The Latest
وحدت نیوز(فیصل آباد) فیصل آباد کی فضاؤں میں وحدت کی بازگشت مدینہ ٹاؤن فیصل آباد کی پرُنور گلیوں میں، زیڈ بلاک کی علی مسجد و امام بارگاہ ایک بار پھر اخوت و وحدت کے چراغ سے روشن ہوئی، جہاں مجلس وحدت مسلمین ضلع فیصل آباد کی ضلعی شوریٰ کا اہم اجلاس تزکیۂ نیت، اخلاصِ عمل اور عزمِ نو کے ساتھ منعقد ہوا۔
اس روح پرور محفل میں شہر بھر سے تنظیمی کارکنان نے شرکت کی، گویا وفا کے قافلے ایک مرکز پر جا ٹھہرے ہوں۔ اجلاس کی سب سے اہم بات انٹرا پارٹی الیکشن تھا، جس میں اتفاقِ رائے اور اصولوں کی روشنی میں جناب جواد رضا ایڈووکیٹ کو ضلعی صدر منتخب کیا گیا۔ ان کی جیت، درحقیقت عوامی اعتماد، اصولی کردار اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف تھی، جو محبت و یقین کے ووٹ سے مہر بند ہوئی۔
اس اجتماع کو مزید وقار اُس وقت حاصل ہوا جب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی (وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان) اور علامہ سید علی اکبر کاظمی (صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب) بنفس نفیس شریک ہوئے۔ ان بزرگوں کی موجودگی اجلاس کے لیے روحانی خوشبو کی مانند تھی، جس نے فضا کو تقدس اور حوصلے سے بھر دیا۔پانچ تحصیلوں اور اٹھارہ یونٹس کی بھرپور شرکت، اس عمل کی شفافیت، وسعت اور تنظیمی ہم آہنگی کی گواہی دے رہی تھی۔ ایک ایسی ہم آہنگی جس کی بنیاد خلوص پر استوار ہے اور جس کی چھاؤں میں ملت کے مستقبل کی امیدیں سانس لیتی ہیں۔
اس موقع پر جناب ڈاکٹر افتخار حسین نقوی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، جنہوں نے پس پردہ رہ کر اس پورے عمل کو سرپرستی، شفقت اور اخلاص سے کامیابی کی منزل تک پہنچایا۔ ان کا کردار خاموش لیکن اثر انگیز تھا، جیسے کسی باغ میں چھپی ہوا پھولوں کو کھلنے کی اجازت دیتی ہے۔یقیناً یہ دن فیصل آباد کی تاریخ میں ایک روشن باب کے طور پر محفوظ ہوگا، جہاں وحدت کے علَم کو تھامے، کاروانِ اخلاص نے ایک نیا سفر شروع کیا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع پر پوری قوم متحد ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک اسلام دشمن سوچ کا حامل شخص ہے، جسے دنیا گجرات کے قصائی کے نام سے جانتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالی ایک طویل عرصے سے جاری ہے، جسے دنیا دیکھ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈومکی قبیلے کے معززین اور جیکب آباد یوتھ کی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حالیہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے پہلگام میں ہونے والا حملہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، جس میں 26 بے گناہ انسان جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے۔ ہم اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ معصوم شہریوں کا قتل کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سانحے کو جواز بنا کر بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلا ثبوت الزامات اور جنگی دھمکیاں دینا نہایت غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز اقدام ہے، جو خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ بھارت اب تک اس واقعے کا کوئی ٹھوس ثبوت یا شواہد پیش نہیں کر سکا، جبکہ غیر جانبدار ذرائع بھی بھارتی مؤقف کو مشکوک قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر مودی حکومت نے پاکستان پر حملے کی کوشش کی، تو پوری قوم منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ہم اپنے وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، یہ ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے۔ علامہ ڈومکی نے کہا کہ اگرچہ ہمیں فارم 47 کے نتیجے میں قائم جعلی حکومت اور ان کے سرپرستوں سے سو اختلافات ہیں، اور ہم عوامی مینڈیٹ کے چوروں اور ان کے سرپرستوں کو تسلیم نہیں کرتے، لیکن جب بات وطن کی سالمیت اور قومی وقار کی ہو، تو ہم سب سے پہلے میدان عمل میں ہوں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کے امن و استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کی جنگی جنونیت اور الزام تراشی کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا کو ممکنہ تباہی سے بچانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی صدر آغا علی رضوی نے بھارت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں اور جارحانہ بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے یہ غیر ذمہ دارانہ اقدامات نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ ان کی مکروہ عزائم کو بھی بے نقاب کرتے ہیں۔ ایک بیان میں آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت اپنی اندرونی ناکامیوں اور انتہاپسند پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے خطے میں اشتعال انگیزی پیدا کر رہی ہے۔ ہم بھارت کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی ان اشتعال انگیز حرکات کا سفارتی سطح پر سخت نوٹس لے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو اس بارے میں مؤثر طریقے سے آگاہ کرے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے عالمی سامراج اور استعمار کا لانچنگ پیڈ رہا ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتیں چاہتی ہیں کہ پورا ریجن میں جنگ چھڑ جائے اور نیا یوکرائن کھولیں۔ مودی اور نیتن یاہو کے نظریات اور اقدام میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ نیتن یاہو توسیع کے خواب میں اسرائیل کو عالمی برادری کی نگاہ میں خونین اور پست ثابت کرنے کے علاوہ مسلسل تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے اور مودی موجودہ بھارت کے کئی حصے کرکے دم لے گا۔ پاکستان کی موجودہ اندرونی صورتحال اور کیفیت کو درست کر کے قومی یکجہتی کی فضاء بنانے کی ضرورت ہے۔ عوامی پشت پناہی، اتحاد اور ثابت قدمی ہی دشمن کو شکست دے سکتی ہے۔ ہم خطے میں نئی جنگ دیکھ رہے ہیں جس کے آثار گلگت بلتستان پر چڑھائی کرنے کے متعلق رواں سال مودی کے بیانات اور انڈین آرمی چیف کے بیانات سے مل رہے تھے۔ لہذا یہ وقت ہم آہنگی اور باہمی اختلاف کو ختم کرنے کا ہے۔ اپنی توانائی اپنے عوام پر صرف کرنے کی بجائے دشمن کے خلاف استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی واضح کرتے ہیں کہ عوامی طاقت کو تسلیم کریں اور خطے کے استحکام و حفاظت کے لیے کمربستہ ہو جائیں۔ شاید ہمارے نااہل حکمران امریکہ پر تکیہ کرکے بیٹھے ہوں۔ ان پر اعتماد کیا تو ہمارے ساتھ وہی ہونا ہے جو اکہتر میں ہوا تھا۔ امریکی بیڑے کا انتظار کرنے کی بجائے اپنے قدموں پر کھڑے ہو جائیں اور عوامی پشت پناہی سے قیام کریں۔ ہم کچھ بھی کریں عالمی برادری کے لیے اور امریکہ کے لیے انڈیا بہت بڑی مارکیٹ ہے اور ان کے درمیان تزویراتی معاہدے اور تعلقات گہرے ہیں۔ اسی طرح عرب ممالک کے تعلقات بھی ہم سے زیادہ انڈیا کے ساتھ ہیں۔ لہذا کسی غلط فہمی میں مبتلا ہوئے بغیر توکل رکھیں اور مستعد و تیار رہیں۔ عالمی طاقتیں پاکستان کے موجودہ نقشے میں تبدیلی اور سی پیک کے خاتمے کا خواہاں ہیں۔ یہ ہمارا ہنر ہے کہ کس طرح ان سازشوں کا مقابلہ کر سکیں گے۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کی صوبائی کابینہ کا آن لائن اجلاس، صوبائی صدر حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں گیارہ معزز اراکینِ کابینہ نے شرکت فرمائی۔ اس اہم اجلاس میں متعدد قابلِ قدر فیصلے کیے گئے جن کا تعلق جماعت کی آئندہ تنظیمی پیش رفت سے تھا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے انٹرا پارٹی انتخابات مورخہ 17 و 18 مئی 2025ء، بروز ہفتہ و اتوار، لاہور میں منعقد ہوں گے۔
اس موقع پر صوبے بھر سے تمام ضلعی نمائندگان شرکت کریں گے اور اپنے جمہوری حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔انتخابات کے اس دو روزہ عمل میں، ہر ضلع کی سطح سے ایک نام بطور ضلعی نمائندہ پیش کیا جائے گا جبکہ دو امیدواران کے نام صوبائی کابینہ کی جانب سے مرکزی کمیٹی کو ارسال کیے جائیں گے۔ انہی امیدواروں کے درمیان صوبائی صدارت کے لیے انتخاب ہوگا، اور اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار آئندہ تین برسوں کے لیے صوبہ پنجاب کی صدارت کا منصب سنبھالے گا۔یہ انتخابی عمل نہ صرف داخلی جمہوریت کے تسلسل کی علامت ہے بلکہ مجلس وحدت مسلمین کے تنظیمی وقار اور اتحاد کی روشن مثال بھی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مودی آر ایس ایس کا پروردہ اور گجرات کا قاتل ہے، جس کے ہاتھ ہزاروں معصوم مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ حالیہ واقعے میں بھی کوئی شک باقی نہیں رہا کہ یہ سازش اسی ہندوتوا ذہنیت کی پیداوار ہے، جس کی قیادت مودی جیسے درندہ صفت شخص کے ہاتھ میں ہے، جو ہٹلر کی سوچ کو آج کے ہندوستان میں زندہ کر رہا ہے۔
مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے، بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق بھی سلب کر رکھے ہیں۔ ہندوتوا نظریے کے تحت بھارت بھر میں مسلمانوں پر ظلم و جبر، قتل و غارت اور عبادت گاہوں کی بےحرمتی کا سلسلہ جاری ہے، جس کی سرپرستی براہِ راست مودی اور اس کی فاشسٹ حکومت کر رہی ہے۔
پاکستانی قوم ہر محاذ پر اپنی سرزمین کا دفاع جان سے بڑھ کر فرض سمجھتی ہے۔ہم جانتے ہیں کہ ہمارے آپس کے اختلافات اور سیاسی مسائل ہمارے گھر کی بات ہیں، لیکن جب وطنِ عزیز پر بیرونی جارحیت یا سازش کی بات آئے گی، تو پوری قوم اختلافات بھلا کر ایک صف میں کھڑی ہوگی۔
کسی دشمن کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ اگر کسی نے ایسی جسارت کی، تو ہم ان آنکھوں کو پھوڑ دیں گے اور ان ہاتھوں کو کاٹ ڈالیں گے، جو وطنِ عزیز کی طرف بڑھیں گے۔
ہم عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری ظلم و بربریت اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
یہ وطن ہمارا ہے، ہم ہی اس کے محافظ ہیں اور اس کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے بھارت کی جانب سے دے جانے والی دھمکیوں اور جارحانہ بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے یہ غیر ذمہ دارانہ اقدامات نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ ان کی مکروہ عزائم کو بھی بے نقاب کرتے ہیں۔
علامہ صادق جعفری نے مزید کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت اپنی اندرونی ناکامیوں اور انتہاپسند پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے خطے میں اشتعال انگیزی پیدا کر رہی ہے۔ ہم بھارت کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی ان اشتعال انگیز حرکات کا سفارتی سطح پر سخت نوٹس لے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو اس بارے میں مؤثر طریقے سے آگاہ کرے۔
علامہ صادق جعفری نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے عالمی سامراج اور استعمار کا لانچنگ پیڈ رہا ہے۔ عالمی طاقتیں چاہتی ہیں کہ پورےریجن میں جنگ چھڑ جائے اور نیا یوکرائن بنایا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج کا دن اہلِ بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں کے لیے غم و الم کا دن ہے۔وہ عظیم المرتبت ہستی، جو علم و حلم کا پیکر، جود و سخا کا منبع، اور صبر و اخلاص کی مجسم تصویر تھی — جس کا نام مدینہ کے افق پر آج بھی جگمگا رہا ہے، آج ہم اس کی شہادت کی المناک یاد منا رہے ہیں۔امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے علم، کردار اور سیرتِ طیبہ سے انسانیت کو سچائی، صبر اور معرفت کا ابدی درس عطا فرمایا۔
آپ کی حیاتِ مبارکہ ہر متلاشیِ حق کے لیے تا قیامت چراغِ ہدایت ہے۔میں اس پُرملال اور سوگوار موقع پر بارگاہِ امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبر معظم مدظلہ العالی، اور تمام مؤمنین و مؤمنات کی خدمت میں دل کی گہرائیوں سے تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور بارگاہِ الٰہی میں دست بدعا ہوں کہ ہمیں ان کے بتائے ہوئے راستے پر ثابت قدمی سے چلنے اور سچائی و ولایت کے پرچم کو تھامے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔الٰہی آمین
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کے صدر علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مجلس وحدت پاکستان کا دوبارہ چیئرمین منتخب ہونا ملت جعفریہ سے وفاداری کا صلہ ہے۔
ناصر شیرازی اور انکی ٹیم اور مرکزی صدر عزداری ونگ ملک اقرار علوی کی دن رات کی محنت، کوشش اور کاوشوں کی بدولت پاکستان بھر سے گلگت بلتستان آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں اور اضلاع نے بھر پور شرکت کی۔
کنوشن میں کامیاب عزاداری کانفرنس فلسطین کانفرنس اور انتخابات کا شفاف عمل ناصر شیرازی کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم جو مولائے کائنات امام علی علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کے راستے کے پیروکار ہیں، اور امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور کے منتظر کہلاتے ہیں، ہمارا یہ عقیدہ ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں، چاہے ان کا تعلق بلوچستان سے ہو، سندھ سے، پنجاب، خیبرپختونخواہ، کشمیر یا گلگت بلتستان سے۔ آج سندھ کے عوام پانی کے بحران پر سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ظلم اپنی انتہاؤں کو چھو رہا ہے۔ خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے وسائل پر ناجائز قبضے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انسانی حقوق مسلسل پامال ہو رہے ہیں۔ ہم سب پر فرض ہے کہ مظلوموں کی آواز بنیں، ظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں، اور ہر محاذ پر مظلوم کا ساتھ دیں۔ یہی حسینی راستہ ہے، یہی امامِ وقت کی سچّی نصرت ہے۔
وحدت نیوز(ببرلو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پانی زندگی ہے اور اس کی منصفانہ تقسیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1991 کے پانی کی تقسیم کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نئے کینالز کی تعمیر قابل مذمت ہے اور سندھ کے عوام اسے کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ببرلو بائی پاس پر دریائے سندھ پر غیر قانونی نہروں کی تعمیر کے خلاف وکلاء اور سندھ کے باشعور عوام کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور اس کے بہادر قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سندھ کے مظلوم عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم سندھ کے عوام کے پانی کے حق کا بھرپور دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈال کر اسے کربلا بنانے والے سن لیں کہ سندھ کے حسینی اپنے دریا کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء نے مزید کہا کہ سندھ کا وسیع رقبہ پانی کی شدید قلت کا شکار ہے، اور غیر قانونی کینالز کی زبردستی تعمیر ایک کھلی زیادتی ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے ساتھ ہونے والا یہ ظلم دراصل وفاق کو کمزور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے اپنا واضح ریفرنڈم دے دیا ہے کہ وہ کسی بھی زبردستی، جبر اور غیر آئینی فیصلے کو ماننے کو تیار نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے جائز حقوق کی جدوجہد میں ہر محاذ پر شریک رہے گی۔ اس موقع پر مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی رہنماء علامہ سیف علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنماء ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو، رحمدل ٹالانی، میر مظفر ٹالانی، زوار دلدار حسین گولاٹو، منصب علی ڈومکی، میر منیر ڈومکی، قمر دین شیخ، بخت علی ٹالانی، ریاض علی اور دیگر رہنماء وفد کی صورت میں موجود تھے۔