وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے وحدت ہاوس سولجر بازار میں ماہانہ کابینہ کے اجلاس میں سندھ کی موجود ہ صورتحال پر گتفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے عوامی مسائل اورمشکلات کے حل میں کوئی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، اس وقت سندھ کا سب اہم اور سلگتا ہوامسئلہ آبادگاروں کے مسائل ہیں جس کی جانب حکمرانوں کی کوئی توجہ نہیں، شوگر ملیں بند پڑی ہیں اور کاشتکاروں کا لاکھوں ٹن گناسوکھ کر برباد ہورہاہے، اس موقع پر صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی ،مولانا دوست علی سعیدی ،یعقوب حسینی ،آصف صفوی اور منور جعفری سمیت دیگر رہنما موجود تھے ،علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومت مل مالکان کو سرکاری نرخ پر گنے کی خرید کا پابند نہیں بنارہی، سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں غریب کسان اپنے بچوں کا پیٹ پالنے اور گھروں کے چولھے جلانے کیلئے سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، افسوس ان بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، مجلس وحدت مسلمین ان مظلوم کاشتکاروں کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور جائز حق کے حصول کی اس جدوجہدمیں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وحدت نیوز (گلگت) میونسپل کمیٹی کے دفتر کو جوٹیال شفٹ کرنا بد نیتی پر مبنی اقدام ہے ۔دفتر کی شفٹنگ سے مسائل میں اضافہ ہوگا ،عوام کی سہولت کیلئے دفتر کی شفٹنگ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے میونسپل کمیٹی گلگت کے ہیڈآفس کی شفٹنگ کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے گلگت شہر کے عوام براہ راست متاثر ہونگے۔میونسپل کمیٹی سے متعلقہ شکایات اور جملہ مسائل کے حل کیلئے موجودہ دفتر زیادہ موزوں ہے جوٹیال شفٹ کرنے سے عوام الناس کی تکلیفوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ آفس تک رسائی ہر کسی کے لئے بس میں ہے اور شہر کے وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے شکایات کا اندراج اور دیگر مسائل کیلئے مناسب اور موزوں جگہ ہے جسے تبدیل کرکے جوٹیال لیجانے میں حکومت کی بدنیتی صاف نظر آرہی ہے۔ا نہوں نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مذکورہ آفس کی شفٹنگ کو فوری رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے عوام کوذہنی اذیت میں مبتلا ہونے سے بچائیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا کی جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتمادکی حمایت پر صوبائی حکومت سیخ پا، آغا رضاکو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے سکیورٹی واپس لے لی گئی، ایم ڈبلیوایم کے صوبائی ترجمان آغا ہادی کے مطابق صوبائی حکومت نے شدید خطرات کے باوجود ایم پی اے آغا رضا کی سیکیورٹی واپس لے لی،آغا رضا کی جان کو خطرہ ہے، کسی بھی ناخواشگوار واقعے کی صورت میں صوبائی حکومت ذمہ دار ہوگی،آغا رضا نے اپنے ضمیر کا فیصلہ کیا، حکومتی دباوکو مسترد کرتے ہیں۔
دوسری جانب سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے ممبر بلوچستان اسمبلی آغا رضا نے کہا ہے کہ میری سیکیورٹی ہٹانا حکومت کی اوچھی حرکت ہے، سخت تھریٹ کے باوجود میری سیکیورٹی ختم کرنا حکومتی بوکھلاہٹ ہے، موجودہ حکومت عدم اعتماد کی تحریک سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائی پر اتر آئی ہے، مسلم لیگ کے آج اجلاس میں اکثریتی لیگی ارکان نے شرکت نہیں کی،وزیراعلی بلوچستان کے خلاف آئینی راستہ اپنایا ہے، نواز شریف اور ثناءاللہ خان زہری میں کوئی فرق نہیں،بلوچستان میں کرپشن بدعنوانی عروج پر ہے تحریک کا مقصد تبدیلی لانا ہے، لیگی حکومت نے بلوچستان کو مزید پسماندگی کی طرف دھکیلا، مسلم لیگ ن کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں کامیاب ہونگے۔
انہوں نےمزید کہا کہ جمہوریت کی بات مسلم لیگ ن کو زیب نہیں دیتی، 1989ء کا دور آج بھی تاریخ کا حصہ ہے جس میں نواز شریف کا کردار واضح ہے نااہل نواز شریف کو بچانے کیلئے پوری حکومتی مشینری لگادی گئی ہے، نواز شریف سیاسی شہید ہونے کی ناکام کوشش کررہا ہے،نواز شریف اپنے عزائم میں ناکام ہوگا جیت عوامی طاقت کی ہوگی، بلوچستان حکومت عوامی نمائندوں کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی ، تحریک عدم اعتماد ممبران اسمبلی کا حق ہے، حکومت اپنا کام کرتی تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی،سیکیورٹی واپس لے کر ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا، میری حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے،مشاورت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرینگے۔
وحدت نیوز (ٹھل) مجلس وحدت مسلمین تحصیل ٹھل کے زیر اہتمام یونٹ پنجل ٹانوری، یونٹ میرپور برڑو، یونٹ ٹھل، یونٹ رانجھاپور، یونٹ جمعہ برڑو، مبارک پورسمیت مختلف یونٹس میں درسی پروگرام منعقد ہوئے، اس تنظیمی و درسی دورہ میں ایم ڈبلیو ایم سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی، ضلعی سیکریٹری جنرل آغا سیف علی ڈومکی، ضلعی سیکریٹری تنظیم برادر حسن رضا غدیری اور تحصیل کے ذمہ داران ہمراہ تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے وطن عزیز پاکستان کے خلاف امریکی صدر کی ہرزہ سرائی اور تازہ دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی دھمکیوں سے ڈرنے کی بجائے جرات و بہادری سے امریکہ کو جواب دیا جائے۔وطن عزیز پاکستان کو امریکی غلامی سے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل ہوا نہ ہوگا، وہ دن اس قوم کے لئے یوم عید ہوگا جس دن ہم نے امریکی غلامی سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔ امریکہ پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، ہمیں معذرت خواہانہ رویئے کے بجائے جرئت مندانہ رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیطان بزرگ امریکہ سے اسلام دشمنی اور انسانیت سے عداوت کے علاوہ کوئی توقع نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے خلاف سازشیں ہر دور میں ہوئیں، مگر ایرانی قوم کے آہنی عزم نے ہر دور میں سامراجی قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انقلاب اسلامی اور ایران کے انقلابی عوام اس مرحلے پر بھی سرخرو ہوں گے۔
وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ریاستی سیکرٹری فلاح بہبود سید عاطف حسین ہمدانی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے۔حکومت نے نئے سال کے پہلے دن عوام کو مہنگائی کی نوید سناکر اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے باخبر کیا ہے۔حکومت کا یہ فیصلہ واضح کرتا ہے کے انہیں عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اشیائے خورد ونوش سمیت ہر شے کو متاثر کرتا ہے۔متوسط طبقہ پہلے ہی ان گنت مشکلات کا شکار ہے۔حکومت کی ناکام پالیسیاں رہی سہی کسر نکال رہی ہیں۔عوام ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے کسی طور متحمل نہیں۔جمہوریت عوامی حکومت کا نام ہے۔عوام پر زندگی تنگ کرنے کو جمہوریت نہیں کہتے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ اور ظالمانہ ہے۔عوام اس فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ چند انٹرنیٹ سروسز پرووائیڈرز کی سروس کے ذریعے ایم ڈبلیو ایم کی آفیشل ویب سائٹ تک رسائی نہ ہونے کی شکایت موصول ہوئی ہیں۔ جس سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔پی ٹی اے کے اعلی حکام کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلد از جلد وجوہات کا تعین کر کے مسئلہ کو حل کر دیا جائے گا۔ مجلس وحدت مسلمین کی ویب سائیٹ کو پی ٹی اے کی طرف سے بلاک کرنے کا تاثر قبل از وقت ہے۔ہمیں اس طرح کے کسی اقدام سے متعلقہ ادارے کی طرف سے کوئی پیغام نہیں ملا۔ایم ڈبلیو ایم ملک کی ایک ذمہ دار اور فعال مذہبی و سیاسی جماعت ہے ۔ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کا اس سے رابطہ ہے جو ملک میں جمہوری اقدار کے لئے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ہماری نظر میں یہ کوئی تکنیکی مسئلہ ہے تاہم حکومتی پالیسیوں سے نظریاتی و سیاسی اختلاف کی بنا پر اگر یہ اقدام کیا گیا تو اس کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کی جائے گی۔