Print this page

بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات نہ صرف انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہیں بلکہ وطنِ عزیز کی سلامتی اور استحکام پر کھلا حملہ ہیں، سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس

12 July 2025

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بدامنی، دہشتگردی کے واقعات اور بے گناہ شہریوں کی شہادت ایک قومی سانحے سے کم نہیں۔ ہر پاکستانی کا دل اس المناک واقعے پر غمزدہ اور رنجیدہ ہے۔ یہ واقعات نہ صرف انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہیں بلکہ وطنِ عزیز کی سلامتی اور استحکام پر کھلا حملہ ہیں۔

زمینی حقائق اور شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ان واقعات کے پیچھے دشمن قوتیں، خصوصاً ہندوستان اور اسرائیل، گٹھ جوڑ کے ساتھ ملوث ہیں، جو بلوچستان میں انتشار، بداعتمادی اور بدامنی کے ذریعے پاکستان کی سالمیت اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ یہ سازشیں ایک طویل عرصے سے جاری ہیں، جن کا مقصد پاکستان کو داخلی طور پر کمزور کرنا اور قوم میں تفریق پیدا کرنا ہے۔

ہم اس ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ وطن کے ان معصوم شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان بے گناہ جانوں کے قاتلوں کا انجام عبرتناک ہو گا، اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جائیں گے۔

ہمیں اس نازک اور حساس دور میں سیاسی بلوغت، قومی یکجہتی اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا محاذ آرائی کا نہیں، بلکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے اور بلوچستان سمیت پورے ملک کو امن کا گہوارا بنانے کا ہے۔ بلوچستان کے محبِ وطن عوام اس ملک کا وقار اور سرمایہ ہیں۔ ضروری ہے کہ ان کے ساتھ محبت، اعتماد اور احترام کا رشتہ مضبوط کیا جائے، انہیں سینے سے لگایا جائے اور ان کے مسائل کا حل مکالمے، انصاف اور شفاف حکومتی پالیسی کے ذریعے نکالا جائے۔

پاکستان اس وقت تاریخ کے ایک حساس اور نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔ سیاست دانوں، دانشوروں، اور ریاستی اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر قدم انتہائی تدبر، بصیرت اور قومی مفاد کو سامنے رکھ کر اٹھائیں، کیونکہ تھوڑی سی غفلت بھی ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار کر سکتی ہے۔ ہمیں اجتماعی حکمت عملی اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا تاکہ وطنِ عزیز کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔

اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور شہداء کے درجات بلند کرے۔ آمین۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree