ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی جانب سے اسلام آبادمیں سیرت حضرت خدیجتہ الکبریٰ کانفرنس کا انعقاد

16 اپریل 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے زیر اہتمام سنٹرل سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اسلام آباد میں حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کے یوم وفات کی مناسبت سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف مکاتب فکر کی خواتین اسکالرز  نے شرکت کی ۔

مقررین نے حضرت خدیجہؑ کی سیرت پر روشنی ڈالی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس کائنات کی بہت سی چیزوں کو دوسری چیزوں پر فوقیت حاصل ہے‘ مثلاً جمعہ کے دن کو باقی دنوں پر ‘ماہ رمضان کو باقی گیارہ مہینوں پر اور لیلۃ القدر کو رمضان کی باقی راتوں پر۔اسی طرح اس کائنات میں بہت سے انسان ایسے ہیں جن کو تمام بنی نوعِ انسان پر مختلف خصوصیات کی بنا پر فوقیت حاصل ہے‘ مثلاً انبیاء کو غیر انبیاء پر اورپھر انبیاء کرام میں سے نبی کریم ﷺ کو باقی سب پر فوقیت حاصل ہے۔اسی طرح وہ عورتیں جو نبی کریم ﷺکے نکاح میں رہیں(چاہے کم مدت یا زیادہ مدت‘جنہیں ازواج مطہرات اور اُمہات الموٴمنین کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے) ان کو بھی بنی نوعِ انسان کے طبقہ نسواں پر فضیلت اور برتری حاصل ہے۔ان ازواج مطہرات میں سے بھی اوّلیت اور فضیلت حضرت خدیجہ(سلام اللہ علیھا) کو حاصل ہے، جو نبی مکرم (صلی الله علیہ و آلہ و سلم)کی پہلی زوجہ اور اس اُمت کی پہلی ”ماں“تھیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ میں حضرت خدیجۃ الکبریٰ طاہرہ ؓ کی طرح کی خواتین کم ہی نظر آتی ہیں، جنہوں نے خواتین کے لئے عمل کی راہیں آسان تر اور روشن تر بنائی ہیں۔ اُن کی یہ عظمت تو قابل رشک ہے ہی کہ وہ حضور نبی کریم ؐ پر پہلی ایمان لانے والی خاتون ہیں، مگر اُن کی یہ عظمت ہماری نظروں سے پوشیدہ رہتی ہے کہ انہوں نے خود اپنے لئے اُس ذات بابرکات کو تلاش کیا اور منتخب کیا۔انہوں نے عرب کی مالدار ترین خاتون ہوتے ہوئے امیر ترین رؤسائے عرب کے رشتے ٹھکرائے اور اُس دُرِّ یتیم کو جسے محبوب دو جہاں بننا تھا۔ اس وقت پہچانا جب ابھی اُن ؐ کے گوہر کو اللہ نے آشکار نہ کیاتھا۔ یہ حضرت خدیجہ کی بصیرت کی انتہا تھی اور ان کے مقدر کی خوش نصیبی کہ حضور نبی کریم نے اُن کاپیغام قبول کیا اور روئے زمین کا سب سے خوشبخت جوڑا ہونے کا اعزاز پایا۔

اس کانفرنس میں محترمہ نرگس سجاد جعفری مرکزی سیکرٹری سیاسیات ،سیدہ قندیل زہراء کاظمی مرکزی سیکرٹری زینبیہ گائیڈ،خواہران زینب، (س)، ممبر شعبہ خواتین ادارہ منہاج القرآن راولپنڈی آپا زبیدہ، محترمہ روبینا شاہ مرکزی مسئول آفس ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین ،محترمہ لیلی کیانی ایڈووکیٹ اسلام آباد ہائی کورٹ،محترمہ خدیجہ ناظمہ شعبہ خواتین امامیہ آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ریجن،محترمہ صدیقہ کائنات ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم اسلام آباد، محترمہ بانو ذوالفقار صاحبہ ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی نے بھی خطاب کیا ۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree