وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے ماہِ محرم الحرام کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایام عزا کے آغاز پر امام زمان عج ، رہبر معظم سید علی خامنہ ای اور تمام سوگواران اہلبیت علیھم السلام کی خدمت میں تسلیت عرض کرتی ہوں ، محرم الحرام امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب ِ با وفا سے تجدید عہد کا مہینہ ہے ۔ جس چیز پر دین کی بقا، طاقت، قدرت و عظمت کا دارومدار ہے وہ جہاد اور شہادت کا جذبہ ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے دنیا کو یہ بتانے کے لئے کہ دین فقط نماز روزے کا ہی نام نہیں ہے یہ خونی قیام کیا ،تاکہ عوام میں جذبہٴ شہادت زندہ ہو اور عیش و آرام کی زندگی کا خاتمہ ہو۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنے ایک خطبہ میں ارشاد فرمایاکہ : میں موت کو سعادت سمجھتا ہوں۔ آپ کا یہ جملہ دین کی راہ میں شہادت کے لئے تاکید ہے۔
انہوں نے کہا آج مسلم امہ کو واقعہ کربلا سے درسِ غیرت و شجاعت ، دینداری و وفاداری اور صبر و استقامت حاصل کرنے کی ضرورت ہے ، وقت کے یزیدوں اور فرعونوں کو للکارنے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لئے کربلائ فکر اور جزبہ ہونا چاہئے ۔ امام حسین علیہ السلام کی اپنے اعوان و انصار کے ساتھ پیش کی گئیں قربانیاں رہتی دنیا تک ہر حسینی فکر رکھنے والے کے لیے مشعل راہ رہیں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ماہ محرم اور ان ایام عزا کے تقدس کا خیال رکھیں ۔ خواتین با پردہ مجالس میں شرکت کریں ، لباس سادہ پہنیں اور تبرک میں بھی سادگی اپنائیں امام حسین علیہ السلام کا غم ہمارے چہروں پر عیاں ہو ،منبر پر مؤدب اور با شعور علماء و ذاکرین کو دعوت دیں ۔ موجودہ دور کے مصنوعی پن اور گلیمر سے عزاداریِ سید الشہدا علیہ السلام کو بچانا ہم سب عزادارن کی اولین ذمہ داری ہے ۔