانا غلام عباس اور دیگر رہنما بھی موجود تھے، مجتبیٰ حسن نے اپنے شہید بھائی اعتزازحسن کی شجاعت بھری داستان سنائی اور ان کی زندگانی کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی آخر میں انہو ں نے ایم ڈبلیوایم کےرہنماوں کا مہمان نوازی پر شکریہ اداکیا۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی نےکہاہے  کہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے سارا عوامی پیسہ سڑکوں اور میٹرو منصوبوں پر لگا دیا۔ عوام کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رکھا گیا۔ شہباز شریف پچھلے 9 سال سے پنجاب پر حکومت کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے طویل دور اقتدار میں اسپتالوں کےنظام کو بہتر بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہے ۔ پورے پنجاب میں سینکڑوں غریب لوگ سوائن فلو کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن چکے ہیں لیکن خادم اعلیٰ محض جلسے جلوسوں اور دوروں میں مصروف ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف کو عوام کی مشکلات کا احساس ہوتا تو آج 9 سال بعد اسپتالوں کا یہ حال نہ ہوتا۔ سرکاری اسپتالوں میں ایک ایک بیڈ پر تین تین مریضوں کو رکھا جاتا ہے اور ان کے دور اقتدار میں خواتین اسپتالوں کے باہر سڑکوں کو بچوں کو جنم دینے پر مجبور ہیں۔ علامہ مبارک علی موسوی کا مزید کہنا تھا کہ کوئی شہباز شریف کو سمجھائے کہ ترقی صرف سڑکیں بنانے سے نہیں آتی بلکہ شہباز شریف کو چاہیے کہ لاہور سے باہر نکل کر پنجاب کے باقی اضلاع پر توجہ دیں اور اپنی ترجیحات میں تعلیم اور صحت کے منصوبوں کو شامل کر کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کریں۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہورعلامہ اقبال ٹاون یونٹ کی تنظیم سازی سید عامر عباس رضوی ایم ڈبلیوایم علامہ اقبال ٹاون یونٹ کے آرگنائزر نامزد، دس رکنی آرگنائزنگ کمیٹی سے ایم ڈبلیوایم ضلع لاہور کے سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے حلف لیا، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین  ضلع لاہورعلامہ اقبال ٹاون یونٹ کی تنظیم سازی کا اجلاس رائے ناصر علی کے ڈیرے پر منعقدہوا جس میں علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کی تمام یونین کونسلوں کے ممبران نے رائے ناصر علی کی سربراہی میں علامہ اقبال ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں کی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی علامہ اقبال ٹاؤن کے حلقہ میں آرگنائزرسمیت دس رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں سید عامر عباس رضوی کوآرگنائزر علامہ اقبال ٹاؤن یونٹ نامزدکردیا گیااور علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے دس رکنی کمیٹی سے حلف لیا جو کہ NA-128 کے علاقے میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے اس اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین  ضلع لاہور کے ڈپٹی سیکرٹری نجم الحسن اور سیکرٹری تنظیم سازی لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ سید ماجد علی کاظمی،صوبائی سیکرٹری عزاداری رانا ماجد علی نے  خصوصی شرکت کی ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree