وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویزن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کے انکشافات حقیقات پر مبنی ہیں۔ ہمارے ملک میں کرپشن اور بدعنوانی اس لئے بڑھی کہ کسی نے بھی آئین اور قانون کی پابندی نہیں کی۔ پانامہ لیکس اسکینڈل میں جو بھی ملوث ہیں اُن کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے، جب تک ملک میں آئین اور قانون کی پاسداری نہیں کی جاتی اُس وقت کسی کا احتساب کرنا مشکل ہے، ملک اس لئے بحرانوں سے دوچار ہے۔ یہاں جب تک کوئی بھی کرپشن یابدعنوانی میں ملوث ہوتاہے تو وہ اپنی سرمایہ کاری کسی اور ملک منتقل کرکے پھر اُس کو صاف و شفاف قرار دیئے ہیں، وزیر اعظم ایک با اختیار کمیشن بنائیں۔ میاں نواز شریف اپنے بچوں کے ساتھ کمیشن میں پیش ہوں۔ پانامہ لیکس پر جیو ڈیشل کمیشن بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انکشافات کی تحقیقات الیکشن کمیشن، ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کو کرنی چاہئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان اس معاملہ پر از خود نوٹس لیں۔ ہمارے حکمران، سیاستدان اور اشرافیہ احتساب سے ماورا ہیں، ان کا جوڈیشل کمیشن سے کچھ نہیں بگڑے گا۔ ہمارے ملک کو دہشت گردی اور بہت سے دیگر مسائل کا سامنا ہے، لیکن ہمارے حکمران اور اشرافیہ فرضی کمپنیوں کے ذریعے سمندر پار دولت کےَ انبار رکھتی ہے۔ یہ تمام افراد پاکستان کے با اثر خاندان ہیں، یہ خاندان پاکستان کے مختلف جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اوریہ وہ کمزوری ہے، جس کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کسی مقدمے کا فیصلہ نہیں ہوتا، کیونکہ ملک کی ہر حکومت اور اپوزیشن کے ڈانڈے پانامہ کی اس فرم سے جاکر ملتے ہیں۔ ملک میں مقدمہ بنانے، تحقیقات کرنے اور فیصلہ کرنے والے بھی اس فرم کے کلائنٹ ہیں۔ یہ تمام لوگ ایک خاص مقام پر ایک ہو جاتے ہیں، یہ ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ بہت سنگین معاملہ ہے اس میں ملک کے وزیر اعظم کا نام اتنے بڑے اسکینڈل میں آیا ہے، لہذا اس معاملے کو صاف کرنے، شفاف بنانے اور پوری قوم کا اعتماد بحال کرنے کے لئے سخت تحقیقات اور احتساب کی ضرورت ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بھٹو کے دیس کے غریب عوام، آج بھی روٹی،کپڑا،اور مکان کے لیے پریشان ہیں،نصف صدی گذر جانے کے باوجود عوام کی حالت بہتر کی بجائے بد ترہوئی ہے۔ عوام یہ سوچنے پر مجبور ہے کہ غریب قوم کے حکمران آخر دیکھتے ہی دیکھتے کھرب پتی کیسے بن گئے،جبکہ ملک کے غریب شہری آج بھی غربت اور کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی اور سول اور فوجی حکمرانوں کو اپنے اثاثے قوم کے سامنے لاتے ہوئے احتساب کے لیے تیار ہونا چاہیے۔
انہو ں نے الیکشن کمیشن کی طرف سے منتخب ممبران کے اثاثوں کی تفصیل ویب سائیٹ پہ شایع نہ کرنے کے فیصلے کو افسوس ناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نیب ملک میں احتساب کا شفاف نظام دینے میں ناکام ہوچکا ہے ،اس وقت ملک کو ایسے طاقتور اور شفاف ادارے کی ضرورت ہے جو تمام مصلحتوں سے بالا تر ہوکر ملک کو کرپشن کی لعنت سے نجات دے سکے ۔
وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر نے انتخابات 2016کے لیے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ، اس سلسلے میں شعبہ سیاسیات ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کے زیرا ہتمام ضلع مظفرآباد کے تمام حلقہ جات کے عمائدین کا مشاورتی اجلاس سنگم ہوٹل مظفرآباد میں منعقد ہوا ، اجلاس کی صدارت مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے کی، اجلاس میں ریاستی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوای، ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ ، ممبران پولیٹیکل کونسل ایم ڈبلیوایم آزاد کشمیر کے علاوہ ضلع مظفرآباد کے تمام حلقہ جات سے عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پرامن خطے میں باشعود عوام رہتے ہیں ، ووٹ ایک امانت ہے جو امانتدار کے سپرد کرنی ہے، مجلس وحدت مسلمین ایک سیاسی جماعت ہے ، پاکستان اور گلگت بلتستان الیکشن کے بعد آزاد کشمیر میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، مجلس وحدت خطے میں امن ،بھائی چارے اور اخوت کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے محروموں اور مظلوموں کی آواز بلند کرے گی، اقتدار نہیں خدمت خلق مشن ہے ، بلاتفریق مذہب،مسلک، رنگ ، نسل و برادری خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں ۔ملک کو بنانے والے ملک کو بچانے کے لیے بھی ایک ساتھ ہو کر چلیں گے، آزاد کشمیر کے تمام مسائل سے باخبر ہیں ، خطے کی محرومیوں کو دیکھتے ہوئے عوام کی آواز بننے کا فیصلہ کیا، نیلم سے بھمبر تک اپنے فعال کردار کے ذریعے مجلس وحدت مسلمین متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ثابت ہو گی ، گراس روٹ لیول سے منظم انداز کے ساتھ آگے بڑھیں گے ، ہماری قیادت کا فیصلہ نہیں بلکہ کارکنان کا فیصلہ ہوتا ہے، مشاورتی عمل کے ذریعے خطے کی عوام سے لائحہ عمل لیں گے ، باشعور و بافہم عوام ساتھ دیں ، ان کے معیار پر پورا اتریں گے ۔
ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اپنے مشن و مقصد کو کر آگے بڑھ رہی ہے ، بہت جلد عوام کے درمیان ہو گی ، اب یہاں وہ ہو گا جو عوام چاہے گی ، اب عوامی آواز بن کر گلی گلی کوچے کوچے جائیں گے ، الیکشن کا شفاف انعقاد چاہتے ہیں کسی صورت بھی کہیں سے کوئی مداخلت قبول نہیں کریں گے، وہ سیاست کہ جو خیانت سے پاک ہو ، وہ سیاست جو دھونس دھاندلی سے پاک ہو ، وہ سیاست جو کرپشن سے پاک ہو ، وہ سیاست جو ظلم سے پاک ہو ، وہ سیاست کریں گے جو عبادت ہو،وہ سیاست کہ جس میں مظلوموں کی بات ہو ، وہ سیاست جس میں محروموں کی بات ہو ،وہ سیاست جس میں خطے کی تعمیر و ترقی کی بات ہو ، حق دار کو اس کا حق ملے ، پرامن و جمہوری لوگ ہیں عملاً جمہوریت نافذ ہو اس کے لیے جدوجہد کریں گے۔
ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مشاورتی عمل مکمل ہو جانے کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ، سیاسی جماعت ہیں ، سیاسی رول ادا کریں گے ، صاف و شفاف انتخابات چاہتے ہیں ، اتحاد و وحدت کی فضا کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے تمام عمائدین اور مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے مشکور ہیں کہ آپ قومی درد لیکر ہمارے پاس تشریف لائے ، انشاء اللہ ہم آپ کو مایوس نہیں کریں ، عوامی امنگوں کے ترجمان ثابت ہوں گے ، اجلاس سے سید ممتاز نقوی ایڈووکیٹ، سید تبریز علی کاظمی، مولانا سید طالب حسین ہمدانی ، سید یاسر نقوی ، سید قلندر نقوی ، سید بشیر نقوی ،مولانا معصوم سبزواری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز (لاہور) دہشت گردوں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کے بغیر پنجاب میں امن کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،کالعدم جماعتوں کیخلاف بھر پور کاروائی کے بغیر دہشت گردی سے نجات ممکن نہیں،دہشت گردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرستوں کو بے نقاب کرنا ہوگا،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا لیکن حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیداری کے لئے سینکڑوں بیگناہوں کی لاشوں کا انتظار تھا،گلشن اقبال میں بربریت کی تاریخ رقم کرنے والے دہشت گرد اور ان کے ہمدردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں،یہ لوگ ملک دشمنوں اور اسلام دشمنوں کے آلہ کار ہیں جو اپنے سوا سب کو کافر اور مرتد سمجھتے ہیں،ہمیں اس سوچ کے خلاف ایک قوم و ملت بن کر سامنے آنا ہوگا،پاکستان میں مسلمانوں کے جتنے حقوق ہیں اتنے حقوق ہمارے دیگر مذاہب سکھ،ہندو،عیسائی بھائیوں کا بھی ہے،وہ ہمارے برابر کے شہری اور اس مادر وطن کے بیٹے ہیں،انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلشن اقبال پارک کے متاثرین اور غمزدہ فیمیلز کے ساتھ ہیں اور ہم اس دہشت گردی کے ناسور سے نجات کے لئے ہر وقت آواز بلند کرتے رہیں گے خواہ اس کے لئے ہمیں جان کی بھی قربانی دینی پڑے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے دوسرے تنظیمی دور کے اختتام پر کارکنان اور ملت جعفریہ کے نام پیغام میں مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ الحمد اللہ ایم ڈبلیوایم دستوری طورپر اپنا دوسرا تنظیمی دور کامیابی کے ساتھ مکمل کرچکی ہے، پروردگارکے لطف اور امام زمان عج کی خصوصی نگاہ کرم سے آج مجلس وحدت مسلمین ملت تشیع پاکستان سمیت دنیا بھر کے مظلوموں اور محروموں کی مضبوط سیاسی ، فکری اور اجتماعی آوازبن چکی ہے،ایم ڈبلیوایم اللہ کی زمین پر عدل الہیٰ کے قیام اور مظلوموں اور محروموں کے حقوق کی جدوجہد جارہ رکھے گی اور عالمی استکباری قوتوں امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے مقابل صف آراءرہے گی، ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گےکہ وہ وطن عزیز میں مظلوموں کے حقوق کو تلف کرےاور پاکستان کو سامراجی طاقتوں کی غلامی میں دھکیل دے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہےاور اس نے اپنی چھ سالہ تنظیمی جدوجہد میں ثابت کیا کہ وہ پاکستان کے مظلوموں اور محروموں کی متفقہ آواز ہے، جو اپنے قیام سے لیکر آج تک وطن عزیز کی سلامتی اور خودمختاری کے ساتھ ساتھ شیعہ سنی اتحاد کیلئے اپنی بھرپور توانائیاں بروئے کارلائی۔
انہوں نے کہاکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر ایم ڈبلیوایم نے ملت میں موجود مایوسی ، خوف اور ناامیدی کے خاتمے کا جو عہد کیا تھا اس میں خدا نے سرخرو کیا ہے، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کے فکر وفلسفے کی روشنی میں ہم نے جس سفر کا آغاز کیا وہ تیزی سے اپنی منزل کی جانب سے گامزن ہے ، پاکستان میں مکتب اہل بیت ؑ کے تحفظ اور عزاداری سید الشہداءؑ کی بقاءکے لئے ہم ہر محاذ پر ہمیشہ صف اول میں موجود رہے ،سانحہ عاشورہ راولپنڈی میں مکتب اہل بیت کا دفاع ہو یا وارثان شہدائے شکار پو راور جیکب آباد کے حقوق کاحصول مجلس وحدت مسلمین ہر لمحہ میدان عمل میں نبردآزمارہی ہے، سانحہ راولپنڈی کے نتیجے میں عزاداری مظلوم کربلا ؑ کے مقابل آنے والے تمام تکفیری سیاسی ومذہبی عناصر کا میڈیا اور سیاسی میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کیااور جلوس عزاءکے روٹ کی تبدیلی پر حکومتی دبائوکے مقابل آہنی دیوار ثابت ہوئے، سانحہ راولپنڈی میں گرفتار بے گناہ عزاداروں کی رہائی کے لئے شب وروز کوشاں رہے ، جس واقعے میں ریاست خود مکتب تشیع کے مقابل مدعی ہو اس میں ہم نے کروڑوں روپے دیکر اسیران کو رہا کروایا، سانحہ کوئٹہ،کوہستان، بابوسراور چلاس سمیت ملک بھر میں ہو نے والی تشیع کی نسل کشی پر ہم نے آبرومندانہ احتجاجی اقدامات اٹھائے جس کی بدولت سنگین حالات میں قوم کو آزمائشوں سے نکالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سیاسی میدان میں کسی صورت غیر حاضر نہیں رہی قومی انتخابات ہوں، بلدیاتی انتخابات یا گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن مجلس وحدت مسلمین نے ہر میدان میں اپنا قومی نقش ورول اپنے شہید قائد کی امنگوں کے مطابق پیش کیا،الحمد اللہ آج مکتب کے غیور فرزند بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ایوان میں مظلوموں اور محروموں کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے موجود ہیں ، مجلس وحدت مسلمین نے اپنی تاسیس کے وقت اعلان کیا تھا کہ ہم ملت کی خدمت کے لئے ادارہ سازی پر توجہ دیں گے الحمد اللہ آج مجلس فلاحی میدان میں خیرالعمل فائونڈیشن کے نام کے ایک مستقل ادارہ قائم کرچکی ہے جس کے تحت ملک کےطول وعرض میں درجنوں مساجد، امام بارگاہیں ، اسکول، ڈسپنسریز، فراہمی آب کے منصوبہ جات اور ہائوسنگ پروجیکٹس پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں ، ملک بھرمیں تبلیغی اور تربیتی نیٹ ورک کی تشکیل جاری ہے، ذرائع ابلاغ کے میدان میں آج قومی سطح پر ایم ڈبلیوایم اپنا ایک موثر مقام رکھتی ہےجو کہ ملت جعفریہ کے موقف کی ترویج واشاعت اور حقوق کے تحفظ میں شب وروزکوشاں ہے۔
انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان کو مخاطب کرتےہوئے کہا کہ الہیٰ جماعت میں کام کرنے کیلئے افراد کو معنوی طور پر مضبوط ہو نا ضروری ہے، کارکنان اپنی انفرادی عبادات اور ریاضت پر خصوصی توجہ دیں ، قرآن فہمی اور مناجات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں، خدا کا وعدہ ہے کہ اس نے ظالموں کے مقابل مظلوموں اور مستضعفین کو اس زمین کا وارث قرار دینا ہے پس ہمیں اپنے آپ کو خد اکے زمین کی وراثت کا سنگین بوجھ اٹھانے کے قابل بننا ہے۔
وحدت نیوز (جعفرآباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع جعفرآباد اورمدرسہ خاتم النبیین ﷺکے زیر اہتمام ایک روزہ دین شناسی ورکشاپ منعقد ہوئی ۔ورکشاپ کے شرکاء سے برادر حسن رضا غدیری نے احکام کے موضوع پرجبکہ آغا سیف علی حیدری نے عقائد کے موضوع پر درس دیا ۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے حالات حاظرہ کے عنوان سے خطاب کیا ۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ دھشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی بجائے زائرین مشہد مقدس و کربلا معلیٰ کو بلا جواز تنگ کیا جارہا ہے۔ دھشت گردی کا خاتمہ کرکے زائرین کی رفت و آمد کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ زائرین کے قافلے میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہوتے ہیں، مگر انہیں جگہ جگہ پر مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ طویل عرصہ گزر جانے کے با وجود زائرین آج بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں ،قلعہ نما، جیل خانہ میں کئی روز تک تفتان بارڈر پر زائرین کو روکا جاتا ہے ، اگر یہاں زائرین کو روکنا ہی ہے تو حکومت زائرین کی سہولت کا انتظام کرے۔ مختلف لوگ زائرین کوگاڑی کرایوں سمیت مختلف بہانوں سے لوٹتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامات مقدسات کے زائرین پر بلا جواز الزامات لگانے والے خدا کا خوف کریں ۔مذہبی تعصب کی عینک اتار کر زائرین کے مقدس سفر کی اہمیت کو سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے مسلسل اعلانات کے باوجود زائرین کے مسائل حل نہیں ہوئے۔فیری سروس کے وعدے پر بھی تا حال عمل در آمد نہیں ہوسکاْ۔
انہوں نے شامی افواج کے ہاتھوں تدمر شہر کی آزادی کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تکفیری لشکر اپنی تمام تر ظلم و بربریت کے باوجود شکست و ریخت سے دوچار ہے، جبکہ اس وقت عالمی سطح پر سامراج اور اینٹی سامراج دو الائنس بر سر پیکار ہیں۔ سامراجی ایما پر دنیا کے اسی ممالک سے جمع کیا گیا تکفیری لشکر رو بہ زوال ہے۔