وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وسطی کی نومنتخب کابینہ کی تقریبِ حلف برداری المحسن ہال میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمانِ خصوصی علامہ مرزا یوسف حسین نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
تفصیلات کےمطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وسطی کی جانب سے نومنتخب ضلعی کابینہ کی تقریب حلف برداری المحسن ہال فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمانِ خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیلی ادارے مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل برادر میثم عابدی تھے۔
تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں کہ جب اندرونی و بیرونی دشمن وطنِ عزیز کی سلامتی کے درپے ہیں تو پوری پاکستانی قوم بالخصوص جوانوں کی اولین زمہ داری ہے کہ میدانِ عمل میں آکر قومی معاملات میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ملک و ملت کو بحرانوں سے نکالیں۔انھوں نے کہا کہ ملت کے جوانوں پر لازم ہے تعلیم و تربیت کیساتھ سیاسی و سماجی میدان میں بھی اپنا بھرپور کردار کریں اور اب ضرورت اسی امر کی ہے کہ جوان میدانِ عمل میں آئیں اور طاقت و اختیار اپنے ہاتھ میں لیں اور ملک و قوم کی باگ دوڑ سنبھالیں۔
علامہ مرزا یوسف حسین نے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کی زمہ داران اور کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی میں ضلع وسطی کی ایک خاص اہمیت ہے بالخصوص سیاسی حوالے سے ضلع وسطی ایک خاص اہمیت کا حامل ہے، اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے ذمہ داران و کارکنان کو ملتِ تشیع بالخصوص برادرانِ اہلسنت کے ساتھ بہتر سے بہتر روابط کو فروغ دینا چاہئے اور اس کے لئے فلاح و بہبود کے ذریعے عوامی حلقوں بالخصوص مستضعف عوام میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہئے، اور آئندہ انتخابات میں یہی عملِ خیر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے لئے مثبت کردار ادا کرے گا۔علامہ مرزا یوسف حسین نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ہر ذمہ دار و کارکن کو شھیدِ مظلوم شھید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی و شھید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے کردار و افکار کو اپنا عملی شعار بنانا پڑے گا اور یہ شعار ہی ملتِ پاکستان کی بقا و ترقی کا ضامن ہے۔
بعدازاں علامہ مرزا یوسف حسین نے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کی نومنتخب کابینہ کے اراکین سے حلف لیا اور ان کو الہٰی زمہ داری ملنے پر ناصرف مبارکباد پیش کی بلکہ اپنے ہر یقینی تعاون کی بھی یقین دھانی کرائی، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کے سیکریٹری جنرل سید ثمر عباس زیدی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کا اختتام دعائے سلامتی امامِ زمانہ(عجل اللہ تعالیٰ شریف) سے کیا گیا۔
وحدت نیوز( میٹھاخان/کوہاٹ) قومی وحدت کونسل نے مجلس وحدت مسلمین کے تعاون سے قائد شہید کی 29 ویں برسی کو شایان شان طریقے سے منایا، جس میں بنگش اورکزئی کے علماء کرام قومی عمائدین کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین کی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عوامی اجتماع سے خطاب کیا اور قائد شہید کی زندگی کے مختلف پہلوئوں کو بیان کرتے ہوئے طول تاریخ میں مختلف درپیش چیلنجز کی طرف اشارہ کیا۔ عالمی اور ملکی صورتحال کے تناظر میں 6 اگست کو اسلام آباد میں قائد شہید کی برسی کی اہمیت کو بیان کیا۔ اور بنگش اورکزائی کے مومنین کو شرکت کی دعوت دی۔ اس پروگرام میں علاقائی وحدت کونسل کے ذمہ داران کے ساتھ ساتھ مجلس کے ضلعی اور صوبائی مسئولین نے بھی شرکت کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان ااور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن کی جانب سے سپریم کورٹ اور پاک افواج پر الزام تراشی کو سنگین غداری قرار دیتے ہوئے دونوں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اپنے کرپٹ قائد نوازشریف کی محبت میں اندھے دونوں رہنماوں نے پانامہ کیس کے صدمے میں ریاست کے ستون اہم اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی اور تمام حدود کو پار کردیا ہے، وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر راجہ فاروق حیدرکی جانب سے کسی دوسرے ملک کے ساتھ الحاق کی بات کرنا قومی خیانت اور کشمیر کاز پر پاکستان کے موقف کو کمزور کرنے کی سنگین سازش ہے جس پر اعلیٰ عدلیہ کو فوری ایکشن لینا چاہئے، ناصر شیرازی نے کہا کہ نواز شریف اور ان کا خاندان خداکے انتقام کا نشانہ بننے ہیں ، جب حکمران ظلم کے ذریعے اپنی اقتدار کو بچاتے ہیں تو خدا انصاف کے ذریعے ان کا اقتدار خاک میں ملادیتا ہے ، لہذٰا وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خدا کے قہر سے ڈریں ، انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن فقط آل شریف کا خاصہ نہیں بلکہ یہ خصوصیت ان کے تمام درباری وزراء میں بھی شدت کے ساتھ پائی جاتی ہے، امید ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے قومی سلامتی اور وقار کو مد نظر رکھ کر جوتاریخی فیصلہ کیا گیا ہے اس کے اثرات اور ثمرات دربار شریف کے تمام کرپٹ وزراء کے احتساب تک جاری رہیں گے۔
وحدت نیوز(ملتان) پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کے جرات مندانہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، امید ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو بھی انصاف ملے گا ،ان خیالات کا اظہار انجینئر مہر سخاوت علی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب نے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا ، انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے نہایت جرات سے سابقہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف حق پر مبنی فیصلہ دے کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان میں عدلیہ کسی طاقتور سے مغلوب نہیں ہو سکتی اسی طرح امید ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کو بھی انصاف ملے گا اور سانحے میں ملوث پنجاب حکومت کے وزراء اور افسران کو بے گناہ پاکستانی شہریوں کے قتل میں سزائے موت دی جائے گی۔ تاکہ سرزمين پاکستان پر انصاف کا بول بالا ہو اور ظالم حکمرانوں کو انکے انجام تک پہنچایا جا سکے ۔
وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس پر تھانہ سٹی میں درج ایف آئی آر اور اس میں اشتہاری ہونے کی نشاندہی پر ٹی ایم اے ہال ہر ی پورمیں ہونے والی مہدی برحق کانفرنس موخر ،ہنگامی پریس کانفرنس میں قائدین نے اسے اہل تشیع کو دبانے کا حربہ قرار دیتے ہوئے اس کی پرزور مذمت کی اس حوالے سے جعفری ہائوس ہریپورمیں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے پولیس انتظامیہ کے رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اس موقع پر اتحاد بین المسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نئیر عباس جعفری ،مجلس وحدت مسلمین ایبٹ آباد کے سیکرٹری جنرل مولانا جہانزیب ،ہریپورکے سیکرٹری جنرل محمد اسحاق حیدری سیکرٹری تربیت افتخار حسین شاہ ،سیکرٹری تنظیم تاثیر حسین شاہ سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔
علامہ وحید عباس نے کہا کہ مہدی برحق کانفرنس کے متعلق ڈی ایس پی ہیڈ کوآرٹر صابر خان اور سیکورٹی انچارج کو پانچ دن قبل اگاہ کردیا گیا تھا اس وقت تو انھوں نے کچھ نہیں بتایا کانفرنس والے دن رات ایک بجے ایس ایچ او تھانہ سٹی نے فون کرکے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس پر تھانہ سٹی میں ایف آر آر در ج ہے اور اس میں وہ اشتہار ی ہیں ہریپورپہنچنے پر انھیں گرفتار کرلیا جائے گا جس پر ہم نے وقتی طور پر کانفرنس موخر کردی ہے لیکن پولیس انتظامیہ کے اس رویے کی پرزور مذمت کرتے ہیں یہ کیسی ایف آئی آر ہے جس کے متعلق علامہ صاحب کو پتہ بھی نہیں اور انھیں اشتہاری بھی قرار ددے دیا گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے صبح پولیس سے ریکارڈ مانگا تو دن گیارہ بجے ایف آئی آر کی کاپی دی گئی جس سے پتہ چلا کہ یہ آیف آئی آر بائیس نومبر 2015کو اس وقت کاٹی گئی جب علامہ ناصر عباس چہلم کے جلو س میں شرکت کے لیے آئے اور انتظامیہ کے آگاہ کرنے کہ ان پر ہریپورآنے پر پابندی ہے جلو س میں شرکت کے بغیر واپس بھی چلے گئے تھے لیکن پولیس نے خود ہی مقدمہ درج کرکے بغیر کسی اطلاع نوٹس یا اشتہار لگانے کے انھیں اشتہار ی قرار دے رکھا ہے حالانکہ اس وقت آئی جی پولیس اسلام آبادنے رابطہ کرنے پر اس بات کی وضاعت بھی کی تھی کہ علامہ پرپابندی کے متعلق کوئی نوٹیفیکیشن موجو دنہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ انتقامی کاروائی ہے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے کے پی پولیس صوبہ میں ہمیں انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے ہمارے پرامن لوگوں کے نام شیڈول فور میں ڈالے ہوئے ہیں اور ان لوگوں کے بھی جو دنیا میں بھی موجود نہیں کوہاٹ میں یوم القدس کی ریلی میں امریکہ اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگانے اور پارہ چنار میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے مظلوموں کے حق میں ریلی نکالنے والوں کے خلاف مقدمات اس بات کاثبوت ہیں کہ ریاست ہمیں نہ صرف شہری تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں بلکہ ہمیں مذہبی آزادی کے نام پر حاصل وطن میں مذہبی عبادات کی بھی اجازت نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے بند کمرے کی مجالس پر بھی ایف آئی آر کی جارہی ہیں جبکہ دوسری طرف قانونی و آئینی طورپر کالعدم د ی گئی دہشت گرد تنظیموں کے لوگوں کوان پروگراموں میں آنے کی بلاروک ٹوک اجازت حاصل ہے جن میں یا توپڑوسی برادر ملک ایران کے خلا ف بات کی جاتی ہے یاپھر کافر کافر شیعہ کافر کے نعرے لگائے جاتے ہیں بلکہ انھیں صدر اور وزیراعظم کی طرح پروٹوکول بھی دیاجاتاہے جبکہ ہم نے کبھی کوئی ایسا عمل نہیں کیا جس سے کسی مسلک کی دل آزاری ہوئی ہو بلکہ ہم ہم آہنگی اور وحدت کے لیے کام رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ وقتی طورپر ہم نے کانفرنس موخر کی ہے ایف آئی آر کے خلاف کورٹ سے رجوع کریں گے اور کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان بھی کریں گے، کانفرنس ٹی ایم اے میں کریں گے یا چوک میں کریں گے اور علامہ ناؔصرعباس خود شرکت کریں گے ۔
وحدت نیوز(گلگت) قانون نے اپنا راستہ خود ہی بنالیا، سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان کی جرات و بہادری اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے پرسلام پیش کرتے ہیں۔جے آئی ٹی کے ممبران کی انتھک محنت،پاک فوج کا کردار اور مظلوم پاکستانیوں کی دعائیں رنگ لے آئیں اور پاکستان قوم نے پہلی مرتبہ کسی طاقتور کا احتساب ہوتے ہوئے مشاہدہ کیا۔
مجلس و حدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علی گوہر نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کا احتساب عوام کے دل کی آواز ہے اور آج سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان نے ظالم اور کرپٹ حکومت کے دبا ئو کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے حقائق کی روشنی میں جو فیصلہ دیا ہے اس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانامہ سیکنڈل بد مست اور کرپٹ حکمرانوں کیلئے اللہ کی پکڑ ثابت ہوا ۔نواز شریف اور ان کا خاندان خود کو عوامی نمائندے سمجھنے کی بجائے بادشاہ تصور کرتے تھے او ر ان کا تکبر، بدعنوانی اور انتظامی نااہلی ان کی رسوائی کا باعث بن گئی ۔ جس بے رحمی سے انہوں نے قومی خزانے کو لوٹا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ انصاف کے راستے کے تمام رکاوٹوں کو دور کرکے قوم سے لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے اور انصاف اور عدل کا تقاضا ہے کہ کرپٹ عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے خون کاحساب ابھی باقی ہے جسٹس باقر کی رپورٹ کو منظر عام پر لاکر سانحے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سز ا دلوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری روایات کے امین ہیں اور سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوری عمل کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا اور قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر کیلئے کی جانیوالی جدوجہد میں آج کا یہ فیصلہ منزل کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔