The Latest
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح پشاور میں بھی ''یوم ایفائے شہداء'' منایا گیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے زیر اہتمام سانحہ مدرسہ عارف حسین الحسینی اور ہزارہ ٹاون کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت اور دہشتگردی کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے سیکرٹری جنرل محمد شکیل نے کہا کہ وطن عزیز اس وقت دہشتگردوں کے رحم و کرم پر ہے، دہشتگرد جہاں چاہیں اور جس کو چاہیں نشانہ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ بازار محفوظ ہیں، نہ عبادت گاہیں، عوام محفوظ ہیں اور نہ ہی سیکورٹی فورسز۔ تاہم اس وقت جس طرح ملت تشیع کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے یہ سب کچھ عالمی سامراجی قوتوں کی ایماء پر ہو رہا ہے، تاہم ہم کبھی ان شہادتوں سے گھبرائے تھے اور نہ ہی کبھی گھبرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں جامعہ عارف حسین الحسینی اور کوئٹہ میں ہزارہ ٹاون میں بے گناہوں کو خون میں نہلا کر انسانیت کی تذلیل کی گئی۔ مگر افسوس کہ ہمارے حکمران محض مذمتی بیانات تک ہی محدود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر دہشتگردی کو روکنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے اور دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ آخر میں چند قرار دادیں بھی منظور کی گئی جو درج ذیل ہیں۔ (1) سانحہ جامعہ عارف حسین الحسینی اور ہزارہ ٹاون کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں۔ (2) دونوں سانحات کے شہداء کے لواحقین کو جلد از جلد 10، 10 لاکھ اور زخمیوں کو 5,5 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے۔ (3) خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا فوری طور پر آغاز کیا جائے۔ (4) پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں اور کوئٹہ میں طے پانے والے 23 نکاتی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کی جانب سے قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر حیدرآباد میں یوم ایفائے شہداء منایا گیا۔ اس موقع پر عزاداری سید الشہداء (ع) اور شہدائے ملت جعفریہ سے تجدید وفا کے لئے حیدرآباد پریس کلب پر شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا مداد علی نسیمی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کا کہنا تھا کہ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں دھشتگردوں نے قتل عام کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ہم اس دھشتگردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں، جو لوگ بھی وطن عزیز میں دھشتگردی کررہے ہیں چاہے وہ کسی بھی عنوان سے کررہے ہو وہ نہ پاکستان کا نہ اسلام کا اور نہ قرآن کا ہمدرد ہے، لھٰذا آج ہم بروز جمعہ مورخہ 05-07-13 کو ان شھداء کو خراج ِ تحسین پیش کرنے کے لیئے ’’ یوم ایفائے شہداء ‘‘ مناتے ہوئے چراغاں روشن کر رہے ہیں اور یہ اعلان کررہے ہیں ہم شہادت کے راہی ہیں اور اس ہی راستے پر چلتے ہوئے اپنی ملت کو طاقتور قوم میں تبدیل کریں گے۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل حجتہ السلام و المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کوئٹہ میں بھی یوم ایفائے شہداء منایا گیا۔ اس موقع پر میکانگی روڑ امام بارگاہ کلان پر سانحہ ہزارہ ٹاؤن علی آباد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مومنین سے رکن ضلعی شوریٰ علامہ ولایت حسین جعفری نے سانحہ علی آباد کو بھر پور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشتگردوں اور اس دہشتگردی میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ے پچاس مفتیوں نے جو اجتماعی فتویٰ جاری کیا ہے ہم انکی حمایت کرتے ہیں، واقعاً انہوں نے اسلامی و دینی فریضہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے یہ عوام بے گنا ہ قتل ہو رہے ہیں اور حکومت کو چاہیئے کہ سب سے پہلے عوام کی جان و مال کی تحفظ دیا جائے۔ آخر میں علامہ جمعہ خان جعفری نے بھی شرکاء سے مختصراً خطاب کیا۔
وحدت نیوز (میرپور) مجلس وحدت مسلمین ضلع میرپور کے زیر اہتمام پیام ولایت کانفرنس و ضلعی تنظیمی نوکنونشن کشمیر پریس کلب میرپور میں منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی علامہ ابوذر مہدوی مرکزی سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین تھے۔ تقریب کی صدارت علامہ سید تصور حسین جوادی نے کی۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین ضلع میرپور کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ممبران کی کثرت رائے سے مجلس وحدت مسلمین ضلع میرپور کے سیکرٹری جنرل کے لیے سید محمد رضا بخاری کو منتخب کیا گیا۔ باقی عہدیداران میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید تصور حسین کاظمی، سیکرٹری روابط سید مشتاق کاظمی، سیکرٹری سیاسیات سید نوازش عباس، سیکرٹری تعلیم سید قمر عباس کاظمی، سیکرٹری تبلیغات راجہ اسد کیانی، سیکرٹری مالیات سید منظور عباس، سیکرٹر نشرواشاعت سید کونین حیدر، سیکرٹری اطلاعات و میڈیا سیل سید ناظر عباس، سیکرٹری شماریات سید نصر رضوی شامل ہیں۔ صدر تقریب سید تصور حسین جوادی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر نے نو منتخب سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع میرپور سید محمد رضا بخاری سے حلف لیا ۔ بعدازاں نومنتخب سیکرٹری جنرل نے مجلس وحدت مسلمین ضلع میرپور کے دیگر عہدیداران سے حلف لیا۔
وحدت نیوز (آزاد کشمیر) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین جوادی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، کراچی اور کوئٹہ میں پے در پے دہشت گردی کے شرمناک واقعات حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کا ثبوت ہیں، اگر کوئٹہ کو فوج کے حوالے کرنے کے مطالبات تسلیم ہو جاتے تو دوبارہ دہشت گردی کو کنٹرول کیا جا سکتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب میرپور میں مجلس وحدت مسلمین ضلع میرپور کے زیر اہتمام پیام ولایت کانفرنس و تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ جبکہ علامہ ابوذر مہدوی مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان مہمان خصوصی تھے۔ کنونشن سے نومنتخب جنرل سیکرٹری ضلع میرپور سید محمد رضا شاہ بخاری،علامہ سید تنویر حسین شیرازی، رزاق جعفری، ڈپٹی سیکرٹری سید تصور کاظمی، خواجہ عباس کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
علامہ تصور حسین جوادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں متحدو منظم ہو کر استماری طاقتوں کا مقابلہ کر سکتی ہے ۔ علامہ ابو ذر مہدوی نے کہا کہ اس وقت ملت اسلامیہ کے اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ مولاعلی ؑ کا کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور کربلا سے بہتر ہمارے لیے کوئی درس گاہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کربلا نے ہمیں باطل کے خلاف ڈٹ جانے اور استعمار کے خلاف نبرد آزما ہونے کا درس دیا ہے انہوں نے کہا کہ آج ہمیں کربلا والوں کی سیرت و عمل کے مطابق اپنی زندگی میں نہ صرف نظم و ضبط پیدا کرنا ہے بلکہ لوگوں میں اتحاد و حدت کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ ہمیں استعمار کے مقابلے کیلئے خواتین کو بھی میدان عمل میں لانا ہو گا اس کے لیے ہمارے سامنے شریعتہ الحسین ؑ اور زینب سلام اللہ علیھا کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنانا ہو گا انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بقاء پرچم مصطفی ؐ کے سائے تلے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مملکت ایران اللہ رب العزت کی واحدانیت اور نصرت کے بھروسے پر امریکہ جیسی نام نہاد سپرپاور کو للکاررہی ہے اور یہ حوصلہ ملت ایران نے محمد مصطفیؐ کے وحی علی مرتضیٰ ؑ سے یہ حوصلہ ملا ہے اور یہ درس کربلا کر اثر ہے کہ آج ملت ایران مسلمانوں کی صحیح قیادت کا فریضہ سرانجام دے رہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم باب العلم حضرت علی ؑ کے ماننے والے ہیں جنہیں رسول پاک ﷺ نے علم کا دروازہ قرار دیا ہے۔ پیام ولایت کانفرنس و ضلعی تنظیمی کنونشن مجلس وحدت مسلمین میں ضلع بھر سے تنظیم کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نومنتخب عہدیداران کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وحدت نیوز (شہداد کوٹ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل حجتہ السلام و المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر ملک کے دیگر شہروں سمیت شہدادکوٹ میں بھی یوم ایفائے شہداء منایا گیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین، اصغریہ آرگنائزیشن ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر شیعہ تنظیموں کے کارکنان نے مولاناممتاز ایمانی ، نیاز حسین الحسینی، آصف حسین سموں اور دیگر کی قیادت میں مرکزی امام بارگاہ دربار حسین سے ریلی نکالی اور کوٹو موٹو چوک پر دھرنا دیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ، شام ، بحرین ، مصر ، عراق سمیت دیگر ممالک میں شیعہ مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناجارہا ہے جو کہ انسانیت سوز عمل ہے ۔ انہوں نے دنیا بھر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ ایسی انسانیت سوز کاروایوں کا نوٹس لے کر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے پہلے جمہوری صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا ہے۔ معزول صدر مرسی اور دیگر اعلٰی قیادت کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے فوج کے سربراہ عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ محمد مرسی عوامی توقعات پوارا کرنے میں ناکام رہے۔ فوجی سربراہ نے آئینی عدالت کے سربراہ عدلی منصور کو ملک کا عبوری حکمراں مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھا کہ آئین کا جائزہ لینے کے لیے ٹیکنوکریٹ پر مشتمل حکومت قائم کی جائے گی اور پارلیمانی اور صدارتی انتخابات جلد کرائے جائیں گے۔ مصری فوج کے ترجمان کے مطابق معزول صدر مرسی اور اخوان المسلمون کی اعلٰی قیادت کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ صدر مرسی کے اقتدار کو ایک سال مکمل ہونے پر مصر بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔ قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر لاکھوں افراد نے کئی دن سے پڑاو ڈال رکھا ہے۔ عوامی احتجاج میں شدت کے بعد مصر کی فوج نے صدر مرسی اور اپوزیشن جماعتوں کو اتفاق رائے سے مسئلے کا حل نکالنے کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا، تاہم صدر مرسی نے الٹی میٹم مسترد کرتے ہوئے اقتدار نہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ الٹی میٹم کی ڈیڈ لائن قریب آتے ہی مصری فوج نے مختلف شہروں میں کنٹرول سنبھالنا شروع کر دیا تھا۔ مختلف سرکاری عمارتوں کو قبضے میں لینے کے بعد بغاوت کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد اخوان المسلمون کے ٹی وی چینل سمیت کئی مذہبی چینل بند کر دیئے گئے ہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق مصری افواج نے صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا ہے، جس کے بعد صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین کی چھڑپوں میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ امریکہ نے اپنے غیر ضروری سفارتی عملے کو مصر چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔ مصر میں فوج کی جانب سے بحران کے سیاسی حل میں ناکامی کے بعد بالآخر فوج نے صدر محمد مرسی کی ایک سالہ حکومت کا خاتمہ کر دیا۔ فوج نے صدر محمد مرسی کو پیر کے روز اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی تھی جسکے ختم ہونے پر انکی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ قاہرہ میں سرکاری ٹی وی سے خطاب میں مصری فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ فوج ملک میں مفاہمت چاہتی ہے۔ صدر مرسی عوام کے مطالبات پورا کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور سیاسی رہنماؤں نے مل کر سیاسی روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔ آئین کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، آئینی عدالت کی چیف جسٹس عبوری حکومت کے سربراہ ہوں گے۔ ملک میں ٹیکنوکریٹس کی حکومت تشکیل دی جائے گی۔ عدلیہ ملک میں انتخابات کیلئے پارلیمانی قوانین کاجائزہ لے گی جبکہ ایک کمیٹی آئین کا جائزہ لے گی۔ جنرل السیسی نے کہا پولیس اور فوج تشدد کے واقعات سے سختی سے نمٹے گی۔ صدر مرسی کے اقتدار کے خاتمے کا سن کر مخالفین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، تحریر اسکوائر میں صدر مرسی کی اقتدارسے رخصتی پر آتش بازی کی گئی۔
وحدت نیوز (قم) کوئٹہ کے شہداء کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان (شعبہ قم المقدسہ) کے زیراہتمام منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ 2003ء سے اب تک کی شہادتوں میں قومی پلیٹ فارم منظم نہ ہونے کی وجہ سے ملت کے جذبات کو صحیح رخ نہیں دے سکے، لیکن تین سالوں میں پورے پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم کی فعالیت کی وجہ سے کوئٹہ سمیت پورے ملک میں ملت کی طاقت کا اظہار کیا اور قومی پلیٹ فارم نے شہداء کے خون کو طاقت میں تبدیل کیا۔ رکن شوری عالی ایم ڈبلیو ایم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ سانحہ کوئٹہ موجودہ حکومت کے منہ پر طمانچہ اور بہت بڑا چیلنج ہے، سابقہ حکومت سے درس عبرت لیتے ہوئے موجودہ حکومت کو دہشت گردی کے خلاف منظم کارروائی کرنی چاہیے، ورنہ ملت تشیع اپنی بیداری کے ذریعے آئندہ کے لیے ٹھوس لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہوگی اور فرزندان یزید کو کربلائے عصر میں ایسی تاریخی شکست دیں گے جسے انکی نسلیں یاد رکھیں گی۔
وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان (شعبہ قم المقدسہ) کے زیراہتمام سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کے رکن اور کوئٹہ کے امام جمعہ علامہ سید ہاشم علی موسوی اور سیکرٹری جنرل قم المقدسہ علامہ غلام محمد فخرالدین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں شہدائے کوئٹہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا ایک زندہ قوم کا شیوہ ہے اور جو قومیں اپنے شہداء کو بھلا دیتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے قم المقدسہ کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمیں وہ امام نصیب ہوئے جو خود بھی شہید ہیں اور اُن کے ایسے جانشین ملے جنہوں نے کہا کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے جو ہماری ماؤں نے ہمیں اپنے دودھ میں پلایا ہے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بےگناہ شیعہ و سنی مسلمانوں کی ارواح سے تجدید عہد کیلئے جمعہ کو ’’یوم ایفائے شہدا‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا۔ ایک بین الاقوامی ویب سائٹ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پورے ملک میں شہدا کی یاد میں مجالس اور شمعیں روشن کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام ہو گا جس میں ضلع بھر کے تمام کارکنان شریک ہونگے۔ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کابینہ ، سیکرٹری جنرل لاہور علامہ امتیاز کاظمی سمیت ماتمی انجمنیں اور وحدت یوتھ کے کارکنان خصوصی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہماری ملت کا سرمایہ ہیں اور ہماری منزل کربلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں موت سے ڈرا کر منزل سے بھٹکانا چاہتا ہے لیکن اسے اس بات کی خبر ہی نہیں کہ موت ہمارے لئے شہد سے زیادہ شریں ہے۔