وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ لاہور کے زیر اہتمام یوم ولادت حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور بانی پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کی مناسبت سے صوبائی سیکرٹریٹ پنجاب میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،بعد ازآں وحدت یوتھ ونگ کے زیر اہتمام شادمان سے مزار علامہ اقبال تک امن ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیکرٹری یوتھ لاہور سجاد نقوی نے کی،ریلی میں شہریوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی،ریلی کے شرکاء نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چاردر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ،ریلی کی شرکاء سے مزار اقبال پر خطاب سے سید سجاد نقوی کا کہنا تھا کہ ہم بابائے قوم اور علامہ اقبال کے پاک ارواح سے آج یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو امن و محبت کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنی جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے،پاکستان میں بسنے والے ہر پاکستان مسلمان،مسیحی،ہندو سکھ ہمارے بھائی ہیں،اور ہمارے اقلیتی برادری کو اتنے ہی حقوق حاصل ہیں جتنے پاکستان میں بسنے والے مسلمانوں کو ہے،اسلام امن و رواداری کا مذہب ہے،فرقہ واریت اور انتہا پسندی پھیلانے والے نہ صرف پاکستان بلکہ اسلام کے بھی دشمن ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم اقبال اور قائد اعظم سے آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ ارض پاک کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے،کرپشن اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی کیخلاف ہر فورم پر آواز اُٹھائیں گے،ہم نوجوانوں میں پاکستانیت اور وطن سے محبت اجاگر کرنے کیلئے گلی گلی قریہ قریہ امن و محبت اور وطن دوستی کا پیغام لے کر جائیں گے،آخر میں شرکاء نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے افواج پاکستان،پولیس رینجرز اور سوئلین شہداء کی درجات کی بلندی اور ملک میں امن و استحکام کے لئے دعا کیساتھ ریلی کا اختتام کیا۔
وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام باغ مصطفیٰﷺ لطیف آبادنمبر8 حیدر آباد میں منعقدہ لبیک یارسول اللہۖ کانفرنس کے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارض پاک پر شیعہ سنی جھگڑے کا کوئی وجود نہیں۔مخصوص تکفیری گروہوں اسلام دشمن ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ملک میں تفرقہ بازی پھیلانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔کسی کے مقدسات کی توہین کی اسلام میں قطعا گنجائش نہیں۔ہمیں ایسی شر پسندی کا دانشمندی اور بصیرت سے مقابلہ کرنا ہوگا جو اسلام کے مضبوط بازوں شیعہ سنی طاقتوں کو آپس میں لڑا کر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ایسے پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کی جس میں تمام مذاہب کو بلاتخصیص مکمل طور پر مذہبی آزادی حاصل ہو ۔کسی بھی مذہبی عبادت گاہ کو نشانہ بنانا ناقابل معافی جرم ہے۔ہندووں ،مسیحیوں اور ملک میں بسنے والے دیگر مذاہب کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔حکومت کی طرف سے طے شدہ حکمت عملی کے تحت ملک میں تکفیری گروہوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ سرعام تکفیریت کے فتوی جاری کر کے ملک میں انتشار اور نفرت کو فروغ دینے والے عناصر کو سیاسی دھارے میں شامل کرکے اس تاثر کو تقویت دینے کی کوشش کی جا رہی کہ پاکستان کی اکثریت انتہا پسندی کی حامی ہے۔جو عالمی سطح پر وطن عزیز کی ساکھ کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ان ملک دشمن عناصر سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ملک کی محب وطن جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔مختلف دہشت گرد تنظیمیں اسلام کا لبادہ اوڑھ کر وحشیانہ طرز عمل کی مرتکب ہو رہی ہیں جن کا مقصد اقوام عالم کے سامنے اسلام کے تشخص کو بدنما کر پیش کرنا ہے۔ان عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ القائدہ، طالبان داعش سمیت تمام دہشت گرد جماعتیں پیشہ وراجرتی قاتل ہیں۔ پاکستان میں موجود لشکر جھنگوی بھی انہی جماعتوں کی ایک شاخ ہے جس کی بیخ کنی کے بغیر امن و سلامتی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان کو اخباری بیانات تک محدود کر رکھا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گرد طاقتوں کے سہولت کار نیشنل ایکشن پلان کو سرعام چیلنج کر رہے ہیں۔ کالعدم مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے دہشت گرد ساز فیکٹریاں کھول رکھی ہیں جبکہ حکمران ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کا دعوی کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام معتدل سیاسی و مذہبی جماعتیں ان عناصر کے خلاف آواز بلند کریں تاکہ ملک امن و آشتی کا گہوارہ بن سکے۔
وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام لبیک یارسول اللہۖ کانفرنس باغ مصطفیٰﷺ لطیف آبادنمبر8 حیدر آباد میں منعقد ہوئی۔ جس میں سندھ بھر سے ایم ڈبلیو ایم کے ہزاروں کارکنوں اور شیعہ سنی افراد کے علاوہ مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔شیعہ ، سنی اور مسیحی قائدین نے مل کر حضرت عیسیٰ ؑکی ولادت کا کیک کاٹا،قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے پاکستان کی بحالی کی مشترکہ جدوجہدکے عزم کااعلان بھی کیا،حیدر آباد کی تاریخ کے فقید المثال اجتماع میں شیعہ ،سنی اور مسیحی قائدین اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت،اتحاد بین المذاہب کا بھی شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جلسہ اور اس کے چاروں طرف قومی، تنظیمی اور میلاد النبیﷺکے ہزاروں پرچموں کی بہار تھی، حیدرآباد اور گرد ونواح کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے خواتین اور مرد کارکنان اور عوام ہزاروں کی تعداد میں قافلوں کی صورت میں پنڈال میں داخل ہوئے تو سماءہی بدل گیا،قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی جلسہ گام آمد پر پوری فضاءلبیک یا رسول اللہ ﷺ، لبیک یاحسین ؑ، راجہ ناصرعباس قدم بڑھائوہم تمہارے ساتھ ہیں،حق کا ناصر سچ کا ناصر ۔۔۔راجہ ناصرراجہ ناصرکے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، کارکنان نے اپنے ہر دل عزیز رہنماپر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں ۔کانفرنس سےمقررین نے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی،مذہبی و لسانی تعصب ،انتہاپسندی،عدم رواداری اور تکفیریت کو وطن عزیز کی سالمیت و استحکام کے خلاف زہر قاتل اور سب سے بڑا خطرہ قرار دیا اور کہا کہ قومی وحدت کی جڑیں کمزور کرنے میں ان عوامل کا بنیادی کردار ہے۔کانفرنس میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا،چرچ آف پاکستان کے مرکزی صدر و نامور مسیحی رہنما فادر ڈینئل فیاض،علامہ حیدر علی جوادی ، اصغریہ آرگنائزیشن کے صدر فضل حسین اصغری،پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ مرزا یوسف حسین، جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری اطلاعات تاج محمد ناحیو ،قومی عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری محمد انور سومرو،تحریک منہاج القرآن کے رہنما مسعودجمال قادری ، آل پاکستان مسلم لیگ،جعفریہ الائنس پاکستان ،انجمن نوجوانان اسلام اور مرکزی تنظیم عزاکے رہنماوں کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے رہنما ئوں نے اپنے خطابات میں اتحاد و اخوت کی ضرورت پر زور دیا۔جلسے میں تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری نجف علی بنگش نے حاصل کی،جبکہ بارگاہ رسالت ﷺ میں نعت ومنقبت ساجد علی ہاشمی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ انقلابی نوحہ ومنقبت خواں سید علی صفدررضوی نے پیش کی اور ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما علامہ آفتاب علی میرانی اور کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن نے نظامت کت فرائض انجام دیئے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلا ن کے نام پر دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ملک کی محب وطن مذہبی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کی کی حکومتی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ اس ملک کی بقا نظام مصطفے ۖ میں مضمر ہے جس کے لیے شیعہ سنی مسالک ایک پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔ مسیحی رہنما فادر ڈینئل فیاض نے کہا کہ ہم سب ملک کر تکفیریت کے خلاف صف آرا ہو سکتے ہیں ۔آج کے دن ہمیں اس عزم کا عہد کرنا ہو گا۔انہوں نے حضرت عیسی علیہ السلام اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ولادت کے موقعہ پرمسیحی برادری اور مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ لبیک یارسول اللہ ۖ کانفرنس شیعہ سنی اخوت واتحاد کی مظہر اور تکفیری طاقتوں سے بیزاری و نفرت کا اظہار ہے۔اس مثالی اجتماع میں ہمیں تجدید عہد کرنا ہو گا کہ وطن عزیز کی بقا و سالمیت کے لیے تکفیری گروہوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔کانفرنس میں علامہ حیدر علی جوادی،جانی شاہ،تاج محمد نائیو،علیم حیدر تقوی،علامہ احمد اقبال رضوی ، علامہ مرزا یوسف حسین ،مولانا غلام حر شبیری،علامہ مختار امامی،علامہ مقصود علی ڈومکی،علامہ دوست علی سعیدی،علامہ باقر عباس زیدی،علامہ نشان حیدر ساجدی،علامہ مبشر حسن ،علامہ علی انور،علامہ احسان دانش،علی حسین نقوی،علامہ محمد نقی حیدری،یعقوب حسینی ،آفتاب میرانی،الفت عالم کربلائی،فدا حسین شاہ،فرمان شاہ،قاسم جعفری اورفضل حسین اصغری ، رحمٰن رضا ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر مذہبی وسماجی رہنما موجود تھے۔
وحدت نیوز(گلگت) چھلمس داس پر فورسز کے ذریعے عوامی زمینوں پر قبضہ جمہوری روایات کے منافی اقدامات ہیں۔گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں الگ الگ قانون نافذ ہیںدیامر استور سے مناور تک کوئی زمین خالصہ سرکار نہیں اور سکردو بلتستان سے لیکر نگر تک خالصہ سرکار کا قانون نافذ العمل ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ نومل کے عوام کی اراضی پر فورسز کے ذریعے جبری قبضے کی پرزور مذمت کرتے ہیں،جب علاقے کے عوام اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ علاقہ متنازعہ ہے جبکہ اپنے مفادات کی بات آتی ہے تو ہمیں قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے اور ہماری زمینوں پر ناجائز قبضہ کیا جاتا ہے ۔ستر سالوں سے گلگت بلتستان کے عوام کو حکمرانوں نے تعصب کی بینٹ چڑھایا ہے ،جب کبھی بھی اس علاقے کے عوام اپنے حقوق کیلئے متحد ہوتے ہیں تو یہی حکمران علاقے کی فرقہ واریت کی آگ میں دھکیل دیتے ہیں۔جس طرح سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے دورہ دیامر کے دوران دیامر کے عوام کو بنجر زمینوں کا مالک تسلیم کرتے ہوئے تمام سرکاری منصوبوں کیلئے منتخب زمینوں کا معاوضہ دینے کا پابند کیا اسی طرح گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں سرکاری مقاصد کیلئے مجوزہ زمینوں کا بھی معاوضے کو یقینی بنایا جائے، زور زبردستی کسی بھی حوالے سے علاقے کے مفاد میں نہیں اور یہی حکومتی رویہ عوام میں مایوسی پھیلانے کا سبب بنتا ہے اور نقص امن میں بھی خلل کا موجب بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری فورسز جو چھلمس داس میں تعینات ہیں ان کو ہٹاکر عوام کے ساتھ مذاکراتی سلسلہ شروع نہیں کیا گیا تو وزیر اعظم کے دورہ گلگت کے دوران عوام کو سڑکوں پر لانے پر مجبور ہونگے اور تمام تر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
وحدت نیوز (کراچی) سرور کائنات حضرت محمد مصطفے ﷺ کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام لبیک یارسول اللہﷺ کانفرنس کا انعقاد آج 25دسمبربروز اتوار لطیف آبادنمبر8 حیدر آباد میں ہو گا جس میں سندھ بھر سے ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان شرکت کریں گے۔ شیعہ سنی علما ،اکابرین اور مقتدر شخصیات بھی اس پرنور محفل کا حصہ ہوں گے۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی کے مطابق لبیک یارسول اللہ کانفرنس اتحاد و اخوت کا عملی اظہار ہو گی۔کانفرنس کے انعقاد کا مقصد رحمت العالمین کے درس اخلاق کی موجودہ دور میں اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تمام مسالک کے مابین وحدت و اخوت اور رواداری کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کی دو مضبوط طاقتوں شیعہ اور سنی کے مابین اختلاف پیدا کر کے رسول ﷺ کے دین کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔دنیا بھر میں جاری دہشت گردی کا تعلق اسلام سے جوڑ کر اسلامی تشخص کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ہم رسول اللہ ﷺ کی سیرت کو اپنا کر یہ ثابت کرنا ہو گا کہ اسلام کے لبادہ اوڑھ کر معصوم افراد کے گلے کاٹنے والوں کا اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔یہ مکروہ دہشت گرد صیہونی اورنصرانی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف پیشہ ور قاتل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارض پاک پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعات اور لاقانونیت عدم تحفظ کے احساس کو تقویت دے رہے ہیں۔عوام کے اندر پیدا ہونے والی اس مایوسی کا سبب نا اہل حکمران ہیں۔جنہوں نے ملک کو داخلی اور خارجی سطح پر کمزور کیا ہے۔دنیا میں عالم اسلام کے باوقار مقام کے لیے تعلیمات اسلامی کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا لبیک یارسول اللہ ﷺ کانفرنس حیدر آباد کی تاریخ میںسنہرے لفظوں سے لکھی جائے گی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مختلف شعبہ جات کا سالانہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میںتنظیم کی مجموعی فعالیت کا جائزہ لیا گیا۔جماعت کو درپیش مشکلات اور قومی استحکام کے حصول کے لیے مطلوبہ اہداف کی فوری تکمیل کے لیے اہم امور پر خصوصی پیش رفت کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ تنظیم سازی، میڈیا،فلاح و بہبود اور تربیت سمیت دیگر شعبوں کی کارکردگی کی مزید موثر بنانے کے لیے جامع اور فوری حکمت عملی مرتب کرنے پر زور دیا گیا۔ قومی وژن پر مرتب کیے جانے والے تین سالہ پروگرام کو حتمی شکل دی گئی جو تین حصوں پر مشتمل ہے۔پروگرام کے نکات اور اہداف پر ضرورت کے مطابق باہمی مشاورت سے ردو بدل کی گنجائش موجود رہے گی۔سالانہ احتساب کو اس وژن میں امتیازی حیثیت حاصل رہے گی تاکہ انفرادی کارکردگی اور مجموعی کارگزاری کو جانچا جاسکے۔مرکزی سطح پر طے پائے جانے والا یہ پروگرام صوبائی اور ضلعی سطح پر بھی اسی انداز سے فعال کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔علاقائی یونٹس کے لیے بھی اس میں خصوصی رہنمائی کے اصول وضع ہوں گے۔اجلاس میں مرکزی اراکین کے علاوہ علامہ غلام حر شبیری ، علامہ اقبال بہشتی ، علامہ اصغر عسکری نے مبصر کے طور پر شرکت کی ۔ یاد رہے 27/28 دسمبرکو شوریٰ عالیٰ کے اجلاس میں پرگرام کی منظوری دی جائے گی ۔ جبکہ 26 دسمبر کو مرکزی کابینہ کا طویل اجلاس متوقع ہے۔