وحدت نیوز (لاہور) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ضروری ہے،تا ہم پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ہمارے کارکنوں کے خلاف سیاسی انتقامی کاروائیاں قبول نہیں،ہم نے ہمیشہ اتحادو وحدت اور حب الوطنی کا نعرہ بلند کیا،پاکستان میں دہشت گردی کیخلاف سب سے پہلے ہم نے آواز بلند کی،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے بڑی قربانی ہماری ہے،ہم نے اپنے چوبیس ہزار سے زائد پیاروں کے جنازوں کو کندھا دیا،لیکن ملکی سلامتی و بقا کے خاطر صبر اور حوصلے سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا،ملت جعفریہ کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ اس مکتب کے ماننے والوں نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی کو مقدم رکھا،آج ہمیں یہ افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے،ظالم اور مظلوم کو ایک ہی لاٹھی سے ہاکنے کا عمل دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متاثر کرنے کی سازش ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے لاہور مومن پورہ قبرستان میں الحاج حیدر علی مرزا مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے منعقد ہ مجلس ترحیم کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماوُں علامہ اعجاز بہشتی،سید ناصر شیرازی،سید اسدعباس نقوی اور سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ  کراچی بدل چکا ہے،عوام کا سیاسی جماعت کی جانب سے ہڑتال کی کال کو مسترد کرنا خوش آئند قدم ہے،ملکی معاشی حب کراچی کو ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنا پاکستان کی سلامتی کے لئے ضروری ہے،پنجاب میں کرپشن اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیخلاف عوام کاروائی کے منتظر ہیں،قومی ایشوزپر پر تمام جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے،بلدیاتی الیکشن میں بھر پور کردار ادا کرینگے،ہم خیال جماعتوں سے مل کر الیکشن میں حصہ لیں گے،اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے میں موجودہ حکمران مخلص نہیں،نندی پور پروجیکٹ کی شفاف تحقیقات ضروری ہے،عوام سے الیکشن میں جھوٹے وعدے کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے،لوڈشیڈنگ ،بے روزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے میں حکمران جماعت ناکام ہوچکی ہے،موروثی سیاست کے خاتمے کے لئے عوام موثرکردار اد کریں بصورت دیگر یہی لٹیرے پھر قوم پر مسلط ہونگے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے جنرل سیکرٹری علامہ عبد الخالق اسدی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ملت تشیع کے بے گناہ افراد کو پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اوچھے ہتھکندوں پر اتر ہوئی ہے۔اس طرح کا غیر قانونی و غیر اخلاقی طرز عمل پُرامن مومنین کو مشتعل کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ پولیس محرم الحرام سے پہلے جان بوجھ کر حالات خراب کرنے پر تُلی ہو ئی ہے۔ہم نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی ایساہی ہو گا لیکن اختیارات کا ناجائز استعمال ہمیں کسی صورت گوارہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاعات ملیں ہیں کہ راولپنڈی میں طویل عرصے سے نکلنے والے کچھ ماتمی جلوسوں کے حوالے سے انتظامیہ بانیان پر دباو ڈال رہی ہے اور سانحہ عاشورہ کے ان اسیران کو بھی پولیس کی طرف سے ہراساں کیا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے۔بے گناہ اسیران کو عدالت نے ضمانت پر رہا کر رکھا ہے۔کسی قانون کے تحت ان پردباو نہیں ڈالا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ جلوس و مجالس کے حوالے سے ہمارا موقف دو ٹوک اور اٹل ہے۔ہم اپنے روایتی جلوسوں کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کر برداشت نہیں کریں گے۔محرم کے تمام جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ سیکورٹی کے معاملات میں متعلقہ انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مکہ میں کرین حادثے کے نیتجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک سانحہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اس حادثے کا نشانہ بننے والے افراد کو اللہ تعالیٰ نے شہادت کے رتبے سے نوازہ ہے۔بلاشبہ ان کے درجات بلند ہیں تاہم ان عوامل کا پتا لگایا جانا انتہائی ضروری ہے جو اس کے محرکات بنے ۔ محض آندھی اور بارش سے کرین کا گر جانا بہت سارے سوالات کو جنم دیتا ہے۔اتنی اہم جگہ پر تعمیراتی کام کے دوران مشینری کی تنصیب میں ایسی غیر ذمہ داری کیوں برتی گئی جواس ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنی ۔علامہ ناصر نے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے خیبر پختونخواہ کے اندرایک ہفتہ کے دوران دہشت گردی کے چارمختلف واقعات میں پانچ شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات غیر موثر ہو کر رہ گئے ہیں۔گزشتہ روز قیصر عباس نامی نوجوان پھر دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گیا۔پشاور، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے ہونے والے اندوہناک واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردوں پر کمزور گرفت کی نشاندہی کر رہے ہیں جس سے صوبے کے امن و امان پر ایک بار پھر شدید خطرات منڈلانا شروع ہو گئے ہیں۔صوبائی حکومت کو یا تو ان شہداءکے خون کو جواب دے یااپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہو جا نا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام واقعات کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اور ملت تشیع کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے پر بصیرت افکارکو مشعل راہ بنانے سے ہماری ساری مشکلات کا خاتمہ ممکن ہیں۔خارجی اثرات سے آزاد ایسی ریاست قائد اعظم کا خواب تھا جہاں ہر شخص کو اسلام کے اصولوں کے مطابق آزادنہ زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں۔جہاں اقلیتوں کو تحفظ ملے ۔ دہشت گردوں سے چھٹکارا دلا کر اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے قائد اعظم کی 67 ویں برسی کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ایک مخلص اور قوم کا حقیقی درد رکھنے والے رہنما تھے۔انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی علحیدہ ریاست کے لیے ایک طویل جنگ لڑی اور اپنے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن حاصل کیا۔ ہمارا یہ وطن قائد کی عظیم جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔ہمیں اس کی حفاظت کرنے کے لیے اسی درد اور اخلاص کے ساتھ تگ و دو کرنے کی ضرورت ہے۔قائد اعظم کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں پر کاربند رہنے سے ہم معاشرے میں باوقار مقام حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر تجدید عہد کرنا ہو گا کہ ہمارا اس مٹی سے عشق مرتے دم تک قائم رہے گا ۔علامہ ناصر کی ہدایت پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی صوبائی و علاقائی دفاتر میں قائد اعظم کی برسی کے موقع پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی ۔

وحدت نیوز(سبی)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے سبی کا دورہ کیا ،اس موقع پر صوبائی سیکریٹری نشر و اشاعت مولانا ذوالفقار علی سعیدی ، مولانا عبدالرسول چانڈیو و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر مرکزی امام بارگاہ سبی میں کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ناراض بلوچ قیادت سے مفاہمت اور مذاکرات کا آغاز خوش آئند ہے۔ وفاق اور مقتدر اداروں کو ۶۸ سالہ محرومیوں کے ازالے کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ بلوچ عوام کی حب الوطنی شک و شبہ سے بالاتر ہے،بلوچ قیادت کے لئے عام معافی کے اعلان کی بجائے ان سے معافی مانگنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سیاستدانوں کی ترجیح عوام کی خدمت کی بجائے ذاتی مفادات کا حصول اور کرپشن ہے اسی لئے عوامی مسائل اور مشکلات پر خاموش رہنے والے سیاسی رہنماؤں کے ذاتی مفادات پر کڑا وقت آتا ہے تو وہ چیخ اٹھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھشت گردی اور کرپشن کے خلاف اقدامات کو پوری قوم کی تائید حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل جاری رہنا چاہئے تاکہ کرپشن کے بڑہتے ہوئے رجحان اور اداروں کی تباہی کو روکا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملک سے دہشت گردی، فرقہ وارانہ منافرت اور کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے۔ مگر یہ اقدامات انصاف کے اصولوں کے مطابق ہونے چاہیں جس پر جانبداری کا شبہ نہیں ہونا چاہئے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree