وحدت نیوز(میانوالی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دورہ جنوبی پنجاب کے آغاز پر میانوالی میں تنظیمی عہدیداران اور مقامی عمائدین سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ میری ذمہ داری بنتی ہے کہ یتیمان آل محمد کے گھر گھر تک جاوں ان کی خدمت میں ان کی زیارت کروں۔جب تک ہماری کوششیں مکتب آل محمد سے جڑی ہوئی نہیں ہونگی ان کا کوئی فائدہ نہیں،جن کی جڑی ہوئی ہوتی ہیں ان کی تھوڑی سے کوشش بھی ثمر آور ہوتی ہے،اس لئے امامت کا سمجھنا بہت ضروری ہے،ہم نے امام کے درجات فضائل اور مراتب تو بہت بیان کئے لیکن امامت کو نہیں سمجھایا،جناب سیدہ سے لیکر ہر امام نے وقتا فوقتا امامت کو بیان کیا ہے،امامت ہدایت کا ایک کامل نظام ہے۔
انہوں نے کہاکہ جب علی علیہ السلام امام ہیں تو سیاست میں بھی امام ہیں،امامت کا ایک تعلق حکومت سے ہے، اگر امامت اور حکومت کے درمیان تعلق نہ ہوتا حق غصب ہونے کی کوئی وجہ باقی نہیں رہتی،نظام امامت؛ دین اور اخلاق معیشت، سماجی اصول، قانون تعلیم و تربیت سب کا مجموعہ ہے،امامت کے اصولوں کے تحت تعلیم و تربیت ہو گی،ہمیں مولا علی کی پولیٹکل سائنس کا پتہ ہونا چاہئےجو بلکل نہیں ہے، ہم پاکستان میں پانچ کروڑ شیعہ ہیں جو عاشور میں، مجلس میں تو ایک پرچم تلے نظر آتے ہیں لیکن سیاسی میدان میں نظر نہیں آتے،اگر امامت کے پرچم تلے سیاست میں بھی اکھٹے ہو جائیں تو ہم کتنی بڑی طاقت بنیں گے۔
ان کاکہناتھاکہ جب لبنان میں بھی شیعہ ولایت اور امامت کے پرچم تلے اکھٹے نہیں تھے تو ہر طرف سے مار کھاتے تھے لیکن جوں ہی ولایت اور امامت کے پرچم تلے جمع ہو گئے خطے کی بڑی طاقت بن گئے، اسرائیل کو شکست دی اور شام میں داعش کو،یمن میں جب لوگ امامت اور ولایت کے پرچم تلے جمع نہیں تھے ان کیمساجد اور امام بارگاہوں تک کو چھین لیا گیا تھا لیکن جب وہ امامت کے پرچم تلے جمع ہوئے آپ دیکھ رہے ہیں چار سال سے سعودی عرب کا مقابلہ کر رہے ہیں،ہم نے امامت اور ولایت کی طرف واپس آنا یے،یہ مشکل کام ہے اگر آسان ہوتا تو امام حسین علیہ السلام کے ساتھ صرف بہتر نہ ہوتے،تمام سیاسی دنیوی اور ذاتی تعلقات و روابط کو قطع کر کے امام کی طرف آنا آسان نہیں ہے،بنی ہاشم بھی پوری نہیں آئی امام حسین کے ساتھ،امامت کے پرچم تلے مکمل اسلام اور امامت میں داخل ہونا بہت مشکل ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ امام سالوں جیل میں رہے اور لوگوں نے جیل توڑ کے جا کے امام کو زہر دیا،ظالم حکمرانوں کے ظلم کا مقابلہ کرنے کے لیے کوئی نہیں آتا۔ نماز، روزہ، طواف میں بہت ملیں گے،ظرفیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ امام حسین نے زہیر بن قین کو کس نگاہ سے دیکھا ہو گا کہ اتنا بدل گیا،جس دن ہم میں یہ ظرفیت آ گئی اور ہم سیاسی میدان میں بھی امامت اور ولایت کے پرچم تلے جمع ہوگئے ہم پانچ کروڑ پاکستانی یہاں بیٹھ کر بڑی بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں،جس دن ہمیں یہ احساس ہو گیا کربلا والوں کے آئنے میں اپنے آپ کو دیکھیں اس وقت دنیا بدلے گی۔
وحدت نیوز (میانوالی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دورہ جنوبی پنجاب کے آغاز پرمرکزی امام بارگاہ محلہ ہاشم شاہ میانوالی سٹی میں عوامی اجتماع سےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج 23 مارچ یوم پاکستان ہے ہم نے طاقتور بننا ہے اور نشان حیدر کی لاج رکھنی ہے یہ ہماری مادروطن ہے،مولا علی ؑکی پیروی کرنے والی قوم کمزور ہو یہ کیسے ممکن ہے،ہم چودہ سال سے ظلم کی چکی میں پستے رہے لیکن کسی غیر معصوم کو اپنا امام نہیں بنایا، ہم نے پاکستانی قوم بنانی ہے،ہر کمزور کے ساتھ کھڑے ہو جائیں گے اور انہیں طاقتور بنائیں گے، نکلو مسلکوں اور فرقوں سے ہر مظلوم کو گلے لگاو، اگر میانوالی کے مومنین پرچم ولایت کے گرد اکھٹے ہو جائیں تو یہاں سب سے بڑا اجتماع ہو سکتا ہے، اس کے لئے دوستیوں اور تعلقات کو چھوڑنا پڑے گا قربانیاں دینی ہونگی،مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا اور ظلم اور ظالموں کا تعاقب کرنا ہو گا، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری شعبہ تربیت ڈاکٹر یونس اورمرکزی ڈپٹی سیکریٹری سیاسیات سید محسن شہریار اور صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی بھی موجودتھے۔
وحدت نیوز(ماتلی) 78ویں یوم پاکستان کے موقع پر وحدت یوتھ ضلع بدین تحصیل ماتلی کے زیر اہتمام امن واک کا اہتمام کیا گیا، واک کی قیادت صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل یعقوب حسینی نے کی، جبکہ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد سمیت ایم ڈبلیوایم ضلع بدین کے سیکریٹری جنرل مولانانادرعلی شاہ، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی تنزیلا باری،چیئرمین ماتلی عبدالطیف نظامانی ،ڈاکٹر عزیز نظامانی ،ارشاد کہیری، ڈپٹی سیکریٹری جنرل بدین ،مجاھد راجپوت، تاجر ایسوسی ایشن ماتلی سمیت دیگر کارکنان بھی شامل تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو اپنے پیغام میں مبارک باد دیتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان ہماری تاریخ کا تابناک اور ناقابل فراموش دن ہے۔ آج قرارداد پاکستان کے مقاصد اور ان کے حصول کے لیے جدوجہد کےعزم کا دن ہے۔انہوں نے 23 مارچ کو پاکستان کی تاریخ کا یادگار ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، 23 مارچ 1940 کو ہمارے بزرگوں نے اپنی قسمت کا فیصلہ خود کیا۔ آج ہم قائد اعظم کے مقصد اور علامہ اقبال کے خواب کو مکمل ہوتا دیکھ رہے ہیں،مادر وطن کے دفاع، سلامتی اور حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دی گئیں،اور ان قربانیوں کی بدولت دہشت گردی مٹ رہی ہے اور امن کے اجالے پھیل رہے ہیں،اپنے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہےاور ہم اپنے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔علامہ مبارک علی موسوی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے مستقبل کی فکر کرنی ہوگی اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا۔پاکستان کی سلامتی اور ترقی وخوشحالی کے لیے ہم سب کو مل کر اقبال او رقائد کے افکار کو مشعلِ راہ بنانے کاعہد کرنا ہوگا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری کی خصوصی ہدایات پرایم ڈبلیو ایم کے ملک بھر میں موجود صوبائی وضلعی دفاتر میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔اس موقعہ پر وطن عزیز کو درپیش خطرات اور ان کے ازالہ کے لیے حب الوطنی اور احساس ذمہ داری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ عالمی طاقتیں دہشت گردی کا تعلق اسلام اور پاکستان سے جوڑنے کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کر رہی ہیں۔ جنہیں دانش و بصیرت کے ساتھ شکست دینا ہو گی۔پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور جغرافیائی اعتبار سے بھی بے پناہ اہمیت کا حامل ہے۔پاکستانی قوم کو طبقاتی جنگ میں الجھا کر دشمن اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔باہمی اخوت و اتحاد سے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایاجا سکتا ہے۔مادر وطن سے محبت ہمارے لیے ایک واجب عمل ہے جس پر سب کچھ قربان کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہماری عزت، ہماری پہچان، ہماری شناخت ،ہمارے جان و مال کا تحفظ ،ہماری آزادی یہ سبھی نعمتیں اس ارض پاک کی بدولت ہمیں حاصل ہیں۔یہ وطن ہماری نظریاتی جاگیر ہے۔ جو عناصر ملک کی ترقی و استحکام میں روڑے اٹکانے میں مصروف ہیں وہ دراصل اسلامی نظریات کے دشمن ہیں۔ ملک کے آئین و قانون سے متصادم قوتیں پاکستان کی کبھی خیرخواہ نہیں ہو سکتیں۔آج کے دن نظریہ پاکستان کی پاسداری کے عہد کی تجدید کرنا ہو گئی جو محض زبانی دعووں کی بجائے عمل سے کی جانی چاہیے ۔اسلام کو پارہ پارہ کرنے اور تفرقہ پھیلانے والوں کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ جو بھی شخص یا تنظیم تفرقہ کی بات کرے اس پر فوری پابندی لگائی جائے۔ملک میں امن کے حقیقی قیام کا یہی واحد حل ہے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ یوم پاکستان پر ہمیں اپنے ان شہدا کو بھی یاد رکھنا ہو گا جو اس ملک کے بقا کی جنگ لڑتے ہوئے اپنی جانوں کوارض پاک پر نچھاور کر گئے۔ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے جانثاروں کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے پاکستانیوں کی بلندی درجات کے لیے دعاگو ہیں۔
وحدت نیوز(میانوالی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے 10روزہ دورہ جنوبی پنجاب کا میانوالی سے آغاز کردیاہے، بستی شاہ گل محمد پہنچنے پرضلع میانوالی کےعہدیداران اور کارکنان سمیت عوام نے ان کا شاندار استقبال کیا، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری شعبہ تربیت ڈاکٹر یونس اورمرکزی ڈپٹی سیکریٹری سیاسیات سید محسن شہریار ایم ڈبلیوایم صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ سید اقتدارحسین نقوی ،صوبائی رہنما مولانا ہادی حسین ہادی، کیپٹن(ر) رفیع اللہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اپنے 10روزہ دورہ جنوبی پنجاب میں میانوالی کے بعد بھکر، لیہ،ڈیرہ غازیخان،مظفرگڑھ،راجن پور،علی پور،بہاولپور،رحیم یارخان،ملتان،لودھراں اور جلالپور کا دورہ کریں گے، جہاں عوامی اجتماعات، بار کونسل کے اراکین ، سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں اور خطابات متوقع ہیں، اس کے ساتھ تنظیمی اجلاسوں میں آئندہ قومی انتخابات میں ایم ڈبلیوایم کی شمولیت اور علاقائی ترجیحات کا بھی جائزہ لیں گے تاکہ انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جاسکے۔