The Latest

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے گلگت بلتستان میں شفاف اور پر امن الیکشن کے انعقاد اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امیدوار برادر کاظم میثم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کا پی ٹی آئی کے ساتھ سیاسی اتحاد حکومتی جماعت کی کامیابی کا باعث بنا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امید ہیں کہ جی بی میں حکومت سازی کے بعد جی بی کے آئینی حقوق اور صوبائی اختیارات کے حصول کے لیے عملی کوششوں کا آغاز کیا جاے گا اور خطے کو درپیش مسائل کے حل کے کیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

 انھوں نے گلگت بلتستان انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوے کہا تھا کہ ہماری خواتین نے سیاسی شعور اور بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے شانہ بشانہ انتخابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنا حق راہ دہی استعمال کر کےخطے کے بہترین اور تابناک مستقبل کی بنیاد رکھی۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے حیدر روڈ اسلام پورہ میں یونٹ کی تشکیل اور تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے یونٹ اراکین سے حلف لیا اور ان کی تنظیمی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ضلعی عہدیداران محترمہ حنا ،محترمہ ساجدہ، محترمہ رضوانہ اور محترمہ عندلیب بھی موجود تھیں۔ محترمہ حنا تقوی نے یونٹ کی تشکیل کے لئے محترمہ ساجدہ مسئول شعبہ اطفال کی کاوشوں کو سراہا۔

 گلگت بلتستان میں ہونے والے حالیہ الیکشنز میں مجلس وحدت مسلمین کی کامیابی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام کو ان کے آئینی و قانونی حقوق دلوانے کے لیے مجلس وحدت مسلمین عرصہ ٔ دراز سے کوشاں ہے۔گلگت بلتستان کے لیےصوبائی مقام کا حصول انہی کاوشوں کا نتیجہ ہوگی۔

 ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کی اسمبلی تک رسائی کے ساتھ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہو گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد نے گلگت بلتستان میں شفاف اور پر امن انتخابات اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار برادر میثم کاظم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان میں شفاف اور مدبرانہ انداز میں سیاسی میدان میں قدم رکھ کر یہ ثابت کردیا کہ ہماری سیاست کا محور دین ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے ملکی سیاست میں عملی کردار ادا کرتے ہوۓ قائد شھید علامہ عارف حسینی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی طرح پورے ملک میں ہمیں اپنے سیاسی تشخص کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا نا مساعد حالات اور مشکلات کے باوجود گلگت بلتستان کی خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ سیاسی شعور کے ساتھ فعال کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں ہمیں فتح حاصل ہوئی ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کامیابی آنے والی کامیابیوں کا زینہ شمار ہوگی اور ہم وطن عزیز میں قوم کی آواز بن کر سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کی تعلیم اور ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اپنے حقوق کے لئے گنداخہ اور اوستامحمد کے نوجوانوں کا تین سو پچاس کلو میٹر طویل پیدل مارچ کرکے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پہنچنا ان کے عزم اور حوصلے کی دلیل ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کو بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے اس وقت بھی ملک میں سینکڑوں سکول بند پڑے ہیں۔ بند اسکولوں کی تالا بندی ختم کرتے ہوئے ان اسکولوں میں تعلیم اور تربیت کا بہتر انتظام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام آج بھی اپنے حقوق کے حصول کے لیے لانگ مارچ کرنے اور طویل جدوجہد کرنے پر مجبور ہیں حالانکہ ریاست مدینہ کے ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ عوام کو ان کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچا ئیں۔انہوں نے کہا کہ نصیر آباد میں بند اسکولوں کے کھولنے کے لیے نوجوانوں کی طرف سے پیدل مارچ کا فیصلہ ہمارے تعلیمی شعبے کی زبوں حالی اور حکمران طبقے کی عدم توجہ اور لاپرواہی پر دلیل ہے جب اراکین پارلیمنٹ کے اپنے بچے اچھے اعلی مہنگے اور غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں گے اور غریب کے بچے کے لیے اسکول میں ٹیچر پنکھے اور طلبہ کے بیٹھنے کے لیے ٹاٹ کی سہولت اور پینے کے لئے پانی کی سہولت میسر نہیں ہوگی تو پھر عوام اپنے حقوق کے لیے پیدل مارچ پر مجبور ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کے بنجر علاقے کو آباد کرنے کے لیے کچھی کینال کے نام سے جس پروجیکٹ کا آغاز کیا تھا وہ اپنی مدت میں مکمل نہ ہو سکا لہذا اسے فی الفورمکمل کیاجائے کچھی کینال بلوچستان کے پسماندہ علاقے علاقےکو سرسبز بناتے ہوئے نصیر آباد ڈویژن کے ایک وسیع علاقے میں زرعی انقلاب کا سبب بنے گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وفد نے اسلام آباد میں قائم سیرین ایمبیسی میں تعینات قائم مقام سیرین ایمبیسیڈر جناب محترمہ مھا الاسود سے ملاقات کی اور شام کے وزیر خارجہ و ڈپٹی وزیر اعظم جناب ولید المعلم کی وفات پر تعزیت پیش کی۔

وفد نے سیرین ایمبیسی کے اعلیٰ سفارتی حکام تک ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری اور شعبہ امور خارجہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔

 وفد میں شامل ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جناب سید ناصر عباس شیرازی نے تعزیتی بک میں تعزیتی نوٹ بھی تحریر کیا۔ وفد میں ان کےعلاوہ مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ جناب اقرار حسین ملک، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری امور خارجہ جناب سید ابن حسن بخاری اور شعبہ امور خارجہ اسلام آباد ڈیسک کے مسئول جناب مولانا چوہدری ضیغم عباس شامل تھے۔

واضح رہے کہ شامی وزیر خارجہ عالمی استعمار اور اسرائیل کے خلاف ایک توانا آواز تھے، انہوں نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ کی کوشش کی ، ولید المعلم صدر بشار الاسد کے درست راست اور لبنانی عوام اور حزب اللہ کے بہترین ہمدرد اور دوست بھی تھے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے گللگت بلتستان میں شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد پرمتعلقہ اداروں اورکامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ جی بی میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بننے کے امکانات واضح ہیں۔جی بی کے عوام کی طرف سے پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار وزیر اعظم کی طرف سے آئینی صوبے کے قیام کے وعدے پر کیا گیا۔حکومت کی تشکیل کے بعد جی بی کی آئینی حیثیت واضح کرنے کے لیے عوام سے کیے گئے عہد و پیماں پر عمل ہونا چاہیے۔گلگت بلتستان کے عوام کو طب اور تعلیم کی جدید سہولیات سمیت روزگار فراہم کر کے ان کو ان کی دیرینہ مشکلات سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کامیاب امیدوار میثم کاظم علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ایم ڈبلیو ایم عمل اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔عوام سے کیے گئے وعدوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ہم نے سانحہ چلاس سے لے کر آج تک جی بی کے عوام کے حقوق کی جنگ ہر محاذ پر لڑی ہے۔آئندہ بھی انہیں مایوس نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تہتر سالہ محرومیوں کے خاتمے کا وقت آ گیا۔عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے مجلس وحدت مسلمین حکومت کے ساتھ مل کر قانون سازی کرے گی۔ ماضی میں عوام کو محض زبانی جمع خرچ پر بہلانے والوں نے اپنے سیاسی تابوت میں خود ہی آخری کیل ٹھونک دی ہے۔اب گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے سنہرے دور کا آغاز ہو گا جس سے یہاں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان میں شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد پر اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری اتحادی جماعت کی کامیابی ہم پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین جی بی میں مل کر حکومت بنائیں گے۔خواتین اور ٹیکنوکریٹ سمیت ہمارے پاس تین نشستیں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے علاقے کے عوام کو نوجوان قیادت فراہم کی ہے تاکہ پوری لگن، ولولے اور جانفشانی کے ساتھ علاقے کے عوام کی خدمت کی جا سکے۔عوام کی طرف سے اعتماد کے اس اظہار پر اس عہد کے ساتھ شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان کے حقوق کے لیے اپنے اصولی موقف پر انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ماضی میں بھی ہر پلیٹ فارم پر جی بی کے عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے آئندہ بھی اپنی اسی روش کو برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ان سیاسی شعبدہ گروں کو مسترد کر دیا ہے جنہوں نے اپنی زبان کے زہر کو خوشنما لفظوں میں چھپا رکھا تھا۔ جی بی کے آئینی صوبے کی بات ہوتے ہی وہ تمام کردار کھل کر سامنے آ گئے جو بظاہر جی بی کے حقوق کی بات کرتے تھے لیکن فکری اعتبار سے وہ مودی کے پیروکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حوالے سے ہمارا موقف دو ٹوک اور اٹل ہے۔خطے کو آئینی صوبہ قرار دے کر صوبائی اختیارات تفویض کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔جی بی حکومت کے قیام کے فوراً بعد عوام کے دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی کوششوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کا احترام ہمیں ہر حال میں مقدم ہے۔انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی کابینہ کااجلاس جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کی جبکہ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی کے معاون ایڈووکیٹ آصف رضا نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی،محمد اصغر تقی، سیکرٹری تربیت علامہ قاضی نادر حسین علوی،زعیم حیدرزیدی، اجمل حسین شاہ،ثقلین نقوی، سید ندیم عباس کاظمی،ایڈووکیٹ فہیم جعفر سرائی،سید علی رضا زیدی،طاہر خورشید نے شرکت کی۔

 اجلاس میں گزشتہ فیصلہ جات کی روشنی میں کارکردگی کا جائزہ لیا گیا،اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا، اجلاس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خصوصی ٹیلیفونک خطاب کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وطن عزیز کی سالمیت اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں ، ایل او سی کے دونوں اطراف بھارتی جارحیت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ہمیں محروموں اور مظلوموں کی مددکے لیے آگے بڑھنا ہے، عالمی حالات کی تبدیلی کے اثرات پاکستان پر مرتب ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ تک جن اضلاع کے اجلاس ضلعی شوریٰ نہیں ہوئے اُنہیں کرایا جائے ۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کے لیے عرب ممالک کے پاکستان پر دباؤ کو امت مسلمہ سے سنگین غداری قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرب حکمرانوں کی پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کے بھیانک نتائج دہشت گردی اور شدت پسند جماعتوں کی صورت میں قوم آج تک بھگت رہی ہے۔اسرائیل کے حوالے سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا  واضح موقف موجود ہے۔اسرائیل پر کسی بھی قسم کی لچک بانی پاکستان کے نظریات سے انحراف ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مسئلہ فلسطین پر اپنے اٹل نظریات اور اصولی موقف سے اقوام عالم کو آگاہ کررکھا ہے کہ اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اس کو تسلیم کرنے کا مطلب مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حق خودارادیت سے دستبرداری اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو تسلیم کرنا ہے۔

پاکستان اور عرب ممالک کے عوام یہود و ہنود کی اسلام دشمن پالیسیوں سے سخت نالاں ہیں۔عرب ممالک کے حکمران ذاتی خواہشوں کے اسیر ہیں اور طاقت و اختیارات کے زور پر عوامی خواہشات کے برعکس من پسند فیصلوں کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا اگر یہ صورتحال نہ بدلی تو بہت جلد عرب ممالک کے عوام اپنے حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کشمور سانحہ ملک کے اندر جاری ان المناک سانحات کا تسلسل ہے جو اخلاقی پستی اور گراوٹ کی شرمناک داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سانحات کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اندر تعلیمی اداروں میں اخلاقی تعلیم و تربیت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے اور میڈیا کے اندر اخلاقی تعلیمات پر زور دینا چاہیے خوف خدا گناہوں سے روکنے کا موثر ترین عامل ہے۔ اسلامی تعلیم اور تربیت کے ذریعے ہم اس طرح کے سانحات کی بہتر انداز میں روک تھام کر سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ معاصر قانون سازی قانون پر عملدرآمد اخلاقی تعلیم اور تربیت دین اسلام کی اعلی تعلیمات کے پرچار اور خوف خدا کے ذریعے معاشرے کی اصلاح پر توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ علماء کرام حکومت اور میڈیا کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ معاشرتی برائیوں کے خلاف اعلان جہاد کریں۔ منشیات ناپ تول میں کمی ملاوٹ بددیانتی اور دیگر سماجی جرائم کے خلاف معاشرے کے باشعور طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ سانحہ کشمور ظلم اور بربریت کی المناک داستان ہے اس سانحے کے پیش نظر حکومت اور قانون ساز اداروں کو ملک کے اندر موثر قانون سازی کے ساتھ ساتھ ان عوامل کا بھی بغور جائزہ لینا ہوگا جو اس طرح کے المناک اور شرمناک سانحات کا سبب بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی کارکردگی سے مایوسی کی اس سے بڑی دلیل کیا ہو سکتی ہے کہ مجرم کو موقع پر ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹھکانے لگا دیا انہوں نے کہا کہ ہمارے عدالتی نظام کے ذمہ داران کو بڑی سنجیدگی کے ساتھ اپنے نظام عدل کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہوگا تاکہ عوام کے اندر عدلیہ پر پر اعتماد پیدا ہو۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree