عصرِ حاضر کی کربلا میں حق و باطل آمنے سامنے ہیں، پاکستان اور عرب حکمرانوں کے دل غزہ اور امام حسین ؑ کے ساتھ اور ان کی تلواریں شیطان بزرگ امریکا کے ساتھ ہیں ،علامہ مقصود علی ڈومکی

01 July 2025

وحدت نیوز(جیکب آباد)عشرۂ محرم الحرام کی دوسری مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے انبیائے الٰہی حضرت ابراہیم و موسیٰ علیہم السلام کی سنت پر چلتے ہوئے وقت کے فرعون، نمرود اور یزید کو للکارا اور ظلم کے خلاف علمِ حق بلند کیا۔ امام عالی مقام نے قلیل تعداد کے ساتھ یزیدی فوج اور یزیدی سلطنت کے خلاف عظیم قیام کیا، جس کی مثال تاریخِ انسانیت میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ اہلِ حق کبھی تعداد کی قلت یا کثرت سے مرعوب نہیں ہوتے، بلکہ عشقِ خدا میں سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ میں وہ ہر دور کے ظالموں اور جابروں سے ٹکرا جاتے ہیں۔ انبیاء کرام علیھم السلام کی تاریخ اس حقیقت سے بھری پڑی ہے کہ حق کے علمبرداروں نے خدا کی راہ میں جیل، اذیت اور شہادت جیسی سختیوں کو خندہ پیشانی سے قبول کیا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ انسان کی کمزوری کی بنیاد "خوف اور لالچ" ہے۔ شاعر فرزدق نے کوفہ والوں کی ترجمانی کرتے ہوئے سچ کہا تھا: "ان کے دل حسینؑ کے ساتھ اور تلواریں یزید کے ساتھ ہیں"۔ یہ جملہ انسان کے دوغلے کردار اور منافقت کی عکاسی کرتا ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ انسان حق کو دل سے مانتا ہے، اہلِ حق سے محبت کرتا ہے، مگر اس کے مفادات اور کمزوریاں اسے حق کی حمایت سے روک دیتی ہیں۔ جب انسان عمر سعد کی طرح حکومتِ ری کا غلام بن جائے، تو وہ یزید وقت اور ابن زیاد کا مددگار بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر کی کربلا میں بھی حق و باطل واضح ہو چکے ہیں۔ ایک طرف اہلِ حق ہیں، جن کی قیادت نائبِ امام، ولیِ خدا آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کر رہے ہیں، اور دوسری طرف طاغوت کا لشکر ہے، جس کی قیادت شیطانِ بزرگ امریکہ اور ٹرمپ جیسے ظالم کر رہے ہیں۔

علامہ ڈومکی نے عرب حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج بھی بعض عرب حکمرانوں کے دل اگرچہ اسلام کے ساتھ ہیں، لیکن ان کی تلواریں یزید وقت امریکہ کے ساتھ ہیں۔ وہ امریکہ کے اتحادی بن کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں، جو آج کی امتِ مسلمہ کا سب سے بڑا سانحہ اور منافقانہ کردار ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ آج کے عاشقانِ خدا، کربلا والوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔ یحییٰ سِنوار، حسن نصراللہ، اسماعیل ہانیہ، شہید قاسم سلیمانی، جنرل سلامی جنرل باقری اور ان جیسے کئی عظیم مجاہدین عصرِ حاضر کی کربلا میں یزیدِ وقت کے سامنے سینہ سپر ہو کر اہلِ حق کی سرفرازی کا پرچم بلند کیے ہوئے ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree