وحدت نیوز(گلگت) امجد ایڈوکیٹ ایک خاص طبقہ فکر کی آشیر باد حاصل کرنے کیلئے اسلامی تحریک اور وحدت مسلمین پر بے جا تنقید کررہے ہیں۔مذہبی جماعتوں کا ایک دوسرے کے قریب آنے سے پیپلز پارٹی کا سیخ پا ہونا اپنی جگہ درست ہے کیونکہ اگر مذہبی جماعتوں کا اتحاد ہوجائے تو گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے جنازے کو کندھا دینے والا بھی کوئی موجود نہ ہوگا۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ بزرگ سیاستدان دیدار علی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے تضحیک آمیز بیانات قابل مذمت ہیں۔خودکو سیکولر کہنے والی جماعتوں کو دوسروں کا وجود گوارا نہیں اور ان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ مذہب کو سیاست سے جدا کرکے صرف مساجد تک محدود کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کے اتحادسے پیپلز پارٹی خوفزدہ ہوچکی ہے اوران کے رہنما اپنی شکست کو سامنے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔جس طرح دوسری جماعتوں کو الیکشن لڑنے کا حق ہے اسی طرح مذہبی جماعتوں کو بھی سیاسی میدان میں پنجہ آزمائی کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کے الیکشن میں حصہ لینے سے پیپلز پارٹی کا سیخ پا ہونا سیاسی عدم برداشت کی علامت ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) امام بارگاہ الحسین حیدر روڈ اسلام پورہ میں وحدت یوتھ کے زیر اہتمام معارف اسلامی سلسلے کا چوتھا پندرہ روزہ تربیتی پروگرام منعقد کرایا گیا. معارف اسلامی کے منعقدہ پروگرام میں وحدت یوتھ کے ٹاؤن سیکرٹریز سمیت کثیر تعداد میں جوانوں نے شرکت کی. تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری علامہ سید حسن رضا ہمدانی, ڈپٹی سیکرٹری جنرل نجم عباس اور مسجد صاحب الزماں کے خطیب علامہ عباس الحسینی نے نوجوانوں سے خطاب کیا. خطاب کے دوران علامہ حسن رضا ہمدانی نے جوانوں کو حالات حاضرہ سے متعلق آگاہی دی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے دشمن مسلسل اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور دشمن کو شکست دینے کا واحد ذریعہ بیداری اور حالات حاضرہ سے آگاہی ہے. انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جوانوں کو علما کے زیر سایہ ملت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر نے کی ضرورت ہے. علامہ ہمدانی نے تقریب کے اختتام پر جوانوں کی کاوشوں کو سراہا اور دعا امام زمانہ سے تقریب کا اختتام کیا. تقریب کے بعد نماز مغربین اور شرکا کے لیے وحدت یوتھ لاہور کی جانب سے افطاری کا بھی انتظام کیا گیا۔
وحدت نیوز(مظفرگڑھ) مذہبی معاملات میں ہم کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرگڑھ کے ضلعی سیکرٹری سیاسیات سید نعیم کاظمی نے کوٹ ادو میں جامعہ مسجد سیدہ فاطمہ الزہراؑ میں افطاری کے موقع پر مومنین سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ مساجد کو آباد کرنا علاقے کے مومنین کی ذمہ داری ہے اور ان سے اپنے درس و تدریس کے سلسلے میں بھر پور استفادہ کرنا چاہئے۔ مومنین کو آپس میں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ مومن کبھی بھی ایک دوسرے منہ نہیں موڑتا بلکہ آپس میں اتفاق و اتحاد سے ہی اپنے آپ کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ جتنے ہم آپس میں متحد رہیں گے اتنی ہماری آواز میں جان آئیگی۔ سیاسی طور پر اپنے آپ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انتظامیہ مجالس و جشن کے پروگرامات میں سیکیورٹی بھی دیتی ہے اور اس کے بعد FIR دیتی ہے جو کہ بلکل قابل قبول نہیں، ہم ضلع کونسل میں ہونے والے اجلاس میں انتظامیہ پر یہ واضح کر چکے ہیں۔ اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل علی رضا طوری، مسجد کے منتظم سید ثقلین شاہ، سید ارشد بخاری اور دیگر برادران بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی پولیٹیکل کونسل کے کوآرڈینیٹر آصف رضا ایڈووکیٹ نے اپنے بروری روڈ کوئٹہ میں تکفیری دہشت گردوں کے حملے میں بہن بھائی کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کوئٹہ میں دہشت گردی ہمیشہ شیعوں کے ساتھ ہی کیوں ہوتی ہے آخر کہاں ہیں وہ ادارے جو ہمارے بے گناہ علماء اور جوانوں کو تو روز اغوا کرتے ہیں مگر ان کو یہ دھندناتے دہشت گرد نہیں ملتے ،کوئٹہ میں دہشت گردی کے روزانہ کے یہ واقعات اس بات کی دلیل ہیں کہ گور نمنٹ اور سکیورٹی کے ادارے شیعہ ہزارہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں بلکل نا کام ہو چکے ہیں۔
وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حضرت امام خمینی کی برسی کے موقع پر انہیں شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا اور فرمایا کہ اسلامی انقلاب امام خمینی کا سب سے بڑا ہنر تھا،اسلامی انقلاب اور امام خمینی کی شخصیت کو بار بار بیان کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگرانقلاب اور امام خمینی رح کی شخصیت کے بارے میں تحریف کا خطرہ پیدا ہوسکتاہے -
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ سماجی تبدیلی کے اعتبار سے جو تبدیلی رونما ہوئی وہ یہ کہ ایران کے معاشرے کو جو ایک غیر متحرک اور مغرب زدہ معاشرے میں تبدیل کردیا گیا تھا امام خمینی نے اس انقلاب کے ذریعے دوبارہ زندہ کیا اور ایران کی عظیم قوم کو اس کی شناخت دوبارہ عطا کی - انہوں نے امام خمینی کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی ایک پرکشش شخصیت کے مالک تھے اور ان میں پائی جانےوالی جذابیت کی وجہ ان کی صداقت اوراللہ پر ان کا توکل تھا -
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امام خمینی نے کسی کی پروا کئے بغیر اصل اسلام کو پیش کیا جس میں آزادی اور خود مختاری کا نعرہ دیا گیا تھا، ایسا اسلام جس میں نہ تو رجعت پسندی تھی اور نہ ہی تنزلی تھی اور یہی چیز نوجوانوں کے لئے بہت ہی پرکشش تھی ۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امام خمینی نے جو نظریات پیش کئے ان میں آزادی و خود مختاری، سماجی انصاف کا قیام اور ایرانی عوام کا امریکا کے تسلط سے آزاد ہونا تھا - رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دنیا کی ہر قوم کےنوجوان اغیار کے تسلط سے آزاد رہنا چاہتے ہیں، مثال کے طور پر آج سعودی عرب جیسے ممالک کے نوجوان بھی جن کی حکومتیں امریکا سے وابستہ اور طویل المیعاد معاہدے کئے ہوئے ہیں، آزادی اور اغیار کے تسلط سے رہائی کے خواہاں ہیں - یہی وجہ ہے کہ امام خمینی کی شخصیت اور ان کے ذریعے پیش کئے گئے نظریات انتہائی پرکشش ہیں ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے امریکی پابندیوں کے مقابلے میں ایران کو مضبو ط اور مستحکم بنانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے فرمایا کہ حکام کو چاہئے کہ وہ اقتصادی میدان میں ملک کو ناقابل تسخیر بنادیں ۔ اور بین الاقوامی مسائل کے تعلق سے بھی سب کا موقف اور نظریہ ایک ہونا چاہئے - آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ماہ مبارک رمضان میں یمن، لیبیا اور شام میں ہمارے بھائی سخت مشکلات سے دوچار ہیں ۔
انہوں نے یمن اور بحرین میں سعودی عرب کی جارحیتوں اور مداخلتوں کی مذمت کرتے ہوئےفرمایا کہ سعودی حکام شب و روز یمن کے عوام پر بمباری کررہے ہیں لیکن اگر وہ بیس سال تک بھی یہ اقدامات کرتے رہیں پھر بھی انہیں یمن کے عوام پر کامیابی نصیب نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنے لئے انتقام الہی کو اور زیادہ سخت کررہے ہیں - رہبرانقلاب اسلامی فرمایا کہ سعودی حکام اگر کسی قوم پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتے ہیں تو ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوسکے گی بلکہ اس سے سعودی حکام مزید ذلیل ہوں گے آپ نے سوال کیا کہ کیوں ایک بیرونی حکومت کسی ملک میں اپنی فوج اتارے اور وہاں اپنی پالیسی مسلط کرے - رہبرانقلاب اسلامی نے شام کے بحران کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ اب جبکہ شام اور عراق میں جو داعش کی جائے پیدائش ہے داعش کا خاتمہ کیا جارہا ہے تو شام کے بحران کو سیاسی اور پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور اس سلسلے میں ایران کا موقف واضح اور شفاف ہے ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے امریکا جیسی بڑی طاقتوں کی ڈھٹائی کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ خود بھی یمن پر شب و روز بمباری کرتے ہیں اور یمن کے کوچہ و بازار اور مسجد و رہائشی مکانات پر بمباری کرنے اور یمنی عوام کا خون بہانے میں سعودی عرب کا ساتھ دیتے ہیں۔ آپ نےفرمایا کہ امریکی صدر عرب کے پست نظام حکومت کے ایوانوں میں جاتا ہے اور قبیلے کے سردار کے بغل میں کھڑے ہو کر رقص شمشیر کرتاہے اور پھر ایران میں چار کرورڑ رائے دہندگان کی شرکت سے ہونےوالے صدارتی انتخابات پر سوالیہ نشان لگاتاہے - آپ نے فرمایا کہ سعودی حکومت امریکا کے نئے صدر کو اپنے ساتھ ملائے رکھنے کے لئے اپنے بجٹ کا آدھا حصہ امریکا کے حوالے کرنے پر مجبور ہے - رہبرانقلاب اسلامی نے امریکا کے سلسلے میں امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے اقوال و نظریات کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ آج یورپی حکومتوں کے سربراہ بھی امریکا کو غیر قابل اعتماد قرار دے رہے ہیں جبکہ امام خمینی نے تیس پینتیس سال قبل فرمایا تھا کہ امریکا بڑا شیطان ہے اور اس پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا -
وحدت نیوز(کوئٹہ) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی درندہ صفت دہشتگردوں کی کارروائیاں نہ رک سکیں۔ تکفیری ملک دشمن دہشتگرد تنظیم لشکری جھنگوی کے دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے حالت روزہ میں دو شیعہ مسلمان بہن بھائی کو شہید کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو اسوقت نشانہ بنایا، جب وہ اسپنی روڈ پر بروری سے علمدار روڈ کیجانب سفر کر رہے تھے۔ واقعہ میں ایک مرد اور ایک خاتون کو فائرنگ کرکے موقع پر ہی شہید کر دیا گیا۔ یاد رہے گذشتہ چند مہینے کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر کوئٹہ میں تکفیری دہشتگردوں نے شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا ہے۔