The Latest

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نریندر مودی جنگی جنون میں مبتلا ہے۔ مودی خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ وطن عزیز پاکستان پر بھارتی جارحیت ناقابل قبول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں مرکزی مسلم لیگ بلوچستان کے زیر اہتمام منعقدہ "پاکستان زندہ باد کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ گجرات کا قصائی نریندر مودی اپنے جنگی جنون کے باعث پاکستان اور بھارت کو جنگ کی تباہ کاریوں کی طرف دھکیل رہا ہے۔ مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، اور کشمیر میں طویل ترین کرفیو نافذ کرکے انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل امت مسلمہ کے مشترکہ دشمن ہیں، جو مسلم ممالک کے خلاف گٹھ جوڑ کے تحت کام کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم میں امریکہ کے ساتھ ساتھ بھارت بھی شریک جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ غیرت مند مسلمانوں کا ملک ہے۔ جو کسی صورت بھارتی جارحیت اور بالادستی کو قبول نہیں کرے گا۔ پاکستانی قوم متحد ہو کر اپنے وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کرے گی اور جارح دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گی۔ انہوں نے بھارت کی حالیہ جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں معصوم شہری شہید ہوئے اور مساجد کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ اقدام واضح دہشتگردی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ علامہ ڈومکی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلایا جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر و رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین کی پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل وزیر سے قومی اسمبلی میں ملاقات، جس میں موجودہ ملکی صورتحال سمیت پارا چنار کرم کے مسئلہ پر خصوصی طور پر گفتگو کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی پر مبنی اعلی سطح وفد بنایا جائے گا۔

 وفد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت زرتاج گل وزیر اور انجینئر حمید حسین شامل ہونگے، وفد وزیر اعلی کے پی کے علی امین گنڈا پور سے ملاقات کرے گا اور پارا چنار کرم کی سنگین صورتحال کے حل بارے فوری عملی اقدامات سمیت آٹھ ماہ سے بند راستے کی بندش ختم کرنے کو یقینی بنانے پر زور دے گا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین کی بھی ملاقات ہوئی جس میں وفاقی وزیر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ پارا چنار کرم کے مسئلے کو اعلیٰ حکام تک اٹھائیں گے اور اس ایشو کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان محسن شہریار سید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فاشسٹ بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں پر ڈرون حملے کھلی جارحیت اور جنگی جنون کا واضح ثبوت ہیں، جس کی مجلس وحدت مسلمین پاکستان سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ حملے پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور قومی وقار پر حملہ ہیں، جن کا فوری اور دندان شکن جواب دینا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔‏ہم افسوس اور دکھ کے ساتھ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ جب دشمن ہمارے گھروں پر حملہ آور ہو رہا ہے، ہمارے حکومتی وزراء محض رسمی اور کمزور بیانات دے کر اپنی ذمہ داری سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔ موجودہ مسلط شدہ نا اہل حکومت اپنی نالائقی اور بزدلانہ حکمت عملی سے قوم کے جذبات کو مجروح اور دشمن کے حوصلے بلند کر رہی ہے۔

 پاکستان کی غیور قوم ایسے بے حس حکمرانوں کو مسترد کرتی ہے جو قومی غیرت اور خودداری کا سودا کرنے پر آمادہ ہیں۔‏ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کی اس بزدلانہ حرکت کا فی الفور مؤثر، منہ توڑ اور عبرتناک جواب دیا جائے، تاکہ دشمن کو معلوم ہو کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے جو اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنا خوب جانتی ہے۔ اگر حکومت میں اتنی جرات اور بصیرت نہیں تو قوم دشمن سے نمٹنے کا حوصلہ اور جذبہ رکھتی ہے، اور تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنے شہداء کے خون کا حساب لیا ہے۔‏مجلس وحدت مسلمین پاکستان، پوری قوم کے جذبات کی مکمل ترجمانی کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کی فضائی و زمینی حدود کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے، دشمن کو سبق سکھایا جائے اور قوم کو ایک واضح اور جاندار مؤقف کے ساتھ متحد کیا جائے۔ یہ وقت بزدلی، مصلحت یا خاموشی کا نہیں بلکہ غیرت مند اور جرات مندانہ اقدام کا ہے۔

‏پاکستان زندہ باد — فاشسٹ بھارت مردہ باد

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری نشر و اشاعت اور کنوینئر نصاب تعلیم کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نصاب تعلیم ایک حساس قومی مسئلہ ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین، ملتِ جعفریہ کی نمائندہ جماعت کے طور پر متنازعہ نصاب کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور حکومت سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ 1975ء کی طرز پر ایک نیا قومی نصاب تعلیم مرتب کیا جائے جس پر تمام مسلمہ مکاتبِ فکر کا اعتماد ہو۔

یہ بات انہوں نے مجلس وحدت مسلمین ہزارہ ٹاؤن کے ضلعی صدر سید مہدی ابراہیمی اور نائب صدر سید ضیاء آغا کے ہمراہ علمائے کرام اور شعبہ تعلیم سے وابستہ اہم شخصیات سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات کا مقصد 9 مئی بروز جمعہ، شام 5 بجے مسجد خاتم الانبیاء، 16 ایکڑ، کوئٹہ میں منعقد ہونے والی صوبائی نصاب تعلیم کانفرنس کی تیاری اور دعوت دینا تھا۔

علامہ ڈومکی نے کہا کہ ہم اس اہم قومی مسئلے پر ملت کے تمام سنجیدہ، باشعور اور تعلیم دوست طبقات کو اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ ایک متفقہ، متوازن اور قابلِ اعتماد نصاب تعلیم کا خاکہ پیش کیا جا سکے۔ مجلس وحدت مسلمین اس قومی خدمت میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے تمام علمائے کرام، اساتذہ، والدین اور تعلیمی ماہرین سے اپیل کی کہ وہ کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے قومی بیانیے کو مضبوط بنائیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں پر مسلسل ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور غیرتِ قومی پر بدترین حملہ ہیں۔ یہ حملے دشمن کے گھٹیا عزائم اور بزدلانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، جس کا جواب دینے کے لیے آج پوری قوم  یک زبان ہو چکی ہے۔ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اس نازک ترین موقع پر ملک پر مسلط فارم 47 کی پیداوار، نا اہل اور عوام دشمن رجیم مجرمانہ خاموشی اختیار کیے بیٹھی ہے، جس وقت دشمن پاکستان کی فضاؤں میں ڈرون بھیج کر ہمارے امن و عزت کو للکار رہا ہے، اُس وقت یہ جعلی حکمران ٹولہ اقتدار کی کرسی بچانے اور انتقامی سیاست میں مصروف ہے۔ عوام کے ترجمان بننے کے دعوے دار، وزارتی عہدے سنبھالے گونگے بہرے بنے بیٹھے ہیں، جن کی زبانوں پر تالے اور دلوں میں خوف ہے۔ یہ حکومت نہ صرف دفاعِ وطن میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے بلکہ پاکستان کے وقار اور قومی غیرت کے ساتھ بھی کھلواڑ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج قوم کا ہر فرد، ہر نوجوان، ہر بزرگ اور ہر شہید کا وارث یہ سوال کر رہا ہے کہ عمران خان جیسے بہادر اور قومی غیرت کے علمبردار قائد کو جیلوں میں ڈال کر، قوم کو یہ مفلوج اور بزدل حکومت کس کے اشارے پر مسلط کی گئی؟ جس عمران خان نے ہمیشہ دشمن کے سامنے ڈٹ کر پاکستان کا مقدمہ لڑا، آج اُس کی آواز کو دبا کر، قوم کی غیرت اور دفاع کا سودا کیا جا رہا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دشمن کے حملوں کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے، اور اس بے حس اور نا اہل مسلط حکومت کو فارغ کر کے عمران خان جیسے حقیقی عوامی لیڈر کو رہا کیا جائے، جو پاکستان کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم پر لڑنے کا حوصلہ اور جرات رکھتا ہے۔یہ قوم بزدل حکمرانوں کی محتاج نہیں۔ یہ دھرتی غیرت مندوں کی ہے اور دشمن سن لے پاکستان کے بیٹے جاگ رہے ہیں اور حساب برابر کرنے کا وقت اب قریب ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) تحریک تحفظ آئین پاکستان صوبہ سندھ کا اجلاس سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے صدر سید زین شاھ کی میزبانی میں ان کی رہائش گاہ پر منقعد ہوا۔

جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء علامہ شیخ محمد صادق جعفری، پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور علی سیال، پختون خواہ ملی عوامی پارٹی، جمعیت علماء اسلام، شیرانی گروپ،  اور دیگر کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں شریک سیاسی قائدین نے باہمی اتفاق رائے سے سید زین شاھ کو تین ماہ کے لیئے تحریک تحفظ آئین پاکستان صوبہ سندھ کاکنوینر منتخب کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 11 مئی کو بانی پاکستان تحریک انصاف جناب عمران خان اور دیگر سیاسی اسیران، ملک میں صوبوں کی معدنیات پر وفاق کے جبری قبضے اور سندھ کے پانی اور زمین ناجائز تسلط کے خلاف کراچی پریس کلب پریس پر دن 04 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جناب اقرار حسین ملک کو مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری و مرکزی آ فس سیکرٹری نامزد کردیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جناب اقرار ملک ماضی کی طرح اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قوم وملت کی لئے بہترین خدمات پیش کریں گے ۔

وحدت نیوز (سرگودھا) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی صدر حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب نے اپنے وفد کے ہمراہ گروٹ، ضلع خوشاب میں مرحوم سید ریاض حسین شاہ کی رہائش گاہ پر تعزیتی دورہ کیا۔ مرحوم، علامہ ملازم حسین نقوی (صوبائی نائب صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب) کے کزن تھے۔

اس موقع پر فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی، اور مرحوم کی بلندیٔ درجات کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ علامہ علی اکبر کاظمی نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔

وفد میں علامہ ملازم حسین نقوی اور مولانا استاد ذوالفقار اسدی (ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم، سرگودھا) بھی شامل تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) تحصیل چیئرمین آغائے مزمل حسین فصیح کی جیل سے باعزت رہائی کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے خصوصی ملاقات ہوئی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آغائے مزمل حسین فصیح کو ان کی رہائی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فتح حق و صداقت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ظلم و جبر ہمارے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے، ہم ہر محاذ پر مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے پارہ چنار کے حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ خطے میں جلد امن قائم ہوگا اور ٹل-پارہ چنار روڈ کو محفوظ بناکر عوام کے لیے کھولا جائے گا۔

یہ ملاقات ایک نئے عزم اور استقامت کی علامت ہے، جو اس بات کی نوید دیتی ہے کہ مشکلات کے باوجود عوامی نمائندے اور قیادت حق پر قائم ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب نے تحصیل چیئرمین آغائے مزمل حسین فصیح کو قرآن پاک کا تحفہ بھی دیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل سپریم کے فیصلے پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا موقف دیتے ہوئے ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان شہریار سید نے کہا ہے کہ سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے سویلین شہریوں کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل کی اجازت دینا نہ صرف آئینِ پاکستان کی روح کے منافی ہے بلکہ یہ بنیادی انسانی حقوق، شفاف عدالتی عمل اور شہری آزادیوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

‏آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 10-A ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے، جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ہر ملزم کو کھلی عدالت میں، مکمل قانونی تحفظ اور شفاف کارروائی کے تحت اپنی صفائی کا موقع ملنا چاہیے۔ ملٹری کورٹس کی فطرت، طریقہ کار اور محدود دائرہ سماعت اس بنیادی آئینی حق سے متصادم ہے۔

‏فوجی عدالتیں عموماً محدود شواہد، ان کیمرا ٹرائل اور دفاع کا محدود حق فراہم کرتی ہیں۔ سویلین شہریوں کے لیے اس قسم کا نظام انصاف عالمی انسانی حقوق کے معیارات، بشمول اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر اور انٹرنیشنل کنونشن آن سول اینڈ پولیٹیکل رائٹس (ICCPR)
‏سے بھی متصادم ہے، رائٹس جس کا پاکستان خود بھی ایک ریاستی فریق ہے۔

‏ملک میں موجود سویلین عدالتی نظام، انسداد دہشت گردی عدالتیں اور اعلیٰ عدلیہ کی موجودگی میں سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل دراصل عوامی اعتماد کو مجروح کرنے اور آئینی ڈھانچے کو منھدم کرنے کے مترادف ہے۔ یہ طرزِ عمل پاکستان میں آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کی نفی کرتا ہے۔

‏ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ:
‏1.سویلین شہریوں کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل فوری طور پر روکا جائے۔
‏2.آئینِ پاکستان اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔
‏3.ملک کے سویلین عدالتی نظام کو مزید مؤثر، خودمختار اور بااختیار بنا کر تمام شہریوں کو یکساں انصاف فراہم کیا جائے۔

‏ملک کی سالمیت، امن اور انصاف کا واحد راستہ آئین کی مکمل عملداری، بنیادی حقوق کی حفاظت اور شفاف عدالتی نظام کی بقا میں ہے۔ کوئی بھی ماورائے آئین قدم نہ صرف عدل کے چہرے پر داغ ہے بلکہ ملک میں آئینی بحران کو بھی جنم دے سکتا ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

Page 2 of 1554

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree