وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں عزاداری سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزادرای امام حسینؑ ہماری شہ رگ حیات ہے، ہم کٹ تو سکتے ہیں لیکن نواسہ رسولؑ کی عزاداری پر قدغن لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، پنجاب میں علماء و ذاکرین کی ضلع بندیاں ہمیں کسی صورت قبول نہیں، ہم مقبوضہ کشمیر میں نہیں پاکستان میں رہتے ہیں، جسے ہمارے آبا و اجداد نے جان اور مال کی قربانی دے کر حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ملت جعفریہ کیخلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہے، ہم کسی بھی ایسے اقدام کو ہرگز قبول نہیں کریں گے جو عزاداری امام مظلومؑ کو محدود کرنے کا سبب بنے۔ انہوں نے کہا اگر حکومت پنجاب نے اپنا رویہ نہ بدلا تو ہم ملک بھر میں عاشور کے روز جلوس ہائے عزاء روک کر پنجاب کے متعصب حکمرانوں کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے، ہم اپنے دینی و ایمانی فریضے کو ہرحال میں ادا کریں گے، چاہے اس راستے میں ہمیں جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے، پنجاب پولیس سٹیٹ کی ملازم ہے، پولیس کو مراعات ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے ملتی ہیں، وہ شریف فیملی کی ملازم نہ بنے، آئین و قانون کیخلاف کسی بھی اقدام کو عزاداران امام مظلوم برداشت نہیں کریں گے۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین حسینی نے کہا ہے کہ ماہ محرم میں مجالس و عزاداری کے جلوسوں کی موثر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت خیبر پختونخوا کو فوری طور پر جامع، مربوط اور ٹھوس لائحہ عمل طے کرنا ہو گا۔ یہ صوبہ دہشت گردوں کی سب سے زیادہ کارروائیوں کا شکار رہا ہے۔ یہاں پر ملک دشمن عناصر کی باقیات ابھی تک موجود ہیں اور وہ کسی بھی شرپسندی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ ایسی صورتحال میں فول پروف سیکورٹی کی اشد ضرورت ہے۔ عزاداری کے جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں۔ مرکزی جلوسوں کی فضائی نگرانی کا انتظام کیا جائے تاکہ گرد و نواح کے حالات پر نظر رکھی جا سکے۔ داعش اور طالبان سمیت دیگر دہشت گرد طاقتیں قومی سلامتی کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہیں۔ ان کی طرف سے عزاداری کے پروگراموں کو ٹارگٹ کرنے کی متعدد بار دھمکیاں بھی موصول ہو چکی ہیں، ایسی صورتحال میں انتہائی چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری نے ملک کے دیگر صوبوں سے پنجاب میں داخل ہونے پر علماء و ذاکرین پر پابندی لگانے کے احکامات کو غیر قانونی، بنیادی حقوق سے متصادم اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام قابل مذمت اور یہاں کی پُرامن فضا کو خراب کرنے کی ایک سازش ہے۔ صوبہ پنجاب میں ماہ محرم کے احترام میں شیعہ سنی وحدت کا عملی مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ نواسہ رسول امام عالی مقام حضرت حسینؑ کے ایام غم میں شیعہ سنی مل کر تعزیہ نکالتے ہیں اور سبیلیں لگائی جاتیں ہیں۔ اہل سنت کی مساجد میں غم حسینؑ کا بیان ہونا اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ بریلوی حضرات بھی محرم کو اسی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ صوبوں کے مابین نقل و حرکت پر پابندی کسی بیمار ذہن کی اختراع ہے۔
علماء کرام اور ذاکرین ماہ محرم کے دوران فضائل و مصائب اہل بیت علیہم السلام بیان کرتے ہیں، انہیں محدود کرنے کا مطلب ذکرِ خانوادہ رسالت کو محدود کرنا ہے جو کسی طور قابل قبول نہیں۔ پاکستان کی سات کروڑ شیعہ آبادی کے بارے میں کسی بھی فیصلہ سے قبل قوم کے عمائدین کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت میں شامل تکفیری گروہ کے ہمدردوں کے متعصبانہ فیصلے پنجاب حکومت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت کو چاہییے کہ وہ کسی مخصوص مکتبہ فکر کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ملت تشیع کے پُرامن لوگوں کو تنگ کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں سے اجتناب کرے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبہ سندھ کے پولٹیکل سیکرٹری علامہ عبداللہ مطہری نے سندھ میں ماہ محرم کے دوران بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیوروکریسی کی عقل پر انسان دھنگ رہ جاتا ہے جسے نہ اسلامی اقدار کا لحاظ ہے اور نہ ہی تاریخ اسلام سے آگاہی، حالانکہ کسی گلی محلہ میں بھی اجتماعی پروگرام رکھنے سے پہلے اہل محلہ کی رائے اور غمی خوشی کے اوقات کو مدنظر رکھا جاتا ہے، جب کہ الیکشن کے شیڈول کے اجراء میں جلدبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی مکتبہ فکر سے رائے لینے کو غیر ضروری سمجھا گیا جو انتہائی افسوس ناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم کے مہینے میں پاکستان کے کروڑوں شیعہ سنی بھائی نواسہ رسول کریم ﷺ کا غم مناتے ہیں، اس مہینے میں انتخابات کے انعقاد سے ٹرن آوٹ کی شرح اس حد تک کم ہوگی کہ اس کے نتائج کو تسلیم شدہ قرار نہیں دیا جا سکے گا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کے اس شیڈول کو فوری طورپر تبدیل کیا جائے۔
وحدت نیوز (کراچی) عید مباہلہ وعید غدیر کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی جشن عید مباہلہ و غدیر بعنوان واثان ولایت کانفرنس مرکزی امام روڈ جعفرطیار سوسائٹی میں منعقد ہوئی جس میں شہر بھر سے ہزاروں عاشقان ولایت نے شرکت کی ، کانفرنس میں جدید علماء کرام، ذاکرین ،شعراء کرام اور منقبت خوان حضرات نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا، جبکہ خصوصی خطاب مرکزی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس نے کیا ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے اپنے انبیا ء کے ذریعے انسانی معاشرے کی فلاح و بہود کے لئے نظام ولایت بھیجا جوخاتم النبین (ص) کے بعد ایک عادل اور معصوم امام کو غدیر کے روز سپر د کیا گیا، نظام ولایت علی دراصل ولایت انبیا ء کا تسلسل ہے جو من جانب اللہ ہے۔ اللہ جو انسان کی خلقت سے واقف ہے اس نے انسانی ضروریات کے مطابق یہ نظام دیا جس میں سیاست بھی ہے معیشت اور سماجیات بھی ہے اور نظام کو ولایت کہتے ہیں جسکا حاکم امام ہے، اور آج جبکہ امام برحق باحکم خدا پردہ غیبت میں ہیں تو اس ولایت کی حاکمیت ایک جامع شرائط فقہی کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہمار ا رہبر شجاع، بہادر،بابصیرت فقیہہ ہے جو نظام باطل کے مقابلے میں کھڑا انکا مقابلہ کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا دو بلاک میں ایک بار پھر تقسیم ہوچکی ہے ، ایک بلاک سرمایہ دارانہ نظام، اور لبرل ازم کا بلاک ہے جسکا امام اوبامہ ہے اور دوسرا بلاک ولایت کا بلاک ہے جسکا رہبر ولی فقیہہ ہے ،سعودی عرب ،بحرین ،یمن شام اور پاکستان میں انہیں باطل اور حق کی قوتوں کا ٹکراو ہے، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سعودی عرب،ترکی اور مصر نظام باطل کے بلاک کا حصہ بن کر ولایت کے مقابل آکھڑے ہوئے ہیں اور پاکستان میں نواز حکومت سعودی عرب کی چاپلسوی میں اہل ولایت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی نواز پاکستانی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان جو دہشتگردوں کے خلاف بنایا تھااسکا رخ اب شیعہ اور سنیوں کی طرف موڑ دیا ہے جو باطل بلاک کے اہم کردار سعودی عرب کے خلاف ہیں۔
علامہ راجہ ناصر نے کہا پنجاب میں سعودی نواز حکومت نےاہلسنت مائک پر دورد شریف پڑھنے پر پابندی عائد کررکھی ہے اور اب عزاداری کے خلاف قوانین بناکر اسے محددو کرنے کی کوشیش کررہے ہیں، میں پوچھتا ہوں کہ کیا یہ تمھاری دہشتگردی کے خلاف جنگ ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم ہرگز عزاداری سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، عزاداری سید الشہداء اس سال بھرپور انداز میں مناکر ہم تمھاری سازشوں کو ناکام بنادیں گے واضح کیا جائے کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں کے خلاف ہے یا عزاداری سید الشہداء کے،، علامہ راجہ ناصر نے اہلسنت براداران سے بھی گذارش کی وہ بھی نواسہ رسول کی عزاداری اس سال بھرپور انداز میں منائیں تاکہ تکفیریت کا پاکستان میں راستہ روکا جائے۔ علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران سے گذارش کرتا ہوں کے علاقائی سطح پر پنجاب حکومت کے عزاداری کے خلاف بنائے گئے کالے قانوں پر فوری پریس کانفرنس کا اہتمام کریں، اور عوام سے بھی گذارش کی اس سال محرم میں بھرپور انداز میں عزاداری کو انجام دین ۔
وحدت نیوز (میانوالی) مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبے خیرالعمل فائونڈیشن نے ضلع میانوالی میں یتیم بچوں میں وضائف کی تقسیم کا باقائدہ آغا کردیا ہے ، پہلے مرحلے میں تیرا لاکھ آٹھ ہزارپانچ سوسولہ روپے دوسوترپن یتم بچوں میں تقسیم کیئے گئے،اس سلسلے میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب تحصیل پپلاں ضلع میانوالی کی مرکزی امام بارگاہ میں منعقد ہوئی،جس میں مہمان خصوصی خیر العمل فائونڈیشن کی مرکزی رہنما سید حسین نقوی تھے،اس موقع پر حسین نقوی نے شرکاءسے خطاب کیا اور ایتام پروجیکٹ پر تفصیلی روشنی ڈالی،تقریب کے اختتام پر 253یتیم بچوں میں Rs.13,0,8,516کی خطیر رقم وضائف کے طور پرتقسیم کی گئی، سید حسین نقوی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ان بچوں میں یہ وضائف سہہ ماہی بنیادوں پر تقسیم کیئے جائیں گے۔