Print this page

مولانا خان زیب شہید نہ صرف ایک ممتاز عالمِ دین اور پختون روایات کے پاسبان تھے، علامہ سید احمد اقبال رضوی

12 July 2025

وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کل خیبر پختونخوا کے ممتاز مذہبی اسکالر، معروف قلمکار اور عوامی نیشنل پارٹی کے جری رہنما مولانا خان زیب شہید دہشتگردی کا نشانہ بنے۔‏مولانا خان زیب شہید نہ صرف ایک ممتاز عالمِ دین اور پختون روایات کے پاسبان تھے، بلکہ وہ اتحاد امت، بین المسالک ہم آہنگی، اور خطے میں امن کے مؤثر علمبردار تھے۔‏

انہوں نے ہمیشہ شدت پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جرأت مندانہ آواز بلند کی، نوجوان نسل کو شعور، فکری بیداری اور قومی وحدت کی دعوت دی، اور علمی و فکری محاذ پر روشن چراغ جلائے۔‏ان کی شہادت دراصل اعتدال پسند، باشعور اور امن پر یقین رکھنے والے معاشرتی کرداروں کے خلاف جاری سازشوں کا تسلسل ہے، جو خطے میں افتراق، بدامنی اور فتنہ انگیزی کا ایندھن بنائی جا رہی ہیں۔‏ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس بزدلانہ واردات کے اصل محرکات اور مجرموں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔‏اللہ رب العزت شہید مولانا خان زیب کی مغفرت فرمائے، اور اہلِ خانہ و وابستگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree