وحدت نیوز (جیکب آباد) ایم ڈبلیو ایم ،اصغریہ اور آئی ایس او کے زیر اہتمام جیکب آباد میں احتجاجی جلوس اور ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر احتجاجی جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ،صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ارض فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ نا قابل قبول ہے ۔شیطان بزرگ امریکہ کی انسان دشمن سامراجی پالیسیاں امن عالم کیلئے حقیقی خطرہ ہیں۔پاکستان کی مشکلات کا بنیادی سبب وطن عزیز میں جاری امریکی مداخلت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے شیعہ اور سنی مسلمان متحد ہو کر امریکی غلامی سے نجات حاصل کریں۔وہ دن پاکستانی قو م کے لئے عید کا دن ہوگا،جس دن وہ سامراجی غلامی سے نجات حاصل کر لیں۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں جاری دہشت گردی کے پیچھے اسرائیل اور امریکہ کا ہاتھ ہے اور دہشت گرد سامراجی ایجنڈا کی تکمیل کے لئے فساد میں مصروف ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے کروڑوں عوام قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی پر خلوص انقلابی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ناصر ملت کے حکم پر ملک بھر میں احتجاجی تحریک دہشت گردوں اور ان کے سر پرستوں کے نا پاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔
اس موقع پر تقریب سے آئی ایس اوکے ڈویژنل صدر برادر سلمان حسینی، MWM ضلع جیکب آباد کے سیکریٹری جنرل حسن رضا غدیری،اصغریہ کے رہنما غلام شبیر اور اویس احمد جکھرانی نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) ملک بھر میں جاری دہشت گردی اور ریاستی وعسکری اداروں کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف ایک ہفتے سے جاری مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس کی بھوک ہڑتال سے اظہار یکجہتی کیلئے سکھ کمیونٹی کے رہنما سردار جانم سنگھ نے بھی اپنے وفد کے ہمراہ احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں۔ہم مظلوم کی حمایتی ہیں ۔ مجلس وحدت مسلمین کی مظلومیت کی حمایت اور ظلم کے خلاف اس جدوجہد میں ہماری مکمل حمایت جاری رہے گی۔احتجاجی کیمپ میں سارادن وفود کی شکل میں سیاسی وسماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری امور سیاسیات کامران حسین ہزارہ نے کہا ہے کہ زندگی کی بنیادی نعمتوں سے محروم عوام کو کس بات کی سزا دی جارہی ہے یہ بات انہوں نے سید آباد کے علاقہ مکینوں سے عوامی رابطہ مہم کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران اور سیاست داب ایک دوسرے سے سوال و جواب کا تبادلہ کررہے ہیں اور بات بات پر 20کروڑ عوام کا والہ دیتے ہیں مگر انہیں 20کروڑ عوام کی بدحالی، تنگ دستی اور بے بسی کا کچھ اندازہ نہیں۔ محلات میں رہنے والے ، لندن میں میڈیکل چیک اپ کروانے والے، نیویارک اور پیرس کی فضاؤں میں گھومنے اور بڑے بڑے سٹوروں سے شاپنگ کرنے والوں کو کیا خبر کہ زندگی کی بنیادی نعمتوں سے محروم عوام کو شب و روز کا کیا عالم ہے۔یہ تصویر ہمارے سیاسی، معاشرتی اور سماجی چہرے پر ایک بدنماء داغ اور تھپڑ سے کم نہیں پاکستان کی یہ تصویر جہاں کروڑوں بچے زیور تعلیم سے محروم ہیں ،کروڑوں روزگار کو ترس رہے ہیں ، اسپتال گندگی ، غلاظت اور بدانتظامی کی بدنماء تصویر ہے، پچاس درجے کی گرمی میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہے یہی ہے غریب مزدور کا پاکستان اور یہی ہے بیس کروڑ عوام کا پاکستان جس میں تبدیلی لانے کے بارے میں حکمران دن رات جھوٹے دعوے کرتے رہتے ہیں ۔ جناب وزیراعظم کو اندازہ نہیں ہوگا کہ دیوار اقتدار پر چسپاں کرنے کیلئے کہاں کہاں سے نوشتے جاری ہو چکے ہیں جس میں دیکھنا ہے کتنے لوگ پکڑے جاتے ہیں ،کوئی چھوٹا کوئی بڑا اور کوئی سپر کرپٹ ہے بڑے اطمینان سے بیٹھے ہوئے لوگ بھی پکڑے جائیں گے ۔ جناب وزیر اعظم اس طرح کی نوشتے پڑھنے میں ہمیشہ بہت تاخیر کر دیتے ہیں ۔اقتدار، رزق ،صحت، اولاد ، مال و دولت اللہ نے دیا ہو تو پھر بندہ اللہ کی نافرمانیاں کرے اور اطاعت کسی اور کرے تو یہ اللہ کے ساتھ سرکشی ہوگی اسکی وجہ سے جو ردعمل آئے گا وہ کرپشن، بدعنوانی اور دہشتگردی کی صورت میں آئے گا جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا ہوگی۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی، بے بنیاد مقدمات کے قیام اور قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، آزادکشمیر سمیت ملتان میں بھی یوم احتجاج منایا گیا۔ ملتان میں یوم احتجاج کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام علمدار چوک سوتری وٹ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا مظہر عباس صادقی، مولانا ہادی حسین ہادی، آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر قاسم شمسی، ڈاکٹر عاصم سرانی اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر شیعہ نسل کشی، ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے خیبرپختوانخواہ، پنجاب اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ملتان پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچی جہاں پر نماز مغربین ادا کی گئی اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ہم مکتب اہل بیت کے پیروکاروں نے اپنی ٹارگٹ کلنگ اور نسل کشی کیخلاف دھرنے سمیت احتجاجات کے تمام طریقے اپنائے، تاکہ حکومتوں اور بالخصوص ریاستی اداروں تک اپنا پیغام پہنچایا جائے اور اس ظلم کے سلسلے کو روکا جائے، لیکن افسوس کہ گذشتہ تیس برسوں میں اگر کوئی سلسلہ نہیں رک سکا تو وہ ہماری ٹارگٹ کلنگ اور نسل کشی کا سلسلہ نہیں رک سکا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ہمیں دہشتگرد مارتے تھے، لیکن اب پاراچنار میں پرامن مظاہرین پر ایف سی کی جانب سے فائرنگ نے ثابت کر دیا کہ ریاستی ادارے بھی ہمیں مار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات کو نہیں مان لیا جاتا اور ان پر عمل درآمد شروع نہیں کیا جاتا، اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ان کے بھوک ہرتالی کیمپ میں ملاقات کی۔اس موقعہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف حکومت کو قوانین میں سختی لانا ہو گی۔پاکستان میں شیعہ سنی بھائی چارے کی فضا قائم ہے۔کچھ بیرونی طاقتیں تفرقہ بازی کے ذریعے پاکستان میں بد امنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ اس میں انڈیا کابھی گھناونا کردار شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کو ایک خط تحریر کریں گے جس میں ٹارگٹ کلنگز کے خلاف ایک طاقتور اور بااختیار جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا جائے گا۔انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ٹی اور آرز لکھ کر انہیں بھیجیں۔پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مظلوم کی حمایت کی ہے۔ لشکر جھنگوی سمیت تمام دہشت گرد جماعتوں کے خلاف میں شروع سے کھل کر بولتا رہا ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے رحمن ملک کی آمد پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے احتجاج ظلم کے خلاف ہے۔ کوئی بھی شخص چاہے وہ چرچ میں مارا جائے یا مندر میں چاہے میلاد کے جلوس میں شہید ہو یا کسی دربار میں انسانیت کا قتل ہے اور اس پر ہمیں تکلیف ہوتی ہے۔ پاکستان میں ضیائی فکر کاپرچار کر کے انتہا پسندی کو فروغ دیے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈیمو گرافک تبدیلیوں سے ہمارے اوپر انتہا پسند مسلط کیے جا رہے ہیں۔ جب تک داعش مائند سیٹ کو شکست نہیں دی جائے گی تب تک وطن عزیز کوقائد و اقبال کاپاکستان نہیں قرار دیا جا سکتا۔اسی فکر نے بے نظیر بھٹو اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کو قوم سے چھین لیا۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہم صرف دہشت گردی کا شکار تھے اب ہم ریاست گردی کی بھی لپٹ میں ہیں۔پاکستان میں اہلسنت کے بعد دوسری بڑی اکثریت ملت تشیع کی ہے۔ان کے ساتھ امتیازی سلوک کر کے ملک کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔ ہمارے خطبا و ذاکرین کو اپنے علاقوں تک محدود کیا جا رہا ہے۔ عزاداری کو محدود کرنے کی جو کوشش پہلے انتہا پسند قوتیں کرتی آئی ہیں اب ریاستی ادارے بھی اس میں شریک ہو گئے ہیں۔ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے واضح کیا کہ جب تک وفاقی حکومت کی طرف سے ملت تشیع کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔
وحدت نیوز(لاہور) پریس کلب لاہور پر جاری شیعہ کلنگ کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کی بھوک ہڑتالی کیمپ کے آٹھویں روز شہدائے پاکستان کی درجات کی بلندی کے لئے دعائے کمیل کا اہتمام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی علامہ سید مبارک علی موسوی آف گجرات نے دعائے کمیل کی تلاوت کی اور انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک مرد مجاہد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پرامن بھوک ہڑتال کرکے ہماری مظلومیت سے دنیا کو آگاہ کیا آج الحمداللہ اس احتجاج کا دائرہ وسیع تر ہوتا جارہا ہے امریکہ،برطانیہ،یورپی ممالک سمیت دیگر ملکوں میں رہنے والے پاکستانی بھی اس ظلم کیخلاف سراپا احتجاج ہے،حکمرانوں کی بے حسی کا جواب ان دینا ہوگا ،حکمرانوں کی خوش فہمی کہ یہ لوگ چند دن بعد خاموش ہو جائینگے نہیں ایسا ہرگس نہیں ہماری ماضی گواہ ہے کہ ہم نے بڑے سے بڑے آمروں کو جھکنے پر مجبور کیا ہے اور یہ حکمران بھی وہ دن بہت جلد دیکھ لیں گے،ہم اپنے مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تنہا اس ظلم کیخلاف احتجاج شروع کیا تھا آج قوم بیدار ہو رہی ہے اور انشااللہ آنے والے دنوں میں اس احتجاج میں شدت آئیگی،ہم اب ظلم خاموشی سے سہتے نہیں رہیں گے،شرکاء سے علامہ حسن ہمدانی،علامہ مبارک موسوی،علامہ ابوذر مہدوی،علامہ محمد اقبال کامرانی نے بھی خطاب کیا،علامہ حسن ہمدانی نے بروز جمعہ یوم احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان ظالم حکمرانوں کیخلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس راستے میں ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں،ہمارے جائز مطالبات پر عملی عملدرآمد تک ہم گھروں کو نہیں لوٹیں گے چاہے ہمیں ایک سال ہی کیوں نہ لگے۔