Print this page

پاکستان اسٹیل ملز کی انتظامیہ عزاداری میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے، سید احسن عباس رضوی

01 جولائی 2022

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدر سید احسن عباس رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی انتظامیہ عزاداری میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے، مرکزی جامع مسجدجعفریہ وامام بارگاہ کمپلیکس اسٹیل ٹاؤن کے امور میں بےجا مداخلت کسی صورت قبول نہیں ، اسٹیل مل انتظامیہ اپنی حدود میں رہے، عزاداری سید الشہداء ؑ کوئی یزید نہ روک سکا ، حکومت اور ضلعی انتظامیہ پاکستان اسٹیل ملزانتظامیہ کی مسجد وامام بارگاہ میں بلاجواز مداخلت کا فوری نوٹس لے،حکومت فوری طور پر CEO شجاع حسن خورزمی کو برطرف کرے، بصورت دیگربھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید سےملاقات کے لیئےوحدت ہاؤس جعفرطیار ملیر تشریف لانے والے مرکزی جامع مسجد وامام بارگاہ کمپلیکس کے انتظامی وفد،انجمن غلامان آل رسولؐ ، انجمن محبان آل محمد ؑ کے عہدیداران فرحت عباس ، محب علی ہسیبانی،زوار حسین ،نجم اقبال مغل اور شہزاد رضا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی جامع مسجدجعفریہ وامام بارگاہ کمپلیکس کے ترقیاتی امور اور عزاداری کے اجتماعات میں رکاوٹوں کا ڈالاجانا قابل مذمت اقدام ہے، انتظامیہ پاکستان اسٹیل ملزکی جانب سے اختیارات سے تجاوز باعث تشویش ہے، عزاداری کے اجتماعات میں مداخلت سابقہ روایات کے بھی منافی ہے ، منتخب مسجد انتظامیہ کی صوابدید پر منحصر ہے کہ وہ جس کو چاہےعشرہ مجالس عزاسے خطاب کروائے، CEOپاکستان اسٹیل ملزکا عزاداری کے امور اور ترقیاتی منصوبوں میں بےجادخل اندازی کرنااور رکاوٹ ڈالنا عزاداروں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے، پاکستان اسٹیل ملزکی انتظامیہ شبیہ روزہ امام حسین ؑ ، سرد وغسل خانہ برائے میت کے پروجیکٹس اور عشرہ محرم الحرام سمیت دیگر امور میں مداخلت سے باز رہے۔

سید احسن عباس رضوی نےکہا کہ ہم منتظمین مسجد وامام بارگاہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وفاقی وصوبائی حکومت، ڈی جی رینجرز سندھ، کور کمانڈر کراچی، آئی جی پولیس سمیت ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طورپر اس مسئلے کے سنجیدہ حل کیلئے اقدام کریں،مسائل کو بات چیت کے زریعےحل کیا جائے، محرم الحرام نزدیک ہیں عزاداروں کومجبور نہ کیا جائے کہ وہ اپنے حقوق کیلئے سٹرکوں کا رخ کریں ۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree