The Latest
وحدت نیوز(جھل مگسی) ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنماء سہیل اکبر شیرازی نے کہا ہے کہ آئمہ معصومین علیہم السلام کی سیرت و زندگی ہم سب کیلئے نمونہ حیات ہے۔ خداوند متعالیٰ نے آئمہ معصومین علیہم السلام کو اپنے نور عظمت سے خلق کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین ضلع جھل مگسی کے زہر اہتمام مولود کعبہ حضرت علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مسجد اقصیٰ میں منعقدہ محفل جشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ خداوند متعالیٰ نے آئمہ معصومین علیہم السلام کو اپنے نور عظمت سے خلق کیا ہے۔ ان کی خلقت ابتداء سے ہی عام انسان کی خلقت سے مختلف تھی۔ حضرت علی علیہ السلام نور خدا اور اسرار الٰہی ہیں۔ جن کی عظمت کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ ولادت باسعادت اللہ کے حکم سے کعبہ میں ہوئی۔ شہادت مسجد میں مولا علی علیہ السلام کی شان میں پیامبر اسلام نے کہا کہ میں علم کا شہر ہوں اور علی اسکا دروازہ ہیں۔ ہمارے لئے آئمہ معصومین علیہم السلام کی سیرت و زندگانی نمونہ عمل ہے۔
وحدت نیوز(بولان)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان ضلع بولان کی جانب سے بھاگ میں اسٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پارٹی اراکین اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر مولانا ذوالفقارعلی سعیدی نے رہبر معظم کی استفتاء سے احکام بیان کئے۔ اسٹڈی سرکل میں مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان کے جنرل سیکرٹری غلام حیدر سمیت دیگر پارٹی کارکنوں اور مومنین نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(لاہور)صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب لاہور میں جشن میلاد مولود کعبہ کی مناسبت سے ایک مختصر پررونق اور بابرکت محفل میلاد مولود کعبہ کا انعقاد کیا گیا جس میں محبان آل محمد ﷺ کے جوانوں نے بھرپور شرکت کی ۔ جشن میلاد سے بین الاقوامی شہرت یافتہ منقبت خواں و ذاکر اہلبیت ؑصبیب عابدی نے مولا امیرالمومنین علیہ السلام کی شان میں منقبت اور قصیدہ پڑا جسے جوانوں نے بہت سراہا ۔ جشن میلاد امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کے 13 رجب المرجب کی مناسبت سے ایک کیک بطور نیاز کاٹا گیا ۔
برادر صبیب عابدی کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی آفس تشریف لانے اور مولا کی شان میں 13 رجب المرجب کی مناسبت سے کلام پڑھنے پر ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکرٹری نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کتابوں پر مبنی ایک سیٹ بمعہ قرآن مجید بطور ہدیہ انہیں پیش کیا گیا جس پر انہوں نے مجلس وحدت کے تمام مسئولین ،کارکنان اور ذمہ داران کے لئے دعا خیر کی ۔ جشن کی اس پاکیزہ محفل میں برادر سجاد حسین نقوی ، برادر اسد نقوی ایڈووکیٹ ،برادر زین ، اور برادر اسد اللہ زلفی نے بھی شرکت کی ۔ یہ محفل میلاد مولود کعبہ 40 منٹ جاری رہی ۔
وحدت نیوز(چنیوٹ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی ملک گیر توسیع تنظیم مہم تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ایم ڈبلیو ایم صوبہ پنجاب مظہر عباس جعفری نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور ضلع چنیوٹ کی کابینہ کا اعلان کیا۔ تقریب میں علامہ سید محمد حیدر نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے حالات حاضرہ کے موضوع پر حاضرین سے خطاب کیا۔
ضلعی کابینہ کے ممبران میں عاشق حسین بخاری ضلعی صدر ضلع چنیوٹ، سید غضنفر عباس زیدی ضلعی نائب صدر، سید افتخار حیدر و اخلاق حسین ضلعی ترجمان، سید محمد علی زیدی جنرل سیکرٹری، محمد عمردراز پٹھونہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل، مولانا مشرف حسین سیکرٹری تربیت وتبلیغات، سید افتخار کاظمی اور علی کمیل سیکرٹری تعلیم، کمیل زیدی تعلیمات قرآن، سید عمران حیدر سیکرٹری تحفظ عزاداری، سید معصوم نقوی سیکرٹری فلاح وبہبود، میثم ساجدی سیکرٹری تنظیم سازی، محسن علی سپرا سیکرٹری میڈیا واطلاعات جبکہ تحصیل لالیاں کے صدر مشتاق حسین کلا، تحصیل چنیوٹ کے صدر حاجی حسنین اور سٹی چنیوٹ کے صدر کیلئے شاہد حسین لنگاہ کا اعلان کیا گیا۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع تنظیمی لیکچرسے خطاب میں کہا ہے کہ خون کے آخری قطرے تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔مظلومین کی حمایت اور ظالموں کی مخالفت ہماری زندگی کا مقصد اور ہماری جماعت کے منشور کا حصہ ہے۔بھارت کے جارحانہ تسلط سے کشمیریوں کو نجات دلانے کے لیے امت مسلمہ کو عملی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔امت مسلمہ کو کمزور کرنے کا سب سے بڑا سبب وہ مسلم ممالک ہیں جو اپنے معاشی نفع نقصان کے چکر میں حق کو حق اور باطل کو باطل کہنے کا حوصلہ کھو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی قابض افواج گزشتہ چوہتر سالوں سے کشمیری مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہی ہیں۔فوج کے خفیہ عقوبت خانوں میں تشدد کے ذریعے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دینا،آئے روز خواتین کی عصمت دری کے واقعات،بزرگوں اور بچوں کے ساتھ ظلم و زیادتی معمول کا حصہ بن چکے ہیں ان سارے واقعات میں بھارت کے ریاستی ادارے ملوث ہیں۔ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت ان نام نہاد انسانی حقوق کے عالمی علمبرداروں کی نظروں سے کیوں اوجھل ہے جو جانوروں کی نسل معدوم ہونے پر بھی چیخ چیخ کر ہلکان ہو رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اس حقیقت کو ذہن نشیں کر لے کہ عالمی استکباری طاقتیں امت مسلمہ کے حقوق کی کبھی ضامن نہیں ہو سکتیں۔یہود و نصاری کی دوستی صرف اپنے مفادات سے ہے۔مسلم امہ خود کو تمام مغالطوں سے آزاد کر کے اپنے وقار اور بقا کے لیے اگر یکجا نہ ہوئی تو رفتہ رفتہ ذلت و تباہی کے آخری دھانے پر پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض زمینی تنازع نہیں بلکہ نسلوں کی بقا کا مسئلہ ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار ہوتے ہوتے تین نسلیں گزر چکی ہیں۔بھارتی حکومت کی اس درندگی کا خاتمہ اب ناگزیر ہے۔کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیں عالمی قوتوں کی طرف دیکھنے کی بجائے خود عملی کردار ادا کرنا ہو گا۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے کہا ہے کہ امام علیؑ سے محبت ایمان کا جز اور آپ کی دشمنی منافقت کی علامت ہے، حضرت علیؑ نے حکومت چلانے کیلئے جو ویژن پیش کیا اس کی معنویت آج بھی برقرار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے سولجربازار میں ولادت باسعادت امام علی ابن ابیطالبؑ کی مناسبت سے نکالے گئے تہنیتی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا اور ملک کے موجووہ حالات میں ہمیں حضرت علی کے بتائے ہوئے راستہ پر چلنا ہوگا، حضرت امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کی پوری زندگی دین اسلام کی سربلندی اور باطل کے خلاف جدوجہد میں گذری۔
علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کو معیار حق قرار دیا اور فرمایا حق علیؑ کے ساتھ ہے اور علیؑ حق کے ساتھ ہیں۔ انہوں نےکہا کہ کسی بھی انسان کی شناخت کا بہترین معیار ان کی گفتگو اور کلام ہے، اسی لئے نہج البلاغہ معرفت مولا علیؑ کا ذریعہ بھی ہے اور عظمت علی علیہ السلام پر بہترین سند بھی ہے۔ انہوں نےکہا کہ عصر حاضر میں سیرت علوی بشریت کی ہدایت و رہبری کا بہترین معیار ہے، اپنے عظمت کردار سے امام علی علیہ السلام ہر دور کے انسانوں کے محبوب ترین پیشوا بن گئے، دنیا بھر میں ہر مذہب رنگ و نسل کے انسان مولا علیؑ سے محبت کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ملتان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر قراردادوں سے نہیں عملی اقدامات سے آزاد ہوگا، اقوام متحدہ اور اس کے آلہ کار جنوبی سوڈان کی علیحدگی کے بارے میں فیصلہ تو کرتے ہیں لیکن اسلامی ممالک کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے، آج کشمیر میں مظالم کے خلاف موم بتی مافیا کہاں ہے؟ انہیں مظلوم کشمیری بچیوں کا خون کیوں نظر نہیں آتا؟۔ تاریخی، تہذیبی و علاقائی طور پر کشمیر ہمیشہ سے پاکستان کا حصہ رہا ہے، مظلوم کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستانیوں سے والہانہ محبت کا اظہار کیا، کشمیری عوام شہید ہونے کے بعد پاکستانی پرچم میں دفن ہونا پسند کرتے ہیں، آزادکشمیر ایسا خطہ ہے جہاں سے پورے پاکستان میں پانی ملتا ہے، مظلوم کشمیریوں کا سب سے بڑا جرم کلمہ طیبہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کے سامنے بھارتی جارحیت اجاگر کرنا لازمی ذمہ داری ہے، حکومت کا کام یہ ہے کہ ریاستی طور پر بین الاقوامی قانون کے تحت اقدامات کرے، پوری دنیا میں سفارتی محاذ پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرے، موجودہ حکومت جتنا بجٹ فوج کے لیے رکھتی ہے کیا اتنا بجٹ سفارتی محاذ کے لیے رکھتی ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ 74 سال بعد بھی کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دیا گیا۔
وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان)سانحہ مسجد پولیس لائنز پشاور کے شہداء کی یاد میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے توپانوالا چوک شمعیں روشن کی گئیں، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی نائب صدر سید اسد علی زیدی، ڈی آئی خان کے ضلعی صدر مولانا سید غضنفر نقوی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پولیس افسران بھی اس تقریب میں شریک ہوئے، آخر میں مولانا سید غضنفر نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ خداوند متعال شہداء کے درجات بلند کرے، لواحقین کو صبر جمیل اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔
وحدت نیوز(پاراچنار)ڈسٹرکٹ کرم پاراچنار میں خیبرپختونخواہ پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تحصیل چیئرمین وصدر ایم ڈبلیوایم ضلع پاراچنار مزمل حسین فصیح کی جانب سے پاراچنار پریس کلب کے سامنے سانحہ پشاور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم عبدالصمد خان ، تحصیل چیرمین مزمل آغا سمیت دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر سانحہ پشاور پولیس لائن مسجد خودکش بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو بہترین الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شہید پولیس اہلکاروں کی روح ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی ،ملک کی سلامتی اور بقاء کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وحدت نیوز(گنداواہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی گنداواہ آمد ضلعی کابینہ و ورکرز نے صوبائی صدر ودیگر صوبائی قائدین کا پرتپاک استقبال کیا اور جلوس کی صورت میں مہمانوں کو مسجد اقصٰی حسینی محلہ گنداواہ لایا گیااس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع جھل مگسی کا اہم اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی نائب صدر سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری روابط سید گلزار شاہ بخاری، مجلس علماء شیعہ ضلع جھل مگسی کے صدر مولانا علی نواز عرفانی، ضلعی کابینہ ودیگر کارکنان نے شرکت کی۔
سابقہ ضلعی صدر حبیب اللہ دھکڑ کے استعفیٰ دینے کے بعد ضلعی صدر کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے اکثریت رائے سے مولانا گلزار علی کلواڑ اگلے تین سالوں کے لیےصدر منتخب ہوئے، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے نومنتخب ضلعی صدر سے حلف لیا۔ اجلاس سے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط یونٹس تنظیم کی بنیاد ہوتے ہیں۔ یونٹس کی کارکردگی اور بھرپور فعالیت سے ضلع و تحصیل تنظیم منظم ہوگی۔ مجلس وحدت کے ہر سطح کے عہدیداران و کارکنان کو اپنی اخلاقی تربیت پر توجہ کرنی چاہیئے۔ یونٹس و اضلاع کو دعا اور اخلاقی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرنا چاہیئے۔
اس موقع پرنومنتخب صدر کو مبارک باددیتے ہوئے صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ ہم امیدوار ہیں کہ نئے صدر ماہ مبارک رجب المرجب میں توسیع تنظیم مہم میں توجہ دیں گے اور مزید یونٹس کا قیام عمل میں لائیں گے۔ مزید انہوں نے کہا کہ اسٹڈی سرکل کا انعقاد نہایت لازمی ہے عہدیداران وکارکنان کو اس پروگرام میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔