وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکر ٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا ساتھ الیکشن کااعلان نہیں کیا ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت یا ساتھ الیکشن لڑنے کے اعلان کی خبروں کی تردید کرتے ہیں ملک بھر کی طرح کراچی کے بلدیاتی الیکشن کے لئے بھی یونین کمیٹی کی سطح پرانتخابی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے تمام ضلعی پولیٹیکل کاؤنسل کو بااختیار کیا گیا ہے اور ان کی جماعت کے امیدوار کراچی بھرمیں بلدیاتی الیکشن میں خیمہ کے انتخابی نشان پر بھر پور حصہ لیں گے تاکہ عوام کی تمام بنیادی مشکلات کے حل کے لئے اپنا بھر پور سیاسی کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایم ڈبلیو ایم ضلع غربی کے تحت پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابی پینل تشکیل دیئے جا چکے ہے ۔ مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ اور صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری عبد اللہ مطہری کوانتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اضلاع کی سطح پر ہم خیال سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے ، تمام اضلاع کی پولیٹیکل کاؤنسل بااختیار ہیں ، ضلعی اور یونین کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر بیشتر یونین کمیٹیز میں معتدل سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسی مقامی قیادت کو متعارف کروایا جائے جو منتخب ہو کر حلقہ کے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوسکیں اور عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کریں ۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نواسہ رسول (ص) حضرت اما م حسین ؑ اور انکے اصحاب باوفا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پریس کلب کوئٹہ میں ایک سیمینار ’’ حسین محسن انسانیت‘‘ کے عنوان سے اہتمام کیا گیا ۔ اس تقریب میں نہ صرف اہل تشیع کے علماء بلکہ اہلسنت برادران کے علماء کو بھی مدعو کیا گیا ۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک کرتے ہوئے قاری شاکر حسین نے تلاوت کی شرف بخشی۔ شرکاء محفل سے خطاب امان اللہ شادیزئی صاحب نے کہا کہ ایک زمانہ ہوتا تھا کہ ہم ایام محرم میں میگانگی روڈ کے امام بارگاہوں میں مجالس عزاء سننے جایا کرتے تھے لیکن اب مجالس عزاء کے راستوں کو بند کیا جاتا ہے ایسا لگتا ہے کہ کرفیو میں مجالس منعقد کیے گئے ہیں۔سیرت طیبہ حضرت امام حسین ؑ کی مناسبت سے علامہ سید ہاشم موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے دین کا نام قانون اسلام ہے۔جس پر چل کر حضرت امام حسین ؑ نے حق کا پرچم بلند کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلط بات ہے کہ دین خدانخواستہ کوئی اور چیز ہے اور انسانیت کوئی اور چیز ہے ۔انسان کے قانون کا نام دین ہے،ظلم وجبر کے خلاف امام حسین ؑ کا قیام تا روز قیامت مستضعفین کیلئے مینارہ ہدایت ہے،خداوند متعال نے انسانوں کے لیے بہترین دین اسلام منتخب فرمایا ہے۔ایم پی اے آغا رضا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش بحرانوں سے نمٹنے کے لیے حکمرانوں کو اپنے مفادات کے بجائے عوامی مفادات کو ترجیح دینی ہوگی۔ پاکستان کو نہ ماننے والوں ، پاکستان کو توڑنے والوں ، پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے ساتھ محبت کی پھینگے بڑھا رہے ہیں۔ لیکن بیس کروڑ مظلوم پاکستانی عوام کے ساتھ کسی کو کوئی فکر نہیں۔قاری عبدالرحمن نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ نے اقتدار پرستوں کی سازش کوامت مسلمہ کے سامنے بے نقاب کیا تاکہ آئندہ کوئی ظالم ، خائن ، غاصب حکمران بن کر عوام الناس کو دھوکہ نہ دے سکیں۔سیمینار سے ڈاکٹر عطا الرحمن ،کامران حسین اور دیگر علماء نے سیر ت امام حسین پر روشنی ڈالی۔
وحدت نیوز (اصفہان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ اصفہان کی طرف سے شہید منی ڈاکٹر علامہ غلام محمد فخرالدین کے چہلم کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء چہلم سے خطاب کیا۔ انہوں نےاپنے خصوصی خطاب میں شہید کی خصوصیات اور طرزِ زندگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حجۃ الاسلام ڈاکٹر غلام محمد فخرالدین ملت اسلامیہ کا عظیم سرمایہ تھے اور ان کی شہادت سے ہم ایک برجستہ عالم دین اور مبلغِ اسلام سے محروم ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آلِ سعود کی نااہلی اور ظلم کے باعث آج پورا عالمِ اسلام سوگوار ہے۔اب پورے عالمِ اسلام کو چاہیے کہ وہ آلِ سعود کے ظلم اور نااہلی کے خلاف آواز اٹھائے اور حج کے انتظامات کو او آئی سی کے حوالے کیا جائے۔ رسم چہلم میں ایم ڈبلیو ایم قم کے قائم مقام سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزر احمد جعفری سمیت مختلف مقررین اور شعرائے کرام نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیااور شہید کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ صوبائی حکومت کشمیرکی وکالت چھوڑ کر گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دینے کے لیے جدوجہد کرے، مسلم لیگ نون کی صوبائی اور وفاقی حکومت میں گلگت بلتستان کو آئینی حقوق ملنے کا کوئی امکان ہے اور نہ گلگت اسکردو روڈ سمیت دیگر اعلانات پر عمل ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں صوبائی حکومت بھی سابقہ حکومت کی پٹری پر چل پڑ ی ہے اور جس تیزی کے ساتھ اداروں میں غیرقانونی تقرریوں ، انتقامی کاروائیوں ، اقربا پروریوں اور طاقت کا استعمال شروع کیا ہے اس سے واضح ہو تا ہے کہ وہ سابقہ حکومت کو بہت جلد پیچھے چھوڑے گی،گندم کوٹے میں کمی دراصل گندم سبسڈی کے خاتمے کی سازش ہے،صوبائی حکومت نے وفاق کے ساتھ ملکرگندم کے حصول کومشکل بنادیا ہے،آہستہ آہستہ سبسڈی بھی ختم کرناچاہتی ہے،گندم گلگت بلتستان سے خریدنے کی باتیں بھی سبسڈی ختم کرنے کی سازش کا حصہ ہے،عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس خطے کا وزیراعلی اپنے خطے کے ساتھ ہی مخلص نہ ہو وہاں کیا ترقی ہو سکتی ہے، جس جماعت نے الیکشن کے دنوں سب سے زیادہ آئینی حقوق کی بات کی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے اب وہی جماعت اپنی باتوں سے مکر گئی ہے اور گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دینے کے لیے نہ صرف سنجیدہ نہیں بلکہ انکے گلے میں مسئلہ کشمیر کی ہڈی پھنسی ہو ئی ہے۔ہم کشمیر ایشو کے مخالف نہیں لیکن کشمیر کے نام پر گلگت بلتستان کے حقوق کو پائمال کرنا افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔ ہم کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے کے ذریعے انکے مستقبل کا فیصلہ چاہتے ہیں کوئی یہ نہ سمجھیں کہ ہم مسئلہ کشمیر کے ہی مخالف ہیں بلکہ ہم سمجھتے ہیں کشمیر کی صورتحال گلگت بلتستان سے زیادہ بہتر ہے جبکہ جی بی محرومی کے شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں گلگت بلتستان کو اپنی چراگاہ سمجھتی ہیں اور یہاں کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں، ان ستر سالوں میں آئینی حقوق کے لیے کچھ بھی نہیں کیا اور نہ ہی آئندہ کچھ کریں گے۔ ریاستی اداروں بلخصوص فوج کو اس حساس خطے کو آئینی حصہ بنانے کے لیے مخلص ہونے اور کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی،ضلع ملیرشعبہ امور سیاسیات کے تحت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیمیناربعنوان ملت تشیع کےسیاسی ارتقاءکاسفرحریم ولایت اسلامک انسٹیٹیوٹ جعفرطیارسوسائٹی ملیرمیں منعقد کیا گیا،جس میں تلاوت کا شرف قاری فداعلی نے حاصل کیا ،ترانہ شہادت برادراحسن مہدی نے پیش کیا،سیمینارسےخصوصی خطاب مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے کیا،جبکہ دیگرمقررین میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری امور سیاسیات علی حسین نقوی اور ایم ڈبلیوایم ضلع ملیرکے سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی بھی شامل تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ناصرشیرازی کا کہنا تھا کہ محروموں کے حقوق کی جنگ ہر صورت جاری رکھے گی،سیاسی عمل میں شریک رہتے ہوئے غاصب اور کرپٹ اشرافیہ سے اقتدارچھین کرمحروم عوام کے ہاتھ میں دینا آرزوشہید حسینی ؒہے جسے ہم پورا کرکے رہیں گے،سانحہ جیکب آباد میں شہید ہونےو الے شیعہ سنی ہندواور سکھ اس بات کا اعلان کرگئے کہ اب دنیا میں فقط دو ہی مسالک باقی ہیں ایک حسینی اور دوسرا یزیدی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان قائد عزیزمفتی جعفرحسین اور قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی ؒکے فکر فلسفے ،تعلیمات اور خواہشات کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہے،انتخابی سیاست میں ورودکا ہدف مکتب تشیع کو پاورکوریڈورمیں پہنچانانہیں بلکے ڈسیشن میکنک کوریڈورتک پہنچاناہے ،الحمداللہ وہ وقت آچکا ہے کہ ملت تشیع قومی فیصلہ سازی میں اپنا اثرونفوذپیدا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح جدوجہداور سیاسی وعوامی جدوجہد میں واضح فرق یہ ہے کہ مسلح جدوجہد کا دورانیہ کم اور نتیجہ فوری نکلتا ہے لیکن اسکے نتائج عموماًمنفی آتے ہیں جبکہ عوامی وسیاسی جدوجہد کا نتیجہ دیر میں آتا ہے لیکن اس کے اثرات مثبت اور دیرپا ہوتے ہیں،غرض سیاسی میدان میں دوڑلگانا ایک میراتھن ریس ہے جس میں کم حوصلہ افراد جلدی تھک اور مایوس ہو جاتے ہیں ، آئمہ علیہ السلام اورامام خمینی ؒ کی کی تعلیمات اورطرزعمل ہمیں یہ بتاتے ہیں کہ خداکی راہ میں قیام اور سعی کرنا ہمارا فرض اور نتیجہ دینا خداوند متعال کا کام ہے ، اخلاص نیت شرط ہے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) پرتشدد اور خونی الیکشن نے نام نہاد جمہوریت کو بے نقاب کر دیا ہے،بعض قوتیں ریاست کو قومیت اور لسانیت کے بنیادوں پر تقسیم کرنے کی خطرناک سازش پر عمل پیرا ہیں ،پنجاب میں من پسند لوگوں کو جتوایا گیا،الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں مکمل ناکام رہا،حقیقی معنوں میں الیکشن ریفارمز کے بغیر جمہوری کلچر کا پروان چڑھنا ناممکن ہے،سیاسی جماعتیں الیکشن ریفارمز میں سنجیدہ نہیں،جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا نام جمہوریت ہے تو اس جمہوریت کا اللہ ہی حافظ ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےمختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں وفاقی و صوبائی حکومتیں مخلص نہیں،سانحہ جیکب آباد اور چھلگری کے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن شروع کر کے قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو انجام تک نہ پہنچایا تو ہم انصاف کی حصول کے لئے سڑکوں پر نکلیں گے،نیشنل ایکشن پلان کو الیکشن کے دوران سیاسی جماعتوں نے پاوُں تلے روند دیا ہے،پنجاب اور سندھ میں الیکشن کے دوران بے گناہ لوگوں کے قتل عام پر اداروں کی خاموشی عوامی بے چینی اور عدم اطمینان کا باعث بن رہا ہے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرستوں کے خلاف جب تک آپریشن نہیں ہوتے ایسے واقعات ہوتے رہیں گے،بلوچستان حکومت مصلحت پسندی کا شکار ہے،کالعدم جماعتوں کو بلوچستان میں فری ہینڈ دیا گیا ہے،انتہا پسند جماعتوں کے آئے روز اخبارات میں غلیظ بیانات نیشنل ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزی ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی سالمیت و بقا کا مسئلہ ہے،حکمرانوں کے مصلحت پسندانہ رویہ اس جنگ کو متاثر کرنے کی سازش کا ایک اہم حصہ ہے۔