Print this page

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کا ایران پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں ہنگامی اجلاس

21 June 2025

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کا ایران پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں ہنگامی اجلاس سربراہ شوریٰ عالی شیخ حسن صلاح الدین کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس کے اختتام پر ایک اعلامیہ نشر کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں بہادری کے ساتھ جام شہادت نوش کرنے والے فوجی جرنیل، سائنسدان و نہتے بےگناہ سویلین شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مظلومین فلسطین، غزہ اور دیگر محرومین جہاں کے لیے ملت ایران کی گزشتہ کئی دہاہیوں سے استقامت و جواں مردی لائق ستائش و قابل اتباع ہے، ایران اسرائیل جنگ عالم کفر کی عالم اسلام کے ساتھ جنگ ہے، غاصب اسرائیل کا شیطان بزرگ امریکہ کی شہہ پر پہلے مظلوم فلسطین و غزہ، لبنان اور یمن پر بمباری کرتا رہا اور اب اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ جنگ کر کے عالم اسلام کے خلاف اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتا ہے، پاکستان کے غیور عوام اس جنگ میں ایران کے ساتھ ہیں اور اسرائیل کی اس ظلم و بربریت کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عالم اسلام کی جلیل القدر شخصیت، مرجع عالم تقلید، تمام اسلامی تحریکوں کے محور و مرکز، اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہٰ ای حفظہ اللہ کے خلاف ہرزہ سرائی و دھمکی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور وقت کے فرعون کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ پوری دنیا کے کروڑوں دلوں کی دھڑکن، مظلوموں کے حامی و ناصر، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہٰ ای حفظہ اللہ کی عزت و حرمت ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے، یہ دھمکیاں امریکی صدر کی ذہنی پستی، ہزیمت اور بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتی ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ امریکہ اس جنگ میں کسی بھی قسم کے انتہائی اقدام سے باز رہے وگرنہ اسرائیل کے ساتھ یہ بھی اس جہان سے نابود ہو گا، اسلامی جمہوریہ ایران کی یہ جنگ پورے عالم اسلام کی جنگ ہے،  اسرائیل اپنی نابودی کے قریب ہے وقت کا تقاضا ہے کہ پوری مسلم امہ وحدت و انسجام کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کھڑی ہو اور اس شر مطلق اسرائیل کا مقابلہ کرے، ہم اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حمایت کے موقف کو  سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہمارا ایٹمی اسلامی ملک پاکستان قائد اعظم کے اسرائیل مخالف بیانیہ کے تناظر میں اپنے بارڈر پر جاری اس جنگ میں مثبت اور کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اسکے ساتھ ساتھ ہم پاکستان کی عوام، سیاستدان، میڈیا ہاوسز، اینکرپرسنز کے بھی اس جنگ میں اپنا مثبت اور بھر پورکردار ادا کرنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ عالم کفر کے خلاف اس جنگ میں مزید آگہی کے ساتھ اپنا حصہ ڈالیں گے، پاکستانی عوام فلسطین کے جائز موقف کی حمایت اور ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے حوالے سے اپنے اصولی مؤقف پر مضبوطی سے قائم ہیں۔ یہ عزم معاشرے کے تمام طبقات اور سیاسی و مسلکی تنوع سے بالاتر ہے، اور نہ کوئی بیرونی دباؤ اور نہ ہی کوئی اندرونی تبدیلی ان بنیادی مؤقفوں کو کمزور یا متزلزل کر سکتی ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree