حضرت عباس علمدارؑ کی وفا، غیرت، شجاعت اور قربانی رہتی دنیا تک وفاداروں کا معیار اور مظلوموں کا سہارا ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

05 جولائی 2025

وحدت نیوز(اسلام آباد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کربلا کا ہر کردار تاریخ کا روشن چراغ ہے، مگر حضرت عباس علمدارؑ کی وفا، غیرت، شجاعت اور قربانی رہتی دنیا تک وفاداروں کا معیار اور مظلوموں کا سہارا ہے۔ جس طرح فرات کی لہریں عباسؑ کی تلوار کی جرات سے خوفزدہ تھیں، آج کی ظالم طاقتیں بھی حسینی کردار اور عاشورائی عزم و ہمت سے خوف زدہ ہیں۔ ‏حضرت عباسؑ علمدار نے کربلا میں جس طرح اپنے وقت کے یزیدی نظام کو للکارا، اپنے امام کی اطاعت میں جان دے دی، مگر وفا کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ آج امتِ مسلمہ، بالخصوص فلسطین، کشمیر اور یمن کے مظلومین، اور پاکستان میں حق و صداقت کے علمبردار، اُسی کربلائی و عاشورائی کردار کے وارث بننے کے منتظر ہیں۔ ‏آج کے دور کا یزید کبھی صیہونیت، کبھی استعماری نظام، اور کبھی نام نہاد مفادات کی سیاست کی شکل میں مظلوموں کا خون بہا رہا ہے۔ ایسے میں ہمیں حضرت عباسؑ علمدار کی استقامت، اطاعت اور غیر مشروط وفاداری سے سبق لیتے ہوئے مظلومینِ جہان کا ساتھ دینا ہو گا اور وفا کا علم تھامے رکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ‏حضرت عباسؑ باوفا کا راہیانِ حق کے لیے یہی پیغام ہے کہ جب حق اور باطل آمنے سامنے ہو، تو خاموشی جرم ہے، اور وفا کی قیمت جان دے کر بھی ادا کرنی پڑے تو دریغ نہ کرو۔ آج کا ہر مؤمن، ہر حریت پسند اور مظلوم دوست، اگر حضرت عباسؑ علمدار کی وفاداری کو اپنا شعار بنا لے، تو دنیا کے ہر یزیدی لشکر کو شکست دی جا سکتی ہے۔ ‏آئیے! ‏آج علمدارِ کربلا حضرت غازی عباسؑ باوفا سے یہ عہد کریں کہ ہم ظلم کے ہر نظام کے خلاف، حق کے ہر علمبردار کے ساتھ اور مظلوم کے ہر معرکے میں وفادار رہیں گے،چاہے اس راہ میں ہمیں کربلا کے عظیم شہداء کی طرح جان دینی پڑے، ہم دریغ نہیں کریں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree